ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی( صحت) کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو مہم کو معاشرتی ذمہ داری سمجھتے ہوئے تمام محکمے اور پولیو ورکرز ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دیں کیونکہ آئندہ نسلوں کو صحتمند مستقبل فراہم کرنے کیلئے ملک بھر سے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ 30

اکتوبر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم میں مقررہ 5سال سے کم عمر 8لاکھ 18ہزار 590بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف مکمل کرنے کیلئے تمام تر انتظامات کئے جائیں اور روزانہ کی بنیا د پر کارکردگی رپورٹ ڈی سی آفس بھجوائی جائے۔

وہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیاض بٹ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالجبار، چوہدری محمد حسین، الائیڈ ڈیپارٹمنٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ طلعت محمود گوندل نے کہا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے 217یوسی ایم اوز سپروائزر‘ 448ایریا انچارج‘ 2181موبائل ٹیمیں‘ 287ہیلتھ فسیلٹیز سنٹر اور 137ٹرانزٹ پوائنٹس مقرر کئے گئے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (پشاور) مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے این اے فور کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کرنے پر پاکستان رائے حق پارٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلی پرویز خٹک اپنے امیدوار سے پوچھے کہ این اے فور میں گیس کون لیکر آیا ہے۔ خٹک کو اب این اے فور کی مساجد یاد آ گئی ہیں اور وزیراعلی تو اے این پی کی تختیاں ہٹا کر اپنی تحتیاں لگا رہا ہے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ عمران خان کونسی سیاست کر رہے ہیں جو پارلیمنٹرین کو چور اور ڈاکو کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ کے بارے میں ایسے الفاط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

جمہویت کی بالادستی کے لئے پارلیمنٹ کا احترام کرنا چاہئیے۔

امیر مقام نے کہا ہم چاہتے ہیں این اے فور میں شفاف انتخابات ہوں اور پاک فوج کی نگرانی میں ضمنی الیکشن ہونا چاہیے۔ اس موقع پر پاکستان رائے حق پارٹی کے صدر محمد ابراہیم قاسمی نے ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا اور آزاد امیدوار ضیا الرحمن نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) دبئی حکومت کی جانب سے زندگی کے مختلف شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے دنیا کو حیران کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین پیش رفت میں دبئی پولیس نے اڑنے والی بائیک متعارف کرائی ہے۔ یہ بائیک فضا میں 5 میٹر کی بلندی پر بنا سوار کے 6 کلومیٹر کا فاصلہ با آسانی طے کر سکتی ہے۔ اس کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ بائیک بجلی کی بیٹری کے ذریعے 20 سے 25 منٹ جب کہ روایتی ایندھن کے ساتھ ایک گھنٹے تک فضا میں اڑ سکتی ہے۔

یہ بائیک اپنے سوار کے علاوہ 300 کلوگرام وزن لے جا سکتی ہے جب کہ اس کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

بائیک کو ٹریفک کے مقاصد اور رَش کے اوقات میں استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال مئی میں دبئی پولیس نے جدید ترین ٹکنالوجی کے حامل ایک روبوٹ پولیس اہل کار کو اپنی فورس میں شامل کیا تھا جو کہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی پیش رفت ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کردی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت 12 اکتوبر کو ختم ہورہی تھی جس کے باعث وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی سمری پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع حاصل ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی رو سے ملنے والے خصوصی اختیارات کے تحت رینجرز قانونی طور پر جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کے خلاف آزادانہ کارروائی کرسکتی ہے

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ) کچھ عرصے سے اپنی چوتھی طلاق کے باعث خبروں کی زینت بننے والی نور نےاپنے آخری خاوند ولی حامد سے طلاق کے بعد اچانک ہی شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

نور کا کہنا ہے کہ پروگراموں کی میزبانی کی آفرہوئی تو دوپٹہ اوڑھ کر صرف پروگراموں کی میزبانی کروں گی جبکہ ڈرامہ، رقص، فلم کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔

اداکارہ نور کا کہنا تھا کہ دین اسلام کو پڑھنے اور اس پر عمل کرنےکا سلسلہ شروع کیاہے ۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے مرشد کی ان پر نظر کرم ہوئی اور انہوں نے مجھے دین پر عمل کرنے کیلئے سمجھایا جس پر مجھے احساس ہوا کہ بہت کچھ ایسا جو میں ماضی میں کرتی رہی وہ ٹھیک نہیں تھا.

اداکارہ نور کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں نبی کریمﷺ کی سنت پر چلتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنا چاہئے، مجھے مرشد کی طرف سے سمجھانے کے بعد پتہ چلا کہ کئی ایسی چیزیں تھیں جو میں نہیں کرتی تھی جس پر میں نے احکامات الٰہی کے مطابق زندگی بسر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے دل کے اندر سے ایک آواز آئی جس کے بعد میں نے نماز ادا کرنا شروع کر دی اور اس کے بعد میں نے دوپٹہ بھی اوڑھنا شروع کر دیا ہے۔ میرا دل اس مصنوعی دنیا سے اوب چکا ہے، قرآن کریم میں ان چیزوں کا ذکر موجود نہیں اس لئے یہ غلط ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے خلاف نیب ریفرنس کے سلسلے میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے جس کے بعد لاہور میں حسن اور حسین نواز کی رہائش گاہ کے باہر مطلوب ہونے کے نوٹس چسپاں کردیے گئے ہیں۔
ا
نیب ریفرنسز کی کارروائی کے سلسلے میں حسن اور حسین کے مطلوب ہونے کے نوٹس برطانیہ میں بھی ارسال کردیے گئے ہیں جب کہ 30 دن کے اندر حسن اور حسین پیش نہ ہوئے تو دائمی وارنٹ جاری ہوں گے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں مسلسل عدم پیشی پر نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین اور حسن نواز کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قراردیا تھا

 

 

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) ٹوئٹر کے موبائل ورژن پر ’شیئر وائیا ڈی ایم‘ کے برابر میں ’ایڈ ٹو بک مارک‘ کا آپشن پیش کیا گیا ہے۔ اس آپشن کے ذریعے کسی بھی ٹوئٹ یا لنک کو بعد میں دیکھنے کےلیے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ ٹوئٹر میں پروڈکٹ ڈویلپمنٹ ہیڈ کائتھ کولمین کے مطابق صارفین ایک عرصے سے اس فیچر کا تقاضا کررہے تھے اور خصوصاً جاپانی صارفین اس پر زیادہ اصرار کررہے تھے۔ فی الحال اس فیچر پر اندرونی طور پر کچھ تجربات ہورہے ہیں اور چند صارفین کی جانب سے رائے پر غور کیا جارہا ہے جو اسے استعمال کررہے ہیں۔ تاہم اس کے عوامی ریلیز کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اسی ماہ ٹوئٹر نے اپنے الفاظ کی تعداد دوگنا کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جسے بہت سراہا جارہا ہے۔

الفاظ میں اضافہ بھی جاپان اور چین کے صارفین کی درخواست پر کیا گیا ہے کیونکہ وہ اپنی زبان میں ٹوئٹ کرتے وقت اپنا پیغام اچھی طرح نہیں بھیج سکتے۔ یہ بھی یاد دلاتے چلیں کہ اس وقت کم و بیش تمام ویب براؤزرز میں کسی بھی پیج کو بک مارک کرنے کی سہولت موجود ہے لیکن یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب ٹوئٹر کی جانب سے ٹوئٹس کو بک مارک کرنے کی سہولت پیش کی گئی ہے۔ اس طرح کے فیچرز واٹس ایپ میں اور فیس بک پیجز پر پہلے سے دستیاب ہیں جن کے تحت آپ کسی خاص فرد یا گروپ میں کی جانے والی گفتگو کو (واٹس ایپ پر) سب سے اوپر رکھ سکتے ہیں جبکہ کسی فیس بک پیج یا گروپ میں ’’پن ٹو دی ٹاپ‘‘ نامی فیچر استعمال کرتے ہوئے کسی بھی پوسٹ کو ہمیشہ سب سے اوپر رکھا جاسکتا ہے۔

یوں لگتا ہے کہ نئی تبدیلیوں کے ذریعے ٹوئٹر اب خود کو واٹس ایپ اور فیس بک کے مدمقابل لانے کی بھرپور تیاری میں مصروف ہے۔ یہ بات اس لیے بھی کہی جاسکتی ہے کیونکہ اس سال ٹوئٹر کے صارفین کی تعداد صرف 33 کروڑ کے لگ بھگ رہی ہے جبکہ فیس بک کے صارفین 2 ارب سے زیادہ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب فیس بک ہی کے فراہم کردہ میسجنگ پلیٹ فارمز یعنی واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر، دونوں میں سے ہر ایک کے صارفین کی تعداد 1 ارب 30 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ یعنی ٹوئٹر اپنی تمام خوبیوں کے باوجود ان سب سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم)بھارتی محکمہ تعلیم نے بھی مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے علیحدہ ملک قرار دے دیا۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے محکمہ تعلیم نے امتحانات میں مقبوضہ کشمیر کو علیحدہ ملک قرار دیا ہے۔ سرکاری تعلیمی بورڈ کی جانب سے ساتویں جماعت کے امتحان میں سوال پوچھا گیا کہ چین، نیپال، انگلینڈ، کشمیر اور بھارت ان پانچ ممالک کے لوگ کیا کہلاتے ہیں۔
بہار کے اسکولوں کے امتحانات 5 اکتوبر سے شروع ہوئے اور ہفتے بھر تک جاری رہنے کے بعد آج ختم ہوئے۔ بعدازاں ایک طالب علم نے اس کی نشاندہی کی تو بھارتی تعلیمی بورڈ نے اسے اپنی غلطی قرار دے کر معذرت کرلی۔ جبکہ درحقیقت تعلیمی بورڈ نے غلطی نہیں کی بلکہ سچائی کا اعتراف کرلیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد ) سپریم کورٹ میں جہانگیرترین کے خلاف نا اہلی کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود نہیں کیا جاسکتا، معاملہ کسی اور جگہ زیر التوا ہے تو بھی عدالت کو غور سے نہیں روکا جاسکتا۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جہانگیر ترین کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک ریفرنس لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہے،

سپریم کورٹ کی سماعت سے جہانگیرترین کے حقوق متاثر ہوں گے،

ہم وہ ریفرنس واپس لے سکتے ہیں۔ جہانگیر ترین کے وکیل کے دلائل پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود نہیں کیا جاسکتا، اگر معاملہ کسی اور جگہ زیر التوا ہے تو بھی عدالت کو غور سے نہیں روکا جاسکتا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر ساڑھے 18 ہزار سے زائد سرکاری زمین لیز پر لینے کا ریکارڈ ناکافی قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ایسے معاہدے مشکوک اور زمینیں بےنامی ہوتی ہیں جب کہ معزز عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو زمینوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامرخان کو ترک حکومت کی جانب سے قرآن پاک کا نایاب نسخہ ہدیہ کیا ہے۔
سپراسٹار عامرخان کے مداح بھارت سمیت دنیا بھرمیں موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہوئی ان کی فلم ’’دنگل‘‘نے چین میں تقریباً 1000 کروڑ کاغیر معمولی بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ عامر خان چاہتے ہیں کہ ان کی ہر فلم چائنا سمیت پوری دنیا میں اچھا بزنس کرے اور اسی لیے وہ آج کل اپنی فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘کی تشہیر کے سلسلے میں ترکی میں موجود ہیں اور اپنی فلم کی پرموشن کرنے کے ساتھ وہاں کے کلچر سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
 
 
عامر خان نے چند روز قبل صدارتی محل میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی تھی، اس ملاقات کی تصاویر براہ راست صدارتی محل سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تھیں۔
حال ہی میں ترک حکومت نے ایک تقریب کے دوران عامر خان کو قرآن پاک کا نایاب نسخہ ہدیے میں دیا ہے جسے لیتے ہوئے عامر خان بہت خوش نظرآئے، عامر خان نے بھی ترک وزیر کو بھارت آنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا وہ جلد بھارت آئیں گے۔
واضح رہے کہ فلم ’’سیکریٹ سپراسٹار‘‘میں عامر خان اور زائرہ وسیم مرکزی کردار نبھارہے ہیں، فلم رواں ماہ 19 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔