پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (پنجاب)پاکستانی نژاد برطانوی گلوکارہ سارہ پیٹرنے لندن میں بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیااور مجسمے کی نقاب کشائی تقریب میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاء کو جھومنے پرمجبورکردیا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں قائداعظم کے مجسمے کی نقاب کشائی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستانی ہائی کشمنر سید ابن حسن اور لندن کے میئرصادق خان سمیت بہت سی اہم شخصیات موجود تھی۔ اس موقع پرسائرہ پیٹرنے اپنے مخصوص اندازمیں ملی نغمے پیش کرتے ہوئے برطانوی سرزمین پرقائداعظم اوروطن عزیز کے نام سے شرکاء کونعرے لگانے پرمجبور کردیا۔ تقریب میں پرفارمنس کے بعد ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ پیٹرنے کہا کہ یہ میرے لیے اعزازکی بات ہے کہ میں نے اتنی اہم اورغیرمعمولی تقریب میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کواپنے سچے سروں اورمقبول ملی نغموں کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر جیسے ہی میں نے حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کا کلام پیش کیا توشرکاء جھومنے لگے۔ یہ واقعی ہی صوفیانہ کلام کا ہی اثرہے کہ اس کوجب بھی اورجہاں بھی پیش کیا جائے، لوگ اس سے محظوظ ہوتے ہیں۔ خاص طور پر برطانیہ جیسے ملک میں جہاں لوگ انگریزی بولتے اور سمجھتے ہیں، وہاں بھی جب صوفیاء کرام کے کلام کوپیش کیاجائے تواچھا لگتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سونے کی فی تولہ قیمت 150 روپے کمی کے بعد 54ہزار350روپے فی تولہ ہوگئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت1 ڈالر کے اضافے سے 1295 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب150 اور129 روپے کی کمی ہوئی۔
قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 54 ہزار 350 اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر46 ہزار 585 روپے ہوگئی۔ تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرردوبدل فی تولہ 810 اور دس گرام 694.28 روپے پر مستحکم رہی۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جیالے جمہوریت کا لبادہ اوڑھے آمریت کی باقیات کو سیاسی منظرسے ہٹادیں گے۔
کراچی میں پیپلزپارٹی کے قائدین نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا دعوی کرنے والی جماعتیں صرف اقتدارکے لئے لڑرہی ہیں، آج بھی پیپلزپارٹی جمہوریت کی لڑائی لڑ رہی ہے، پاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت اورکارکنوں کی قربانیوں سے آئی، ملک کی دیگر جماعتوں کا کچھ بھی داؤ پرنہیں لگا اور جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے اسے ہمیں ہی بچانا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جو لیڈربڑے دعوے کررہے ہیں انہیں تو جمہوریت کی ’جیم‘ تک کا نہیں پتا، وہ لیڈرجو پارلیمنٹ بھی نہیں آتے وہ کیسے جمہوری کہلا سکتے ہیں، ایسے لیڈرپارلیمنٹ میں نہ آکرعوام اورجمہوریت کو بے توقیر کر رہے ہیں اور جیالے جمہوریت کا لبادہ اوڑھے آمریت کی باقیات کو سیاسی منظر سے مٹا دیں گے

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر عام تعطیل کے باعث جمعہ یکم دسمبر کو بینک، مالیاتی ادارے، اسٹاک مارکیٹ، تجارتی مراکز اور دیگر منڈیاں بند رہیں گی۔
عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل دی گئی ہے جس کے باعث جمعہ یکم دسمبر کو بینک، مالیاتی ادارے، اسٹاک مارکیٹ، تجارتی مراکز اور دیگر منڈیاں بند رہیں گی۔
اسی سلسلے میں اسٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بینک دولت پاکستان بھی جمعہ یکم دسمبر 2017 کو عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بند رہے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ عمران خان سیاست کے فسادی بابا ہیں اور وہ قوم کے نوجوانوں کو تباہ کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان پر دنیا کا اعتماد بحال ہو چکا ہے، موجودہ حکومت نے نیشنل گرڈ میں 7 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کی ہے اور اپنی آئینی مدت تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کریں گے۔ ملک کی شرح نمو 5.3 فیصد سالانہ تک پہنچ گئی ہے، پاناما کا ڈراما نہ ہوتا تو اس سے زیادہ ترقی کی شرح حاصل کرلیتے، اب ہمیں دانشمندی سے حالات کو قابو میں رکھنا ہے، کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی کیلیے امن و استحکام پہلی سیڑھی ہوتی ہے، ہمیں ملک کی ترقی کی سند عمران خان سے نہیں بین الاقوامی برادری سے لینی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی دیکھ کر دشمنوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور اسے روکنے کے لئے سازشیں کی جاری ہیں جب کہ عمران خان ٹائپ کے لوگ شیخ چلی جیسے خواب دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کو 2013 میں عوام نے وزیر اعظم منتخب نہیں کیا تو ہم کیا کرسکتے ہیں، پورا ملک بھی استعفیٰ دے دے تب بھی عمران خان کی باری نہیں آئے گی، وہ آج بھی نواز شریف کے خوف سے نہیں نکل سکے، وہ موجودہ حکومت کو ناکام کرنا چاہتے ہیں لیکن خان صاحب ہمیں نہیں پاکستان کو ناکام کرناچاہتے ہیں۔ ان کی پہلے دن سے کوشش ہے کہ کوئی سرمایہ کار یہاں نہ آئے، انہوں نے چند لوگوں کے ساتھ مل کر سازش کی اور 126دن دھرنا دیا۔ ان کے پیٹ میں مروڑ تھا کہ حالیہ دھرنا کیسے ختم ہوگیا حالانکہ ان کے دھرنے سے تو پارلیمنٹ بھی محفوظ نہیں رہی۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان سیاست کے فسادی بابا ہیں، وہ قوم کے نوجوانوں کو تباہ کررہے ہیں، جہاں بھی آگ دیکھتے ہیں وہ اسے مزید بھڑکانے پہنچ جاتے ہیں،عمران خان کہتے ہیں کہ جب فیض آباد دھرنا ختم ہوا تو انہوں نے 2 نفل ادا کیے تھے، اور عمران خان کا دھرنا جب ختم ہوا تھا تو عوام نے 100 نفل ادا کیے تھے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے تمام مگرمچھ اپنی چھتری کے نیچے جمع کرلئےہیں، وہ قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان بتائیں پچھلے 4سالوں میں کرپشن ختم کرنے کیلئے کیا کیا، جسے چیئرمین نیب لگایا اسے بھی آپ نے ہٹا دیا، عمران خان نے ابھی تک کے پی میں نیب چیئرمین کا تقرر بھی نہیں کیا، کرپٹ لوگوں کے بجائے جسٹس وجیہہ الدین کو نکال دیا۔

 

 

ایزم ٹی وی(اسپورٹس) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران مزید 2 بھارتی بکیز پکڑے گئے۔  بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران مزید 2 بھارتی بکیز پکڑے گئے۔انھیں رنگپور رائیڈرز اور سلہٹ سکسرز کے میچ میں ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا گیا۔
سینئر سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالراشد لقمان نے بتایا کہ الیٹ فورس کے اہلکاروں نے ان دونوں کو مشکوک سرگرمیوں پر اسٹینڈز سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل بھی اسی اسٹیڈیم سے بھارتی بکیز کو پکڑ کر پولیس کے سپرد کیا گیا تھا جنھیں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار چھڑا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

 

 

سعید اجمل تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) سعید اجمل تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے اور لیجنڈ آف اسپنر میدان سے باہر جاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے جبکہ اس موقع پر پلیئرز نے انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل سعید اجمل کے کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا اور ان کی ٹیم فیصل آباد کو لاہور وائٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے پلیئرز نے انہیں الوداع کہا اور لائنوں میں کھڑے ہو کر بیٹس کی چھاﺅں سے گزارا۔ آف اسپنر اس موقع پر جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے ہاتھ ہلا کر پلیئرز اور شائقین کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سعید اجمل نے قومی ایونٹ کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ سیزن میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ آف اسپنر سعید اجمل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم تیسرے ایڈیشن کیلیے انہیں اسپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد پر پابندی مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کرنے کی تجویز زیر غورہے تاہم اس حوالے سے سمری مشترکہ مفادات کونسل کو ارسال کردی گئی ہے۔
وزارت تجارت وٹیکسٹائل کی جانب ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کرنے کے حوالے سے سمری مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوا دی گئی ہے اور کونسل کے آئندہ اجلاس میں اس سمری کی منظوری کا امکان ہے۔
وزارت تجارت کی سمری کے مطابق ملک میں مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور گزشتہ چند سال سے ملک میں چینی کی پیداوار سرپلس رہی ہے اسی لیے چینی کی برآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پہلے سے موجود چینی کی برآمد کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔
وزارت تجارت کی جانب سے مشترکہ مفادات کو نسل کو بھجوائی گئی سمری میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ہدایت جاری کرے کہ وہ چینی کی برآمد پر پابندی مستقل طور پر ختم کرنے کے معاملے پر غور کرے اور اس سلسلے میں ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کی جائے۔
وزارت تجارت کی جانب سے کہاگیاہے کہ پالیسی میں ترمیم کے بعد اگر ملک میں چینی کی قلت پیدا ہوتی ہے تو ای سی سی بر وقت مداخلت کرکے صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرسکتی ہے۔ دستاویز کے مطابق چینی کی برآمد پر پابندی لگانے کا مقصد مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیتموں کو مستحکم رکھنا اور مقامی سطح پر چینی کی کم پیداوار کے تناسب سے ضروریات کے مطابق چینی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ گنے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کارکے حوالے سے مداخلت نہ کریں، صوبائی حکومتوں کی جانب سے مداخلت کی وجہ سے گنے کی پیدوار پر اثر پڑتا ہے اور ملک میں فصلوں کی پیداوار کا تناسب متاثرہوتا ہے، اگر صوبائی حکومتوں کی جانب سے گنے کی قیمت کے تعین میں مداخلت جاری رہی تو انھیں بجٹ سے ہٹ کر چینی کی اضافی پیداوار کی برآمد کے لیے فریٹ میں مدد فراہم کرنا ہوگی۔
وفاقی حکومت رواں مالی سال کے اختتام تک اپنا مقررکردہ 50فیصد کا حصہ فریٹ سپورٹ کی مد میں دے سکتی ہے تاہم مستقبل میں چینی کی برآمد کے لیے اس طریقہ کار کو جاری نہیں رہنا چاہیے اور ختم کردینا چاہیے جب کہ وزارت صنعت و پیداوار میں شوگر ایڈوائزری بورڈ کے حالیہ اجلاس میں امیدظاہر کی گئی تھی کہ اس سال سیزن کے اختتام تک ملک میں چینی کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہو گی۔
واضح رہے کہ 2016-17 کے دوران ملک میں چینی کی پیدوار 70لاکھ میٹرک ٹن تھی جواس سال 10 لاکھ کے اضافے سے 80لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ جانے کا امکان ہے، اس سال ملک میں چینی فاضل ہو گی اور ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد بھی 30 لاکھ میٹرک ٹن چینی بچ جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) حکومت کی جانب سے ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ سے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کومن مانے انداز میں ایل پی جی کی قیمتیں بڑھانے کا موقع مل گیا جب کہ گزشتہ 15 روز کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں ایل پی جی کی فی کلوقیمت 30 روپے بڑھ گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں پر حکومتی گرفت کمزور ہونے سے ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کی آڑ میں مارکیٹنگ کمپنیوں کو صارفین کی جیب پر ہاتھ صاف کرنے کا موقع مل گیا،گزشتہ 15 روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت 90روپے فی کلو سے بڑھا کر120روپے فی کلو تک پہنچا دی گئی جبکہ اندرون سندھ میں ایل پی جی 130روپے فی کلو فروخت کی جانے لگی۔ دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سندھ زون)کے سینئرنائب صدر عمران فاروقی نے کہا کہ حکومت نے غریب افراد کے استعمال کے ایندھن پر عائد لیوی اور ریگولیٹری ڈیوٹی ختم نہ کی تو ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عرفان کھوکھر کی اپیل پر 9 دسمبر سے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور خیبر سے کراچی تک شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی اور ایل پی جی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔ عمران فاروقی کا کہنا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں اپنی مانی کرتے ہوئے صارفین کی جیبوں پر نقب زنی کر رہی ہیں، ایل پی جی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت سے صارف پریشان ہیں لیکن حکومت مارکیٹنگ کمپنیوں کو قابومیں کرنے سے گریزاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی سردیاں اپنی عروج تک نہیں پہنچیں لیکن ایل پی جی کی قیمت 130 روپے تک پہنچا دی گئی ہے اور سردیاں بڑھنے سے ایل پی جی کے نرخ بے تحاشہ بڑھنے اور گیس کی قلت کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک جانب غریبوں کے ایندھن پر لیوی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کا نفاذ کیا تو دوسری جانب گیس مارکیٹنگ کمپنیاں آزادانہ طور پر روزانہ کی بنیاد پر ایل پی جی کی قیمت بڑھا رہی ہیں اور حکومت آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزارت پٹرولیم 895 روپے میں گھریلوسلنڈر ملک بھرمیں ایل پی جی صارفین کوفروخت کرنے کا وعدہ پورا کرے ورنہ درآمد بند ہونے کی وجہ سے قیمت خوفناک حد تک بڑھ جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (بین الاقومی) جاپان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے جو کہ اس کے خصوصی اقتصادی زون میں آ کر گرا ہے۔
جاپان نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کا داغا گیا میزائل 50 منٹ تک فضا میں رہا اوراس کے خصوصی اقتصادی زون میں گرا جب کہ میزائل کی فضا میں موجودگی کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی حکومت کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے تاہم میزائل فائر کرنے پر صورتحال دیکھ رہے ہیں۔