ایمزٹی وی (اسپورٹس) کیریبیئن پریمیئر لیگ میں کامران اکمل کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا۔ رواں برس کے آغاز پر پاکستان سپر لیگ میں شاندار پرفارمنس کی بدولت مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز پانے والے کامران اکمل کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بری طرح ناکام ثابت ہورہے ہیں، ان کی مشکلات کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں۔
گذشتہ روز گیانا ایمازون واریئرز کے خلاف میچ میں بھی سینٹ لوشیا اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ فقط دو رنزہی بناپائے، راشد خان کی گیند کو باہر نکل کرنے کھیلنے کی کوشش میں وہ اسٹمپڈ ہوئے، اب تک پانچ میچز میں انھوں نے 5.80 کی مایوس کن اوسط سے 29 رنز بنائے ہیں۔ ان کی ٹیم نے اس مقابلے میں 8 وکٹ پر 152 رنز جوڑے جس میں جانسن چارلس کے 53 اورشین واٹسن نے 32 رنز بھی شامل تھے۔ ریاد ایمرٹ نے 4 جبکہ راشد خان نے اپنے 4 اوورز میں صرف 9 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں گیانا ایمازون واریئرز نے 4 وکٹ پر ایک گیند قبل ہی ہدف حاصل کرلیا، جیسن محمد 38، گجنند سنگھ 35 اور والٹن 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامران اکمل کے کزن بابر اعظم صرف 12 رنز پر آؤٹ ہوئے، وہ بھی اب تک چار میچز میں کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا پائے، انھوں نے 14 کی ایوریج سے 56 رنز بنائے ہیں۔ یہ ایمازون واریئرز کی 4 میچز میں پہلی کامیابی ہے جبکہ اسٹارز اپنے پانچویں مقابلے میں بھی خالی ہاتھ رہے۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس) سلمان بٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے راہ ہموار ہونے لگی، ہائی پرفارمنس کیمپ میں فارم اور فٹنس سے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد محمد عامرکی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی، پیسر تینوں فارمیٹ کی قومی ٹیموں میں جگہ پکی کرچکے ہیں، سلمان بٹ کیلیے بھی راستہ بنتا نظرآرہا ہے، پی سی بی نے مستقبل کی کھیپ تیار کرنے کیلیے ہائی پرفارمنس کیمپ کا انعقاد کیا تو سلمان بٹ کو دیگر پلیئرز کیساتھ پریکٹس کی اجازت دی گئی۔
اوپنر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوران اپنی فارم اور فٹنس سے سلیکٹرزکومتاثر کیا، انھوں نے 5پریکٹس میچز میں 59.60کی اوسط کیساتھ سب سے زیادہ 298 رنز بنائے، سمیع اسلم 45.60کی ایوریج سے 228رنز جوڑ کر دوسرے نمبر پر رہے، دونوں نے ایک ایک سنچری بھی اسکور کی، دیگر بیٹسمینوں میں صاحبزادہ فرمان 171، محمد رضوان165 اور محمد نواز 31.80رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی پرفارمنس کیمپ کے آخری روز لیے جانے والے ٹیسٹ میں ان کی فٹنس بھی بہترین قرار دی گئی
پریکٹس سیشنز میں سلمان بٹ ہیڈ کوچ مکی آرتھ کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے،اوپنر کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلیے منتخب لاہور وائٹس ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، ملتان اور لاہور میں ہونے والے اس ایونٹ میں اچھی کارکردگی سلمان بٹ کی واپسی کا سفر مزید آسان بناسکتی ہے، انھیں سری لنکا کیخلاف سیریز کیلیے تربیتی کیمپ میں بلائے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہونے سے قبل سلمان بٹ نے 33ٹیسٹ میں 30.46کی اوسط سے 1889اور 78ون ڈے میچز میں 36.82کی ایوریج سے 2725رنز بنائے تھے۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس) پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 5 میچز کی پابندی عائد کر دی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور غیر شائستہ طریقے سے جشن منانے پر پابندی عائد کی گئی۔
اسپینش سپر کپ کے پہلے میچ میں بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان مقابلہ جاری تھا جس میں ریال میڈرڈ نے 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے دوران اپنی ٹیم کے لیے گول کیا اور ریال میڈرڈ کو 1-2 سے برتری حاصل ہونے پر انہوں نے اپنی شرٹ اتار کر جشن منایا جس پر انہیں یلو کارڈ دکھایا گیا۔اس کے فوری بعد رونالڈو کو دوسرا یلو کارڈ بھی دکھا دیا گیا جس کی وجہ سے انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تاہم باہر جاتے ہوئے رونالڈو نے میچ ریفری ڈی برگوس بینگوئیزیا کو دھکا دیا۔
اس کے علاوہ رونالڈو پر 3805 یوروز جبکہ ان کی ٹیم ریال میڈرڈ پر 1750 یوروز جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ پابندی کی وجہ سے رونالڈو بارسلونا کے خلاف اگلے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔