ایمزٹی وی(غزہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد فلسطین سمیت دنیا بھر میں احتجاج اور امریکی فیصلے پر تنقید جاری ہے، جمعہ کو غزہ میں اسرائیلی سیکیورٹی افواج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں پیروں سے معذور فلسطینی کارکن ابراہیم ابو تورایہ سمیت کئی افراد شہید ہوگئے تھے، شہید ابراہیم ابو تورایہ کی دونوں ٹانگیں 2008 میں فلسطینی آبادیوں پر ہونے والی اسرائیلی بمباری میں ضائع ہوگئیں تھیں۔
احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے ہرفلسطینی کی شہادت کے بعد ارض فلسطین پر ہماری جڑیں مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہیں، صیہونی جتنے فلسطینیوں کو شہید کریں گے اتنا ہی ہمارا جذبہ تروتازہ ہوتا جائے گا۔ اپنی شہادت سے کچھ دیر قبل ایک ویڈیو میں شہید ابراہیم نے امریکا کو اپنے پیغام میں واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہمارا ملک ہے اور ہم اس سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے، امریکا کو اپنا فیصلے واپس لینا پڑے گا۔
ایک فلسطینی حریت پسند نادرعبدالنبی کا کہنا ہے کہ ابراہیم ابو تورایہ کا جام شہادت نوش کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ اب صیہونیوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ ہم فلسطینی کسی بھی قیمت پر ارض فلسطین کو ان کے حوالے نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی قابض فوج نے اپنی آزادی کےلئے احتجاج کرنے والے معذور حریت پسند ابراہم ابو تورایہ سمیت 4 فلسطینیوں کو سر میں گولیاں مار کر شہید کیا تھا۔
ایمزٹی وی(کابل) افغانستان کے دارالحکومت میں افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی عمارت پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، جس کے بعد حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی زیر تعمیرعمارت پر مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کافی دیر تک جھڑپ جاری رہی تاہم تاحال کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ افغان سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے ملٹری سینٹر پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے حملے کا ہدف اور تصادم میں ہونے والی ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، جبکہ حملے کی ذمہ داری بھی ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے چرچ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے 10،10 لاکھ جب کہ شدید زخمیوں کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز دہشت گرد حملے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کے آگے کبھی نہیں جھکیں گے، ہم کوئٹہ کو دہشت گردی سے پاک اور بلوچستان کو پرامن صوبہ بنائیں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف ہماری فورسز کا مورال بلند ہے، انہیں جو اسلحہ درکار ہوگا ہم فراہم کریں گے۔ شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کو پنجاب کی طرز پر معاوضہ دیا جائے گا۔ گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کے لیے 10،10 لاکھ جب کہ شدید زخمیوں کے لیے 5،5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ نواب ثنا للہ زہری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اللہ نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچایا۔ پولیس نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، دہشت گرد اندر جاتےتو بڑی تباہی ہوتی، وہ دہشت گردوں کو روکنے والے جوان کے لیے صدارتی ایوارڈ کی سفارش کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں چرچ پر حملے میں خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے تھے۔
ایمزٹی وی(صحت)فارمیسی گریجویٹس ایسوسی اورآئی زیڈاے اسپتال ناظم آباد کے باہمی اشتراک سے ’جوڑوں کے امراض اور اس کا علاج‘ کے موضوع پر ورلڈ آرتھرائٹس ڈے کے حوالے سے آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ آئی زیڈ اے اسپتال ڈاکٹر کیپٹن رضا علی نےصدارتی خطاب میں کہاکہ جوڑوں کامرض پہلے 2؍ برسوں میں بہت نقصان پہنچاتا ہے اور یہ مستقل معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔ مردوں کے مقابلے میں عورتوں میں آرتھرائٹس کی شرح زیادہ ہے۔
ایمزٹی وی(صحت)گھارو رولر ہیلتھ سینٹر میں دوائیں نہ دئیے جانے کیخلاف آل جوکھیو پروگریسو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے گھارو میں احتجاجی مظاہرہ اور ہیلتھ سینٹر کے مین گیٹ پر دھرنا دیا گیا جس میں ایسوسی ایشن کے کارکنوں کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی۔
ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جامعہ قانون (ذیبول) کی کارکردگی سے خوش ہوکر اس کے تمام پوزیشن ہولڈ طلبا اور طالبات کو ملک سے باہر بار ایٹ لاء اور قانون کی اعلی تعلیم حاصل کرنے کیلئے وضائف دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہ ذیبول کے زیر اہتمام ہفتہ طلبہ کے آخری روز محفل موسیقی میں مہمان خصوصی کے طور پر خطا ب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ذیبول کے بانی وائس چانسلر جسٹس ریٹائرڈ قاضی خالد علی شروع کے دوسال کے دوران حکومت گرانٹ میں تاخیر کے باوجود بڑے صبر اور تحمل سے اس کام کو آگے بڑھاتے رہے جس کا نتیجہ ہے کہ آج سولہ سو سے زائد طلبا یہاں علم کی پیاس بجھا رہے ہیں اور ذیبول اوربرطانیہ کی نارتھمپٹن یونیورسٹی ، ایبرسویث یونیورسٹی اور اسٹریث کلائیڈ یونیورسٹی کے مابین اشتراک عمل کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوچکے۔ سید ناصر حسین شاہ نے طلبا کی انتظامی کمیٹی میں شامل ارکان کو کو شیلڈز تقسیم کیں۔ قبل ازیں وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی خالد علی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں جامعہ کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو خراج تحسین پیش کیا جنکی شب روز کوششوں کے باعث ذیبول نے یہ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ برطانیہ کی سات مزید جامعات کے ساتھ ذیبول کے اشتراک عمل کے حوالے سے ابتدائی تقریب 20دسمبر سہ پہر تین بجے نارتھمپٹن یونیورسٹی یوکے میں ہوگی۔
ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)کراچی میں انٹرمیڈیٹ میں سب سے زیادہ پوزیشن لینے والے ادارے گورنمنٹ آدم جی سائنس کالج جہاں سب سے زیادہ نمبروں پر داخلے بند ہوتے ہیں انٹر پری انجینئرنگ میں 25؍ طلبہ فیل کردیئے گئے ہیں۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر معظم نےمیڈیا کو بتایا کہ آدمجی طلباء کا سب سے ٹاپ کالج ہے جہاں داخلے 85؍ فیصد سے زائد نمبروں پر بند ہوتے ہیں اس سال طلبہ کےساتھ شدید نا انصافی ہوئی ہے درجنوں طلبہ کے نمبرز انتہائی کم آئے ہیں جبکہ 25؍ فیل کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ایک روز میں 24؍ اسکروٹنی کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں ابھی مزید درخواستیں موصول ہونے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر معظم نے بتایا کہ گلستان جوہر بلاک 13؍ میں 300؍ طالبات نے امتحان دیا جس میں 195؍ طالبات فیل ہوگئیں جب ان کی پرنسپل نے اسکروٹنی کے لئے چیئرمین بورڈ سے رابطہ کیا اور درخواست دی تو چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے اسکروٹنی کرلی ہے اور 195؍ طالبات کو صحیح فیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی سے کچھ نہیں ہوگاکیوں کہ بورڈ ازسرنو امتحانی کاپیاں دوبارہ نہیں جانچے گا بس حاصل شدہ نمبروں کی دوبارہ گنتی کردی جائے گی اور حاصل کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام کو یہ معاملہ سنجیدگی سے لینا ہوگا کیونکہ آدم جی کے طلبہ کبھی اس طرح فیل نہیں ہوئے۔