ایمز ٹی وی ( اسلام آباد) ہائی کورٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف عدالتی کارروائی روکنے اور ان پر فرد جرم عائد کرنے کے خلاف درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے اور فرد جرم معطل کی دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے وزیر خزانہ کی درخواستوں کی سماعت کی ۔اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا گیا، جب تک انوسٹی گیشن مکمل نہ ہو عبوری ریفرنس فائل نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت عالیہ نے دلائل سننے کے بعد اسحاق دار کی تمام درخواستیں مسترد کردی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے قرار دیا کہ جب فرد جرم عائد ہو چکی اور 27 ستمبر کو حکم نامہ پر عملدرآمد ہو گیا تو اس کے بعد درخواست غیر موٴثر ہو چکی ہیں،
ہمارے پاس احتساب عدالت کے کام کے طریقہ کار میں مداخلت کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ نے عدالتی کارروائی کے جائزے کے لیے ایک نگران جج مقرر کیا ہے اور ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کی تشریح نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردیا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)قومی اسمبلی سے الیکشن بل کی منظوری کے معاملے پرمشاورت کیلئے عمران خان نے پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے بنی گالہ میں قومی اسمبلی سے الیکشن بل کی منظوری کے معاملے پر مشاورت کیلئے آج سہہ پہر تین بجے پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں نوازشریف کی نااہلی ختم کرنے کی شق کی مخالفت کی حکمت عملی طے کی جائے گی، شق کے معاملے پر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پربھی غورہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمودقریشی اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والے رابطوں پر بریفنگ دینگے۔
اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اورچیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا جب کہ تحریک انصاف کی رابطہ عوام مہم کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ ہمارے خلاف 28 جولائی کو فیصلہ آیا جسے ہم نے من و عن قبول کیا لیکن اس فیصلے کو تاریخ اور عوام قبول نہیں کرتے۔ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا جس طرح آج نوازشریف کے حق میں فیصلہ آیا، پورا یقین ہے کہ الیکشن میں عوام ن لیگ اور نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس بات کا دعویٰ کرتا ہوں جو آمریت 8 سال ملک میں مسلط رہی وہ اپنے کام دکھائے۔
ٹیلی ویژن پر بات کرنے والے آمریت کے 8 سال اور پی پی کے 5 سالہ منصوبے دیکھ لیں، اگر ہمارے منصوبے ان سے 100 گنا زیادہ نہ ہوئے تو ہم حکومت چھوڑنے کو تیا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو مینڈیٹ آپ نے آج نوازشریف کو دیا وہ الیکشن میں عوام انہیں دیں گے، لیڈر عوام کے دل میں ہوتا ہے، وہ عدالتوں کے فیصلوں سے نہیں ختم ہوتا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ توقع رکھتا ہوں کہ نوازشریف اور ان کی جماعت، ہم سب مل کر ملک کے مسائل ختم کریں گے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاناما نہیں ، اقامہ پر وزیراعظم کو نکال دیا جاتاہے،تم مجھے بے دخل کرتے جاؤ،یہ عوام مجھے دوبارہ داخل کرتے جائیں گے۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے نا اہل کیے جانے کی وجہ مجھ سے زیادہ آپ جانتے ہیں،مجھے کسی کرپشن یا بدعنوانی کے جرم میں نااہل نہیں کیا گیا،
صرف اس جرم میں نااہل کیاکہ نوازشریف نےبیٹےسےتنخواہ کیوں نہیں لی، مجھے عوام کی نمائندگی سے نااہل قرار دےدیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی لالچ نہیں، کوئی ذاتی مفاد نہیں اور کسی قسم کا کوئی غلط کام نہیں کیا،بتانا چاہیے تھا کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی۔تحقیق کرلیں وزارت عظمیٰ کی بھی تنخواہ لیتاتھا یا نہیں شاید کوئی اور فرد جرم بن جائے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے میرا راستہ روکنے کے لیے کالا قانون بنایا ،ڈکٹیٹر مشرف کو قانون واپس لوٹا رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ستر سال سے ملک کے ساتھ یہی کچھ ہوتارہاہے،کیا اسباب تھے جن کی وجہ سے ملک بحران کا شکار ہوتارہا،وہ کیا اسباب تھے جن کے باعث ہم دوسرے ممالک سے پیچھے رہ گئے،ہم نے اتنے بڑے سانحات سے بھی کچھ نہیں سیکھا۔جوقومیں پرانی روش پر اڑی رہتی ہیں وقت انکا انتظارکیے بغیر آگے نکل جاتاہے،اگرحالات بدلنے کی کوشش نہ کی توپاکستان ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔ جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میںسابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے خلوص کےساتھ ملک کی خدمت کی ہے،ستربرس بعدبھی پی ایم ایل این ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ وکلا کنوشن میں پوچھے بارہ سوالات کے جواب نہیں ملے ،یہ سوالات میرے ساتھ انصاف کی پوری کہانی ہیں،انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ کیا آپ میرے ساتھ مل کر حالات کو بدلنے کی کوشش کریں گے؟ ا
نہوں نے کہا کہ اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کرتاہوں،ہم نے کسی کے مینڈیٹ میں آج تک کوئی رخنہ نہیں ڈالا، خیبرپختونخوا میں طاقت کے باوجود مداخلت نہیں کی،ہمیں اب آگے کی طرف دیکھنا چاہیے۔ سابق وزیراعظم نے مزیدکہا کہ عوامی مینڈیٹ کی توہین نہ کی جائے،اقتدار کے دروازے کی کنجی صرف عوام کے پاس ہو،حکومت وہ کرے جسے عوام ووٹ دیں۔
ایمز ٹی وی(حیدرآباد ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سیکورٹی خدشات ہیں، جس کے باعث تین روز کیلئے موبائل فون سروس بند کی گئی، عوام سے معذرت خواہ ہوں۔ حیدرآباد میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اسٹیشن روڈ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم جس ماحول میں رہ رہے ہیں سیکورٹی تھریٹس ہر وقت ہوتے ہیں‘ سیکورٹی خدشات کے حوالے سے انٹیلی جنس اطلاعات موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے اور کسی کو بھی احتساب کے عمل سے باہر نہیں ہونا چاہئے‘ مجھ سمیت تمام لوگوں کا احتساب کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 21 سال بعد بوہری جماعت کے امام کراچی آئے تھے جب ان کے والد وزیر اعلیٰ تھے وہ اس وقت یہاں آئے تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ‘ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال‘ صوبائی وزراءجام خان شورو اور امداد پتافی بھی موجود تھے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہتے ہیں ایک شخص کو بچانے کے لئے الیکشن بل پاس کرایا گیا،ن لیگ چاہتی ہے نواز شریف کو نا اہلی کے باوجود سسٹم میں اہل تصورکیا جائے ،ایسا لگتا ہے مسلم لیگ ن نے تصادم کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مجھےقومی اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی کا علم نہیں ہے،بل کی منظوری سےمتعلق پتانہیں چلا میں اس لاعلمی کااعتراف کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عمران خان اور ن لیگ کا مقابلہ ہوگا،
پیپلزپارٹی حریف نہیں جبکہ سندھ میں عمران خان پیپلزپارٹی سےلڑنےجارہےہیں،ن لیگ کا نام و نشان نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کو صرف اس بات سے دلچسپی ہے کہ چیئرمین نیب ان کی پارٹی کا ہو۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ملکی سیاست میں رواں مہینہ بھی انتہائی اہم ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر کامرس پرا ئیویٹ پارٹII اور انٹر ہوم اکنامکس سال اول کے سالانہ امتحانات برائے 2017 کے نتائج کا اعلان منگل تین اکتوبر کو دو بجے انٹر بورڈ میں کیا جائے گا۔