ایمز ٹی وی( کراچی/موسم ) شہر قائد میں آج بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر قائد گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ، سمندر کی جانب سے چلنے والی ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی کراچی کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ گیا ہے.
جب کہ آئندہ 3 روز میں کراچی کےدرجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب شہر میں بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے جب کہ متعدد علاقوں میں فنی خرابی اور کیبل فالٹ کی وجہ سے بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گزشتہ روز بھی شدید گرمی کے باعث 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے تھے جس کے باعث کورنگی، لانڈھی اور شاہ فیصل سمیت کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔
ایمز ٹی وی (حیدرآباد) حیدرآباد میں ہزاروں مین ہولز کے ڈھکن نہ ہونے کے باعث گذشتہ ایک ہفتے میں تین درجن کے قریب شہری حادثات کا شکار جبکہ گٹروں کے ڈھکن نہ ہونے اور حادثات کے خلاف شہری کی درخواست پر ایس ایچ او اے سیکشن کو شوکاز و دیگر کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ۔
حیدرآباد میں ایچ ڈے اے سمیت انتظامیہ کی نااہلی کے باعث بیشتر گٹروں پر ڈھکن نہیں جس کی وجہ سے آئے روز حادثات معمول بنے ہوئے ہیں۔ حیدرآباد میں ایچ ڈی اے کے مطابق 22 ہزار کے قریب گٹر ہیں جن پر پہلے لوہے اور بیڑ کے ڈھکن لگائے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق مہنگے ہونے کے باعث واسا عملے اور شہریوں نے مذکورہ ڈھکن نکال کر مبینہ طور پر فروخت کردیئے جس کے بعد سیمنٹ اور لکڑی کے ڈھکن لگائے گئے وہ بھی روزانہ چوری ہورہے ہیں، گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے اور حادثات کے خلاف ایک شہری سلطان شیخ ایڈووکیٹ نے ففتھ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں درخواست دی تھی کہ گٹر پر ڈھکن نہ ہونے کے باعث ان سمیت سیکڑوں شہری حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔
ڈی جی ایچ ڈی اے، ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا و دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات دیئے جائیں جس پر ایس ایچ او اے سیکشن لطیف آباد کو پیش ہونے کے احکامات دیئے گئے تھے، ان کی عدم پیشی پر انہیں 10 اکتوبر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (میرپورخاص) شہر میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے اور شہریوں کا جان مال محفوظ نہیں۔نامعلوم چور پیٹرول پمپ پر کھڑی موٹر سائیکل چوری کر کے لے گئے جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد ) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ ہر صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ احتساب عدالت کےباہر میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ میں نے کون سا بڑا جرم کیا ہے؟ کوئی طیارہ اغوا نہیں کیا جو کسی سے ڈروں۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کوئی دہشت گرد ہوں جو تشدد ہوتا، رات اچھی گزری۔ کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ فوجی تربیت یافتہ ہوں۔
واضح رہے کہ نیب سابق وزیراعظم کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کورات لندن سے وطن واپسی پر بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے گرفتار کر لیا تھا اور انہیں نیب کی ٹیم بکتربند میں پیشی کے لیے احتساب عدالت میں لائی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد ) اسلام آباد کے نجی مال میں غلاف کعبہ کی زیارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا وہ بہت پہلے کہہ چکے ہیں کہ داعش کو بنانیوالا مغرب ہے، پاکستانی قوم متحد ہے ، امریکی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والی نہیں ۔ رحمن ملک نے دھمکیوں پرامریکی صدر ٹرمپ کو مودی کا طوطا قرار دیدیا ۔ رحمن ملک نے غلاف کعبہ کی نمائش کو سراہتے ہوئے کہا جو لوگ مکہ مکرمہ نہیں جاسکتے ان کو ادھر متبرک چیزیں دیکھنے کو ملی ہیں۔
ایمز ٹی وی (بونیر)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں،ایک خاندان کی چوری چھپانے کیلئے ملک تباہ کیا جا رہا ہے ، دوبارہ سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، نوازشریف اور زرداری بڑے ڈاکو ہیں، اسمبلی نے قانون منظور کیا ہے کہ چور، ڈاکو اور جھوٹا شخص بھی پارٹی سربراہ بن سکتاہے ،آئندہ انتخابات میں ن لیگ اور پی پی کو شکست دیکر پورے ملک میں تبدیلی کا انقلاب لائیں گے ۔بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ۔ عمران خان نے کہا کہ ایک آدمی کرپشن چھپانے کے لئے اداروں ، ملک اور قوم کو تباہ کررہا ہے ،عدلیہ اور فوج پر نواز شریف کے حملوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ منی لانڈرنگ کی سزا سے بچ جائیں۔اگر سزا ہوگئی تو تمام جائیدادضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد ہوجائیں گے ،وہ کرپشن بچانے کے لئے فوج کو بدنام کررہے ہیں،
انہوں نے کہا کہ قوم تب اٹھتی ہے جب وہ اپنا کردار ٹھیک کرتی ہے ۔ جس قوم کے لیڈر صادق اور امین ہوں وہ قوم عظیم بنتی ہے ۔ اسمبلی نے قانون پاس کیا ہے کہ جھوٹا شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے صرف ادارے تباہ نہیں کئے بلکہ قوم کی اخلاقیات تباہ کیں۔ قومیں کبھی بمباری یا شکست سے تباہ نہیں ہوتیں بلکہ اخلاقیات ختم ہونے ے تباہ ہوتی ہیں۔ ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا جارہا ہے ہمیں عوام کے پیسے کی حفاظت کرنی ہے ، کبھی کسی کرپٹ لیڈر کو حکومت میں نہیں آنے دینا، قوم فیصلہ کرلے ہمیں ظلم کا مقابلہ کرنا ہے ۔لگتا ہے پاکستان کو بچانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔
نااہل نواز شریف کو ابھی بھی اپنا وزیراعظم کہنے والے شاہد خاقان عباسی شرم کرو ،شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔عمران خان نے کہا کہ 2018 میں سارے پاکستان میں انقلاب آئے گا ،یہ تبدیلی کا انقلاب ہوگا،2018 کے انتخابات میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے شکست کھائیں گی ،ہم اپنی حکومت کے ابتدائی چار سالوں کے دوران ہی پاکستان کی نصف غربت ختم کر دینگے
۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے تبدیلی کا انقلاب شروع کرنے کا موقع دیا۔ پرویز خٹک نے لوگوں کے لئے کچھ کیا ہوگا اس لئے لوگ تالیاں بجا رہے ہیں، چار سال میں خیبرپختونخوا میں غربت آدھی ہوگئی،ماضی میں کامیابی نہیں ملی لیکن اب بونیر پی ٹی آئی کا ہوگا۔ فضل الرحمن اسلام کے نام پر سیاست کرتے ہیں۔ ان کو مولانا کہنا پسند نہیں کرتا ،
زرداری اور نواز شریف قوم کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، ڈیزل دونوں کے ساتھ فٹ ہوجاتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرضہ تھا، اس وقت ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا قرضہ ہوگیاہے ۔چوروں اور ڈاکوؤں کی کرپشن کی قیمت عوام غربت سے ادا کرتی ہے ۔ کرپٹ مافیا نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے ، ان سب کی ایک کوشش ہے کہ ملک میں احتساب نہ ہو ۔پاکستان میں بجلی اور گیس پورے برصغیر میں سب سے زیادہ مہنگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جمہوریت اور مسلم ممالک میں بادشاہت آگئی، جمہوریت میں میرٹ اور بادشاہت میں خون کار شتہ ہے ، اسی بنیاد پر جمہوریت نے بادشاہت کو شکست دی۔انہوں نے کہا کہ میرٹ ہو تو بلاول بھٹو اور مرادسعید کا کوئی مقابلہ نہیں، مراد سعید میرٹ پر اوپر آیا۔ پیپلز پارٹی میں میرٹ ہوتا تو بلاول اوراعتزاز احسن میں کیا مقابلہ ہے ۔
اگر مسلم لیگ ن میں میرٹ ہوتا تو ڈپٹی وزیر اعظم مریم نواز اور ڈپٹی وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا چوہدری نثار سے کیا مقابلہ تھا ،بلاول پاکستان کے کسی حصے میں ایک کلو میٹر چل کر نہیں گئے اور لیڈر بن گئے ، بلاول بھٹوانگریزی لہجے میں اردو بولتے ہیں،حمزہ شہباز اور مریم نواز کا کیا میرٹ ہے ۔
بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی میں جدوجہد کی مشکلیں برداشت کیں، ذوالفقار علی بھٹو بڑے لیڈر تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ سے باہر چلے جاتے ہیں۔ نوازشریف اور شہباز ارب پتی بن گئے ، ان کے بچے بھی ارب پتی بن گئے ۔ اسحاق ڈار کے والد سائیکلوں کی دکان چلاتے تھے ، آج بیٹا اربوں پتی ہے ،اس موقع پرجمشید خان اورفاروق خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی،عمران خان نے دونوں کو خوش آمد ید کہا۔