ایمزٹی وی(بنوں)نورل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے میں 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے نورل میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے میں 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا قافلہ شمالی وزیرستان سے بنوں آرہا تھا کہ نورل میں اسے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکاراور 2 عام شہری زخمی ہوگئے۔ بم سڑک کنارے کھڑی ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا اور قافلے کے قریب آتے ہی دھماکا کردیا گیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی ایس ایل ڈرافٹ کیلیے مرتب کردہ کرکٹرز کی فہرست میں سلمان بٹ کا نام بھی شامل ہے تاہم اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 میں پانچ سالہ پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد بحال ہونے والے سابق کپتان کو کسی فرنچائز کی جانب سے منتخب کیے جانے کا زیادہ امکان نہیں البتہ سلمان بٹ کو گولڈ کیٹیگری میں جگہ دی گئی جہاں اظہر علی، فہیم اشرف، راحت علی، فواد عالم سمیت کئی قومی کرکٹرز موجود ہیں جب کہ اتوار کو ڈرافٹ میں سابق کپتان کی خدمات فرنچائزز کیلیے دستیاب ہوں گی لیکن ماضی کا آسیب ان کے ساتھ چمٹا رہنے کا خدشہ موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق بظاہر تو سلمان بٹ کا نام ڈرافٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا لیکن درپردہ ان کو منتخب کرنے کیلیے گرین سگنل موجود نہیں۔ یاد رہے کہ سلمان بٹ کی رواں قائد اعظم ٹرافی میں بھی کارکردگی اچھی نہیں رہی، گزشتہ سیزن میں ان کا کھیل متاثر کن رہا تھا لیکن رواں سال واپڈا کی طرف سے 7میچز کی 13اننگز میں انھوں نے صرف20.31 کی اوسط سے 264 رنز اسکور کیے ہیں، ان میں 2 نصف سنچریاں شامل ہیں
دوسری جانب اسپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا یافتہ پیسر محمد آصف کا نام ڈرافٹ پلیئرز کی فہرست میں موجود لیکن ان کیلیے بھی حالات سازگاردکھائی نہیں دیتے، گزشتہ ایڈیشن کے ڈرافٹ میں ان دونوں کرکٹرز کے نام شامل کیے گئے تھے لیکن کسی فرنچائز نے خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی جب کہ اسی کیس میں سزایافتہ محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ میں سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان بٹ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لاہور وائٹس کی قیادت کریں گے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)میلبورن میں جاری 4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کی شکستوں کا سفر طویل ہوگیا، نیوزی لینڈ نے بھی گرین شرٹس کے خلاف 3-2 سے ہاتھ صاف کیا۔ یاد رہے کہ یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں متواتر تیسری شکست ہے، اس سے قبل پاکستان کو پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 9-2 گولز سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جاپان نے ایک کے مقابلے میں 3 گول سے فتح سمیٹی تھی۔
گزشتہ روز میلبورن اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہ دیا، مقابلے کے دوران دو بار برتری خسارے میں جانے کے باوجود بلیک کیپس نے گرین شرٹس کیخلاف 3-2 گولز سے کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے فائنل کیلیے بھی کوالیفائی کرلیا، میچ کے چھٹے منٹ میں پاکستان نے عمدہ موو بنائی اور عمر بھٹہ کے ذریعے ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی، 18 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے ہیڈن فلپس نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا جو دوسرے کوارٹر تک برقرار رہا، 35ویں منٹ میں پاکستان کے عماد بٹ نے گول کرکے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی تاہم صرف 3 منٹ کے بعد ہی بلیک کیپس کے جارج موئر نے گول کرکے مقابلہ دوبارہ 2-2 گول سے برابر کر دیا۔
میچ ختم ہونے سے 3 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے مارکس چائلڈ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 3-2 گولز سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے جاپان کو 6-1 گولز سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، بلیک گوورز نے 2 جبکہ ڈینئل، جریمی ہیورڈ، جوش پولارڈ اور ٹام ویکھم نے ایک، ایک گول کیا۔
آسٹریلیا نے پہلے میچ میں پاکستان، دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور تیسرے میچ میں جاپان کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم مسلسل 3 میچز جیت کر ناقابل شکست اور 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی، نیوزی لینڈ اور جاپان کے پوائنٹس برابر ہیں تاہم بہترین گول اوسط کی بنا پر بلیک کیپس کی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا، اس سے قبل کھیلے گئے لیگ میچ میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب گرین شرٹس کے پاس حریف ٹیم کو ہرا کر نہ صرف بدلہ چکانے بلکہ تیسری پوزیشن پانے کا موقع بھی ہے، ایونٹ کا فائنل بھی اتوار کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی ایس ایل تھری کیلیے ڈرافٹ آج لاہور میں ہونگے جب کہ فرنچائزز پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری کا ایک ایک، سلور اور ایمرجنگ کے 2،2 کرکٹرز کا انتخاب کریںگی۔
پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے تمام فرنچائزز نے کئی کرکٹرز برقرار یا تبادلے کرلیے تھے، یہ مرحلہ مکمل کرتے ہوئے ٹیمیں 9،9 کھلاڑیوں کا انتخاب پہلے ہی کرچکی ہیں، اتوار کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے ڈرافٹ میں پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری کے ایک ایک جبکہ سلور اور ایمرجنگ کے 2،2 پلیئرز کا چناؤ کیا جائے گا جب کہ 16رکنی اسکواڈ مکمل کرنے کے ساتھ ہر ٹیم 4 تک سپلیمنٹری پلیئرز بھی منتخب کرسکے گی، ان میں سے کسی کو بھی ضرورت پڑنے پر طلب کیا جا سکے گا۔
ڈرافٹ میں501 کرکٹرز سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے جب کہ فرنچائزز اپنی باری کے مطابق ہر کیٹیگری میں مرضی کا کھلاڑی منتخب کرینگی،اس موقع پر این سی اے میں موجود ٹیموں کی مینجمنٹ پریس کانفرنس بھی کرے گی جس کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈرافٹ کا حصہ بننے والے 291غیر ملکی کرکٹرزمیں سے 85فیصد پاکستان میں میچزکھیلنے کی بھی حامی بھر چکے ہیں،ان میں شین واٹسن، کولن انگرام، ڈیوائن براوو، جان ہیسٹنگز اور پال ڈومینی شامل ہیں جب کہ تھشارا پریرا اور عمران طاہر ورلڈ الیون کے ساتھ لاہور کا دورہ کرچکے ہیں۔
دوسری جانب پی ایس ایل تھری کا شیڈول جاری نہ کیے جانے پر فرنچائزز کی طرف سے تحفظات سامنے آئے ہیں،مالکان اور مینجمنٹ کے ارکان اپنے پروگراموں اور مارکیٹنگ کے حوالے سے پلان کرنے کی غرض سے اس غیر یقینی صورتحال کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ بارشیں برسانے والا سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے جس کے باعث اسموگ میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے کہ اور کراچی میں بھی آئندہ دو روز کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، سبی، قلات اور نصیرآباد ڈویژن کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جب کہ مکران ڈویژن اور فاٹا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔بالائی پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بارش کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی اور لاڑکانہ ڈویژن میں پیر سے بدھ کے درمیان بارش کا امکان ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ایمزٹی وی(تجارت)عالمی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران خام تیل کے سودے 26 ماہ کی بلند سطح 56 ڈالر 74 سینٹس فی بیرل پر پہنچ گئے۔ ایک ہفتے میں سونے کے لین دین میں 5 ڈالر فی اونس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستانی شیئرز بازار میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی ملکی سیاسی صورتحال کی وجہ سے کم رہی۔ ہفتے کے دوران 56 کروڑ 91 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت31 ارب روپے رہی۔کاروباری حجم گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 12 فیصد کم ہوا۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 17 ارب روپے کم ہوکر 8493 ارب روپے ہوگئی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)محکمہ موسمیات نے ربیع الاول 1439 ہجری کا چاند 19 نومبر کو دکھائی دینے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 نومبر کو چاند 4 بجکر 42 منٹ پر کراسنگ جنکشن پوائنٹ پر پیدا ہو گا جو اگلے روز 19 نومبر کی شام دکھائی دے گا۔
اس موقع پر ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابر آلود اور جزوی طور پر صاف ہو گا۔
ایمزٹی وی(کراچی)چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں مضحکہ خیز سیاست چل رہی ہے لہذا کراچی بہتری کا حقدار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے کراچی کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے سیاسی جوڑ توڑ کو مضحکہ خیز اور احمقانہ قرار دے ڈالا ، ان کا کہنا تھا کہ کراچی بہتری کا حقدار ہے لہذا اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی کراچی میں میدان مارے گی اور 30 سالوں سے شہر قائد پر قبضہ جمانے والوں کا صفایا کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 3 دہائیوں سے شہر پر حکومت کرنے والوں نے کراچی کی حالت کو ابتر بنا دیا ہے ، کراچی اب بہتری کا حقدار ہے اور پیپلز پارٹی ہی کراچی کی حالت کو سنوار سکتی ہے۔
ایمزٹی وی(پشاور)قبائلی مشران اور سیاسی رہنماﺅں پر مشتمل فاٹا گرینڈ الائنس نے قبائلی علاقوں کو علیحدہ صوبہ بنانے کےلئے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز نشتر ہال پشاور میں فاٹاگرینڈ الائنس کے زیراہتمام قبائل صوبہ تحریک کے نام پر گرینڈ قبائلی جرگہ کا انعقاد کیاگیاجس میں فاٹا گرینڈ الائنس کے سربراہ ملک خان مرجان، ملک سید جمال، سابق سفیرایازوزیر، بریگیڈیر ریٹائرڈ سید نذیر مہمند، ملک حبیب اورکزئی، ملک نائب خان سمیت تما م ایجنسیوں کے مشران، سیاستدان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی.
جرگہ سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھاکہ اگر گلگت بلتستان کو صوبہ جیسی حیثیت مل سکتی ہے تو فاٹا کو کیوں نہیں جبکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ بندوبستی علا قوں کے سیاست دان قبائل کی تقدیر کو بدلنے کی کو شش کر رہے ہیں جو کہ اپنے مقصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوںگے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی نیشنل کپ کے افتتاحی میچ میں فیصل آباد نے کراچی وائیٹ کو8وکٹ سے شکست دے دی،ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کرنی والی ٹیم نے 181 کا ہدف 18.2اوورز میں ہی پورا کرلیا۔راولپنڈی میں فیصل آباد اور کراچی وائیٹز کے درمیان قومی نیشنل کپ کے افتتاحی میچ میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کافیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی وائیٹ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں5وکٹوں کے نقصان پر180رنز بنائے ،جس میں اکبر الرحمان کے 60 ،خرم منظور کے 55اور حارث سہیل نے28رنز بنائے ۔ فہیم اشرف نے 3اور عمران خالد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں فیصل آباد نے مطلوبہ ہدف18.2اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،جس میں صاحبزادہ فرحان کے ناقابل شکست76رنز نمایاں ہیں ،جبکہ گوہر علی نے 70رنز بنائے۔ دانش عزیز اور رومان رئیس نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی ۔ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر صاحبزادہ عرفان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔