پیر, 20 جنوری 2025

 

انٹرٹینمنٹ: پُر کشش شخصیت، رعب دار آواز اور جاندار اداکاری کے ذریعے انتہائی کم وقت میں راتوں رات سپر اسٹار بن جانے والے اداکار فواد خان 36 برس کے ہوگئے۔ ڈرامہ سیریل ہم سفر سے کامیابیوں کی بلندیوں کو چھونے والے فواد خان نے اپنی اداکاری کے جوہر بکھیرتے ہوئے نہ صرف پاکستانیوں سے داد حاصل کی بلکہ ہمسایہ ملک کے باسیوں کو بھی اپنا دیوانہ بنا ڈالا۔ فواد کا جادو و زندگی گلزار ہے کے ذریعے ہندوستانی شائقین پر طاری ہوا اور فلم 'خوبصورت کے ذریعے یہ شرمیلا اور کم گو پاکستانی اداکار انڈیا میں راتوں رات اسٹار بن کر جگمگانے لگا۔ خوبصورت کی کامیابی کے بعد فواد خان نے کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل میں اپنی اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے بھارت میں جاری انتہا پسندی اور عدم برداشت کی وجہ سے فواد خان بالی ووڈ کی کسی فلم میں کام نہیں کر رہے ہیں تاہم ان کی آنے والی فلموں میں پاکستانی فلم مولاجٹ ٹو سرفہرست ہے

 

 

پنجاب : پنجاب کے مختلف شہروں سے مذہبی جماعت کے مظاہروں کے دوران گرفتار 458 افراد کو پنجاب کی 8جیلوں سے رہا کردیا گیا۔ نظربند افراد کو حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اڈیالہ، کوٹ لکھپت، ساہیوال اور اٹک سمیت مختلف شہروں کی دیگر جیلوں سے رہا کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ جن نامزد افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں انہیں عدالتی کارروائی کے بعدرہا کیا جائے گا۔

 

افغانستان: افغانستان میں تعینات امریکی جنرل نکلسن نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان کی سینئر قیادت پاکستان اور نچلی قیادت افغانستان میں ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سرحد پار کارروائی کرنے والے دہشت گرد​وں کو پاکستان ختم کرے، اس کےلیےپاکستان کےساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ جنرل نکلسن نے مزید کہا کہ امریکی صدر کے سخت مؤقف کے باوجود پاکستانی رویے میں تبدیلی نہیں آئی، ہم نے پاکستان سے بہت واضح اور صاف مؤقف بیان کیا۔

 

 

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتیں۔ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے اپنی صاحبزادی کے پاک فوج کے خلاف ویڈیو بیان کی مذمت کی اور کہاکہ ایمان بالغ ہے اور اس کا اپنا نکتہ نظر ہے، ہمیں زندگی کے تجربات سے سیکھنا چاہئے۔ ہم ایک دوسرے سے لاتعلق تو نہیں لیکن رائےسے اختلاف ضرور کرسکتے ہیں۔ ایمان حاضر مزاری نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان میں اہم اداروں کے خلاف بات کی تھی اور کہا تھا کہ اگر آپ کو تھوڑی سی بھی امید ہے کہ پاکستان ایک دن پروگریسو اور جمہوری ملک بن سکے گا جہاں لوگوں کی زندگی اور ان کے حقوق کو تحفظ ہو گا توآپ کو بولنا چاہئے، ڈرنے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔

 

اسلام آباد : آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مسلسل عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دینے کیلئے کارروائی کا آغاز ہو گیا۔ اسحاق ڈار کی طلبی کا اشتہار عدالتی نوٹس بورڈ اور ان کی رہائشگاہوں کے باہر آویزاں کر کے دس روز میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے دستخطوں سے جاری اسحاق ڈار کی طلبی کا اشتہار عدالتی نوٹس بورڈ پرچسپاں کر دیا گیا جبکہ ان کی اسلام آباد اور لاہور میں رہائشگاہوں کے باہر بھی اشتہار آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ احتساب عدالت کی جانب سے 21 نومبر کو جاری کئے گئے اشتہار میں اسحاق ڈار کو 10 روز میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے، عدم پیشی کی صورت میں سابق وزیرخزانہ کو اشتہاری ملزم قرار دیا جائے گا۔ دوران سماعت اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی طلبی نوٹس کے باوجود پیش نہ ہوئے ،اسحاق ڈار کےخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی آئندہ سماعت 4 دسمبر کو ہو گی ۔ واضح رہے اسحاق ڈار بطور ملزم اب تک 7 مرتبہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اب تک 5 گواہوں نے اپنے بیانات قلمبند کرائے، تین پر جرح مکمل کر لی گئی۔ 14 نومبر کو عدم حاضری پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ 21 نومبر کو عدالت نے سابق وزیر خزانہ کو مفرور قرار دیا

 

لاہور :لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی پنجاب عارف نوازسے تحریری جواب طلب کر لیا، لاہور ہائیکورٹ میں آئی جی پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی،مقدمے کی سماعت جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے محکمہ پولیس پنجاب میں بطور انسپکٹر فرائض سر انجام دے رہا ہوں،آئی جی سنیارٹی لسٹ میں نام ہونے کے باوجود ترقی نہیں دے رہے ،عدالت درخواست گزار کو سن کرسنیارٹی سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیا،عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی حکم عدولی پرآئی جی پنجاب کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد آئی جی پنجاب سے تحریری جواب طلب کر لیا

 

 

ریاض:کرپشن کے الزام میں گرفتار سعودی عرب کے سابق فرماںروا شاہ عبداللہ کے صاحبزادے شہزادے متعب بن عبد اللہ کو ایک ڈیل کے بعد رہا کردیا گیا۔متعب بن عبد اللہ کو انسداد بدعنوانی مہم کے تحت 5 نومبر کو دیگر 10 شہزادوں کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔ شہزادہ متعب بن عبداللہ کو ایک ارب ڈالر واپس کرنے کے سمجھوتے پر رہا کیا گیا ۔ شہزادہ متعب ان 200 اہم سیاسی و کاروباری شخصیات میں سے ایک ہیں جنہیں 4 نومبر کو نظربند کیا گیا اور حکام کی جانب سے گرفتار افراد میں سے وہ سب سے زیادہ بااثر سمجھے جانے والے شہزادے ہیں۔ اس حوالے سے سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ شہزادوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے ناجائز دولت واپس حکومت کو سپرد کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی۔ ممکنہ طور پر ان شہزادوں میں متعب بن عبد اللہ بھی شامل ہیں۔64 سالہ شہزادہ متعب سعودی عرب کی نیشنل گارڈ کے سربراہ بھی تھے جنہیں گرفتاری سے کچھ دیر قبل ہی عہدے سے ہٹا یا گیا تھا۔مغربی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کرپشن کے الزام میں گرفتار مزید تین شخصیات نے ڈیل کرلی تاہم ان افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔دوسری جانب سعودی حکومت نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)حال ہی میں مس ورلڈ منتخب ہونے والی بھارتی حسینہ مانوشی چھیلر نے عامر خان کی فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں مانوشی چھیلر نے کہا کہ بالی ووڈ میں انٹری اس وقت ان کے ذہن میں نہیں ہے وہ سوچ رہی ہیں تو بس اتنا کہ اگلا سال ان کے لیے کس قدر ہنگامہ خیز اور دلچسپ ہوگا، وہ دنیا بھر کا سفر کریں گی اور مس ورلڈ رہنے والی خواتین کے ساتھ دنیا بھر میں خواتین کو درپیش طبی مسائل سے متعلق شعور کو اجاگر کرنے کے لیے کام کریں گے۔ مانوشی چھیلر کا کہنا تھا کہ اداکاراؤں میں ان کی پسندیدہ فنکارہ پریانکا چوپڑا ہیں لیکن وہ مستقبل قریب میں عامر خان کی فلموں میں ضرور کام کرنا چاہتی ہیں کیونکہ ان کی فلم میں معاشرتی مسائل کے حوالے سے پیغام ہوتا ہے، ان کی فلموں میں کردار نبھانا بہت چیلنجنگ ہوتا ہے اس لیے ان کے لیے یہ سب بہت دلچسپ ہوگا۔ عالمی مقابلہ حسن کے حوالے سے مانوشی نے کہا کہ مقابلے کے دوران شریک امیدواروں میں ایک دوسرے سے متعلق جاننے کے لیے بہت تجسس ہوتا ہے کیونکہ وہاں ایک دوسرے سے متعلق بہت کم معلومات ہوتی ہیں اور نا ہی انتظامیہ کی جانب سے کچھ بتایا جاتا ہے۔ مقابلے کے دوران دیگر لڑکیاں یہ سمجھتی تھیں کہ میں بالی ووڈ کی اداکارہ ہوں۔

 

 

ایمز ٹی وی (بین الا قومی)حکومت نے ابوظہبی آنے والے تمام ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزا دینے کا اعلان کردیا جس کے لیے ایئرپورٹ پر کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی آنے والے افراد کو چار دن کے لیے سیاحتی ویزا دیا جائے گا اور یہ ویزا ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہی محض 15 تا 30 منٹ میں جاری کردیا جائے گا، اس ضمن میں امیگریشن حکام نے ابوظہبی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری (ٹرانزٹ ایریا) پر نیا کاؤنٹر قائم کردیا ہے تاکہ ٹرانزٹ ویزا اور نئے آنے والوں کو فوری ویزا دیا جاسکے۔ یہ کاؤنٹر مختلف اقسام کے ویزے جاری کررہا ہے جس میں نئے آنے والے افراد کو سیاحتی ویزوں کا اجرا بھی شامل ہے ، ابوظہبی ایئرپورٹ پہنچنے والا کسی بھی ملک کا شہری اس کاؤنٹر پر جاکر سیاحتی ویزا حاصل کرسکتا ہے جو کہ اسے آدھے گھنٹے میں مل جائے گا، سیاحتی ویزا براہ راست ابوظہبی پہنچنے والے افراد کے ساتھ ساتھ ایسے افراد بھی حاصل کرسکتے ہیں جو ٹرانزٹ ویزا پر ابوظہبی پہنچے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کا ٹرانزٹ ویزا سیاحتی ویزا میں تبدیل کردیا جائے۔ قبل ازیں ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ ویزا محض چند ممالک کے شہریوں کے لیے دستیاب تھا جب کہ دیگر ممالک کے شہریوں کو ٹرانزٹ ویزا کے لیے رائج طریقہ کار کے تحت وہاں آنے سے پہلے درخواست دینی پڑتی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) امریکی ادارے ایسے پودوں پر کام کررہے ہیں جو دشمنوں کی جاسوسی اور ماحولیاتی خطرات مثلاً کیمیائی ہتھیاروں کا اندازہ لگانے کا کام کرسکیں گے۔ امریکا میں ’’ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹس ایجنسی‘‘ (ڈارپا) کے ماہرین اس سے قبل حیرت انگیز دفاعی ٹیکنالوجی پرکام کرتے رہے ہیں اور اب جاسوس پودے ان کا نیا ہدف ہیں جو ماحول اور فضا میں جراثیم، تابکاری، کیمیائی و جراثیمی ہتھیاروں کے علاوہ دشمن کی سن گن بھی لے سکیں گے۔ ان پودوں کو فوجی مقاصد کےلیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مثلاً یہ کسی بارودی سرنگ کی نشاندہی کرسکتے ہیں جو پھٹنے سے رہ گئی ہو۔ ڈارپا نے اسے ’’ایڈوانسڈ پلانٹ ٹیکنالوجی‘‘ (اے پی ٹی) کا نام دیا ہے جس کے تحت پودوں میں قدرتی طور پر ایسی صلاحیت پیدا کی جائے گی تاکہ وہ آلودگی سے لے کر روشنی کی شدت کو بھی نوٹ کرسکیں گے اور یہ کام جینیاتی انجینئرنگ کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ اس سے روایتی سینسر کی جگہ قدرتی انداز میں کام کرنے والے سینسر بنائے جاسکیں گے اور فوجیوں کی جانیں اور دیگر وسائل بچانے میں مدد مل سکے گی۔ جینیاتی طور پر تبدیل شدہ پودے کئی مواقع پر اپنا ردِ عمل دے سکیں گے اور ان سے خود پودوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ اس ضمن میں 12 دسمبر 2017 سے ڈارپا تجاویز اور پروجیکٹس کی تفصیلات وصول کرے گی۔ پہلے گرین ہاؤس اور تجربہ گاہوں میں کام ہوگا اور اس کے بعد تجرباتی بنیادوں پر حقیقی کھیتوں اور قدرتی ماحول میں ان کی آزمائش کی جائے گی جس کی نگرانی امریکی محکمہ زراعت کرے گا۔ اس کے بعد ان جاسوس پودوں کی نگرانی سیٹلائٹ کے ذریعے کی جائے گی جو آج اتنے جدید ہوچکے ہیں کہ وہ پودوں کے درجہ حرارت تک پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں۔ کامیابی کی صورت کے بعد یہ خاموش جاسوس اپنا کام کرسکیں گے۔ عام زندگی میں سورج مکھی کا پودا سورج کی جانب رخ کرتا ہے اور چھوئی موئی کا پودا ہلکے احساس کے ساتھ ہی بند ہوجاتا ہے۔ عین اسی کیفیت کو دیگر اشیا کی تصدیق کےلیے بھی استعمال کیا جاسکے گا اور یہی ڈارپا کا مقصد ہے۔ یہ پودے عوام کو اطراف میں موجود خطرناک بارودی سرنگوں سے بھی آگاہ کرسکیں گے۔