اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کراچی)سابق گورنر سندھ عشر ت العباد نے کہا ہے کہ اتحاد میں بلا یا گیا تو فی الحال جانے کا ارادہ نہیں ،دونوں جماعتوں میں سے کسی سے بھی رابطے میں نہیں ہوں،میرے سیاست میں شامل ہونے کا تعین وقت کر ے گا ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ دونوں طرف اچھے لو گ ہیں ، ایم کیوایم اور پی ایس پی مل کر اچھی کا کردگی دکھا سکتے ہیں لیکن پہلے ایک سمت کا تعین ہونا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مسئلہ لیڈر شپ نہیں بلکہ تقسیم ہے ،کچھ معاملات میں تقسیم کا تاثر مل رہا ہے ،ایم کیو ایم کی تقسیم پر خون خرابے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ دونوں جماعتوں میں تلخیاں دور ہو گئیں اور یہ عوام کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں ۔
عشرت العباد نے کہا کہ منظور وسان کا اشارہ میری طرف نہیں ہے ،اگر انہوں نے خواب میں دبئی دیکھ لیا تو بندہ بھی دیکھ لیتے ۔اس سے قبل منظور وسان نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے ملنے کے بعد دبئی سے ایک شخص آکر لیڈ کرے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئی سی سی نے نئی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کےساتھ 10 ویں پوزیشن پرآ گئے ہیں۔
بلے بازوں میں پاکستان کے بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 10 ویں نمبر پرآ گئے ہیں، ٹاپ 20 میں اور کوئی پاکستانی بیٹسمین موجود نہیں ہے۔ شعیب ملک 25 ویں، احمد شہزاد 27 ویں نمبر پر ہیں۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی سرفہرست ہیں، ایرون فنچ، ایون لیوس، کین ولیمسن، گلین میسکویل، الیکس ہیلز، ہاشم آملہ، جوئے روٹ اور مارٹن گپٹل اپنی پوزیشنز پر موجود ہیں۔
بولرز میں عماد وسیم بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی پاکستانی ٹاپ 40 میں بھی شامل نہیں، شاداب خان 44 ویں، محمد عامر 48 ویں پوزیشن پر ہیں۔ جسپریت بمراہ ٹاپ پر موجود ہیں، راشد خان تیسرے، سیموئل بدری چوتھے، عمران طاہر پانچویں، سنیل نارائن چھٹے، مستفیض الرحمان ساتویں، شکیب الحسن آٹھویں، جیمز فالکنر نویں نمبر پر موجود ہیں، ایش سوڈھی 5 درجہ ترقی کے ساتھ دسویں نمبرپرآ گئے ہیں۔
آل راﺅنڈرز کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، شکیب الحسن بدستور پہلے، گلین میکسویل دوسرے، محمد نبی تیسرے، مارلن سیموئلز چوتھے اور جے پی ڈومنی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے شعیب ملک 9 ویں، محمد حفیظ 12 ویں نمبر پر ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی کمپنی ایپل نےاب تک کا اپنا سب سے بہترین اور مہنگا آئی فون ایکس حال ہی میں متعارف کرایا ہےجس پر کمپنی کو 64 فیصد منافع حاصل ہوا ہے۔
اگرچہ کمپنی نے آئی فون 8 کے مقابلے میں فلیگ شپ آئی فون ایکس پر زیادہ اخراجات کیے ہیں کیونکہ اس نئی ڈیوائس میں استعمال ہونے والے پرزے(پارٹس) 25 فیصد مہنگے ہیں،اس کے باوجود آئی فون ایکس نے آئی فون 8 کے مقابلے میں کمپنی کو 43 فیصد زیادہ منافع دیا ہے۔
موبائل فون پارٹس پر نظر رکھنے والی کمپنی ٹیک انسائٹ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ آئی فون ایکس کی ایک ڈیوائس پر 357.50 ڈالر (37ہزار روپے) لاگت آئی ہے جب کہ کمپنی اسے 999 ڈالر(ایک لاکھ روپےسے زائد) میں فروخت کررہی ہے۔
آئی فون نے جدید فیچرز کے حامل روایتی ڈیزائن سے ہٹ کر نئے ڈیزائن کا آئی فون ایکس جمعہ کو اسٹورز پرفروخت کے لیے پیش کیا تھا اور آئی فون کے شوقین افراد نے اپنے پسندیدہ موبائل کمپنی کی جدید ڈیوائس خریدنے کے لیے کئی روز پہلے سے ہی اسٹورز کے باہر ڈیرے ڈال لیے تھے۔
دوسری جانب ایپل نے ٹیک انسائٹ کے تجزیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اپنے صارفین سے بہت زیادہ منافع حاصل نہیں کررہی بلکہ مہنگے پارٹس کی وجہ سے ہونے والے اضافی خراجات کے باعث مجموعی لاگت سے ایک معقول منافع لے رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا رجحان دیکھا گیا ہے اور 100انڈیکس میں 209پوائنٹس اضافہ ہوا ہے۔
تفصیل کے مطابق منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100انڈیکس 209پوائنٹس کی بہتری کے بعد 41ہزار 259کی سطح پر پہنچ گیا ۔
آج کاروبار کے دوران 5کروڑ 72لاکھ 10ہزار 400شیئرز کا کاروبار ہواجن کی مارکیٹنگ ویلیو 4ارب 92کروڑ72لاکھ 68ہزار 112روپے تھی

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15 رنز سے شکست دیدی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں تین میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جنہوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، کیٹ مارٹن 46، سوفی ڈیوائن 41، کیٹی پرکنز 26 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ یوسف نے 3 جبکہ ایمن انور، ثناءمیر اور جویریہ خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
148 رنزکے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 7 وکٹ پر 132 رنز بنا سکی، ناہیدہ خان 34، جویریہ خان 27، کپتان بسمعہ معروف 25 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔ تھامسن نیوٹن نے 2 جبکہ لی تاہوہو اور سوفی ڈیوائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)شریک چیرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے عدالتی فیصلے کو ججوں کا غصہ اور بغض قرار دیکر اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود ہی بے نقاب کر دیا۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگوکرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ
نواز شریف نے عدالتی فیصلے کو ججوں کا غصہ اور بغض قرار دے کر اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود ہی بے نقاب اورہمارے موقف کی تصدیق کردی ہے، موجودہ حالات میں نواز شریف کے ساتھ ملاقات یا تعاون کا مطلب ان کی ملک دشمن سازش کا حصہ بننے کے مترادف ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف قوم کے ساتھ ڈبل گیم کر رہے ہیں۔ ایک طرف نوازشریف کا بھائی اور کچھ وزراء میرے خلاف بیان دیتے ہیں جب کہ دوسری طرف مجھے ملاقات کے پیغام بھیجے جا رہے ہیں، قوم جان لے کہ میرا ایجنڈا سب کو معلوم ہے۔ میں جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا کبھی حصہ نہیں بنا اور نہ بنوں گا، نواز شریف نے ججوں پر حملہ کر کے اپنا نامعلوم ایجنڈا سب کے سامنے رکھ دیا، عدلیہ پر حملہ آئین پر حملہ ہے آئین پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے آپ کو قانون اور احتساب سے بالا تر سمجھتے ہیں، نواز شریف نے فوج کو اپنا غلام بنانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوئے تو اپنے وزیروں کو فوج کے خلاف صف آراء کر دیا، عدلیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی ناکامی پر معزز ججوں پر ذاتی حملے شروع کر دیے۔ نواز شریف جمہوری نظام سبو تاژ کر کے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں اور کچھ عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف نواز شریف کی کسی سازش کو کامیاب نہ ہونے دے گی، پیپلز پارٹی بہت جلد نواز شریف کی جمہوریت دشمن پالیسیوں پر ایک چارج شیٹ جاری کرے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی حکومت نے 9 نومبر کو یوم ِ اقبال کی چھٹی بحال کرنے کی تجویز مسترد کردی۔

ذرائع کے مطابق مفکرِ پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کی یومِ پیدائش کے سلسلے میں اس سال بھی وفاقی سطح پر چھٹی نہیں ہوگی۔حکومت نے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی یوم ِ اقبال پر 9 نومبر کو چھٹی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے 9 نومبر کو یومِ اقبال پر ملک گیر وفاقی چھٹی بحال کرنے کی تجویز مسترد کردی جب کہ چھٹی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انہوں نے یہ شعر بھی پڑھا کہ

 

میسر آتی ہے فُرصت فقط غلاموں کو

نہیں ہے بندہ حُر کے لئے جہاں میں فراغ

قبل ازیں یومِ اقبال پر چھٹی بحال کرنے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں 2 متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی کہ علامہ اقبال شاعر مشرق اور قومی ہیرو ہیں، قائد اعظم سمیت دیگر قومی ہیروز کے دنوں پر تعطیل کی جاتی ہے جب کہ ماضی میں یوم اقبال پر سرکاری تعطیل ہوتی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے پیغامات میں الفاظ کی حد 140 سے بڑھا کر دو گنا کردی۔ ٹوئٹر کی طرف سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ پیغامات میں زیادہ الفاظ کی جگہ دینے سے زیادہ افراد ٹوئٹر کی جانب متوجہ ہوں گے ، ’ ہم چاہتے ہیں کہ ہر کوئی آسانی اور تیزی کے ساتھ اپنا اظہار خیال کر سکے‘۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر پر شروع سے ہی پیغامات کیلئے 140 الفاظ کی حد مقرر کی گئی تھی جس کی وجہ سے صارفین تھوڑے الفاظ میں بڑی باتیں کہنے پر مجبور تھے لیکن اب الفاظ کی مقررہ حد بڑھنے سے صارفین کو اپنا مدعا بیان کرنے میں آسانی ہوگی۔
ٹوئٹر کی جانب سے الفاظ کی حد میں اضافہ ان زبانوں کیلئے کیا گیا ہے جو گنتی کے حروف استعمال کرتی ہیں ۔ چینی ، جاپانی اور کوین زبان بولنے اور لکھنے والے صارفین ٹوئٹر کی اس سہولت سے محروم رہیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)پاکستان پیڈیا ٹرک ایسو سی ایشن سندھ کے صدر اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا، ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد شفیع، صوبائی صدر ڈاکٹر جمیل اختر اور ڈاکٹر جلال اکبر نے و نمو نیا کے عالمی دن کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ نمونیا کی بیماری نومولود او ر کمسن بچوں میں اموات کی دوسری اہم بڑی وجہ ہے ۔
پاکستان میں ہر سال نمونیا کی بیماری سے92ہزار بچے انتقال کر جاتے ہیں جو تشویشناک صورتحال ہے ،47فیصد والدین اپنے بچوں کو نمونیا و ڈائریا سے بچاؤ کا ٹیکہ جبکہ 65فیصد والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل ہی نہیں کراتے،پیدا ہونے والے 42فیصد بچے وزن کی کمی کا شکار ہوتے ہیں
اس موقع پرڈاکٹر جمال رضا نے بتایا کہ پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام (ای پی آئی( میں پانچ سال قبل اکتوبر 2012میں نمونیا کی ویکسین شامل کی گئی لیکن 47فیصد والدین بچوں کو نمونیا کی ویکسی نیشن جبکہ 65فیصد والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل نہیں کرواتے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے انتخابی ایکٹ 2017 کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے. جس کے تحت قومی اسمبلی 31 مئی جب کہ صوبائی اسمبلی پنجاب 31 مئی، سندھ، خبیر پختونخوا اور بلوچستان 28 مئی کو تحلیل ہوں گی۔
عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی عملے کا معاوضہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، پولنگ کے عملہ کو 6 ہزار روپے تک ادا کئے جائیں گے جب کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی اداروں کے خلاف بھی کارروائی کا اختیار ہو گا، الیکشن سے قبل تمام پولنگ اسٹاف بشمول سیکورٹی ادارے حلف لیں گے۔
الیکشن کمیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر 3 سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی، کسی بھی پولنگ اسٹیشن میں یا حلقہ میں خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد سے کم ہونے پر انتخاب معطل کیا جا سکے گا۔