ایمزٹی وی(تونسہ شریف)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں سب سے بڑا فرق انصاف کا ہوتا ہے۔
تونسہ شریف میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں عدل و انصاف نہیں ہوتا، جو کمزور ہوتا ہے وہ بھوکا مرجاتا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’نواز شریف جاچکے ہیں وہ اب واپس نہیں آئیں گے اور اب تک حدیبیہ پیپر ملز کا کیس بھی کھل گیا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کےمعاشرے میں کوئی طاقتور نہیں کہتا کہ مجھے کیوں نکالا؟ بڑا چور اربوں کی چوری کرتا ہے اور وہ اتنی بڑی رقم ملک میں نہیں رکھ سکتا کیوں کہ وہ پکڑا جائے گا لہٰذا وہ اس پیسے کو باہر بھیج دیتا ہے۔
جو پیشہ پاکستان میں خرچ ہونا ہوتا ہے وہ باہر چلاجاتا ہے اور اس طرح ملازمت کے مواقع بھی بیرون ملک زیادہ ہوتے ہیں اگر یہی پیسہ پاکستان میں خرچ ہو تو یہاں بھی لوگوں کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بڑے لوگوں سے ٹیکس اکھٹا کرے گی، بڑے چوروں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالے گی، ان کا پیسہ واپس لائے گی۔
عمران خان نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ اکہ اس ملک میں فی الحال کوئی حکومت نہیں ہے، حکومتی وزراء ملک کا 300 ارب روپیہ چوری کرنے والے شخص کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دے رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے استفسار کیا کہ آپ کی اخلاقایات کہاں گئیں؟ آپ قوم کے مجرم کو کہتے ہیں کہ وہ اب بھی آپ کے وزیراعظم ہیں۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یا تو آپ کی اخلاقیات مر گئی ہے یا پھر آپ بھی ان کی طرح کرپٹ ہو۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ان دنوں مسلسل جلسے کررہی ہے جو پی ٹی آئی کی آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ا
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)سندھ پروفیسرز اینڈلیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کاٹیچرز کنونشن گورنمنٹ کالج کالی موری کے تاریخی ہال میں منعقد ہواجس میں سندھ بھرسے کالج اساتذہ نے شرکت کی۔
کنونشن میں اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے ایک ایڈہاک ایکشن کمیٹی کاقیام سپلا کے الیکشن تک عمل میں لایاگیا جس کے چیئرمین پروفیسر محمدیعقوب چانڈیو جبکہ اراکین میں پروفیسر جادم گجو‘ پروفیسر فیضان صدیقی‘ پروفیسر انورمنصور ودیگر شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق ایڈہاک کمیٹی 18,17اور19گریڈ کی سینیارٹی لسٹ فائنل کرکے خالی آسامیوں پر پروموشن ودیگرمسائل حل کرائے گی۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی مستقل ناظم امتحانات نہ ہونے کے باعث رواں سال ڈگری کے ضمنی امتحانات (بی کام، بی اے اور بی ایس سی) نہیں کرا سکی جس کی وجہ سے نہ صرف ہزاروں طلبہ کے کئی قیمتی ماہ ضائع ہوگئے بلکہ جامعہ کراچی کروڑوں روپے کی آمدنی سے بھی محروم ہوگئی ہے۔
جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات کی اسامی گزشتہ کئی ماہ سے خالی ہے اور اس عہدے پر ٹِینور ٹریک ٹیچر (ٹی ٹی ایس) پروفیسر تعینات ہے۔ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر کے دور سے تعینات ناظم امتحانات ارشد اعظمی رواں سال کو فارغ کرکے ان کی جگہ ٹی ٹی ایس پروفیسر کو قائم مقام ناظم امتحانات مقرر کر دیا گیا۔
اس دوران ڈگری کے سالانہ امتحانات کے نتائج میں بھی تاخیر ہوئی۔ بعدازاں شعبہ امتحانات نے ڈگری کے ضمنی امتحانات نہیں کرائے جس کی وجہ سے نہ صرف جامعہ کراچی کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے بلکہ ہزاروں طلبہ جو ضمنی امتحانات میں شرکت کے خواہشمند تھے ان کے کئی قیمتی ماہ بھی ضائع ہوگئے ہیں اب انہیں باقی رہ جانے والے پرچے سالانہ امتحانات میں دینے پڑیں گے جامعہ کراچی جو پہلے ہی امتحانات کرانے میں ایک سال پیچھے ہے۔
2017ء میں جو ڈگری امتحانات ہوں گے دراصل وہ 2016ء کے ہوں گے۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے امتحانات کے نتائج میں تاخیر عام بات ہوگئی ہے جبکہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوہاب کے دور میں دو سے تین ماہ کے اندر ڈگری امتحانات کے نتائج جبکہ ایک سے ڈیڑہ ماہ کے اندر سمسٹر کے امتحان کے نتائج کا اعلان ہو جایا کرتا تھا۔ جامعہ کراچی کے اے پی آر او فاروق محسود سے ضمنی امتحانات نہ کرانے پر جب موقف کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ قائم مقام ناظم امتحانات موجود نہیں ہیں جبکہ موبائل فون سروس بند ہے جیسے ہی رابطہ ہوا موقف سے آگاہ کر دوں گا تاہم رات تک موقف نہیں موصول ہوا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ سندھ جام شورو میں بیچلر ڈگری پروگرامز 2018ء میں داخلے کے لیے پری انٹری ٹیسٹ اتوار 12 نومبر کو منعقد ہوگا۔ بیچلر ڈگری پروگرامز کے مختلف شعبوں میں 20ہزارسے زائد امیدوار پری انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔
لاڑکانہ، دادو، ٹھٹھہ، میرپورخاص اور لاڑ کیمپس بدین میں بھی بیچلر پروگرامز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ اسی دن اور وقت پر منعقد ہوگا۔ اس سلسلے میں جامعہ کے ٹرانسپورٹ سیکشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انٹری ٹیسٹ والے دن یونیورسٹی کی پوائنٹ بسیں صبح 7:30 بجے اولڈ کیمپس حیدرآباد، مارکیٹ، سٹی گیٹ، لطیف آباد نمبر 5 اور 7، ایگریکلچر کمپلیکس/ قاسم آباد، نسیم نگر وایہ بائی پاس، کوٹری، جام شورو پھاٹک اور پاور ہاؤس سے چلائی جائیں گی۔
ایمزٹی وی(لاہور) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس پی اورمتحدہ کے بننے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاست کے اندراسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کا کام بند ہوجانا چاہئے، جوڈیشل کمیشن بنایا جائے کہ پی ایس پی اور متحدہ کیسے بنیں، مصطفیٰ کمال نے سنجیدہ الزامات لگائے ہیں انکی تحقیقات ہونی چاہیے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عدالتوں کوجتنی گالیاں دی جارہی ہیں اسکی تاریخ نہیں ملتی، میاں صاحب پوچھتے کہ مجھے کیوں نکالا، تفصیلی فیصلہ میں عدالت نے جواب دیا کہ آپ نے جھوٹ بولا اور عدالت میں جعلی دستاویزات جمع کرانے پر آپ کو نکالا، حقائق سامنے آگئے ہیں اور اب حدیبیہ کیس بھی کھل گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نیشنل گورنمنٹ اور ٹینکوکریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس)رواں سال میچ فیس کی وصولی میں کپتان سرفراز احمد سرفہرست رہے، قائمہ کمیٹی کو پیش کی جانے والی دستاویزات کے مطابق انھیں 2 کروڑ 95لاکھ 38ہزار روپے ادا کیے گئے جب کہ شعیب ملک 2 کروڑ 93لاکھ 73ہزار، اظہر علی 2 کروڑ 65لاکھ 29 ہزار، یونس خان 2 کروڑ 32لاکھ 95ہزار، یاسر شاہ 2 کروڑ 18لاکھ41ہزار، بابر اعظم 2 کروڑ 17 لاکھ 63 ہزار، محمد عامر 2 کروڑ 8لاکھ 25ہزار اور وہاب ریاض 2 کروڑ 4 لاکھ 32 ہزار روپے وصول کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اسی طرح حسن علی ایک کروڑ 48 لاکھ 28ہزار، محمد حفیظ ایک کروڑ 42لاکھ 7 ہزار،اسد شفیق ایک کروڑ 32لاکھ 26 ہزار، مصباح الحق ایک کروڑ 30 لاکھ 47 ہزار، عماد وسیم ایک کروڑ 27 لاکھ 68 ہزار، محمد نواز ایک کروڑ ایک لاکھ 10 ہزار روپے کے حقدار بنے۔
راحت علی 75لاکھ 25 ہزار، شاداب خان 73 لاکھ 89ہزار، محمد رضوان 72لاکھ 13ہزار، فخر زمان57 لاکھ 4 ہزار، جنید خان50 لاکھ 18ہزار، رومان رئیس34لاکھ 72 ہزار، محمد عباس28 لاکھ 55 ہزار، محمد اصغر24لاکھ 39ہزار، فہیم اشرف23 لاکھ 50 ہزار اور حارث سہیل 13 لاکھ 97 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات سننے کیلئے خود متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا اور ہر ماہ خود عوامی شکایات سنیں گے، جبکہ اُن کا کہنا ہے کہ احتساب قانون کے مطابق ہوتا ہوا نظر آئے گا،کسی دبائو اور سفارش کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو دوپہر 2 بجے سے لے کر 4 بجے تک عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات خود نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں سنیں گے۔ انہوں نے تمام شکایت کنند گان سے کہا ہے کہ وہ اپنی مکمل درخواستیں ٹھوس ثبوتوں اور اپنے قومی شناختی کارڈ کے ساتھ لائیں۔ چیئرمین نیب نے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ احتساب کے اصول پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی حکومت نے پاکستانی شہریوں کو ڈنمارک کی دہری شہریت حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دہری شہریت کے لئے معاہد ہ طے پاگیا جس کے نتیجے میں پاکستانیوں کو آبائی وطن کی شہریت چھوڑے بغیر ڈنمارک کی شہریت حاصل کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈنمارک 19 واں ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان کا دوہری شہریت کا معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت ڈنمارک کی شہریت لینے والے پاکستانیوں پر اپنے آبائی وطن کی شہریت چھوڑنے کی پابندی ختم ہوگئی ہے۔
وزارت داخلہ نے دوہری شہریت کے معاہدے کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔ واضح رہے کہ ڈنمارک میں 30 ہزار پاکستانی موجود ہیں جن میں سے 5 ہزار ہر سال پاکستان کا سفرکرتے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف)کے حکومت چھوڑنے کا امکان ہے،نجی ٹی وی کے مطابق جماعت ایم ایم اے کی بحالی کے بعد دونوں جماعتوں کے دسمبر کے تیسرے ہفتے میں حکومت چھوڑنے کا امکان ہے ،جے یو آئی مرکز میں ن لیگ اور جماعت اسلامی کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کو خیرباد کہے گی اور حکومت چھوڑنے کا باضابطہ اعلان15 دسمبرکو شاہ اویس نورانی کی رہائش گاہ پر ہو گا،نجی ٹی وی کے مطابق مولانافضل الرحمان نے شہبازشریف سے ملاقات میں اس حوالے سے آگاہ کر دیاہے۔
ایمزٹی وی(تونسہ)تحریک انصاف آج تونسہ شریف میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ،پنڈال کو پارٹی پرچموں اور بینرز سے سجادیا گیا،جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے کیلئے تونسہ شریف کیلئے روانہ ہو گئے ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہانگیر ترین بھی ہمراہ ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے بعد تحریک انصاف آج تونسہ شریف میں سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کرے گی جس کیلئے پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگا دی گئیں اوراسٹیج تیار کر لیا گیا اورٹائیگرز کا لہو گرمانے کیلئے پارٹی ترانوں کیلئے ڈی جے سسٹم بھی نصب کر دیا گیا،پنڈال میں پارٹی پرچموں اور بینرز کی بہار ہے اور اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر خطاب کریں گے۔