ایمزٹی وی (جدہ)سعودی عرب نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور عالمی برادری روہنگیا کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرائیں اور میانمار کی حکومت کو بین الاقوامی عہد و پیمان اور اصولوں کی پاسداری پر آمادہ کریں۔ سعودی عرب نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ روہنگیا کی مسلم اقلیت کا مسئلہ حل کرائے یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں متعین سعودی عہدیدار فیصل الحقبانی نے روہنگیا کے مسلمانوں کے خلاف کئے گئے جرائم کی بین الاقوامی رپورٹ پر تبصرے کیلئے منعقد اقوام متحدہ کے پروگرام میں بیان دیتے ہوئے کیا ۔ الحقبانی نے کہا کہ انکا ملک روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کو انتہائی تشویش کی نظر سے دیکھ رہا ہے۔ 1992ءسے کم از کم 10لاکھ مسلمان میانمار میں مذہبی تفریق کا شکار ہیں۔
ایمزٹی وی(تجارت)کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان سامنے آیا ہے اور 100انڈیکس میں 185پوائنٹس کی کمی ہوگئی ۔ تفصیل کے مطابق آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100انڈیکس 185پوائنٹس کی کمی کے بعد 41ہزار 409پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔ آج کاروبار کے دوران 6کروڑ58لاکھ 95ہزار 230شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 5ارب 53کروڑ 68لاکھ 42ہزار 751روپے تھی۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس )جاوید میانداد نے سری لنکن ٹیم کی آمد کو دہشت گردی کیخلاف فتح کا پیغام قرار دیدیا،سابق کپتان کا کہنا ہے کہ حالیہ میچز میں کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم نے ثابت کیا کہ قوم انٹرنیشنل کرکٹ کو ترس رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاوید میانداد نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں کہاکہ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف فتح کا پیغام ہے، پی ایس ایل فائنل اور ورلڈ الیون کیخلاف آزادی کپ سیریز میں تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم نے ثابت ہوا کہ ہماری قوم ایک عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ کو ترس رہی ہے، یوں تو کسی ملک کو بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں کہا جا سکتا لیکن گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، میں انٹرنیشنل ٹیموں سے درخواست کرتا ہوںکہ یہاں کھیلنے کے لیے آئیں،ہمارا ملک محفوظ جبکہ پاکستانی کھیلوں سے پیاراورانسانیت کی قدر کرنے والی قوم ہیں۔ ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ گرین شرٹس کا ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ بڑی خوش آئند بات ہے، ٹیم نے بڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اسے ماضی سمجھ کر اب ٹی ٹوئنٹی میچز میںکارکردگی کا گراف بلند رکھنے کی کوشش کرناچاہیے۔سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ ہی کھلاڑیوں کی روٹی روزی ہے،کھیل میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کاایک طریقہ ہے کہ اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رہے،مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے کرکٹرز کو صرف اپنی فٹنس اور پرفارمنس میں بہتری لانے کو ترجیح دینا چاہیے
ایمزٹی وی(تعلیم)نیشنل کالج آف آرٹس کے شعبہ کلچرل اسٹڈیز کے زیر اہتمام شاکر علی آڈیٹوریم میں مشہور آسٹریلین آرکیٹکچر اور آرکیولوجسٹ ڈاکٹر راس برنز کے ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر راس رنز نے لیکچر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں کس طرح مندر، مساجد اور گرجا کام کرتے رہے ہیں۔ تہذیبوں کی تاریخ کے اس سفر کے تناظر میں ڈاکٹر راس برنز نے اپنے مشاہدے اور تاریخ کے مختلف پہلوﺅں کا حوالہ بھی دیا۔
انہوں نے بتایا کہ معاشرے، قومیں اور مذاہب بہت سی تبدیلیوں سے گزرتے رہتے ہیں۔ اپنے لیکچر میں معروف اور نامور اسکالر نے مختلف خطوں کی تاریخ کے بہت سے ریسرچ کئے ہوئے پہلوﺅں کا بہت خوبصورتی سے ذکر کیا۔ نیشنل کالج آف آرٹس کے شعبہ کلچرل اسٹڈیز اور آسٹریلین ہائی کمیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس لیکچر میں کالج فیکلٹی اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ لیکچر کے اختتام پر طلبا وطالبات نے معروف اسکالر ڈاکٹر راس برنز سے آرٹ کی تاریخ کے حوالے سے مختلف سوالات بھی کئے۔ لیکچر ختم ہونے پر لیکچر کے معزز مہمانوں کو کالج کے چائے خانہ میں ضیافت بھی دی گئی اور انہوں نے کالج کے مختلف سعبوں کا دورہ بھی کیا۔
کالج سے رخصت ہوتے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن نے پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کی سرپرستی میں کالج فنون لطیفہ اور دیگر نہایت اہم سماجی پہلوﺅں پر لیکچرز اور سیمینارز کا باقاعدگی سے اہتمام کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ این سی اے کے ساتھ طلبا اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے بھی خواہشمند ہیں۔ جس پر پرنسپل این سی اے کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد آسٹریلیا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ اسٹوڈنٹ اور فیکلٹی کے لئے ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل طے کریں گے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)فیصل آباد میں اسکول جانے سے انکار پر چچا نے بھتیجی کی جان لے لی،میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلی جماعت کی طالبہ ام رومان نے اسکول جانے سے انکار کیا تو چچا نے اسے تھپڑدے مارا جس سے اس کا سر دیوار سے جا ٹکرایا۔بچی کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال کیلئے منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکی۔ سی پی او فیصل آباد نے واقعہ کا نوٹس لے کر ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا اور اس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔