جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(حیدرآباد ) کرسچن پیس الائنس حیدرآباد کے رہنماؤں ندیم بھٹی، افضال مسیح و دیگر نے ڈاکٹر روتھ فاؤ کی تدفین و آخری رسومات پاکستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے پر پاکستانی مسیحی قوم کی جانب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ایک مسیحی خاتون نے وطن عزیز میں دکھی انسانیت کے لئے عظیم خدمات انجام دیں اور لگن، محنت اور بے لوث خدمت سے پاکستان بھر میں جزام (کوڑھ) کے ہزاروں مریضوں کی زندگیوں میں تبدیلی کا سبب بنیں اور پاکستان کو ایشیا میں جزام ( کوڑھ) کے مرض سے پاک پہلے ملک کا درجہ دیا۔ ڈاکٹر روتھ فاؤ کی انسانیت کے لئے خدمت ناقابل فراموش ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) (لاہور) حملے کے سب سے متاثرہ سری لنکن پلیئر تھلان سماراویرا نے بھی آئی لینڈرز کے پاکستان جانے کی حمایت کردی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی جس کا سابق بیٹسمین تھلان سمارا ویرا نے بھی خیرمقدم کیا ہے، 2009 میں لاہور میں دہشتگرد حملے میں سب سے زیادہ زخمی بھی تھلان سمارا ویرا ہی ہوئے تھے تاہم وہ اب آسٹریلیا میں اپنی اہلیہ اور2 بیٹیوں کے ساتھ مقیم ہیں جب کہ حال ہی میں انھوں نے بنگلادیشی ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ بھی کام کیا ہے۔

سمارا ویرا نے کہاکہ پاکستان ایک زندہ دل قوم کا ملک ہے اور میں اپنے بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، پاکستانی شائقین کو اپنے ہوم گراؤنڈز پر کرکٹ دیکھنے ہوئے عرصہ ہوچکا، میں ان کے جذبات سمجھتا ہوں کیونکہ ایسی صورتحال 1996 میں ہمیں بھی درپیش تھی۔ جب آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا اور ورلڈ کپ میں اپنی پوائنٹس بھی فورفیٹ کردیے تھے۔ سابق اسٹار نے کہا کہ پاکستان کے ٹور کیلیے کھلاڑیوں کواپنا فیصلہ کرنے کا اختیار دینا اور صرف ان کو ہی منتخب کرنا چاہیے جو خود ٹور پر جانے کیلیے راضی ہوں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(جیکب آباد) آزادی ٹرین گزشتہ روز جیکب آباد اسٹیشن پہنچی تو شانداراستقبال کیاگیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اورقومی ترا نہ بجا یا گیا آزادی ٹرین کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد اسٹیشن پہنچی آزادی ٹرین مختصر قیام کے بعد سبی روانہ ہوگئی جس کی واپسی 25اگست کو جیکب آباد ہوگی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(حیدرآباد) حیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے دوران واسا کے پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی بند،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز متاثرہ علاقوں اور واسا کے پمپنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گئے،ضلعی انتظامیہ کی مداخلت پر حیسکو نے واسا کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی بحال کردی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پیر کے روز ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں اور مختلف پبلک مقامات اور اہم شاہراہوں پرپانی جمع ہے،ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور ایڈیشنل کمشنر (ون) اور ایڈیشنل کمشنر (ٹو )کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد مذکورہ افسران اور اسسٹنٹ کمشنر( سٹی)،اسسٹنٹ کمشنر (لطیف آباد) اور( قاسم آباد) کی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور عملے کے ہمراہ متاثرہ علاقوں اورواسا کے پمپنگ اسٹیشنز پہنچ گئے

،واسا انتظامیہ نے بتایا کہ ڈیزل کی عدم فراہمی اور بجلی کی بندش کے باعث پمپنگ اسٹیشن بند ہیں جس پر ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے حیسکو کے اعلیٰ افسران سے فوری رابطہ کرکے واسا کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی بحالی کرائی جس کے بعد نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میئر اور میونسپل کمشنر سے بھی رابطہ کرکے ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور 24 گھنٹے میں تمام علاقوں سے پانی نکالنے کی ہدایت کی ہے

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 70 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔
چئیرمین نیپرا طارق ستوزئی کی سربراہی میں نیپرا میں بجلی کے ٹیرف میں ردو بدل کی سماعت ہوئی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں جولائی کے لیے بجلی کے نرخوں میں ایک روپیہ 70 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی تھی۔
نیپرا نے درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو 20 ارب روپے کا ریلیف ملے گا جو آئندہ بلوں میں دیا جائے گا جب کہ نرخوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت 3 سو یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین پر نہیں ہو گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم/کراچی) میٹرک بورڈ کراچی نے گرین لائن پروجیکٹ کے سربراہ اور گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری صالح فاروقی سےمیٹرک بورڈ اور اس کے اطراف میں فوری سڑک اور فٹ پاتھ کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ۔ بورڈ کے سیکرٹری محمد علی شائق نےصالح فاروقی کے نام خط میں کہا ہے کہ بورڈ اور اس کے اطراف میں واقع تعلیمی اداروں میں روزانہ ہزاروں طلبہ، والدین، اساتذہ اور ملازمین آتے جاتے ہیں مگر ٹوٹی ہوئی سڑک، فٹ پاتھ کچرے اور گندے پانی کے باعث آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، خط میں فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اس کی کاپی مئیر کراچی کو بھی ارسال کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ میٹرک بورڈ کے سامنے گرین لائن پروجیکٹ پر کام جاری ہے پل کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے مگر اطراف میں کام انتہائی سست ہے، انٹر چینج پل کا بھی غلط استعمال ہو رہا ہے،پل پر رانگ سائیڈ آنے جانے اور اطراف میں سڑکوں کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام رہتا ہے کس نے کہاں جانا ہے یہ کسی کو نہیں پتا ، انٹر چینج پر عبارت اردو کے بجائے انگریزی میں درج کردی گئی ہے گزشتہ ایک سال سے بورڈ کی سڑک شدید متاثر ہے، گٹر ابل رہے ہیں، بارش کا پانی موجود ہے لیکن کسی کو کوئی پرواہ نہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہاکی میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کیلیے میدان میں آ گئی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جب بھی حالات کشیدہ ہوتے ہیں تو دوسرے شعبوں کی طرح اس کا منفی اثر دونوں ملکوں کے کھیلوں پر بھی پڑتا ہے، پی ایچ ایف کی بھرپورکوششوں کے باوجود گزشتہ ایک عشرہ سے دونوں ملکوں کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہاکی سیریز طے نہیں ہو سکی ہے۔

ایشین ہاکی فیڈریشن بھی سمجھتی ہے کہ موجودہ حالات میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہاکی مقابلے پاکستان یا بھارت میں ہونے کا امکان کم ہی ہے اس لیے حکام نے روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کروانے کی آپشن پرغور شروع کر دیا ہے۔ ڈھاکا میں ایشیا کپ کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طیب اکرام کا کہنا ہے کہ ہماری تنظیم روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے ڈھاکا میں کروانے کے آپشن پر غورکررہی ہے

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا چارج سنبھالا تو میرا مقصد ایشیا کپ کو دوبارہ ڈھاکا میں واپس لانا تھا اور مجھے خوشی ہے کہ بنگلادیش طویل عرصہ کے بعد ایشیائی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے. بنگلادیش اس وقت عالمی رینکنگ میں 278 پوائنٹس کیساتھ 34ویں نمبر پر ہے۔ بنگلادیش کی ٹیم اب تک کھیلے گئے ایشیا کپ کے 9 ایڈیشنز میں ایک بار پھر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہی تاہم ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو امید ہے کہ بنگال ٹائیگرز دنیا کی ٹاپ ٹیموں میں آنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بنگال ٹائیگرزمیں دنیا کی ٹاپ ٹیم بننے کے تمام لوازمات موجود ہیں اور بنگال ٹائیگرز نے اسی طرح محنت کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ بڑی ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم/کراچی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے مطابق کراچی اسلام آباد اور راولاکوٹ میں ہونے والے بی اے( سال اول) پرائیویٹ سالانہ امتحانات2015منعقدہ امتحانات دسمبر2016کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کراچی میں ہونے والے امتحان میں630طلباء رجسٹرہوئے جن میں 582طلباء نے امتحانات میں شرکت کی اور 134طلباء کامیاب قرار پائےجبکہ مجموعی رزلٹ فیصد23.02رہا۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم کے مطابق بی اے، بی کام ، ایم اے اور مدارس(پرائیویٹ) کے خصوصی امتحانات کی رجسٹریشن برائے 2016 کی تاریخ میں1ہزار روپے لیٹ فیس (کُل فیس 4200) کے ساتھ 24 اگست2017 تک توسیع کردی گئی ہے۔

رجسٹریشن فارم آن لائن جامعہ اُردو کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا جائزہ لیا گیا۔
جاتی امرا میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق، خواجہ حارث، رانا مقبول، امجد پرویز اور زاہد حامد سمیت نواز شریف کی قانونی مشاورتی ٹیم نے شرکت کی۔
اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا جائزہ لیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئینی ترمیم صرف 62 ون ایف تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، 62 ون ایف میں صرف نا اہلی کی مدت کا تعین کیا جائے گا جب کہ شقوں کی اسلامی روح کو کسی صورت نہیں چھیڑا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز ملتان سلطانز میں وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی بننے سے پہلے ہی ٹوٹ گئی۔ وسیم اکرم اور وقار یونس کو اپنے کھیلنے کے دور میں دنیا کی خطرناک ترین فاسٹ بولنگ جوڑی قرار دیا جاتا تھا، یہ پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز ملتان سلطانز میں یکجا ہونے جارہی تھی جہاں پر وسیم کو پہلے ہی ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر کیا جاچکا ہے

وقار یونس سے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کے لیے بات چیت جاری تھی جوکسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوچکی، یہ بات ان شائقین کے لیے حیران کن نہیں جو ان دونوں کو ماضی کے دنوں سے جانتے ہیں، تب بھی ہمیشہ ہی وسیم اکرم اور وقار یونس میں مقابلہ رہا اور ان کے تعلقات کشیدہ رہے تھے۔ وقار یونس نے ویب سائٹ ’کرک انفو‘ سے بات چیت میں کہا کہ میری بات چیت ہوئی مگر کسی حتمی معاہدے پر نہیں پہنچ پائے، ملتان سلطانز کے مالکان اچھے لوگ ہیں، مجھے ان کی جانب سے ملنے والی آفر پر خوشی ہوئی تھی، میں وہاں پر وسیم اکرم کے ساتھ دوبارہ مل کر کام کرسکتا تھا

اگر ہم دونوں ایک ہی ٹیم کے لیے ایک ہی مقصد کی خاطر کام کرتے تو اچھا ہوتا، میں وسیم بھائی کے اپنی ٹیم تیار کرنے سے متعلق پلان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ وقار یونس کی ایک رات قبل ایک نجی ٹی وی سے بات چیت سے بھی صاف محسوس ہوا کہ انھیں اصل مسئلہ ہی وسیم اکرم سے ہے، ان کا کہنا تھاکہ ’وسیم بھائی جو ٹیم چاہتے ہیں وہ بنائیں گے اور ممکنہ طور پر میں ان کے پلان کی راہ میں نہیں آؤں گا، ویسے بھی میں ان کے پلان میں کبھی شامل ہی نہیں تھا‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں ہمیشہ سے ہی ملتان کا حصہ بننا چاہتا تھا کیونکہ میرا تعلق جنوبی پنجاب سے ہی ہے، اس فرنچائز کا حصہ نہ بن پانا میرے لیے مایوس کن ہے۔