فیصل آباد:فیصل آباد میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ2 فرار ہو گئے،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق 5 دہشتگرد ساندل بار کے علاقے سے فیصل آباد میں داخل ہو رہے تھے ،خفیہ اطلاع پردہشت گردوں کوروکاگیاتوانھوں نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہو گئے ،دہشت گردوں سے دھماکاخیزمواد،اسلحہ،ڈیٹونیٹرزاورموٹرسائیکلیں برآمدہوئیں،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔
اسلام آباد:سابق وزیراعظم نوازشریف نے مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا،مسلم لیگ ن کی نئی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کایہ پہلااجلاس ہوگاجس میں شرکت کیلئے تمام ارکان کودعوت نامے جاری کر دیئے،پنجاب ہاو¿س میں دوپہرساڑھے12بجے ہونے والے اجلاس کی صدارت نوازشریف کریں گے، اجلاس میں وزیراعظم شاہدخاقان،مریم نواز، شہباز شریف،حمزہ شہباز،چودھری نثار،راجاظفرالحق،خواجہ آصف،ایازصادق،احسن اقبال،سعدرفیق،مشاہداللہ،برجیس طاہر، سردار مہتاب، امیرمقام ،مریم اورنگزیب،بیگم عشرت اشرف،راناثناءاللہ،عرفان صدیقی،وزیراعظم آزادکشمیر،وزیراعلیٰ بلوچستان اوروزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے مستقبل کے سیاسی روڈمیپ پرمشاورت کی جائےگی،اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے تنظیمی امورپربھی مشاورت کی جائے گی،اسحاق ڈارسینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کاحصہ ہونے کے باوجوداجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے،سابق وزیراعظم نوازشریف کی5دسمبرکولندن روانگی کاامکان ہے۔
اسپورٹس: وہاب ریاض کی شادی کے چار سال مکمل ہونے پر ساتھی کھلاڑیوں نے مزاحیہ انداز میں مبارک باد پیش کی اور احمد شہزاد نے فاسٹ باؤلر کی اہلیہ سے وہاب ریاض کو قابو کرنے کے طریقے بھی پوچھ لیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی وجہ سے شادی کی چوتھی سالگرہ اہلیہ کے ساتھ نہ منائے پائے تاہم اس لمحے کو ساتھی کھلاڑیوں نے اہم بنا دیا۔ وہاب ریاض کی شادی کی چوتھی سالگرہ 30 نومبر کو تھی اس موقع پر اُن کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے چار سال مکمل ہونے پر اپنے شوہر کو مبارک باد پیش کی۔ فاسٹ باؤلر چونکہ حالیہ دنوں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مصروف ہیں اس لیے سالگرہ کا اہم دن اہلیہ کے ساتھ نہ منا سکے مگر ساتھی کھلاڑیوں نے اس بات کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور سیلفی بوائے کے نام سے مشہور احمد شہزاد نے شادی کی چوتھی سالگرہ پر مبارک بار پیش کرتے ہوئے بھابھی سے پوچھا کہ وہ وہاب ریاض کو سمجھنے اور سمجھانے کا راز بتادیں کیونکہ ہم 10 سال سے اس چیز میں ناکام ہیں، اگلی بار جب ہم ملیں گے تو آپ طریقے ضرور بتائیے گا۔ فاسٹ باؤلر حسن علی نے بھی شادی کے چار سال مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے وہاب ریاض کو مشورہ دیا کہ وہ بھابھی کو تنگ نہ کیا کریں۔ سرفراز احمد نے بھی وہاب ریاض اور اہلیہ کو مزاحیہ انداز میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کے دن کو اچھا اور برا کہا جاسکتا ہے کیونکہ دو خطرناک لوگ ایک ساتھ ملے تھے، وہاب ریاض اور زینب ہمیشہ ہنستے مسکراتے رہیں اللہ آپ کو خوشیاں نصیب فرمائے‘۔ وہاب ریاض نے ویڈیو پیغام کا خوبصورت تحفہ اپنی اہلیہ کے ساتھ شیئر کیا جس پر انہوں نے تمام خیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا۔
انٹرٹینمنٹ : لبنانی گلوکارہ امل حجازی نے موسیقی کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا اور روحانیت کا راستہ منتخب کرتے ہوئے اپنی بقیہ زندگی کو اسلامی شعائر کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز نعتیہ کلام سے کیا. اس بات اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک پوسٹ میں کیا جس میں امل حجازی نے اپنے مداحوں کو گلو کاری ترک کر کے بقیہ زندگی اسلام کی تعلیمات کے تحت گذارنے کا فیصلہ کیا ہے. سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے نبی آخری الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی شان میں ایک نعت پڑھ کر اپنے نئی طرز زندگی کا آغاز کیا جسے مداحوں نے خوشگوار تبدیلی کا نام دیا. امل حجازی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اللہ نے میری دعاؤں کو قبولیت کی سند بخشی اور میرے دل کو اپنی راہ دکھائی جس سے میرے قلب و ذہن میں جاری انتشار اور بے چینی اب سکون اور اطمینان میں تبدیل ہو چکی ہے جس کی میں عرصے متلاشی بھی تھی. معروف عرب گلوکارہ امل حجازی کے اس فیصلے کو مداحوں نے سراہتے ہوئے ان میں آنے والی مثبت تبدیلی کی تعریف کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور استقامت کی دعا کی
انٹرٹینمنٹ: دنیا بھر میں گزشتہ روز جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس بابرکت دن سے جڑی مذہبی عقیدت کو یادگار بنانے کے لیے جہاں عام لوگوں نے خصوصی محافل کا اہتمام کیا وہیں بالی ووڈ انڈسٹری کی شخصیات نے بھی 12 ربیع الاول کی مبارک باد پیش کی۔ معروف بالی ووڈ اداکار رشی کپور نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مسلمانوں کو اس بابرکت دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی۔ بالی ووڈ ادکار نے دہلی مسجد میں بنائی جانے والی تصویر کے ساتھ عید میلاد النبی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’نئی دہلی مسجد میں جمعے کی نماز ادا کی جارہی ہے‘۔ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وضاحت دیتے ہوئے رشی کپور کا کہنا تھا کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں جامع مسجد اور چاندنی چوک پہنچے تھے جہاں موجود لوگوں نے اُن کا بہت خوبصورت استقبال کیا بالی ووڈ اداکار نے اپنے ٹویٹ میں تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن بگ بی نے بھی مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مسجد نبوی ، گنبد خضرا کے ساتھ نعتیہ اشعار کی تصاویر شیئر کیں۔
اسلام آباد: عالمی جریدہ اکانومسٹ کے مطابق فیض آباد دھرنا مسلم لیگ (ن) کی عوامی حمایت کم کرنے کی کوشش تھا۔اپنے خلاف مقدمات پر نواز شریف جیل بھی جاسکتے ہیں لیکن مخالفین کیلئے پنجاب میں لیگی ووٹ بنک توڑنا مشکل ہو گا۔ دھرنا ختم کرنے میں فوج کی ثالثی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عدالت نے بھی اس پر جواب طلب کیا جبکہ سول سوسائٹی کے رہنماﺅں نے اسے جمہوریت کی موت کا پروانہ قرار دیاہے۔روزنامہ نوائے وقت کےمطابق جریدہ مضمون میں لکھتا ہے کہ اداروں کی جانب سے بعض جماعتوں کے انضمام اور اتحاد بنانے کی کوششوں کے بھی انکشافات ہوئے۔ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ عمران خان سٹیبلشمنٹ اور مذہبی جماعتوں کی حمایت کرکے اقتدار میں آسکتے ہیں۔ تاہم پاکستان میں جب بھی سیاست میں اداروں کی مداخلت ہوئی، جمہوریت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور ان کی جانب سے لائے گئے سیاستدان ایک الگ سیاسی قوت بن گئے جس کی ایک مثال نواز شریف خود ہیں۔
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے ،آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کا مقابلہ ہوگا اور انشا اللہ عوام کی عدالت میں سر خرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاتی امراءرائے ونڈ میں یونین کونسل 68کے چیئرمین شہباز حیدر کی قیاد ت میں ملاقات کےلئے آنے والے بلدیاتی نمائندوں اور متحرک رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد نے مریم نواز کو مسائل سے آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور ہر شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہوا ۔ موجودہ دور میں حکومت کی راہ میں جتنی رکاوٹیں ڈالی گئی اس کی مثال نہیں ملتی لیکن اس کے باوجود حکومت نے عوام کی خدمت اور ملک کو آگے لے جانے میں کوئی کسرا ٹھا نہیں رکھی۔ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں اور حکومت ان کی مضبوطی کےلئے ہر ممکنہ اقدام کر رہی ہے۔
چشتیاں:تحریک انصاف آج چشتیاں میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرے گی جس کیلئے ریلوے گراو¿نڈمیں پنڈال سج گیاہے ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جنوبی پنجاب میں انتخابی تیاریوں کے حوالے سے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے ، پی ٹی آئی آج چشتیاں میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس کیلئے ریلوے گراﺅنڈ میں پنڈال سج گیا ہے اور تمام انتظامات مکمل کر لئے،گراﺅنڈ میں 80فٹ لمباسٹیج تیارکر لیا گیا اور 15 ہزارکرسیاں پنڈال میں لگادی گئیں اس کے علاوہ پنڈال میں پارٹی پرچموں اور قیادت کے بڑے بڑے پورٹریٹ آویزاں کر دیئے گئے ہیں،جلسے کی سیکیورٹی کےلئے 2 ہزاراہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔