ایمزٹی وی(اسپورٹس) شاہد آفریدی کی آمد کے بعد شعیب ملک کا کراچی کنگز میں برقرار رہنا دشوارہو گیا ہے اور اب ان کا بھی کراچی کی جگہ ملتان میں شامل ہونے کا امکان ہے۔
شعیب ملک نے اولین پی ایس ایل میں ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی انجام دیے تھے مگر پھر شکستوں کے بعد ذمہ داریاں روی بوپارہ کے سپرد کردی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ فرنچائز اگلے سیزن میں شعیب ملک کو برقرار نہیں رکھنا چاہتی، آل راؤنڈر کے حال ہی میں نئی ٹیم ملتان سلطان کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز وسیم اکرم سے رابطے بھی ہوئے ہیں، توقع ہے کہ وہ اس کیلیے بطور کپتان یا پھر عام کھلاڑی کی حیثیت سے ایکشن میں نظرآئیں گے۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے پشاورزلمی کے اونرجاوید آفریدی سے اختلافات کے بعد فرنچائز کو چھوڑ دیا تھا، وہ اب کراچی کنگز کے ساتھ وابستہ ہو چکے ہیں۔ پی ایس ایل تھری کا انعقاد آئندہ برس کے اوائل میں ہوگا، پلیئرز ڈرافٹ رواں ماہ کے آخر یا نومبر میں متوقع ہیں۔
ایمزٹی وی(صحت)کانگو وائرس افغانستان سے پاکستان پہنچ گیا،کانگو وائرس کے مرض میں مبتلاافغان باشندہ کوئٹہ میں چل بسا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع فاطمہ ہسپتال میں کانگووائرس کے مرض میں مبتلا ایک شخص کو تشویشناک حالت میں لا یا گیا جو وہاں ہی انتقال کرگیا ۔مریض کا تعلق افغانستان سے تھا جسے گزشتہ روز ہسپتال لا یا گیا تھا ۔
ایمزٹی وی(لاہور)لاہورہائیکورٹ نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے دو ملزموں کی ضمانت منظور کر لی اوررہا کرنے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزادنے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے ضمانت کی درخواست دائر کررکھی تھی جس میں موقف اختیار کیاگیا تھا کہ ہمارا بینظیر بھٹو قتل کیس سے کوئی تعلق نہیں ، ہم پر قائم مقدمہ بے بنیاد ہے ،عدالت پہلے بھی 5 ملزموں کو رہا کر چکی ہے ،لہٰذااستدعا ہے کہ ہمیں ضمانت پر رہائی دی جائے،پیپلزپارٹی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے درخواستگزاروں کے وکیل کی سختی سے مخالفت کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزموں کی درخواست ضمانت منظور کر لی اورانہیں 2 ،2 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اے ٹی سی نے دونوں ملزموں کو 17 ،17 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان پاک فوج اپنی پریس کانفرنس کے دوران آپریشن ردالفساد اور خیبر 4 میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ دہشتگردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں سے بھی آگاہ کریں گے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ میجر جنرل آصف غفور اپنی پریس کانفرنس کے دوران احتساب عدالت کے باہر رینجرز اور وزیر داخلہ میں پیش آنے والے تنازعے پر بھی بات کریں گے جبکہ کچھ سیاسی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی تھی جس کے بعد کسی قسم کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تھا ۔ اعلامیہ جاری نہ ہونے کے باعث میڈیا پر طرح طرح کی چہ میگوئیاں کی جا رہی تھیں اور اب ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
ایمزٹی وی(تجارت) پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی اوایل) نے اخلاص بلاک میں تیل اورگیس کا بڑاذخیرہ دریافت کیا ہے، یہ گزشتہ 5سال میں پنجاب میں تیل اورگیس کی بہت بڑی دریافت ہے، شمالی پوٹھوہارضلع اٹک میں جنڈیال کا کنواں اسلام آباد سے تقریباً 83 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔
اس میں پی او ایل 80 فیصد اوراٹک آئل کمپنی 20 فیصد حصے کی مالک ہے، یہ بلاک مشکل مگر اچھے علاقے میں واقع ہے جس کے اردگرد بہت سی آئل فیلڈز ہیں، انتہائی گہرے دریافتی جنڈیال۔1 کنویں کا پلان تھری ڈی سیسمک کے بعد شروع کیا گیا، یہ کنواں 18ہزار 497 فٹ کی مکمل گہرائی تک کھودا گیا تاکہ ایوثین اورپلیوثین کے کاربونیٹ ریزروائر کوٹیسٹ کیا جائے، ٹیسٹنگ کے دوران اچھی مقدار میں تیل وگیس دریافت ہوئے، چوک سائز 40/64 انچ اورکنویں کے بہاؤ کا دباؤ پی ایس آئی 3768پرتیل کی یومیہ پیداوار 2520 بیرل اور گیس کی پیداوار21ملین کیوبک فٹ ہے جبکہ چوک سائز32/64 انچ اورکنویں کے بہاؤ کا دباؤ پی ایس آئی 5364پر تیل کی یومیہ پیداوار2160 بیرل اورگیس کی پیداوار 19ملین کیوبک فٹ اورچوک سائز28/64 انچ اورکنویں کے بہاؤ کادباؤ پی ایس آئی 6290پر تیل کی یومیہ پیداوار1630بیرل اورگیس کی پیداوار16.5ملین کیوبک فٹ ہے۔
تیل کی اے پی آئی گریوٹی تقریباً 40ڈگری اورگیس کی بی ٹی یو/ایس سی ایف 1161ہے، اس گیس میں 86فیصد میتھین، 7.2فیصد ایتھین اور 2.9 فیصدپروپین ہے اور اس کے ہرملین کیوبک فیٹ گیس سے تقریباً 2.5 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل ہوگی، اس کنویں کی پیداوار تقریباً 2 ہفتوں میں شروع ہوجائے گی، اسٹرکچرالی جنڈیال جو تھرسٹیڈ اینٹی کلائین ہے اوریہ ڈھرنال فیلڈزکے شمال میں واقع ہے اس کے ریزوائر جو چورگلی ہے کا ایریا تقریباً 15اسکوائر کلومیٹرہے، ابتدائی تخمینہ کے مطابق یہ دریافت تقریباً 292 ارب اسٹینڈرڈکیوبک فٹ گیس اور تقریباً 23 ملین بیرل تیل کا ذخیرہ لیے ہوئے ہے، جنڈیال کی دریافت نہ صرف ملک کی توانائی کی ضرورت کوپورا کرے گی بلکہ مستقبل میں اردگردکے علاقوں میں تیل اورگیس کی تلاش میں بھی اس کا مثبت اثرہوگا۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ بلوچستان ایک بڑی معاشی تبدیلی کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ میں آزاد ریاست کے پوسٹر اٹھانے والوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی جانب سے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خدمت کا موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔
کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک بڑی معاشی تبدیلی کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہے، اگر ہم سب ملکر کام کریں تو پاکستان کو ایک مثالی ریاست بنا سکتے ہیں جبکہ سوئٹزرلینڈ میں آزادی کے پوسٹر اٹھا کر کھڑے ہونے والوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، دیار غیر میں دوسروں کا ایجنڈ ا چلانے والے غلطی پر ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی) کراچی میں خواتین پر تیز دھار آلے سے حملوں میں اضافے پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟ ملزم نے کونسی سلیمانی ٹوپی پہنی ہوئی ہے؟ حقیقت ہے یا کوئی فلم چل رہی ہے۔
نو دن میں چودہ واقعات کے بعد بھی پولیس ملزم تک پہنچنے میں ناکام ہے، اور ہر بار وردات کے بعد مقدمہ درج کرنے پر ہی اکتفا کررہی ہے۔
مراد علی شاہ نے اس معاملے پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آئی جی سندھ کو جلد ملزم پکڑنے کے احکامت بھی جاری کر دیئے۔
کراچی میں امن کے بڑے بڑے دعوے کرنے والی پولیس آخر کب اس چھلاوے کو پکڑنے میں کامیاب ہوگی؟ یہ سوال اب کراچی میں ہر خاص و عام کررہا ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں خواتین پر چاقو حملوں کا سخت نوٹس لے لیا
۔
لاہور سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہر ماں بہن بے نظیر بھٹو ہے اور ان کا تحفظ سب پر فرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے کرنے والے فوری گرفتار ہونے چاہیے ورنہ انگلیاں اٹھیں گی۔ پیپلزپارٹی معصوم خواتین پر حملے برداشت نہیں کرے گی۔
ایمزٹی وی(کراچی)برطانیہ کی شاہی فضائیہ کا بین الاقوامی شہرت یافتہ’ریڈایروز اسکواڈ‘ آج کراچی میں فضائی مظاہرہ کرے گا۔ پاک فضائیہ کے طیارے بھی اس ایئرشو میں حصہ لیں گے۔
ایئر شو آج کراچی میں سی ویو کلفٹن پر ہوگا جس میں برطانیہ کے ریڈ ایرو اور پاک فضائیہ کےJF-17 تھنڈر طیارے حصہ لیں گے۔
عوام کو یہ ایئر شو دیکھنے کی عام اجازت ہوگی۔ اعلیٰ حکومتی، سول اور فوجی اہلکاروں کے علاوہ برطانوی ہائی کمشنر بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ پروگرام کے مطابق ایئر شودوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ ایئرشو کا اہتمام پاک فضائیہ نے کیا ہے
ایمزٹی وی(کراچی)کراچی میں چاقو سے خواتین کو زخمی کرنے والا شخص قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے درد سر بن گیا، ملزم کہاں سے آتا ہے؟ کہاں جاتا ہے؟ کس آلے سے وار کرتا ہے؟ پولیس کچھ پتا نہ لگا سکی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم بائیں ہاتھ سے وار کرتا ہے، اگر وہ نفسیاتی ہوتا تو ہر واردات منظم نہ ہوتی، جبکہ گزشہ روز گلشن اقبال میں ہونے والے واقعے کی رپورٹ دو تھانوں کے درمیان حدود کے تنازع کے باعث اب تک درج نہ کی جاسکی
گزشتہ روز گلشن اقبال میں مزید 5 خواتین کونشانا بنایا گیا،اس سے قبل گلستان جوہر میں کئے گئے حملوں میں تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم نفسیاتی ہے لیکن گزشتہ روز کے واقعات کے بعد تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نفسیاتی ہوتا تو ہر واردات منظم نہ ہوتی، اب تک ہونے والی کسی بھی واردات میں ملزم کو شناخت کرنا ناممکن ہے۔
ادھرگلشن اقبال بلاک 9 میں ہونے والے واقعے پر شارع فیصل تھانے اور عزیز بھٹی تھانے مین حدود کے تنازع پر واقعہ کی رپورٹ اب تک درج نہ کی جاسکی۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز خواتین پر ہونے والے 5 حملوں میں سے2 کے مقدمے شاہراہ فیصل تھانےمیں درج کرلیے گئے، واقعات گلشن جمال اور گلشن اقبال بلاک 10اےمیں پیش آئے۔
پولیس کے مطابق مقدمات زخمی سونیا اورنورین کےاہل خانہ کی مدعیت میں درج کیے گئے۔ مقدمات نامعلوم حملہ آور کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق شارع فیصل تھانے میں اب تک خواتین پر حملوں کے 6 مقدمات درج کیے چکے ہیں۔