پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے خلیج عدن میں کئی روز سے پھنسی کشتی کو بچالیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقارنے بحری گشت کے دوران خلیج عدن میں کئی روزسے پھنسی کارگو کشتی کو بچالیا۔ پی این ایس ذوالفقارنے خراب سمندری حالات میں 16 گھنٹے تک آپریشن کرنے کے بعد کشتی کو کھینچ کر بحفاظت ساحل کے قریب پہنچایا۔ بچائی گئی کشتی سفر کے دوران اپنی آپریشنل صلاحیت کھو چکی تھی اور مسافر کئی دنوں سے بغیر پینے کے پانی اور خوراک سمندر میں امداد کے منتظر تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ زمانہ امن و جنگ دونوں میں عسکری، سفارتی اور انسانی ہمدردی کے آپریشنز سر انجام دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور گزشتہ چند دنوں میں پاکستان نیوی کا کھلے سمندر میں یہ اس طرز کا دوسرا امدادی آپریشن ہے۔

 

 

اییمز ٹی وی (تجارت )حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مںظوری دے دی، وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت 77 روپے47 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے جب کہ ڈیزل 85 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت کی جانب سے مٹی کا تیل 4 روپے 39 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)سوشل میڈیا پر مرنے کی جھوٹی افواہ پھیلنے کے بعد عمر اکمل نے اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پیغام جاری کردیا۔
سوشل میڈیا پر کسی نے بیٹسمین عمر اکمل کو ’مردہ‘ ظاہر کردیا، ان کا چہرہ کسی دوسرے کی ڈیڈ باڈی پر لگانے کے ساتھ اعلان کیا گیا کہ حال ہی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم میں عمر اکمل بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں جس پر سوشل میڈیا پر ہی عمر اکمل نے اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمد اللہ میں ٹھیک ٹھاک اور لاہور میں ہوں جب کہ سوشل میڈیا پر آنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں‘۔

 

 

ایمز ٹی وی(پنجاب)پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں بھوبھڑہ میں ماں نے اپنے 3 بچوں کو قتل کرکے لاشیں نہر میں پھینکنے کے بعد خود بھی خود کشی کی کوشش کی۔
پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں بھوبھڑہ کے قریب ماں نے اپنے تین بچوں کے گلے کاٹ کر ان کی لاشیں نہر جھنگ بارنچ میں پھینک کر اپنا گلا کاٹنے کی بھی کوشش کی، تاہم ملزمہ کو مرنے سے بچالیا گیا۔ قتل ہونے والے بچوں میں سے ایک لڑکی کی عمر 6 سال، ایک بیٹے کی 4 سال اور دوسرے بیٹے کی عمر 2 سال تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوکا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے نہر میں لاشوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر خون بھی گرا ہوا ہے اور لگتا ہے کہ ماں نے بچوں کو قتل کرکے ان کی لاش نہر میں پھینکی ہے۔
پولیس نے خاتون کے شوہر عابد حسین کی مدعیت میں تھانہ سکھیکی میں مقدمہ درج کرکے خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)معروف بھارتی اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ ان کے والد مسلمان اور والدہ ہندو ہیں لیکن وہ خود کو ہندو یا مسلمان کے بجائے ’انسان‘ کہتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی 15 ویں لیڈرز شپ سمٹ کے دوران بھارت کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جب کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی نمائندگی کرتے ہوئے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان بھی اس سمٹ میں شریک ہوئے اور اپنے والدین ،مذہب، ذاتی زندگی اور رئیلیٹی شو بگ باس کے حوالے سے بہت سی باتیں منظر عام پر لے کرآئے۔
سمٹ کے دوران سلمان خان نے انڈیاٹوڈے گروپ کے سابق وائس چیئرمین، ایڈیٹران چیف دی پرنٹ اور معروف بھارتی صحافی شیکھرگپتا سے بات چیت کے دوران کہا کہ بالی ووڈ کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ میرے والد سلیم خان مسلمان ہیں اوروالدہ سشیلا کا تعلق ہندو مذہب سے ہے لیکن میں خود کو’انسان‘کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے تمام لوگ چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب سےہو سب مل کر کام کرتے ہیں۔ انڈسٹری میں کام کرنے والا ہر شخص چاہے وہ کارپینٹر ہو، اسپاٹ بوائے ہو، لائٹ مین ہو، ہیرو، ہیروئن ہوں، ہدایت کارہویا پروڈیوسرہو کوئی بھی اس بات کو محسوس نہیں کرتا کہ کون کس مذہب سے تعلق رکھتا ہے۔
یہاں ہندو، مسلم،سکھ، عیسائی جیسا کچھ نہیں ہے۔ جب کہ کوئی اونچ نیچ بھی ہماری انڈسٹری میں نہیں ہے۔ یہاں کام کرنے والا ہر انسان عزت کا مستحق ہے۔ سلمان خان کی اس بات سے صاف ظاہر ہے کہ وہ خود کو ہندو یا مسلمان کے بجائے ’انسان‘قرار دیتے ہیں اور’انسانیت‘ان کے نزدیک سب سے بڑا مذہب ہے

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی)ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کر دیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم شہزاد کا کہناتھا کہ ہماری پارٹی میں چائنا کٹنگ والے ہوں گے نہ ٹارگٹ کلرز، ہماری پارٹی میں ڈرائی کلینرزبھی نہیں ہوں گے۔
سابق ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،16 دسمبرکواورنگی میں جلسہ کروں گا،سلیم شہزاد نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لوں گا اوردیگر حلقوں سے بھی امیدوار کھڑے کریں گے

 

 

ایمز ٹی وہ (خیبر پختونخواہ)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بیرونی اور اندرونی دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم کسی صورت دہشت گردوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے جب کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو یکجا ہونا پڑے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زرعی ڈائریکٹوریٹ پرحملے کے زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے ورثا کے لئے فی کس 10 لاکھ جب کہ شدید زخمیوں کے لئے 5،5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لئے 2،2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مبارک دن کے موقع پر دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی کیوں کہ بیرونی اور اندرونی دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں جب کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی بھی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم کسی صورت دہشت گردوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے اور اس جنگ میں جان کا نذرانہ دینے والے شہیدوں کے خون کو نہیں بھولیں گے تاہم دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو یکجا ہونا پڑے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(خیبر پختونخواہ) زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں خود کش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر واقع زرعی ڈائریکٹوریٹ میں مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور اندر داخل ہوکر فائرنگ شروع کردی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ حملے میں 9 افراد شہید اور 32 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 طلبہ، ایک گارڈ اور 2 عام شہری شامل ہیں۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں پاک فوج کے دو جوان، دو پولیس اہلکار، دو طالب علم اور دو گارڈز شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تین افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہیں جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 6 افراد کی لاشیں موجود اور 17 زخمی زیر علاج ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پشاور پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان ڈائریکٹوریٹ کے اندر داخل ہو گئے ہیں اور کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ دہشت گردوں سے 12 دستی بم، 3 کلاشن کوف اور 3 خودکش جیکٹس برآمد ہوئیں۔ فوجی دستوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کیا جب کہ آرمی ایوی ایشن کی جانب سے علاقے کی فضائی نگرانی کی گئی۔ ہاسٹل سے 8 طلبہ کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے کے وقت چالیس سے پچاس طلبا ہاسٹل میں موجود تھے، تینوں دہشتگرد خودکش جیکٹ پہنے ہوئے تھے اور افغانستان میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے، حملہ آور 8 بجکر 45 منٹ پر دہشتگرد رکشے سے ڈائریکٹوریٹ زراعت پہنچے تھے۔ حکام نے بتایا کہ آپریشن میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔ دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں جو گولی لگنے سے دھماکے سے پھٹ گئیں۔ حکام نے یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ خیبرپختون خوا پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے برقعے پہنے ہوئے تھے اور وہ بھیس بدل کر رکشے میں آئے تھے جب کہ رکشہ ڈرائیور بھی ممکنہ طور پر حملے کا سہولت کار ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے وقت زرعی ڈائریکٹوریٹ کے ہاسٹل میں طلبہ موجود تھے اور متعدد طلبہ نے جان بچانے کے لیے بالائی منزل سے چھلانگ دی جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئی ہیں۔ واقعے کے عینی شاہد اور زخمی طالب علم نے بتایا کہ حملے کے وقت ہم ہاسٹل میں سو رہے تھے، اچانک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آنے لگیں، فائرنگ کی آوازیں سن کر ساتھی طلبہ کو اٹھایا اور ہم 8 دوستوں نے باتھ روم میں چھپ کر جان بچائی، پھر فوج کے جوانوں نے ہمیں ریسکیو کیا۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر انسٹی ٹیوٹ میں دفاتر اور ہاسٹل بھی واقع ہیں۔  

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تسلسل کے ساتھ جاری ہے، نوجوانوں کو تلاشی اور آپریشن کے بہانے شہید کیا جارہا ہے، گزشتہ چند دنوں میں کئی نوجوان شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، اب وادی میں بھارت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی خبریں بھی زیرگردش ہیں جن پر انتہائی تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے، بھارت آزاد انسانی حقوق مشنز کو وادی میں رسائی دے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ افغانستان میں افیون اور پوست کی پیداوار خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، افیون اور پوست دہشت گردوں کے لئے بڑا ذریعہ آمدن ہے، افغان حکومت اور اتحادی افواج کو عالمی معاہدوں کی روشنی میں اقدامات کرنے چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مزید افواج کی تعیناتی پر ہماری اور امریکا کی سوچ میں فرق ہے اس معاملے پر پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس سے بات کی جائے گی جب کہ امریکا سے اختلافات دور کرنے اور دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کے تبادلے سمیت مشترکہ مشقوں کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز امریکی جنرل نکلسن نے جو بیان دیا وہ بیانات نئے نہیں ہیں ہم پہلے بھی ان بیانات کی تردید کرچکے ہیں، امریکی وزیردفاع پاکستان آرہے ہیں ان کے دورے میں اس موضوع کوبھی زیرِبحث لایا جائے گا

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) ہائی کورٹ نے قطری شہزادوں کو پرندوں کے شکارکی اجازت دینے کے خلاف دائر درخواست پر وفاق اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔
قطراورمتحدہ عرب امارات کے شہزادوں کو پرندوں کے شکار کی اجازت دینے کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ درخواست میں وفاق، سیکرٹری خارجہ اوروزیراعلیٰ پنجاب کوفریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزارکا سماعت کے دوران موقف تھا کہ پنجاب حکومت نے قطراور یو اے ای کے شہزادوں کوپرندوں کے شکار کی اجازت دی، شکارکے لیے امیرقطر شیخ حماد کو ضلع بہاولنگرجب کہ شیخ حماد بن جاسم کوبھکر، جھنگ اورلیہ کا علاقہ الاٹ کیا گیا، یہ وہی شہزادے ہیں جن کا پاناما کیس میں مسلسل ذکر ہوا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، محکمہ داخلہ پنجاب نے پرندوں اور جانوروں کی حفاظت ایکٹ 1912 کی خلاف ورزی کی۔
درخواست گزارکی جانب سے اپیل کی گئی کہ عدالت ان دو ملکوں سے ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات اورشہزادوں کی سیکیورٹی کے لیے اخراجات کی تفصیل طلب کرے، اس کے علاوہ عدالت عالیہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کو غیر آئینی قرار دے۔ عدالت عالیہ نے فریقین سے 10 روز میں جواب طلب کرلیا۔