ایمزٹی وی(کراچی/ تعلیم)پاکستان کے پانچ سائنسدانوں کو امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن (اے ایچ اے) کی جانب سے خصوصی اعزاز دیا گیا ہے۔
یہ اعزاز اس سال امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ایک کانفرنس میں پاکستانی اسکالرز کے پیش کردہ سائنسی پوسٹروں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
اے ایچ اے کی جانب سے دیئے گئے اس اعزاز کا نام ’پال ڈیوڈلے وائٹ انٹرنیشنل سائنس ٹیم ایوارڈ‘ ہے۔ یہ اعزاز کیلیفورنیا میں منعقدہ اے ایچ اے کے سائنسی سیشن میں پیش کردہ تحقیقی پوسٹرز کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ یہ کانفرنس 11 سے 15 نومبر تک جاری رہی تھی۔
جامعہ کراچی میں واقع بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے ایک ترجمان کے مطابق اعزاز حاصل کرنے والے پانچ میں سے تین کا تعلق اس کے ذیلی ادارے پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) سے ہے۔
ان اسکالرز میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عرفان خان اور ردائے ماریہ قاضی شامل ہے جبکہ بقیہ دو سائنسدانوں کے نام کنول حنیف اور ڈاکٹر نادیہ نعیم ہیں جنہوں نے پی سی ایم ڈی سے ڈاکٹر عصمت سلیم کی نگرانی میں اپنا پی ایچ ڈی مکمل کیا تھا۔ اب یہ اسکالرز بالترتیب نیشنل سینٹر فار پروٹیومکس، جامعہ کراچی اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا سینٹر کراچی سے وابستہ ہیں۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے ان سائنسدانوں کو ’اے ایچ اے 2017 پال ڈیوڈلے وائٹ انٹرنیشنل اسکالرز‘ بھی منتخب کیا ہے۔ ایک تقریب میں ڈاکٹر عصمت سلیم نے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن سے اس کا اعزازی خط وصول کیا ہے۔
یہ ایوارڈ امریکی شہر بوسٹن کے مشہور ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر پال ڈیوڈلے وائٹ سے منسوب ہے جو اے ایچ اے کے بانیان میں شامل تھے۔
اس فیصلے پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل، ممتاز پاکستانی کیمیاداں ڈاکٹر عطاء الرحمان اور آئی سی سی بی ایس کے سربراہ ڈاکٹر اقبال چوہدری نے اسکالرز کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ایمزٹی وی(استنبول)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بیت المقدس کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے استنبول پہنچ گئے۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی او آئی سی کے غیر معمولی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے استنبول پہنچ گئے ہیں جب کہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ سربراہ اجلاس میں امریکا کی جانب سے اپنے سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رہنما صورتحال سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔
وزیراعظم فلسطین کےعوام کے لئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی غیرمتزلزل حمایت کے جذبات پہنچائیں گے اور وہ اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیں گے کہ بیت المقدس کے معاملے پر مشترکہ مؤقف اپنایا جائے، امریکی انتظامیہ سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کے لئے کہا جائے، سربراہ اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا جس میں وزیر خارجہ خواحہ محمد آصف شرکت کریں گے۔
ایمز ٹی وی (تجارت /اسلام آباد) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت چین پاکستان آئل اینڈگیس پائپ لائن منصوبہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
چین اور پاکستان کے اعلیٰ سطح کے حالیہ اجلاس میں آئل و گیس سیکٹرمیں تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلیے چین پاکستان آئل اینڈ گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کیاجائیگا۔
واضح رہے کہ چین کی جانب سے اس وقت پاکستان میں 50 ارب ڈالرسے زائد کا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ جاری ہے اور چین کی جانب سے پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے 35 ارب ڈالر سے زائد کے توانائی منصوبوں کو بھی سی پیک کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور)شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاک فوج کے 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید شہید کی نمازجنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ادا کردی گئی۔
نمازجنازہ میں کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، گیریزن کمانڈر سمیت پاک فوج کے افسر اور جوان شریک ہوئے۔ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بورے والا وہاڑی سے تھا، وہ حال ہی میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت مکمل کر کے محاذ پر پہنچے تھے۔
سپاہی بشارت کی عمر بھی 21 سال تھی اوروہ گلگت کے گاؤں ڈینیور کے رہائشی تھے جو تین سال پہلے فوج میں بھرتی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے پہاڑی علاقے میں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں دونوں جوان شہید ہوگئے تھے۔
ایمز ٹی وی(انٹرنیمینٹ) اداکارہ انوشکاشرما اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی شادی بلاشبہ رواں سال کی سب سے بڑی خبر ہے دونوں کے مداح اپنے پسندیدہ اسٹارز کی شادی سے متعلق ہر بات جاننے کے لیے بےتاب ہیں۔
دوروز قبل ویرات انوشکا ’ویروشکا‘بن گئے دونوں کی شادی اٹلی میں انجام پائی۔ شادی میں صرف منتخب مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا جب کہ میڈیا سے اس شادی کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا تھا یہاں تک کہ آخری وقت تک صحافیوں کو دونوں کی شادی کی بھنک بھی نہیں پڑنے دی گئی تھی لیکن شادی کے بعد انوشکا اور کوہلی نے خود اپنی شادی کی خبر ٹوئٹر پر شیئر کی جس کے بعد تمام افواہیں درست ثابت ہوگئیں۔
اٹلی میں شادی سے قبل کی تمام رسمیں ادا کی گئی تھیں جن میں سگائی(منگنی)، ہلدی اور مایوں کی رسم شامل ہے۔ جہاں ان تمام تقاریب کی ویڈیوز اور تصاویر شادی کے بعد منظر عام پر آئیں وہیں انوشکا شرما کی منگنی کی انگوٹھی بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔ ہیرے کی یہ خوبصورت انگوٹھی ویرات نے انوشکا کو منگنی کی تقریب میں پہنائی تھی۔
کوہلی کی جانب سے انوشکا کو دی جانے والی ہیرے کی خوبصورت انگوٹھی کو آسٹریا کے ڈیزائنر نے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا تھا جب کہ اس انگوٹھی کی مالیت ایک کروڑ بھارتی روپے ہے۔ یہ انگوٹھی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس انگوٹھی کو ویرات نے 3 ماہ کی تلاش کے بعد تیار کروایاتھا۔
واضح رہے کہ ویروشکا کی شادی کی خبر گزشتہ دوروز سے بھارت اور پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی ہے دونوں کی شادی پرمداحوں کے علاوہ کرکٹ اور شوبزاسٹارز کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے
ایمزٹی وی(واشنگٹن) امریکی ریاست الاباما کے سینیٹ الیکشن میں 25 سال بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کے امیدوار کو شکست ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان بالا (سینیٹ) میں ریاست الاباما سے خالی ہونے والی نشست پر خصوصی انتخاب ہوا، جس میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار ڈگ جونز نے اپنے ری پبلکن حریف رائے مور کو خلاف توقع شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ایوان بالا میں حکمران جماعت کی برتری میں بھی کمی ہوگئی ہے اور اب 100 ارکان کے ایوان میں ری پبلکنز کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست الاباما کا شمار انتہائی قدامت پرست ریاستوں اور ری پبلکن پارٹی کے مضبوط گڑھ کے طور پر ہوتا ہے اور یہاں سے گزشتہ برسوں میں کوئی ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس)ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل نے اپنے طوفانی کھیل کی بدولت 18 چھکوں کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میں رنگپور رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈھاکہ ڈائنا مائٹس کے خلاف کرس گیل نے صرف 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے146 رنز بناتے ہوئے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ دی، حالیہ سیزن میں یہ ان کی دوسری تھری فیگر اننگز قرار پائی جب کہ مجموعی طور پر بی پی ایل میں یہ ان کی پانچویں سنچری تھی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 20 سنچریز بنانے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے، وہ مختصر فارمیٹ میں 11 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے 146 رنز کی اننگز کے دوران 18 چھکے لگاتے ہوئے اپنے ہی قائم کردہ 17 چھکوں کے عالمی ریکارڈ کو مزید بہتر بنالیا۔
کرس گیل کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 206رنز بنائے، میکولم 51رنز پر ناقابل شکست رہے، ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن ڈھاکہ ڈائنا مائٹس 9 وکٹ پر 149 رنز بنا سکی، ظہور الاسلام 50 اور شکیب الحسن کی 26 رنز کی مزاحمت بھی کام نہ آئی، شاہد آفریدی 8 اور کیرن پولارڈ 5 رنز بنا سکے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے وقت کی کمی کے سبب پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بغیر چھت کے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے سبب کھیلوں کے میدان ویران پڑے ہوئے اور اسی وجہ سے ان کی حالت بھی دن بدن خستہ ہوتی جا رہی ہے تاہم ملک میں بتدریج انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی حالت کو سدھارنے کیلئے اس کی تزئین و آرائس کے ساتھ ساتھ چھت کی بھی دوبارہ تعمیر کا فیصلہ کیا تھا۔
اسٹیڈیم میں ان دنوں تعمیراتی کام جاری اور چھت کو کافی حد تک تورا جا چکا ہے لیکن وقت کی کمی کے سبب پاکستان سپر لیگ کے فائنل سے قبل چھت کی تیاری مشکل نظر آ رہی ہے اور اسی وجہ سے بورڈ نے چھت کے بغیر ہی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق کیفلون فائبر کی چھتیں بنانے میں کم سے کم 3 ماہ کا وقت لگےگا لہٰذا وقت کی کمی کے سبب اسٹیڈیم کی چھتیں بعد میں تعمیر کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق فائنل کے انعقاد کے بعد چھتوں کی تعمیر کا کام ملائیشین کمپنی کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال قائد اعظم ٹرافی کا ڈے اینڈ نائٹ فائنل بھی نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)عدالت نے قرار دیا کہ اسحاق ڈار کو دل کی سرجری کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی جب کہ انھوں نے جان بوجھ کر سماعت سے راہ فرار اختیار کی۔
فاضل جج محمد بشیرکی جانب سے منگل کو جاری6 صفحات کے حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹر نے ملزم کو سفر کرنے سے منع نہیں کیا جبکہ ملزم طلبی اور وارنٹ گرفتاری کے اجرا کے باوجود غیر حاضر رہا۔ عدالت نے کہا ہے کہ اسحاق ڈاربذریعہ اشتہارطلبی کے احکام کے باوجودبھی پیش نہ ہوئے تاہم ان کی جانب سے میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسحاق ڈار نے ریفرنس میں تاخیرکیلیے بھارتی ڈاکٹر رنجیت کی میڈیکل رپورٹ پیش کی جبکہ برطانوی ڈاکٹر بیکرکی رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کو دل کی بیماری لاحق نہیں ہے۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈارکے دونوں ڈاکٹروں کے مشاہدات ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور انھیں دل کی سرجری کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی بلکہ انھوں نے جان بوجھ کر سماعت سے راہ فرار اختیار کی۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مطابق اسحاق ڈارکے دل کی شریان بند نہیں ہوئی۔اسحاق ڈار 30 اکتوبر، 2نومبر، 8نومبر، 14 نومبر، 21نومبر، 4دسمبر اور 11 دسمبرکو غیر حاضر رہے،انھیں پیش ہونے کیلیے موزوں وقت دیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔
میڈیکل رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ اسحاق ڈارکو دل کی بیماری نہیں ہے۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحا ق ڈارکے مستقبل قریب میں گرفتاری کے امکانات نہیں ہیں اس لیے انھیں مفرور قرار دیا جاتاہے اوراستغاثہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ان کیخلاف شہادتیں ریکارڈ کرائی جائیں۔عدالت نے استغاثہ کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کی جائیدادکی تفصیلات عدالت کو فراہم کی جائیں۔
عدالت نے کہا کہ ملزم کے ضامن نے ملزم کوپیش نہ کرنے کی کوئی موزوں وجہ بیان نہیں کی اس لیے نرمی نہیں برتی جا سکتی۔عدالت نے اسحاق ڈارکے ضامن احمد علی قدوسی کو3 روز میں50 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی مہلت دی ہے اور قرار دیا ہے کہ اگر یہ رقم جمع نہ کرائی گئی تو ان کی منقولہ جائیدادکی اٹیچمنٹ اورفروخت کے احکام جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارکوآمدن سے زائد جائیدادبنانے کے ریفرنس میں اشتہاری قراردینے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کراچی کی دو جامعات میں داخلوں پر مکمل اور ایک پر مشروط پابندی عائد کردی۔ پابندی تدریسی بے ضابطگیوں، بدانتظامی اور غیر قانونی کیمپسز کے قیام کے باعث لگائی گئی۔
ایچ ای سی نے دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن، سندھ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور علما یونیورسٹی پر پابندی لگاتے ہوئے انتظامیہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا۔
ایچ ای سی کے مطابق ان تعلیمی اداروں سے موصول ہونے والی کوئی بھی ڈگری تسلیم نہیں کی جائے گی۔ طلبہ ان جامعات میں داخلے کی درخواست نہ دیں اور متبادل ادارے تلاش کریں۔ ایچ ای سی کے نوٹس کے مطابق مخصوص پروگرامز اور کیمپس کھولنے کی اجازت تھی لیکن جامعات نے حدود سے تجاوز کیا۔