یمز ٹی وی(اسلام آباد) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں ان کو کوئی گرفتار نہیں کررہا ہے،جو خود کو احتساب کے لیے پیش کررہے ہیں ان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں،احتساب نما انتقام میں تحفظات کے باوجود پیش ہورہے ہیں،ہم گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار پیش ہوکر انصاف اور عدل کی زنجیر ہلا رہے ہیں۔ شدید ترین تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہوئے۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھ پر مقدمات نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے بنائے گئے،جو بھگوڑے ہیں وہ آزاد پھر رہے ہیں، جلسے کررہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دنوں میڈیا پر کچھ چیزیں آئیں مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ایمزٹی وی(فیصل آباد)وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ آسمانی صحیفہ نہیں ہوتا ماضی میں سپریم کورٹ نے خود اپنے فیصلے کو غلط قرار دیا تھا۔ فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت احتساب کے نام پر انتقام اور انصاف کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، احتساب عدالت کے جج پر خوف مسلط ہے کیوں کہ انہیں 6 ماہ میں فیصلہ کرنا ہے، لگتا ہے تمام فیصلے پہلے سے ہی محفوظ ہیں، عدالت میں پیشی کے لئے آنے والوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے اور سی پیک لانے والے منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دے دیا گیا، ایسے فیصلوں پر دنیا بھی حیران ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عدالتی فیصلے کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہوتے، ماضی میں بھی اس کی مثالیں ملتی ہیں جب ڈوگر کورٹ کے فیصلے کو خود سپریم کورٹ نے غلط قرار دیا اگر عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے کو غلط قرار دے سکتی ہے تو ہمیں بھی بات کرنے کا حق دیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے فیصلے نہ ہوں۔ نواز شریف نے اپنے خلاف آنے والے فیصلے کو کسی عذر کے بغیر قبول کیا، کیوں کہ یہ آئینی اور قانونی تقاضا ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ چند سازشی عناصر اور ان کے آلہ کار پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور جو قوتیں پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں وہی نوازشریف کو سزا دلوانا چاہتی ہیں لیکن پاکستان کی 70 سالہ تاریخ گواہ ہے کہ عوام نے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا، ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے یہ ملک آگے بڑھ کر اقتصادی قوت بنے گا ہم نے سی پیک منصوبہ شروع کیا تھا اسے مکمل بھی کریں گے عدالتیں جو بھی فیصلہ دیں 2018 میں عوام اپنا فیصلہ دے گی۔
ایمز ٹی وی (کراچی )میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے ، تاجرمسائل کے حل میں مدد کریں، ٹریڈ اور انڈسٹری سے وابستہ تنظیمیں اور ادارے شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے تجاویز دینے کے ساتھ ساتھ عملی طور پر بھی شریک ہوں ۔ یہ بات انہوں نے کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کہی۔ کاٹی کے صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنید نقی نے ایسوسی ایشن کے دفتر پہنچنے پر ان کا استقبال کیا۔ میئر نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور یہاں ملک کے ہر کونے سے لوگ آکر نہ صرف آباد ہوئے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔ ٹریڈ اور انڈسٹری سے وابستہ افراد اور ایسوسی ایشن مالی طور پر مستحکم ہوتی ہیں اس لئے وہ شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے موثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایسوسی ایشن سے ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کو باہمی رابطے اور مشترکہ جدوجہد سے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ بلدیہ عظمیٰ کے پاس وسائل اور فنڈز کی کمی ہے جبکہ حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات بھی سلب کئے ہوئے ہیں لیکن ہم اس شہر کے لوگوں کے ساتھ ہیں اور منتخب بلدیاتی قیادت چاہتی ہے کہ یہاں صنعتوں اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو، نئی فیکٹریوں اور کاروبار کو وسعت ملے تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس شہر میں کاروبار کرنے والے افراد پر بھی کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں وہ اگر انہیں پورا کریں گے تو ان انڈسٹریل ایریاز کو بھی بہتر کیاجاسکے گا ۔ میں کاٹی سے درخواست کروں گا کہ اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے لئے دیگر انتظامات میں وہ ہم سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کم وسائل میں بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ میئر وسیم اختر نے کہا کہ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے حکومت سندھ دو کلو میٹر کی ایک سڑک تعمیر کر رہی ہے اسے تعمیر کرتے وقت بھی سیوریج کے مسائل حل نہیں کئے جاتے ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کی خرابی ہے اگر سیوریج سسٹم کو صحیح کرلیا جائے تو کراچی کے 90 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے ۔
\انہوں نے کہا کہ جن سڑکوں کو بلدیہ عظمیٰ تعمیر کرتی ہے سیوریج کے پانی کے باعث وہ چند دنوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ حکومت سندھ کے پاس ہے انہیں کراچی کے اس سب سے بڑے مسئلے کی جانب توجہ دینا ہوگی. انہوں نے کہا کہ میں متعدد بار کراچی کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کرچکا ہوں لیکن تاحال کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اون کرتے ہیں اس لئے کراچی کو کسی بھی صورت لاوارث نہیں چھوڑ سکتے ۔
کاٹی کے صدر طارق ملک نے اس موقع پر میئر وسیم اختر کو یقین دلایا کہ کاٹی شہر کی ترقی کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے گی اور جو بلدیاتی مسائل ہمیں درپیش ہیں ان کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پاکستان کے بڑے انڈسٹریل زون میں سے ایک ہے اور یہاں ہزاروں کی تعداد میں انڈسٹریز کام کر رہی ہیں۔ آخر میں کاٹی کے صدر طارق ملک نے میئر وسیم اختر کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔
نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی کو پاکستان پہنچتے ہی حراست میں لے لیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی اہلیہ مریم نواز کے ہمراہ لندن سے براستہ دوحہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ دوسری جانب نیب لاہور کی ٹیم نے ایئرپورٹ کے راول لاؤنج سے باہر نکلتے ہی عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو حراست میں لے لیا۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی گئی اور کارکن نیب کی گاڑی کے آگے لیٹ گئے جب کہ گاڑی پر مکے بھی مارے۔ کیپٹن صفدر نے گاڑی سے باہر نکل کر کارکنوں کو گاڑی کے آگے سے ہٹنے کی ہدایت کی جب کہ آصف کرمانی کی جانب سے بھی لیگی کارکنوں سے کہا گیا کہ پارٹی قیادت کا حکم ہے کہ کسی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے لہذا تمام کارکن گاڑی کے آگے سے ہٹ جائیں۔ بعد ازاں دانیال عزیز کی جانب سے کارکنوں کو نیب کی گاڑی کے آگے سے ہٹایا گیا جس کے بعد نیب حکام کیپٹن صفدر کو ساتھ لے کر ایئرپورٹ سے روانہ ہو گئے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اسلام آباد کے علاقے میلوڈی میں واقع نیب کے سیل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے انہیں صبح احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب ٹیم نے اسماعیل ڈوگر کی سربراہی میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو حراست میں لیا جب کہ آج کیپٹن صفدر کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ قبل ازیں نیب لاہور کی ٹیم عدالتی احکامات کے ساتھ کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے ایئرپورٹ پہنچی اور انہوں نے راول لاؤنج کے اندر جانے کی اجازت مانگی تو اے ایس ایف حکام نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔
اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نیب کی ٹیم کو راول لاؤنج میں جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ لاؤنج کے اندر گرفتاری سے وہاں بدنظمی پیدا ہونے اور دیگر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے کیپٹن صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کئے تھے اور اس حوالے سے نیب کی ٹیم نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو خط بھی لکھا تھا کہ وہ عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کو گرفتار کریں گے۔
ایمز ٹی وی (کراچی /تعلیم ) صاف پانی ہے نہ بجلی، فرنیچر بھی میسر نہیں ، بچوں کودریاں بچھا کر زمین پر بٹھایا جاتا ہے
ایجوکیشن آفیسر کمپیوٹرلیب بھی فراہم کریں، اعجازاعوان،حامد کریم ودیگر کاخطاب ضلع کورنگی میں سرکاری سیکنڈری اسکولوں کی حالت اورمعیارتعلیم کوبہتربنانے کیلئے گورنمنٹ سیکنڈری اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) کراچی ڈویژن کے صدر اعجاز حسین اعوان کی ہدایت پرمقامی ریسٹورنٹ گلشن اقبال میں ڈسٹرکٹ آفیسر شبانہ کوثر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے موقع پر ایک تعلیمی کانفرنس منعقد کی گئی۔ تقریب میں گسٹا کراچی ڈویژن کے صدر اعجاز حسین اعوان، حامد کریم، ڈاکٹر اعجاز، سلیم مغل اور لانڈھی ٹاؤن کے کو آرڈی نیٹر نعیم احمد حمیدی نے شرکت کی۔
اس تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گسٹا کراچی کے صدر اعجاز حسین اعوان نے کہا کہ معیاری تعلیم کے سرکاری اسکولوں میں بہتر سہولتیں بھی فراہم کی جانی چاہئیں، اکثر سرکاری سیکنڈری اسکولوں کی حالت نہایت خراب ہے ، بچوں کو بیٹھنے کیلئے فرنیچر میسر نہیں ہے ، دریاں بچھا کر زمین پر بٹھایا جاتا ہے ، پینے کو صاف پانی اور بجلی بھی نہیں ہے جب کہ اکثر اسکول تو عمارت کے لحاظ سے انتہائی خستہ حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین اور باصلاحیت اساتذہ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن بچوں کو اچھی اور معیاری تعلیم دینے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سہولتوں کی فراہمی بھی ضروری ہے ۔
انہوں نے تمام ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے درخواست کی وہ نجی اسکولوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سرکاری اسکولوں میں کمپیوٹر لیب سمیت تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے بچے بھی زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں،معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں گی۔ حامد کریم نے اپنے خطاب میں وقت کی پابندی اور سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا۔ مہمان خصوصی شبانہ کوثر کا کہنا تھا کہ میں سرکاری اسکولوں میں جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کے ذریعے انقلاب لاؤں گی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں مسلسل عدم پیشی پر نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دے دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نیب کی ٹیم نے پیش کیا۔ نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ دیگر دو ملزمان (حسین اور حسن نواز ) کہاں ہیں۔ نیب نے عدالت کے گزشتہ حکم کی تعمیلی رپورٹ جمع کراتے ہوئے استدعا کی کہ ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے اور ان کا مقدمہ الگ کردیا جائے۔
عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور جب کہ حسین اور حسن نواز کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے نیب کو تینوں ریفرنسز میں حسین اور حسن نواز کا مقدمہ الگ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت 13 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (تعلیم ) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات ڈاکٹر عرفان عزیز کے اعلامیے کے مطابق ایم ایڈ (مارننگ وایوننگ) سالانہ امتحانات برائے کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 200/= روپے لیٹ فیس کے ساتھ 11اکتوبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ طلبہ اپنے امتحانی فارم 9000/= روپے فیس کے ساتھ متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ماہرین نے سمندری پانی سے صرف سورج کی روشنی کے ذریعے ہائیڈروجن ایندھن تیار کرنے کا کامیاب طریقہ ایجاد کیا ہے ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح سے توانائی کا ماحول دوست اور کم خرچ طریقہ وضع کرکے دنیا کا ایک بہت بڑا مسئلہ حل کرنے میں مدد مل سکے گی۔ یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا کے ماہرین نے ہائیڈروجن ایندھن نکالنے کا ایک نیا طریقہ تلاش کیا ہے جس کے لیے دھوپ اور سمندری پانی درکار ہوتا ہے۔ ’ ہم نے تجربہ گاہ میں فلٹر پانی کی بجائے حقیقی پانی سے ہائیڈروجن بنانے کا راستہ کھولا ہے جو سمندری پانی کے لیے بہت اچھی طرح کام کرتا ہے،سینیئر سائنسدان یانگ یانگ نے بتایا۔ اب اس سے تیار کردہ ہائیڈروجن فیول سیل اپنی گاڑی میں لگادیجئے جس سے صرف پانی ہی خارج ہوگا۔
اب اس پانی سے دوبارہ ایندھن بنایا جاسکتا ہے۔ اس لحاظ سے یہ ایک مؤثر اور ماحول دوست طریقہ ہے جس سے مسلسل توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ عملی طور پر پانی سے ہائیڈروجن بنانا ممکن ہے لیکن ضروری ہے کہ اس میں حاصل شدہ توانائی سے کم توانائی خرچ ہوا اور دوم اس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی کم کم ہو۔ اور یہی وہ چیلنج ہے جسے دنیا بھر کے ماہرین حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے پہلے بحری پانی سے ہائیڈروجن بنانے کے جو تجربات کیے گئے ان میں بہت توانائی صرف ہوتی تھی اور پانی میں نمک کی وجہ سے یہ مزید مشکل امر تھا۔
لیکن اب ماہرین نے نینومٹیریل تیار کیا ہے جو فوٹو کیٹے لسٹ کا کام کرتا ہے ۔ جیسے ہی اس پر دھوپ پڑتی ہے یہ پانی سے ہائیڈروجن بنانا شروع کردیتا ہے۔ مٹیریل دھوپ کو اچھی طرح جذب کرتا ہے اور سمندری موسم کے لحاظ سے نہایت موزوں بھی ہے۔ ماہرین نے فوٹو کیٹے لسٹ کو بہتر بنانے کے لیے ٹیٹانیئم آکسائیڈ استعمال کیا ہے اور اس میں خردبینی سوراخ کرکے ان سوراخوں پر مولبڈینم ڈائی سلفائیڈ کی تہہ چڑھائی ہے جس سے اس کی کارکردگی دوگنا ہوگئی ہے۔ تاہم اس ایجاد کو بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کے لیے اسے صنعتی ماڈل تک لے جانا ہوگا۔ اس نظام کے دیگر تجربات بھی بہت حوصلہ افزا برآمد ہوئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) بزمِ فروغِ ادب و فن سندھ پاکستان اورفریدپبلشرز کے زیراہتمام 15واں سالانہ کتب میلہ ڈائمنڈپیلس بالمقابل یوسف پلازہ بلاک 17انچولی سوسائٹی ،فیڈرل بی ایریاکراچی میں10اکتوبر سے 31؍ اکتوبرتک روزانہ کی بنیاد پرصبح 11بجے تا رات 12بجے تک جاری رہے گا۔
کتب میلہ میں دنیا بھر سے 180سے زائدناشرین کتب کا رعایتی داموں دستیاب ہوگا۔ تمام موضوعات پر10سے 50فیصد رعایتی داموں کتابیں دستیاب ہوتی ہیں۔ یاد رہے کہ کتب میلے کے دوران مشاعروں ، مذاکروں، مکالمہ نویسی،بچوں کے کوئز مقابلے، بیت بازی اورعلم وادبی سیمینارز کا اہتما م بھی کیاجاتا ہے جس میںملک بھرسے ممتاز اہل علم وقلم،صحافی،وکلاء، مذہبی اسکالرز، سیاستدان، سماجی رہنما،نعت خواں،سول سوسائٹی کے نمائندگان،فن کار، کھلاڑی اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نامور افرادشریک ہوتے ہیں
ایمزٹی وی(اسپورٹس) بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر پراشانت چوپڑا اپنی سالگرہ پر ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے۔ رنجی ٹرافی میں پراشانت نے ایک دن میں 271 رنز بنانے کا ملکی ریکارڈ بھی قائم کیا، بطور اوپنر اچھی پرفارمنس کی وجہ سے ان کا موازنہ سہواگ سے کیا جاتا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ سابق عظیم بیٹسمین کے ساتھ موازنہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یاد رہے کہ پراشانت سے قبل کولن کوڈرے (1962) اور رامن لامبا (1995) نے یہ منفرد اعزاز حاصل کیا تھا۔