ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے والے فرحت خان کو سلیکشن کمیٹی میں ذمہ داریاں سونپ دیں۔
ذرائع کے مطابق تین رکنی قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی میں حسن سردار چیف سلیکٹر جبکہ ایاز محمود اور مصدق حسین ارکان کے طور پر اپنا کام کر رہے ہیں تاہم اب فیڈریشن نے کمیٹی میں مزید 2 ارکان کا اضافہ کر دیا ہے، گزشتہ روز ہی ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے فرحت خان اور قاسم خان کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں شیڈول چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد فرحت خان پر ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کیلیے دباﺅ تھا، انہوں نے نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے گزشتہ روز عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرہ اجلاس کے دوران مفصل بریفنگ دی، سینیٹ ممبران سیکیورٹی صورت حال پر زیادہ باخبر تھے جب کہ سیکیورٹی صورتحال پر پاک فوج کے کردار کی تعریف کی گئی اور اتفاق کیا گیا کہ جب تک ہم ایک ہیں ہمیں دنیا کی کوئی بھی طاقت شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کو لاحق تمام خطرات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرہ اجلاس کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ اراکین سینٹ سیکیورٹی صورت حال پرزیادہ باخبرتھے، تمام معزز سینیٹرزنے آرمی چیف کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ملکی سیکورٹی صورت حال پر ا فواج پاکستان کے کردار کو سراہا اورقربانیوں کو تسلیم کیا۔ اجلاس کے دوران کہا گیا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور پاکستان کو لاحق تمام خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈی جی ایم او نے سیکیورٹی سے متعلق اور دہشتگردی سے جنگ میں پاکستان کی حکمت عملی پربھی تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سینیٹرز کی جانب سے بہت سے سوالات کیے گئے اور آرمی چیف نے بہت سے جوابات بھی دئیے۔
ارکان کی جانب سے تمام سوالات میرٹ پر کیے گئے،آرمی چیف نے ان سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ کچھ ارکان کے سوالات تھے جن کے جوابات دے کر آرمی چیف نے ان کے تمام تحفظات کو دور کردیا۔ آرمی چیف نے سینٹ اجلاس کے دوران ایک گھنٹہ بریفنگ دی جبکہ تین گھنٹے تک ممبران کے سوالات کے جوابات دئیے لیکن اس کے باوجود تمام اراکین سینٹ سوال نہیں کرسکے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے طویل انتظار کے لیے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تفصیلی پریس کانفرنس آئندہ تین سے چار روز کے دوران کریں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سینیٹ کو ملکی اور خطے کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کی پورے ایوان کی کمیٹی کا خصوصی بند کمرہ اجلاس ہوا جو 5 گھنٹے تک جاری رہا جس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ارکان پارلیمان کو قومی سلامتی اور خطے کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ یہ اجلاس اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل تھا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک فوج کے سربراہ اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے سینیٹ کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی ایم او جنرل ساحر شمشاد مرزا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور ڈی جی ایم آئی بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے سینیٹرز کو علاقائی و قومی سلامتی کی صورتحال خصوصاً سعودی اسلامی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر اعتماد میں لیا۔ بریفنگ کے بعد سوال جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں ارکان پارلیمنٹ کے سوالات کے عسکری حکام نے جواب دیے۔ کمیٹی کا اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے تناظر میں بلایا گیا تھا جس کے دوران آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاپتہ افراد، فیض آباد دھرنے اور طالبان و داعش سے متعلق بھی سوالات ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے دھرنے سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ اگر ثابت ہوگیا کہ دھرنے کے پیچھے فوج تھی تو مستعفی ہوجاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا ہوا تو میرے ذہن میں لال مسجد کا واقعہ بھی آیا، میں نے ڈی جی آئی ایس آئی سے کہا کہ دھرنے والوں سے بات کریں، بات ہوئی تو پتہ چلا ان کے چار مطالبات ہیں، پھر وہ ایک مطالبہ پر آگئے، سعودی عرب جاتے ہوئے بھی دھرنے سے متعلق معلومات لیتا رہا۔
لاپتہ افراد کے حوالے سے سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ لاپتہ افراد کی مختلف وجوہات ہیں، کچھ لوگ خود غائب ہو کر لاپتہ ظاہر کرواتے ہیں، ایجنسیاں صرف ان افراد کو تفتیش کے لئے تحویل میں لیتی ہیں جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپ لوگ پالیسی بنائیں، ہم عمل کریں گے، ہم نے دیکھنا ہے، آج کیا ہو رہا ہے، آج کیا کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اجلاس میں آرمی چیف بار بار زور دیتے رہے کہ پارلیمنٹ ہی سب کچھ ہے۔ آرمی چیف کی بات کے بعد بعض اوقات ڈی جی آئی ایس آئی وضاحت دیتے رہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ایم او جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں نے اب تک 274 مقدمات کا فیصلہ کیا، 161 مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی جن میں سے 56 مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ 13 مجرموں کو آپریشن ردالفساد سے پہلے پھانسی دی گئی اور 43 کو آپریشن کے بعد پھانسی دی گئی۔
اجلاس کے دوران ایک موقع پر سینیٹر یعقوب ناصر کے شور شرابے کی وجہ سے ہال میں بدمزگی پیدا ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے سنیٹر یعقوب ناصر نے دوسرا سوال کرنے کی اجازت نہ ملنے پر شورشرابا کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے ان سے کہا کہ آپ کا کوئی ذاتی مسئلہ ہے تو چیئرمین کو بتا دیں یا ہمارے پاس آجائیں، چیئرمین صاحب جیسے کہیں گے ہم ویسا کر لیں گے۔
سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کے اس اہم اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کی تمام گیلریاں بند کردی گئیں اور پریس لاوٴنج کو بھی تالے لگ گئے جب کہ میڈیا کے کیمرے بھی اندر لانے پر پابندی رہی۔ سینیٹ کی ہول کمیٹی کا اجلاس ٹرمپ کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی پر بلایا گیا تھا۔
پارلیمان پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبدالغفور حیدری نے کیا۔ آرمی چیف سیدھے چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں گئے اور رضا ربانی سے ملاقات کی۔ بعدازاں ایوان کی جانب جاتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے گلی دستور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آرمی چیف سے کہا کہ یہ گلی دستور ہے۔ آرمی چیف اس پر سرسری نظر ڈالتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔
واضح رہے کہ سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے آرمی چیف اور اعلیٰ حکام کو بلانے کی تحریک پیش کی تھی
ایمز ٹی وی(انٹرٹیمینٹ) بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی اپنی بیٹی آرادھیا کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
بھارت کے ارب پتی بزنس مین مکیش امبانی کے اسکول میں ’اینول ڈے‘ منایا گیا جس میں بالی ووڈاسٹارز کے ننھے بچوں ابرام خان، آرادھیا رائے بچن، آزاد خان راؤ اور دیگر نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے والدین کو بھی رقص پر مجبور کردیا۔
اس سے قبل اسکول کی تقریب کے دوران شاہ رخ خان کے بیٹے ابرام خان کی پہلی پرفارمنس نے نا صرف سب کے دل جیت لیے تھے بلکہ میڈیا پر بھی ابرام کے ٹیلنٹ کی بہت زیادہ تعریف کی گئی۔ اب اسی ایونٹ کی مزید ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں جن میں بچوں کے ساتھ ان کے والدین بھی تھرکتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشوریا کی زندگی سے متعلق اہم انکشافات
ایک ویڈیو میں ایشوریا اور ابھیشیک کی بیٹی آرادھیا رائے بچن عامر خان کے بیٹے آزاد خان راؤ کے ساتھ ڈانس کررہی ہیں جب کہ ان کے ساتھ ایشوریا رائے بچن بھی ہیں جو بچوں سے زیادہ خود پرجوش انداز میں رقص کرتی نظر آرہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس تقریب میں بالی ووڈ کے تقریباً تمام اداکار اپنے بچوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود تھے لیکن اداکار عامر خان اپنی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کی مصروفیات کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت نہ کرسکے۔
ایمزٹی وی(لاہور)سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری نے حکومت کو مستعفی ہونے کیلئے 31 دسمبر تک کی مہلت دے دی۔
لاہور میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف ،شہباز شریف، رانا ثناءاللہ اور مسلم لیگ (ن) کی پوری حکومت 31 دسمبر تک مستعفی ہوکر خود کو قانون کے سپرد کردے، ورنہ 31 دسمبر کو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
طاہر القادری نے کہا کہ یہ لوگ اپنی مرضی کے بنچ بناتے ہیں لیکن ہم آپ کی مرضی کے بنچ کے پاس کیس لے کر نہیں جائیں گے، بلکہ ہم وہ بنچ چاہتے ہیں جو قانون کی سنے اور انصاف فراہم کرے، چند دنوں کی بات ہے شہباز شریف اور نواز شریف گھسیٹے جائیں گے، یہ لوگ آدھے پاگل تو ہوگئے ہیں ، اس کے بعد پورے پاگل ہوجائیں گے اور دیوار پر ٹکریں ماریں گے۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 14 بے گناہوں کی لاشیں گرا کرسمجھا گیا کہ کوئی انصاف نہیں ہوگا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کریں گے، شہبازشریف جواب دیں کہ آپ ذمے داری سے کس طرح فارغ ہوسکتے ہیں، کیا رانا ثناء اللہ آپ کے وزیر قانون نہیں؟، شریف خاندان نے اپنے خلاف فیصلہ آنے پر عدلیہ پر الزام تراشی کی اور کیچڑ اچھالا، ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ ریاستی اداروں کی حفاظت کرے
ایمز ٹی وی(تجارت) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک چین تجارت میں ڈالر کے بجائے چینی کرنسی کے استعمال پر غور کررہے ہیں کیونکہ اس طرح بار بار کرنسی تبدیل نہیں کرنا پڑے گی۔
اسلام آباد میں سی پیک لانگ ٹرم پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک سے ہر صوبے کو پورا حصہ ملے گا، اقتصادی راہداری کسی کے خلاف سازش نہیں، دنیا کا ہر ملک سی پیک سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جب کہ چین نے پاکستانی طلبا کو پی ایچ ڈی کے لیے یونیورسٹیوں میں داخلے دینے کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی اور کرنسی استعمال نہیں ہوگی تاہم پاک چین تجارت میں ڈالر کے بجائے چینی کرنسی کے استعمال پر غور کر رہے ہیں، ڈالر کے بجائے چینی کرنسی میں تجارت سے بار بار کرنسی تبدیل نہیں کرنا پڑے گی۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی فی کس آمدن 1980ء میں 3 ڈالر جب کہ چین کی 200 ڈالر تھی، آج پاکستان کی 1600 اور چین کی 8000 ڈالر ہے، ترقی کے لیے ہمیں چین سے سبق حاصل کرنا چاہیے جب کہ سی پیک طویل المدتی پلان کے باعث پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہوچکا ہے۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلیے بنگلادیش مضبوط امیدوار بن گیا۔
باہمی مقابلوں سے گریز کرنے والا بی سی سی آئی پاکستان کی وجہ سے ایشیا کپ کی میزبانی سے بھی دستبردار ہونے کا ارادہ کرکے دبئی میں اے سی سی اجلاس میں شرکت کیلیے آیا، بھارتی بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا شیڈول تبدیل نہیں کیا جا رہا اور انعقاد ستمبر میں ہی ہوگا، البتہ وزارت داخلہ اور خارجہ کی منظوری کے بغیر کسی ایسے ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ نہیں کرسکتے جس میں پاکستان شریک ہو،اس صورتحال میں بنگلادیش مقابلے کرانے کیلیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ ایڈیشن سمیت کئی انٹرنیشنل مقابلوں کے کامیابی سے انعقاد کی وجہ سے اس کا کیس کافی مضبوط نظر آتا ہے۔
دوسری طرف اے سی سی ایشین گیمز میں کرکٹ مقابلوں کے سلسلے میں انڈونیشیا کی درخواستیں منظور کرنے کو تیار ہے،انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کیلیے معاونت بھی فراہم کی جائے گی،ایشین اولمپک کونسل پاکستان،بھارت،سری لنکا اوربنگلادیش جیسی فل ممبر ٹیموں کو پوری قوت کے ساتھ ایکشن میں دیکھنے کی خواہاں ہے،مگر ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھارتی ٹیم انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہوگی۔
ایمزٹی وی(سبی)سبی اور گرد نوا ح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے خوفزدہ ہو کر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق سبی اور گرد نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3ریکارڈ کی گئی ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز سبی سے 8کلو میٹر دور شمام مغرب میں تھا جبکہ اس کی گہرائی30کلو میٹر تھی ۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ڈبل سنچری جڑنے کے باوجود روہت شرما، بابر اعظم سے ایک قدم پیچھے رہ گئے جب کہ ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں 2درجے ترقی نے بھارتی اوپنر کو پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔
سری لنکا کیخلاف دوسرے ون ڈے میں بھارتی اوپنر روہت شرما نے ناقابل شکست 208 رنز بنائے،اس وجہ سے انھیں بیٹسمین رینکنگ میں 2درجہ ترقی ملی جس کی بدولت انھوں نے اب پانچویں پوزیشن سنبھال لی ہے، پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ان سے ایک قدم آگے چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔
اس چارٹ میں ٹاپ پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی، دوسرے نمبر پر ابراہم ڈی ویلیئرز اور تیسری پوزیشن پر ڈیوڈ وارنر موجود ہیں جب کہ سری لنکا سے تیسرے میچ میں سنچری جڑنے والے شیکھر دھون کو ایک درجہ ترقی نے 14 ویں درجے پر پہنچا دیا۔
بولرز میں پاکستان کے اُبھرتے ہوئے اسٹار حسن علی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، ان کے پیچھے جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور پھر بھارتی جسپریت بمرا موجود ہیں۔ سری لنکا کے سورنگا لکمل ایک ساتھ 14 درجے کی چھلانگ لگا کر 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے،کلدیپ یادیو بھی 16 درجے بہتری پاکر 56 ویں درجے پرآ چکے ہیں جب کہ غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ پر پابندی کاشکار ہونے والے محمد حفیظ بدستور نمبر ون آل راؤنڈر ہیں، دوسرا نمبر شکیب الحسن کے پاس ہے۔
ادھر بدھ کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز شروع ہورہی ہے، کیویز اس وقت پانچویں جبکہ کیریبیئن سائیڈ نویں نمبر پر موجود ہے، ان میں سے کوئی کلین سوئپ کرلے تو بھی رینکنگ پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آئے گا،اگر کیویز تینوں میچز جیتے تو صرف ایک پوائنٹ ملے گا اور ایک ہی پوائنٹ کی کٹوتی کا ویسٹ انڈیز کو سامنا کرنا پڑے گا، البتہ اگر کیریبیئن ٹیم کلین سوئپ کرے تو پھر کیویز کے پانچ پوائنٹس منہا اور فاتح سائیڈ کو 6 پوائنٹس ملیں گے۔
پاکستان چھٹے نمبر پر ہی موجود اور ٹاپ پوزیشن جنوبی افریقہ کے پاس ہے، سری لنکا کے خلاف سیریز 2-1 سے جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر موجود بھارت کا ایک پوائنٹ کاٹ لیا گیا۔
ایمزٹی وی(لاہور)چیف جسٹس ثاقب نثارصاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صاف پانی کیس کی سماعت کے بعد اچانک میوہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے ہسپتال کی مختلف وارڈز کا دورہ کیا اورسرجری ڈیپارٹمنٹ میں مردانہ و زنانہ وارڈاکٹھے ہونے پر اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر الگ کرنے اور ہسپتال میں واٹر فلٹر لگانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صاف پانی کے حوالے سے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے چیف سیکرٹری زاہد سعید کو اپنی مصروفیات ترک کرتے ہوئے کا حکم دیتے ہوئے میوہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کی ایمرجنسی کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا،اس موقع پر ایم ایس میوہسپتال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کوتمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
چیف جسٹس نے سرجری ڈیپارٹمنٹ کے دورہ کے موقع پر ہیڈ آف سرجری سے سوال کیا کہ مردانہ اور زنانہ وارڈ کیوں اکٹھے کر رکھے ہیں اس پر چیف سیکرٹری زاہدسعید نے جواب دیا کہ بعض وارڈز میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ایک وارڈ میں رکھا گیا ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر وارڈالگ کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کوتمام سہولتیں فراہم کی جائیں،بتایا جائے کہ ہسپتال میں صاف پانی کیسے مہیاکیاجاتا ہے؟، چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا کہ مریضوں کوپینے کاصاف پانی ملناچاہئے اورہسپتال میں واٹرفلٹرلگائے جائیں۔