ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) احتساب عدالت نے نواز شریف کے بچوں مریم، حسن اور حسین نواز کو قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے لندن کے پتے پر نوٹس ارسال کردیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 2 روز قبل سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں اور داماد کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی طلبی کے باوجود حاضر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق جاری ہونے والے نوٹسز کی ایک کاپی لاہور اور دوسری کاپی لندن میں مریم، حسن اور حسین نواز کے نام بھیجی گئی ہے ، پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھجوائے گئے وارنٹ گرفتاری پر ایون فیلڈ فلٹیس لندن کا پتہ درج ہے۔ عدالت نے نوازشریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کو بھی طلبی نوٹس لندن کے پتے پر بھجوایا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کے قیام کو15برس مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کراچی کی این ای ڈی یونی ورسٹی میں کیا گیا، اس تقریب میں مہمانِ خصوصی گورنر سندھ محمد زبیرنے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ جامعات کی ترقی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔وفاقی حکومت حیدر آباد میں جامعہ تعمیر کرے گی جبکہ کراچی یونی ورسٹی میں میڈیکل کالج بھی قایم کیا جائے گا۔
مزید کہنا تھا کہ ایچ ای سی کے کارہائے نمایاںمیں جامعات میں شعبہ جات، طالبِ علموں کی تعداد اور پی ایچ ڈی فیکلٹی میں اضافہ قابلِ تحسین ہے۔اس موقع پر معروف گلوکار شہزاد رائے کی آمد پر ان تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے گورنر سندھ نے ان کے لیے اعزازی ڈگری کی سفارش بھی کی۔
جامعہ میں منعقدہ اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر این ای ڈی یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ پچھلے 15برس میں تعلیمی میدان میں انقلابی سرگرمیوں کا سہراایچ ای سی کے سرہے، جس کا ثبوت تعلیم کا بڑھتا معیار ہے۔ان کا کہنا تھاکہ یہknowelgde economic era ©ہے اور قوم کی ترقی اسی پر منحصر ہے۔
مزید کہا کہ 2021 میں این ای ڈی یونی ورسٹی اپنا صد سالہ جشن منانے جارہی ہے جس میں ایچ ای سی کا تعاون حاصل رہے گا۔ایکٹنگ ایگزیکٹو ڈائریکٹرایچ ای سی رضا بھٹی نے فیکلٹی ڈیویلپمنٹ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ، فارن اسکالر شپس، ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ، ڈیویلپمنٹ آف انٹرپرنورل کلچر، ٹیکنالوجی پارک کے حوالے سے ایچ ای سی کی پندرہ سالہ کارکردگی کا ذکرکیا۔
اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹرایچ ای سی جاوید میمن ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل، وائس چانسلر سرسید یونی ورسٹی ڈاکٹر افضل حق،وائس چانسلر لیاری یونی ورسٹی ڈاکٹراختر بلوچ ، وائس چانسلر ڈاو ¿ یونی ورسٹی ڈاکٹر خاور جمالی سمیت بزنس کمیونٹی کی معروف شخصیات اوردیگر جامعات کے طالبِ علموں کی بھی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ کراچی یونی ورسٹی، سرسید یونی ورسٹی، بحریہ یونی ورسٹی،اقرا یونی ورسٹی، سندھ مدرسة السلام ،ڈاؤیونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، داؤد یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر جامعات کے طالبِ علموں نے اپنے پروجیکٹس کی نمائش بھی کی جب کہ مہمانوں کو ایگزی بیشن ایریا کا دورہ بھی کروایاگیا

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کےشہنشاہ امیتابھ بچن اوران کی بہواداکارہ ایشوریا رائے نے پاناما پیپرز کی تحقیقات کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹر(ای ڈی) کے ساتھ اپنے مالی معاملات کی دستاویزات بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرادیں۔
پانامالیکس اورآف شورکمپنیوں کی حقیقت نے دنیا میں ہلچل مچادی ہے، پاناما دستاویزات سامنے آنے کے بعد عالمی سیاسی رہنماؤں سمیت شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنےوالے بڑے بڑے نام بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد کئی عالمی رہنماؤں نے اپنے عہدوں سےاستعفیٰ دے دیا۔
صرف عالمی رہنماؤں کے ہی نہیں بلکہ بھارتی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ امیتابھ بچن اوران کی بہوایشوریا رائے بچن کے نام بھی پاناما پیپرزمیں سامنے آئے، بھارتی عوام امیتابھ بچن کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ ان کی پوجا کرتے ہیں لہٰذا ان کا نام سامنے آنے کے بعدبھارت میں غیریقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، تاہم امیتابھ بچن نے اپنےاوپرلگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا آف شورکمپنیوں سے کوئی تعلق نہیں ہےاورانہوں نے جو بھی پیسہ باہربھیجا وہ قانونی طریقے سے بھیجا تھا۔
تاہم بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نےسابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد بھارت میں بھی کارروائیوں کا آغاز تیز کرتے ہوئے اگست میں پاناما پیپرز کیس میں شامل 33 افراد کے خلاف تحقیقات کا آغازکرنے کا اعلان کیا تھا جن میں امیتابھ بچن اورایشوریا رائے کا نام بھی شامل تھا، اپنے خلاف تحقیقات ہونے پرامیتابھ بچن بہت تلملائے تھےاورایک بارپھرتمام الزامات کی تردید کی تھی لیکن بھارتی حکومت اب اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے لہٰذا امیتابھ بچن اورایشوریا رائے کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات اورجائیداد کے کاغذات جمع کرانے ہی پڑے۔
واضح رہے کہ 2015 میں پاناما لا فرم کے ریکارڈکے مطابق امیتابھ بچن کانام 1993 سے لے کر1997 تک چارآف شورشپنگ کمپنیوں کے ڈائریکٹر کے طورپرسامنےآیا تھا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماجی کارکن آمنہ ملک کی جانب سے دائرکی گئی تھی، جو رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر واپس کردی ۔ رجسٹرار آفس کا موقف تھا کہ درخواست گزار کی جانب سے درخواست کے ساتھ ہائیکورٹ کا 24 اگست کا حکم منسلک نہیں کیا گیا ۔
درخواست گزارکی جانب سے موقف اختیارکیا گیا تھا کہ نوازشریف تواتر کے ساتھ سپریم کورٹ اور ججز پر تنقید کر رہے ہیں، عدلیہ مخالف بیانات اور تقاریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہیں جس کے باعث درخواست گزار نے استدعا کی کہ نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کے خلاف اس کی بیٹنگ جاری ہے، سری لنکن کپتان دنیش چندی مل کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تاہم امید ہے کہ ٹیم اس بار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے، قومی ٹیم کی کپتانی بہت بڑا اعزاز ہے ٹیم میں لڑکوں نے بہت محنت کی۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں حارث سہیل کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، یاسر شاہ، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی شامل ہیں، ٹیسٹ کیپ ملنے کے بعد حارث سہیل پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے والے 229 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریزمیں فتح سے بھی پاکستانی رینکنگ پوزیشن پر اثر نہیں پڑے گا۔
پاکستانی ٹیم اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں 93 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔آج سے شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سری لنکا پر کلین سوئپ فتح پائے تو اس کو ایک ساتھ 4 پوائنٹس میسر آئیں گے، جس سے مجموعی پوائنٹس بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ و آسٹریلیا کے برابر 97 ہوجائیں گے، البتہ اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے گرین کیپس کو بدستور چھٹے نمبر پر ہی رہنا پڑے گا۔
اگر ابوظبی اور پھر دبئی میں کھیلے جانے والے ان ٹیسٹ میچز میں سے کسی ایک میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور دوسرا ڈرا ہو گیا تو پھر پاکستانی ٹیم ساتویں نمبر پر چلی جائے گی، اس کی جگہ سری لنکا چھٹا نمبر سنبھال لے گا۔ پاکستان اگر 1-0 سے فتح پائے تو اس کے پوائنٹس 95 ہوجائیں گے، سیریز ڈرا ہونے پر ایک پوائنٹ کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم پھر بھی سری لنکا پر 2 پوائنٹس کی برتری موجود رہے گی۔
سری لنکا کی سیریز میں کسی بھی مارجن سے کامیابی گرین کیپس کے ساتویں نمبر پر تنزلی کا باعث بنے گی۔ دوسری جانب جمعرات سے ہی پوشف اسٹروم میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان 2میچز کی سیریز شروع ہورہی ہے، اگر بنگلادیش اس سیریز کو برابر کرے تو وہ ویسٹ انڈیز کی جگہ آٹھویں نمبر پر آجائے گا،اگر جنوبی افریقہ ہارا تو پھر اسے دوسری پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے تاہم اس صورت میں انگلینڈ اس کی جگہ سنبھال لے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم بے خوف ہو کر پاکستان آئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، چاہتے ہیں کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان آ کر کھیلے، سری لنکن ٹیم مضبوط حریف ہے، ان کو ٹف ٹائم دیں گے، اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے آئی لینڈرز کو یقین دلایا کہ پاکستان میں انہیں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہوں گے۔ ورلڈ الیون کا کامیاب ٹور اس کی دلیل ہے، سری لنکن ٹیم بھی بلا جھجک پاکستان آ کر کھیل سکتی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم پر افغان خاتون نے دھوکہ دہی کا الزام عائد کردیا۔
گزشتہ روز عماد وسیم پر الزامات کی خبر سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی،دونوں کی تصاویر بھی گردش کرتی رہیں، کرکٹر اور افغان خاتون کے درمیا ن واٹس ایپ پر ہونے والی چیٹ کا مبینہ اسکرین شاٹ بھی سامنے آیاہے جس میں عماد وسیم مبینہ طور پر اس خاتون کو شادی کی پیشکش کر رہے ہیں، جواب میں افغان خاتون انتہائی حیرت کا اظہار کرتی ہے۔
دوسری جانب عماد وسیم نے خاتون کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ان تصاویر کو فوٹو شاپ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(روالپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کینٹ میں آرمی پبلک اسکول و کالج کا افتتاح کیا ۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ میں اسکول اور کالج کے قیام پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی پبلک اسکول پاک فوج کی جانب سے سوات کے عوام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا تحفہ ہے۔ سوات میں آرمی پبلک اسکول کا کیمپس جدید ترین سہولیات سے مزین ہے جس میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور آڈیٹوریم بھی شامل ہے۔
 
 
دوسری جانب آرمی چیف نے مہمند ایجنسی میں غلنئی تا مہمند گٹ سڑک کا افتتاح کردیا، ترجمان پاک فوج کے مطابق 41 کلومیٹر طویل سڑک کے 14 کلومیٹر پر مشتمل فیز ون کا افتتاح کیا گیا ہے، منصوبے میں مہمند ایجنسی میں 751 میٹر طویل ناہاکی ٹنل بھی شامل ہے، اس موقع پر آرمی چیف نے ایف ڈبلیواو کے تعمیراتی کام کو سراہا جب کہ قبائلی عمائدین نے سیکیورٹی اورترقیاتی منصوبوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
 
آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے فوج کی حمایت پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے ترقیاتی منصوبے نہایت اہم ہیں جب کہ ناوا پاس کے ذریعے غلنئی تا مہمند گٹ سڑک افغانستان کے ساتھ اہم تجارتی روٹ ثابت ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی) بھارت نے پاکستان کے خلاف سرحدی جارحیت کا اعتراف کرتے ہوئے اسے آپریشن ارجن کا نام دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان کے خلاف آپریشن ارجن کے نام سے نئی جنگ چھیڑ دی ہے۔ بھارتی میڈیا نے آپریشن کے دوران عام شہریوں اور سرحدی گھروں و کھیتوں کو نشانہ بنانے کا اعتراف بھی کرلیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ آپریشن ارجن کے دوران بھارتی فائرنگ سے 11 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں یہ حقیقت خود ہی تسلیم کرلی کہ پاکستان نے امن کے لیے کوششیں کیں اور جنگ بندی میں پہل کی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب کے ڈی جی میجر جنرل اظہر نوید نے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر کے کے شرما کو دو بار فون کرکے سرحد پر امن کے قیام کے لیے بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری روکنے کے لیے زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن ارجن کے دوران بھارتی سرحدی فوج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے 11 شہریوں کو جاں بحق کیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پچھلے سال بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف ’’آپریشن رستم‘‘ کیا تھا۔