ایمزٹی وی (کوئٹہ)امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 ایک آئینہ ہے اسے توڑنے کے بجائے خود کو ایماندار بناکر اپنے چہرے کو صاف کیا جائے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جب سے نوازشریف کے خلاف فیصلہ آیا اس دن سے ملکی آئین سے آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کی مہم شروع ہوگئی ہے، (ن) لیگ نے جی ٹی روڈ کا راستہ اختیار کرلیا اور کہا جانے لگا کہ کوئی بھی شخص صادق اور امین نہیں اور کوئی وزیراعظم پاک صاف نہیں ہوسکتا، یہ اسلامی معاشرے میں شرم کی بات ہے کیوں کہ اگر غیراسلامی ممالک کے آئین کو بھی دیکھا جائے تو وہاں بھی ملکی قیادت کا منصب سنبھالنے کے لئے دیانتدار ہونا لازم و ملزوم ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 اور 63 عام آدمی کے لئے نہیں بلکہ قوم کے منتخب نمائندوں کے لئے ہے اگر صادق و امین ہونا ضروری نہ ہو تو پھر جیلوں میں قید تمام ملزمان اور مجرمان کو رہا کردیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 ، 63 ایک آئینہ ہے اسے توڑنے کے بجائے اپنے چہرے کو صاف کیا جائے اوراپنے ضمیر و کردار کو درست کیا جائے اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اس شخص کو ٹکٹ نہ دیں جو آرٹیکل 62،63 پر پورا نہیں اترتا، یہ ملک مہذب قوم کا معاشرہ ہے جانوروں کا اصطبل نہیں کہ جو چاہے کرپشن کرے اور اپنی مرضی و منشا کے مطابق آئین میں ترمیم کرلے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن کا کینسر تمام اداروں میں موجود ہے اسی وجہ سے ہمارے ادارے ناکام ہوگئے ہیں، ریلوے، پی آئی اے، پی ٹی سی ایل اور اسٹیل ملز بھی کرپشن کی وجہ سے برباد ہوئی، ہم اسی کرپشن کے خلاف میدان میں اترے ہیں ہمارا کیس ایک شخص سے اختلاف نہیں اور ناہی ہم نے حکمرانوں کے مینڈیٹ کو چیلنج کیا ہم تمام سیاسی لوگوں کا مکمل احتساب چاہتے ہیں اور پاناما کیس میں شامل 436 افراد سے بھی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کل شام پانچ بجے پریس کانفرنس کا اعلان کردیا۔ زرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرداخلہ اتوار کو شام پانچ بجے پریس کانفرنس کریں گے۔ چوہدری نثار میڈیا خبروں میں نوازشریف کی ریلی میں اپنی عدم شرکت پرہونے والی چہ مگوئیوں پر بات کریں گے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ جارحانہ سیاسی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
پریس کانفرنس میں سابق وزیر داخلہ اپنی 4 سالہ کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کرینگے اور سابق وزیر اطلاعات پرویزرشید کی تنقید کا جواب بھی دینگے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا تھا کہ نوازشریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی جب کہ اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔ پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان چوہدری نثار نے کہا تھا کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا سارا بوجھ وزارتِ داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ہے، پرویز رشید میں یہ بھی اخلاقی جرات ہونی چاہیئے کہ قوم سے پہیلیاں بجھوانے کی بجائے سازش کے بارے میں کھل کر وضاحت کریں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج اور پاناما بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کیخلاف آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت 5 صفحات پر مشتمل ریفرنس دائر کردیا۔ دائر ریفرنس میں اسپیکر اسمبلی نے موقف اختیار کیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاناما کیس کے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں اور اس بنیاد پر پاناما کیس سے متعلق درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیا۔ ایاز صادق نے ریفرنس میں کہا کہ اسپیکر کو وزیراعظم کا وفادار اور جانبدار قرار دینا حقائق کے منافی ہے
اسپیکر ایوان کے ووٹوں سے منتخب ہوتا ہے اور اسپیکر کا دفتر کوئی تحقیقاتی ادارہ نہیں ہوتا، جب کہ سپریم کورٹ نے دس ماہ تک پاناما سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا اور اسپیکر کا اس حوالے سے کوئی کردار نہیں تھا۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف ریمارکس سے ذاتی عناد اور جانبداری کا تاثر ملتا ہے، معزز جج کے ان ریمارکس سے کئی منفی سوالات پیدا ہوگئے ہیں، عہدے پر برقرار رہنے سے معزز جج صاحب کو مزید متنازع فیصلوں کا موقع ملے گا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ریفرنس کو عدلیہ کے خلاف سازش قرار دے دیا۔
سیکرٹری سپریم کورٹ بار آفتاب باجوہ نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف کسی قسم کی محاذ آرائی قبول نہیں، سپریم کورٹ کے جج معزز ہیں اور سپریم کورٹ بار عدلیہ کے ساتھ ہے۔ دھر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق ایسا کوئی ریفرنس دائر نہیں ہوا۔ قانونی ماہرین کے مطابق ریفرنس دائر کیے جانے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل ابتدائی سماعت کرکے ریفرنس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے گی۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں ہائی کورٹس کے دو چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز شامل ہوں گے
ایمزٹی وی (پشاور)شہر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافے کے بعد صوبائی حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق خیبرپختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں ڈینگی نے ایک بار پھر وار شروع کردیئے ہیں اور علاقہ تہکال، پشتہ خرہ، سفید ڈھیری سمیت 5 یونین کونسلز میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد اب 800 سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ ڈینگی وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد صوبائی حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے
جب کہ شہر کے تمام بڑے اسپتالوں میں خصوصی سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے پی کے مطابق ڈینگی کے حوالے سے اب تک 4 ہزار 9 سو افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے اور ڈینگی وائرس میں اضافے کے بعد آج پنجاب سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں پشاور پہنچ رہی ہیں۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ فیصلہ متفقہ طور پر 5 رکنی کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عوامی نمائندگی ایکٹ اور آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کا اختیار رکھتا ہے اور عمران خان کے خلاف کارروائی آئین کے آرٹیکل 103 اے، 204 عوامی نمائندگی ایکٹ اور توہین عدالت آرڈیننس کے تحت کی جارہی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے مختلف کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کسی بھی شخص کی درخواست پر توہین عدالت کی کارروائی کرسکتا ہے ملک کی مختلف عدالتوں میں توہین عدالت کی ہزاروں درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ اور الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست پٹیشنر نے دائر کی جو کیس کا براہ راست فریق ہے جب کہ عمران خان نے یکم جنوری 2017 کو توہین آمیز ریمارکس پر تحریری طور پر معافی نہیں مانگی۔
کیس کی سماعت میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل میں کہا تھا کہ توہین عدالت کا معاملہ فرد اور عدالت کے مابین ہوتا ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کے دلائل مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کی باضابطہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوز کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔
ایمزٹی وی (کراچی)پاکستان کی مدر ٹریسا کہلانے والی معروف جرمن سماجی کارکن ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رتھ فاؤ مختصر علالت کے بعد 10 اگست 2017 کو کراچی میں انتقال کرگئی تھیں، ان کی آخری رسومات سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل میں ادا کرنے کے بعد ان کا جسدِ خاکی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کراچی کے گورا قبرستان میں دفنایا جاچکا ہے
جہاں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے ان کی قبر پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور ان کی قبر پر پھول بھی چڑھائے۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عظیم سماجی کارکن کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر سیکیورٹی پاسز جاری کیے گئے ہیں جب کہ اس موقع پر شاہراہ عراق کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے جبکہ شاہراہِ فیصل کو جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر رُتھ فاؤ نے 1960 میں پاکستان میں جذام کے خاتمے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، کراچی میں انہوں نے سسٹر بیرنس کے ساتھ میکلوڈ روڈ پر ڈسپنسری سے کوڑھ کے مریضوں کی خدمت شروع کی پھر کچھ عرصے بعد میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر کی بنیاد رکھی، یہ سینٹر 1965 تک اسپتال کی شکل اختیار کر گیا۔ حکومت پاکستان نے1979 میں ڈاکٹر رُتھ فاؤ کوجذام کے خاتمے کے لیے وفاقی مشیربنایا اور1988 میں ڈاکٹر رُتھ فاؤ کو پاکستان کی شہریت سے نوازا گیا۔ ڈاکٹررتھ فاؤ کی گراں قدر خدمات پرانہیں ہلال پاکستان، ستارہ قائداعظم، ہلالِ امتیاز، جناح ایوارڈ اورنشان قائداعظم سے نوازا گیا
جب کہ ڈاکٹررُتھ فاؤ کو جرمن حکومت نے بیم بی ایوارڈ اور آغا خان یونیورسٹی نے ڈاکٹرآف سائنس کا ایوارڈ دیا۔ ڈاکٹررُتھ فاؤ ہی کی کوششوں سے پاکستان سے جذام کا خاتمہ ہوا اورعالمی ادارہ صحت نے 1996 میں پاکستان کوجذام پرقابو پانے والا ملک قراردیا جب کہ پاکستان ایشیاء کا پہلا ملک تھا جس میں جزام پرقابو پایا گیا۔
ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی)مہران یونیورسٹی کے 18 شعبوں کے 400طلبہ و طالبات نےاساتذہ کے ہمراہ مختلف گروپوں کی صورت میں لیاقت میڈیکل اسپتال جامشورو اورقاسم آباد تعلقہ اسپتال کے بچوں کے شعبے کی صفائی کی ، کینسر وارڈ میں مریضوں کے ساتھ جشن آزادی کیک کاٹااور مریضوں میں فروٹ تقسیم کیا، اس کے علاوہ قاسم آباد حیدرآباد میں قائم یتیم بچوں کے سینٹر پر ان بچوں کے ساتھ دن گذارا ۔گل سینٹر حیدرآباد پر پاکستان چوک پر ٹریفک کا انتظام سنبھالنے والی سرگرمیوںکے علاوہ طلبہ نے سندھ یونیورسٹی سوسائٹی کے قریب شورا گاؤں میں میڈیکل کیمپ قائم لگایا۔
ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی)وفاقی جامعہ اردو کی سنڈیکیٹ کا 35واں اجلاس قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کی صدات میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق رئیس کلیہ فنون، جامعہ کراچی اور ڈائریکٹر شاہ عبدا لطیف چیئر پروفیسر سلیم میمن اور سابق صدر شعبہ طبیعیات ، جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد انیس کو بطور اراکین سلیکشن بورڈ منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں سنڈیکیٹ کے34ویں اجلاس کی رواداد کی توثیق بھی کی گئی
ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی)مہران یونیورسٹی جامشورو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپورمیرس میں سال 2017-18 (17بیچ ) میں داخلے کے لئے آن لائن فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے ․ تفصیلات کے مطابق مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے ڈائریکٹر ایڈمیشن نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ آن لائن داخلہ فارم بھرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 23اگست 2017مقرر کی گئی ہے۔