پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(فرانس)فرانس نے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے سے انکارکردیا۔
امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے پہلے دورے پر یورپ پہنچے جہاں پیرس میں انھوں نے فرانس کے صدر سے ملاقات کی۔ بعدازاں فرانسیسی صدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم پر واضح کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی صدر کا یکطرفہ فیصلہ خطے کے امن کیلئے خطرناک ہے جس کی فرانس مخالفت کرتا ہے۔
فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پر زور دیا کہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی آباد کاری کے منصوبوں کو فوری روکا جائے اور اس فیصلے سے یہ تاثر ملے گا کہ اسرائیل قیام امن کے لئے سنجیدہ ہے۔
فرانسیی صدر کے بیان پر رد عمل میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ یروشلم ہزاروں سال سے اسرائیل کا دارالحکومت ہے، فلسطینیوں کو یہ حقیقت ’تسلیم‘ کر لینی چاہیے، جتنی جلدی اس حقیقت کو تسلیم کیا جائے گا اتنی ہی جلد ہم امن کی جانب بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد یا بدیر فلسطینی بھی اس حقیقت کو تسلیم کرلیں گے کہ بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت ہے اور بہت جلد دنیا میں امن ہوجائے گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں جرگے کے حکم پر پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو قتل کرنے والے ملزمان نے اقبال جرم کرلیا۔
میڈذرائع کے مطابق اورنگی میں نوبیاہتا جوڑے کے قتل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سٹی کورٹ، کراچی میں دو گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں زیردفعہ 164 کے تحت ملزمان ضیاالحق اور غلام رسول نے اپنے اقبالی بیان میں کہا کہ جرگے کے کہنے پر لڑکا اور لڑکی دونوں کے گھروالوں نے قتل کی حکمت عملی بنائی، جرگے نے نو بیاہتے جوڑے کو قتل کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان نے عدالت کے روبرو بتایا کہ 22 نومبر کی آدھی رات کو جرگے کے سربراہ مسکین نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ جوڑے کو تشدد کے بعد قتل کیا، 23 نومبر کو جرگہ نے مشورے کے بعد لاشوں کو غائب کرنے کا حکم دیا، ہمیں گڑھے کھود کر لاشیں ٹھکانے لگانے کا حکم ملا، رات ایک بجے قائم خانی قبرستان میں ہم نے کھڈے کھودے، لاشوں کی منتقلی کے لئے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے میں بھی ہمارا کردار تھا۔
رات ڈھائی بجے ملزمان عبدالرشید، مرزا اور اعظم نے لاشوں کو بوریوں میں ڈال کر قبرستان پہنچایا اور پہلے سے تیار گڑھوں میں ڈال کرچھپا دیا گیا، ہماری نشاندہی پر ہی پولیس نے لاشیں برآمد کیں، ہمیں جرگے کی جانب سے جو احکامات ملے ہم نے اس پر عمل کیا۔ بیان قلمبند ہونے کے بعد عدالت نے ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ 22 نومبر کو 24 سالہ عبدالہادی اور 22 سالہ حسینی بی بی کو مومن آباد تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)نیوزی لینڈکیخلاف ون ڈے سیریزکیلئے ٹیم کااعلان آج کیے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلفی کنگ احمد شہزاد کو قربانی دے کر اظہر علی کیلئے جگہ خالی کرنا پڑے گی۔
 
ذرائع کےمطابق پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچزکی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ6 جنوری کوکھیلاجائے گا۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے جبکہ 3 ٹی ٹوینٹی میچز کےلئے ٹیم کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میںان فٹ عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر کے ٹیم میں واپس آنے کا امکان ہے جبکہ پی سی بی کی جانب سے احمد شہزاد کو قربان کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، احمد شہزاد کو اوپننگ بلے باز اظہر علی کیلئے جگہ خالی کرنا پڑے گی۔
 
واضح رہے کہ اظہر علی گھٹنے کی انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی (آزاد کشمیر)وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہاہے کہ آزادکشمیر پرجارحیت کی کوشس کی گئی تولائن آف کنٹرول بھارت کاقبرستان بنادیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق فاروق حیدرکا ایل او سی کے قریب عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پانڈو سیکٹرپررہنے والے24گھنٹے کے مجاہدہیں،سلام پیش کر نے آیاہوں،بھارت جان بوجھ کر ایل او سی پرکشیدگی بڑھارہاہے اوروہ سن لے کہ ہم ڈرنےوالے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بزدل دشمن نے جنازوں پر بھی فائرنگ کی، آزادکشمیر پرجارحیت کی کوشس کی گئی توایل اوسی بھارت کاقبرستان بنادیں گے۔میں سری نگروالوں کوپیغام دیتاہوں،آزادی جدوجہد میں وہ تنہانہیں ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/میانوالی)میانوالی میں اسکول وین اور ڈالہ کے درمیان تصادم میں 9 طالبات زخمی ہو گئیں جن میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ملتان روڈ پر ٹول پلازاکے قریب پیش آیا جس میں دونوں ڈرائیورز بھی زخمی ہوگئے اور تمام زخمیوں ہسپتال کو منتقل کر دیاگیا،حادثے میں 9 طالبات زخمی ہوئیں جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹیمینٹ) اٹلی کے شہرمیلان میں بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اوربھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی شادی کی تقریبات کا آغازہوچکا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اورویرات کوہلی 2 روز قبل شادی کے لیے اٹلی روانہ ہوئے، دونوں کی شادی کی خبرمیڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جو15 دسمبرکو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ شادی کی تقریبات کا آغازاٹلی کے شہر میلان میں ہوچکا ہے جہاں شادی کا میلہ ٹسکنی کے حسین تاریخی قلعہ میں سجے گا۔
بھارتی ٹیم اس وقت سری لنکا کے ساتھ سیریزکھیلنے میں مصروف ہے، اسی لیے کوہلی نے صرف یووراج اور ٹنڈولکر کوہی اپنی شادی میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم توقع ہے کہ ہدایتکارادیتا چوپڑا، اداکارشاہ رخ خان، عامر خان اوردیگر بالی ووڈ کے ستارے شادی میں شرکت کریں گے۔ ویرات کوہلی کی جانب سے 26 دسمبر کو ممبئی میں شادی کی دعوت کا اہتمام کیا جائے گا۔
اٹلی جانے سے قبل ائیرپورٹ پرصحافیوں کی جانب سے شادی کے سوالات سن کرانوشکا شرما گھبراگئیں اورشکریہ ہٹ جاؤ کہتے ہوئے بغیر کسی سوال کا جواب دئیے وہاں سے چلی گئیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹرویرات کوہلی اوراداکارہ انوشکا شرما کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جو مختلف تقاریب میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ نظر آتے ہیں تاہم جب بھی ان سے ان کی شادی کے حوالے سے سوالات کیے گئے تو ہمیشہ ان کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی/تعلیم) سندھ کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں کااعلان کردیا گیا اور نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیاں شیڈول کے مطابق 22 تا 31 دسمبر تک ہوں گی۔ صوبہ بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 10 روز کیلئے بند رہیں گے اور نوٹیفکیشن تعلیمی اداروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث تعطیلات میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ گزشتہ سال بھی موسم کی شدت کے باعث سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (پنجاب)ختم نبوت کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے 2 ایم این ایز اور 2 ایم پی ایز نے اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔
فیصل آباد میں آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی صدارت میں ختم نبوت کانفرنس ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے 4 ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ایم این اے ڈاکٹر نصار جٹ، ایم پی اے نظام الدین سیالوی، ایم پی اے محمد خان بلوچ اسٹیج پر پہنچے اور چاروں نے باری باری اپنے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔
مستعفیٰ ارکان نے سیال شریف درگاہ کے پیر اور تحریک لبیک کے رہنما پیر حمیدالدین سیالوی کو اپنے استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلٰی پنجاب اور وزیرقانون راناثنااللہ فوری طور پر مستعفیٰ ہوں، اگر انہوں نے اپنے عہدوں سے استعفے نہ دیے تو پھر بہت سے ارکان اسمبلی بھی ہماری صف میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سیال شریف درگاہ کے پیر محمد حمید الدین سیالوی نے عہد کیا ہے کہ وہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مستعفی ہونے تک تحریک جاری رکھیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پولیس نے شہر میں ریسنگ اور ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 34 افراد کو گرفتار کرکے ان کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لیں۔
گزشتہ اتوار ریسنگ کے تنازع کے دوران کراچی میں سی ویو کے مقام پر فائرنگ سے نوجوان کے قتل کے بعد پولیس کو ہوش آگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر ون ویلنگ اور ریس لگانے والے موٹر سائیکل اور کار سواروں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 34 افراد کو حراست میں لے کر ان کی 14 موٹر سائیکليں اور6 گاڑیاں قبضے میں لے لی ہیں۔ پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے 2 کار سواروں کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جس سے ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی۔ پولیس کی جانب سے سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اور شیشوں پر چڑھی سیاہ پنیاں کھرچ کر اتاری جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سی ویو پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، 5 ملزم گرفتار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کی ڈبل کیبن کو بھی سیاہ شیشوں کے باعث روکا گیا ہے، تاہم شور شرابا کرنے پر انہیں چھوڑ دیا گیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پولیس سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائيوں کے بجائے شہر سے قتل و غارت گری کا خاتمہ کرے، تاہم میں بھی موٹرسائيکل کی ون ویلنگ اور ریس لگانے والوں کے خلاف ہوں۔ پولیس نے فیصل واوڈا کی گاڑی کے سیاہ شیشوں سے پنی اتارے بغیر جانے کی اجازت دیدی۔
وزیرِ داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی سی ویو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ ریس لگانے والوں، سیاہ شیشے والی گاڑیوں اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 نافذ ہے، ان کے خلاف کارروائیاں پہلے سے جاری ہیں تاہم اب سختی کی جارہی ہے، ہماری کارروائیوں سے ایک بھی جان بچ گئی تو ہم سمجھیں گے کہ ہم کامیاب ہوگئے

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں 2 گروپوں میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسلام آباد میں تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں 2 گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کھیتوں میں بکریاں چرانے پر جھگڑا ہوا اور اس دوران دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔لاشوں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ایک ملزم ذیشان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔ عالم خان اور اس کی اہلیہ کی لاشیں گاڑی سے ملیں اور عالم خان کا تعلق وزیرستان سے ہے، جب کہ مخالف پارٹی کے ہلاک شخص کی شناخت مسکین کے نام سے ہوئی۔