ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارت کی نو بیاہتا جوڑی ویروشکا (انوشکا اور ویرات کوہلی) کی شادی پر بھارتی اسٹارز کے ساتھ پاکستانی کرکٹرز بھی بے انتہا خوش ہیں اوردونوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔
ہزاروں افواہوں اور قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی شادی کے بندھن میں بندھ گئے دونوں کو جہاں ان کے چاہنے والے مبارکباد دے رہے ہیں وہیں پاکستان اور بھارت کے اسپورٹس اسٹارز کی جانب سے بھی انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ویرات اورانوشکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے
قومی کرکٹ کے سابق آل راؤنڈر اور ہر دلعزیز کھلاڑی شاہد آفریدی نے دونوں کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی خوشیاں ہمیشہ اسی طرح قائم و دائم رہیں
قومی کھلاڑی عمر اکمل نے بھی ویرات اور انوشکا کے لیے اپنی نیک تمناؤں کااظہار کیا اور کہا کہ آپ کا پیار ہمیشہ یونہی چمکتا رہے۔
بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے دونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے دونوں اپنی شادی کے دن بہت خوبصورت اور خوش لگ رہے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی کے ایجنڈے سے فاٹا اصلاحات بل نکالنے پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔
اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیرستان میں دو فوجی جوانوں کی شہادت پر فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس باقاعدہ طور پر شروع ہوا تو قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے فاٹا اصلاحات بل کا معاملہ اٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر حکومت نے موقع ضائع کردیا ہے۔ یہ غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے کہ تاخیر برتی جارہی ہے۔ حکومت فاٹا اصلاحات بل پارلیمنٹ میں لائے اور بل میں جو بہتری لانی ہے وہ پارلیمنٹ میں ہی لائی جائے۔ ہمیں اور بھی کام ہوتے ہیں مگر اپوزیشن پارلیمنٹ کو اہمیت دیتی ہے۔خورشید شاہ نے کہا آج پرائیویٹ ممبر دن ہے اور وزیر ہے نہ اراکین، ایوان میں وزیر اعظم، وزرا ء اور ارکان آتے ہی نہیں، بتایا جائے بل ایجنڈے سے کیوں نکالا گیا۔ وزیراعظم سنجیدہ ہوتے تو آج صبح ہی آ جاتے۔
اس موقع پر وزیر مملکت شیخ آفتاب نے حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو فاٹا اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے اس معاملے پر بات ہوئی ہے، جمعہ کو وزیراعظم کی جانب سے ناشتے کی دعوت ہے جہاں فاٹا بل پر بات کی جائے گی۔ حکومتی موقف پر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نا تو لڑائی سمجھ رہی ہے اور نا ہی پیار اور دلیل۔ ہم نہیں چاہتے کہ اسپیکر روسٹرم کے سامنے آکر احتجاج کریں، فاٹا اصلاحات بل کو ایجنڈے سے نکالنا حکومت کی ناکامی ہے کیونکہ آج تک ایسا نہیں ہوا کہ بل ایجنڈے سے نکالا گیا ہو، ہم پارلیمنٹ کی توہین کو برداشت نہیں کریں گے۔
جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں حالات گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، آخری وقت میں فاٹا اصلاحات کو ایجنڈے سے نکالنا فاٹا کے ساتھ ظلم ہے، جب تک فاٹا اصلاحات کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جاتا ہم واک آؤٹ کریں گے۔
تحریک انصاف کے اسد عمر نےکہا ناشتے کی میز پر مذاکرات کی ضرورت نہیں، فاٹا بل پارلیمنٹ میں لایا جائے،اس معاملے پر ہم واک آؤٹ کرتے ہیں، جس کے بعد اپوزیشن نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین سرتاج عزیز نے پریس کانفرنس میں فاٹا سے ایف سی آر کے خاتمے اور اس سلسلے میں اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں لانے کا اعلان کیا تھا اور پیر کے روز قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں یہ بل بھی شامل تھا تاہم اجلاس کے آغاز پر معلوم ہوا کہ بل کو ایجنڈے سے نکال دیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے دوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جوہم آزاد ہیں اپنے بیٹوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہیں، آزادی مفت میں نہیں ملتی بلکہ اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے، ہمارے بہادر بیٹے آزاد دھرتی کے لیے قربانیاں دیتے ہیں جب کہ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔
"Freedom isn't free, it costs sons of the soil. Freedom that we enjoy today is owed to so many such bravehearts. Salute to our Martyrs"COAS. pic.twitter.com/GVTOnmTrWn
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) December 12, 2017
دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شمالی وزیرستان میں فوجی گاڑی پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن عزیزکی خاطراپنی قیمتی جانوں کی قربانی دی، قیمتی انسانی جانوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہداء کی قربانیوں کا کوئی متبادل نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قوم وطن دشمنوں کیخلاف افواج پاکستان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کریگی، پاکستان انشاء اللہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کر دے گا اور ہم یہ جنگ جیت رہے ہیں، اللہ دہشت گردوں کو جلد نیست ونابود کرے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے حدیبیہ ریفرنس کیس سے متعلق ٹاک شوزپرپابندی لگادی،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں حدیبیہ کیس کھولنے کے حوالے سے نیب کی درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس مشیر عالم پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی ۔
دوران سماعت اعلیٰ عدلیہ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ صرف کیس کی رپورٹنگ کی اجازت ہوگی،ٹاک شوزمیں کیس کے میرٹ پربات نہیں ہوسکتی۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے نامور ادیب، محقق، مترجم اور حکیم محمد سعید کے دیرینہ ساتھی مسعود احمد برکاتی انتقال کرگئے تاہم ان کی نماز جنازہ آج فیڈرل بی ایریا بلاک 14 نصیر آباد میں بعد نماز ظہر الفلاح مسجد میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم کے نواسے محمد عمر نےمیڈیاکو بتایا کہ مسعود برکاتی نے سوگواران میں اہلیہ ، 3بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے، ان کی عمر 85 برس تھی۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور کچھ ماہ قبل وہ دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہوگئے تھے۔ انھیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا ،وہ تقسیم ہند کے بعد پاکستان چلے آئے اور ہمدرد فاؤنڈیشن سے ایسے منسلک ہوئے کہ زندگی کی 60 سے زائد بہاریں انھوں نے اسی ادارے میں دیکھیں۔
مسعود احمد برکاتی کا شمار ہمدرد فاؤنڈیشن کے سربراہ حکیم محمد سعید کے انتہائی قریبی، بااعتماد اور دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ نامور ادیب، محقق، کئی کتابوں کے مصنف اور مترجم رہے ، وہ خصوصی طور پر بچوں کے ادب کی قد آور شخصیت تھے۔
مسعود احمد برکاتی بچوں کے رسالے ہمدرد نونہال اور ہمدرد صحت کے مدیر رہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہمدرد ایڈیٹوریل بورڈ کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض منصبی انجام دیتے تھے۔
واضح رہے کہ ہمدرد نونہال مشہور و معروف رسالہ ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی بچوں میں انتہائی مقبول رسالہ رہا ہے۔ مرحوم صدارتی ایوارڈ یافتہ اور گولڈ میڈلسٹ بھی تھے۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 48فیصد پاکستانی شادی شدہ خواتین کبھی بھی اپنے شوہر کا نام نہیں پکارتیں جبکہ ہر دو میں سے ایک خاتون شوہر کا نام لینے کی بجائے ان کو اپنے بچوں کی نسبت سے پکارتی ہیں۔
گیلپ پاکستان کی تازہ ترین سروے رپورٹ کے مطابق 48فیصد پاکستانی شادی شدہ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کا نام لے کر نہیں پکارتی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں بعض گھرانوں میں یہ رواج ہے کہ بیویاں کبھی بھی اپنے شوہروں کو نام لے کر نہیں پکارتی ہیں،آپ بتائیں کہ کیا آپ اپنے شوہر کو نام لے کر پکارتی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں 52فیصد خواتین کے مطابق ہاں وہ اپنے شوہر کو نام لے کر پکارتی ہیں جبکہ 48فیصد خواتین کے مطابق وہ اپنے شوہر کو نام لے کر نہیں پکارتی ہیں۔
سروے کے دوران دوسرا سوال پو چھا گیا کہ کیا آپ اپنے پڑوس میں کسی ایسی خاتون کو جانتی ہیں جو کہ اپنے شوہروں کا نام نہیں لیتی ہیں اور اگر نام نہیں لیتیں تو اپنے شوہر کو کس طرح پکارتی ہیں تو48فیصد نے کہا کہ ایسی خواتین اپنے شوہر کو بیٹا یا بیٹے کا ابو کہہ کر پکارتی ہیں۔21فیصد خواتین اپنے شوہر کو پیشہ کے نام سے مثلا ڈاکٹر صاحب یا وکیل صاحب وغیرہ پکارتی ہیں 12فیصد اپنے شوہر کو ہیلو یا ارے، سنتے ہیں کہہ کر پکارتی ہیں 9فیصد عرفی نام یا لقب سے پکارتی ہیں جبکہ 10فیصد کے مطابق وہ اپنے شوہر کو پیار یا محبت سے رکھے ہوئے نام سے پکارتی ہیں۔ یہ سروے ملک کے چاروں صوبوں میں دیہی اور شہری علاقوں میں کیا گیا۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)یوکرائن کے پاور لفٹر نے ایک صحتمند گھوڑے کو اٹھا کر تیز قدموں سے چلنے کا کامیاب مظاہرہ کرکے دنیا کو حیران کردیا۔
ہزاروں برس سے انسان گھوڑے پر سواری کرتا ہے لیکن یوکرائن کے پاور لفٹر نے جانوروں کو خود پر سوار کرکے یہ روایت توڑدی۔ اس سے قبل وہ خود پر سے ٹرک گزارنے سمیت متعدد کرتب دکھاچکے ہیں جن میں لوہے کی سلاخوں کو موڑنا، لکڑی پر ہاتھ سے کیل ٹھونکنا شامل ہیں جب کہ گھوڑوں کو اٹھانے کا سلسلہ انہوں نے حال ہی میں شروع کیا ہے اور اب انہیں یوکرائن کا قوی ترین انسان کہا جاتا ہے۔
ایک بالغ گھوڑے کو ہوش کی حالت میں اٹھانا خود کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے کیونکہ معمولی غلطی سے گھوڑا بدک سکتا ہے یا پھر توازن خراب ہونے سے گھوڑے سمیت خود اٹھانے والا بھی گرسکتا ہے۔ اسی لیے گھوڑے کو خود پر سوار کرانے کی ان کی ویڈیو اور تصاویر بہت مقبول ہورہی ہے
وکی پیڈیا پر ان کے پیج پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے 63 اعزازات اپنے نام کرچکے ہیں۔ 38 سالہ دمیترو اپنے کرتبوں کے علاوہ یوکرائن کی آزادی کے لیے بھی سرگرم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں طاقت کے مظاہروں کے لیے بہت کم وقت ملتا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی سے کسی صورت اتحاد ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین نے جان بوجھ کر مجھ پر دہشت گردی کے کیسز بنائے، مجھے ڈرایا اور دھمکایا گیا کہ میں کرپٹ شریف مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں، اور یہ تاثر پیدا کیا گیا کہ ہم چور ہیں تو باقی سب بھی چور ہیں لیکن ایسا کبھی بھی نہیں ہوسکتا، میں نے پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا عہد اور عوام سے وعدہ کررکھا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی جائیداد سے متعلق تمام منی ٹریل عدالت میں پیش کی لیکن نوازشریف سے جب پوچھا گیا کہ پیسا کہاں سے آیا تو ان کے پاس جواب میں صرف قطری خط تھا اور اسی قطری خط سے نواز شریف نے بچوں کی جائیداد سے متعلق سوال پر بھی سہارا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس حکمرانوں کی ذاتی ملازم بنی ہوئی تھی اور میرے خلاف مقدمات میں بھی حکومتی پراسیکیوٹر شریف خاندان کا ترجمان بنا ہوا ہے یہ سب چور اور ان کے لیڈرز بھی چور ہیں۔
پیپلزپارٹی سے اتحاد کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں طلبا نے حدیہ نعت پیش کیا۔ محفل میلاد سے خطاب میں وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ربیع الاول میں ایسی محافل کا انعقاد کرکے درحقیقت ہم سال بھر کے لیے سیرت النبی ؐ پر عمل کی رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہاکہ نبی کریم ﷺکی سیرت ہمارے لیے نمونہ ہے ان کی تعلیمات ہمارے لیے دنیا وآخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہیں ۔ ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر صاحبزادہ فرید الدین قادری ، علامہ اصغر شہیدی ، علامہ اکرام نقشبندی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)اسپاٹ فکسنگ کیس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 3 رکنی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اسپاٹ فکسنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔ انگلینڈ میں موجود ٹیسٹ کرکٹر اینٹی کرپشن ٹربیونل کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور تحقیقات میں تعاون بھی نہیں کیا۔ ناصر جمشید کو اسی سال 13 فروری کو معطل کیا گیا تھا اور ایک سال کی سزا کا مطلب ہے کہ ان کی معطلی ختم ہونے میں صرف دو ماہ رہ گئے ہیں۔
ناصر جمشید کے وکیل حسن وڑائچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹر کو بکیز سے رابطوں کے الزامات سے بری کیا گیا تاہم اسپاٹ فکسنگ کیس میں عدم تعاون پر سزا دی گئی، پی سی بی نے ان کے موکل کو بہت بدنام کیا، اس لیے وہ بورڈ پر ہتک عزت کا دعوی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ناصرجمشید پر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے اور فکسرز سے متعلق معلومات فراہم نہ کرنے کا الزام تھا۔ رواں سال فروری میں ناصر جمشید کو میچ فکسنگ کے شبہ میں ایک مشکوک شخص یوسف کے ہمراہ برطانیہ میں گرفتار گیا تھا۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں خالد لطیف پر 5 سال پابندی اور جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ شرجیل خان کو معطلی اور جرمانے سزاسنائی گئی تھی۔