ایمزٹی وی(بونیر)بونیر میں تحریک انصاف کا جلسہ، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی اسمبلی نے قانون منظور کیا ہے، جس کے تحت چور، ڈاکو اور جھوٹا شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے، نواز شریف نے اس ملک پر صرف یہ ظلم نہیں کیا کہ پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور ملک کے ادارے تباہ کردیے، بلکہ نواز شریف نے سب سے بڑا ظلم یہ کیا کہ قوم کی اخلاقیات کو تباہ اور قدریں پامال کردیں، قومیں بمباری اور جنگ میں شکست سے نہیں بلکہ اخلاقی شکست سے تباہ ہوتی ہیں۔
پی ٹی آئی چیرمین نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے فوج و سپریم کورٹ پر حملے کررہے ہیں، ایک آدمی اپنی کرپشن کو بچانے کے لیے پورے ملک و قوم کو تباہ کررہا ہے، ہماری حکومت آئی تو 4 سال میں 10 کروڑ پاکستانیوں کو غربت سے نکالیں گے، خیبر پختون خوا میں پنجاب سے 4 گنا کم غربت ہے۔
عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول پاکستان کے کسی حصے میں ایک کلو میٹر چل کر نہیں گئے اور لیڈر بن گئے، وہ تو اردو بھی انگریزی لہجے میں بولتے ہیں، کرپٹ مافیا نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے، ان سب کی ایک کوشش ہےکہ ملک میں احتساب نہ ہو، انہیں ڈر ہے کہ نواز شریف کے بعد ان کی باری آنی ہے، میں ان کا مقابلہ کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مسلمان ہمیشہ نبی ﷺ کی مثال کی تقلید کرتا ہے، حضور ﷺ نے مدینہ کی مثالی ریاست قائم کی اور پھر پوری دنیا میں عروج حاصل کیا، حضور اکرم ﷺ نے جدید ہتھیار نہیں ڈھونڈے بلکہ قوم کے کردار کو ٹھیک کیا، لوگوں کو حق و سچ پر کھڑا کیا، اپنے کردار سے قوم کا کردار بلند کیا، مسلمان 700 سال تک دنیا کی سپرپاور رہے، دنیا میں عروج حاصل کرنے کے لیے قوم کو اپنا کردار ٹھیک کرنا پڑتا ہے جب کہ جس کے لیڈر صادق و امین ہوتے ہیں وہ عظیم قوم بنتی ہے۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی نوجوانوں نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے شدیدگرمی میں انسانی جسم کوٹھنڈارکھنے کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والی دنیا کی پہلی جدید ڈیوائس تیارکرلی۔
مائیکروپاور لیبز کے سربراہ عبداللہ سومرو نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ 2015 میں کراچی میں آنیوالی گرمی کی شدید لہر ’’ہیٹ ویو‘‘ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کو دیکھتے ہوئے ایک ایسی ڈیوائس تیارکرنے کاخیال ذہن میں آیا تھا جوانسانی جسم کے درجہ حرارت کی مناسبت سے اسے ضرورت پڑنے پرٹھنڈا رکھ سکے انھوں نے بتایا کہ ڈیوائس کوفی الحال آزمائشی طورپرٹیسٹ کیا جارہا ہے جسے آئندہ سال موسم گرماکے دوران مارکیٹ میں لایاجائے گا، ڈیوائس کی قیمت 3سے 4ہزارروپے کے درمیان ہوگی، ڈیوائس مریضوں،عمررسیدہ افراد، سورج کی تپش میں کام کرنے والوں کے لیے انتہائی کارآمدثابت ہوگی۔
عبداللہ سومرو نے مزید بتایاکہ باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کا یہ اسٹارٹ اپ دنیاکا سب سے تیزی سے چارج ہونے والا چارجر بھی تیارکرچکی ہے، فلیش پیک کے نام سے متعارف کرائے جانے والے اس چارجرکی گنجائش (5000mAH) ہے جسے صرف 15 منٹ میں مکمل چارج کیا جاسکتاہے، فلیش پیک کی قیمت 5سے 6ہزار کے درمیان ہے اوراسے زیادہ ترمغربی ملکوں کو درآمد(ایکسپورٹ) کیا جارہا ہے۔
عبداللہ سومرو کے مطابق مائیکرپاور لیبز روزمرہ ضرورتوں کے مطابق مصنوعات تیار کرتی ہے جس کے ڈیزائن اورتیاری کے مراحل میں انسانی ضرورتوں کو مدنظر رکھاجاتا ہے، مائیکروپاور لیبز مصنوعات کی تیاری میں ٹیکنالوجی اور ہارڈویئر سسٹم کے ذریعے سماجی ضرورتوں کا حل مہیا کرنے کے بنیادی مقصدکو ہمیشہ اولیت دی جاتی ہے، پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جارہا ہے اور حال ہی میں مائیکروپاور لیبز نے ٹیلی نار گروپ کے سالانہ ڈیجیٹل ونرز مقابلے میں ایک لاکھ نارویجن کرونے کاانعام جیتاہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ لاہور)پاکستانی طالب علم شہیر نیازی نے صرف 16 سال کی عمر میں سائنسی تحقیقی مقالہ لکھ کر مشہور سائنسدان اور ماہر طبعیات آئزک نیوٹن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
لاہور کے نجی اسکول میں اے لیول کے طالب علم شہیر نیازی نے برقی چھتوں (الیکٹرک ہنی کوم) پر مقالہ لکھ کر ناصرف دنیا بھر کے سائنسدانوں کو حیران کردیا بلکہ انہوں نے مشہور سائنسدان آئزک نیوٹن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
محمد شہیر نیازی نے سائنس، انجینیئرنگ اور ریاضی کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات شائع کرنے والے جریدے رائل اوپن سائنس جرنل میں صرف 16 سال کی عمر میں اپنا مقالہ پیش کیا جو شائع بھی ہوگیا اور دنیا بھر کے سائنسدانوں کو حیران کرگیا۔ اسی رسالے میں مشہور سائنسدان اور ماہر طبعیات آئزک نیوٹن نے بھی اپنا پہلا مقالہ لکھا تھا لیکن اس وقت ان کی عمر 17 برس تھی۔
دنیا بھر کے سائنسدانوں نے تحقیق کی ہے کہ اگر تیل پر بجلی گرے تو اس میں شہد کی مکھی جیسے چھتے کی اشکال بن جاتی ہیں تاہم پاکستانی طالب علم شہیر نیازی نے اپنے تحقیقاتی مقالے میں دنیا کے سائنسدانوں کو ایک نئی راہ دکھادی ہے اور تیل پربجلی کے گرنے کے بعد پیدا ہونے والے درجہ حرارت کو بھی ریکارڈ کرکے دکھا دیا۔ شہيرنيازی کے تحقيقاتی مقالے کو بين الاقوامی سطح پر خوب پذيرائی حاصل ہوئی ہے۔
اپنے مقالے کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی پر شہیر نیازی کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرے مقالے کو اس قدر پذیرائی حاصل ہوگی لیکن مجھے خوشی ہے میری وجہ سےمیرے ملک کا نام روشن ہوا، میں اس شعبے میں اپنی تحقیق کو مزید آگے لے جانا چاہتا ہوں اور خواہشمند ہوں کہ پاکستان کے لئے ایک نوبل انعام بھی لے کر آؤں جس کے لئے سخت محنت درکار ہے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورٖڈ نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں ورلڈ کپ 2019 تک توسیع کردی ہے، آسٹریلوی شہریت حاصل کرنے والے سابق جنوبی افریقی کرکٹر کو گزشتہ برس مئی میں 2سال کیلیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، ان کی مدت ملازمت آئندہ سال اپریل میں مکمل ہونا تھی، ذرائع کے مطابق رواں سال چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوچ کی خدمات سے مزید فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معاہدے میں توسیع کے بعد مکی آرتھر نے پی سی بی سے اس خواہش کا اظہار کیاکہ ہمراہ کام کرنے والے دیگر کوچنگ اسٹاف کے کنٹریکٹ بھی بڑھا دیے جائیں تاکہ موجودہ سیٹ اپ کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کی تیاری جاری رکھی جائے۔
یاد رہے کہ مکی آرتھر کے ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے ہی گرانٹ فلاور قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر تھے،البتہ فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن اور بولنگ کوچ اظہر محمود کا تقرر ہیڈ کوچ کی سفارش پر ہی ہوا،نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے قومی ویمنز ٹیم کے عبوری کوچ مارک کولز بھی ان کے دوست بتائے جاتے ہیں، آئندہ ورلڈ کپ مئی سے جولائی 2019 تک انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت 5 ٹیسٹ سیریز کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسپنر بن گئے۔
یاسر شاہ مسلسل5 ٹیسٹ میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے اسپنر بن گئے،دورۂ ویسٹ انڈیز کے تینوں ٹیسٹ میچز کے بعد دبئی اور ابوظبی میں بھی انھوں نے یہ کارکردگی دہرائی، لیگ اسپنر کے علاوہ 3فاسٹ بولرز یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر شاہ نے اب تک مجموعی طور پر 13 بار اننگز میں 5 یا زیادہ، 2 مرتبہ میچ میں 10 یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں، وہ اپنا 28واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے اور اب تک 163 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) فاسٹ بولر محمد عامر انجری کے سبب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔
فاسٹ بولر محمد عامر دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پنڈلی کی تکلیف کے سبب اپنا 17واں اوور نامکمل چھوڑ کر ڈریسنگ روم میں چلے گئے تھے، انھیں ایم آر آئی کیلیے بھیجا گیا جس میں انجری کی شدت کا اندازہ ہوا۔
محمد عامر کو 3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، وہ دبئی ٹیسٹ میں مزید بولنگ نہیں کر سکتے البتہ بیٹنگ کیلیے دستیاب ہوں گے، پی سی بی متبادل کا اعلان بعد میں کرے گا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 482 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
دبئی میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 482 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے دوسری دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنالیے ہیں، شان مسعود 15 اور سمیع اسلم 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے دوسرے دن کا آغاز 3 وکٹ کے نقصان پر 254 رنز سے شروع کیا تو کپتان چندیمل 282 کے مجموعی اسکور پر 62 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم اوپنردموتھ گونارتنے صرف 4 رنز کی کمی سے اپنی ڈبل سنچری اسکور نہ کرسکے، وہ 196 رنز پر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
دیگر کھلاڑیوں میں دلروان پریرا 58 ، نروشان ڈکویلا 52، کوشل سلوا 27 رنز بناسکے اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سمارا وکراما نے 35 رنز پر 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کی جانب سے اسپنر یاسر شاہ نے 6، محمد عباس نے 2 جب کہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ایمزٹی وی(بونیر)تحریک انصاف آج بونیر میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جس کیلئے کالج روڈ پر پی ٹی آئی کا پنڈال سج گیا،تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار ہے،جلسہ گاہ میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر قائدین خطاب کریں گے ،جماعت اسلامی کے رہنما پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے ۔
ایمزٹی وی(بیجنگ)چین نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے اور اقتصادی راہداری پر امریکا کے اعتراضات مسترد کردیے۔
چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایک پٹی ایک شاہراہ منصوبے‘ کو اقوام متحدہ کی تائید بھی حاصل ہے جب کہ سی پیک کے باعث مسئلہ کشمیر پر اس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
امریکی وزیر دفاع جم میٹس کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم نے بارہا یہ بات کہی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں اور اس کا علاقائی خودمختاری کے تنازعات سے بھی کوئی تعلق نہیں جب کہ سی پیک کے باعث مسئلہ کشمیر پر چین کا اصولی موقف بھی تبدیل نہیں ہوگا۔
امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے چین پر ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے ذریعے دنیا پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سی پیک متنازع علاقے سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے امریکا اصولی طور پر اس کی مخالفت کرتا ہے۔ ون بیلٹ ون روڈ(OBOR) کے ذریعے دنیا پر اجارہ داری قائم کرنے کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے بیجنگ نے کہا کہ OBOR تو محض ایک اہم بین الاقوامی عوامی منصوبہ ہے، یہ متعلقہ ممالک کے ساتھ چین کے تعاون کا اہم اور جامع ترقیاتی پلیٹ فارم ہے، جب کہ 100 سے زیادہ ممالک اور بین الاقوامی تنظٰیمیں اس میں شامل ہیں اور بھرپور حمایت کررہی ہیں۔
چینی حکومت نے کہا کہ 70 سے زیادہ ممالک اور عالمی تنظیموں نے OBOR پر چین کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل نے اسے اپنی اہم قراردادوں میں بھی شامل کیا ہے۔
سی پیک منصوبے کے تحت چین اور پاکستان کو سڑکوں، ریلوے، پائپ لائنز اور فائبر آپٹیکل کیبلز کے 3 ہزار کلومیٹر طویل نیٹ ورک کے ذریعے باہم منسلک کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ چین کے صوبے سنکیانگ کو براہ راست گوادر کی بندرگاہ سے منسلک کرے گا جہاں سے چین کو بحیرہ عرب اور پھر دنیا بھر تک رسائی ملے گی۔ سی پیک سے چین مشرق وسطیٰ سے آنے والی اپنی تیل سپلائی کو پائپ لائنوں کے ذریعے سنکیانگ تک پہنچائے گا جس سے ایندھن کی ترسیل پر اس کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ واضح رہے کہ بھارت نے علاقائی تنازعات کا بہانہ بنا کر ون بیلٹ ون روڈ میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
ایمزٹی وی(لندن)سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے احتساب کوانتقام قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وطن واپسی کے لیے ایئر پورٹ روانہ ہونے سے قبل برطانوی دارالحکومت لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ قانون کے اور آئین کے احترام میں واپس جارہے ہیں تاہم حسن اور حسین پاکستان جانے کا خود فیصلہ کریں گے۔ہم عدالتوں میں پیش ہوں گے اور نظام عدل کو آزمائیں گے جب کہ دنیا جانتی ہے یہ احتساب نہیں انتقام ہو رہا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال سے جو کچھ چل رہا تھا وہ سامنے آگیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے جب کہ جمہوری حکومت اپنی ایک اور مدت پوری کرے گی، حیرانگی ہے نواز شریف کے پارٹی صدر بننے پر وہ اعتراض کر رہے ہیں جن کا (ن) لیگ سے تعلق نہیں۔