ایمز ٹی وی(کراچی)کراچی کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی میں رات گئے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے دوران مختلف واقعات میں خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔تیز ہواؤں کے باعث طوفانی بارش سے کورنگی اور لانڈھی سمیت مضافاتی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔
شہر قائد میں سہ پہر شروع ہونے والی ہلکی بارش رات گئے طوفانی ہوگئی، پہلے گرد آلود تیز آندھی چلی اور پھر اچانک موسلا دھار بارش نے لانڈھی، کورنگی، ملیر ہالٹ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، مارٹن کوارٹرز، جہانگیر روڈ، جمشید روڈ،لسبیلہ، نشتر روڈ، گارڈن، گرومندر، نمائش، صدر، لیاری، کورنگی، کھارا دار، میٹھا در سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں جل تھل کر دیا۔ شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر بارش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہر میں بارش کا پانی مختلف سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث جگہ جگہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب کہ کئی علاقوں میں ٹریفک بھی جام ہوگیا۔ پی ایم ٹیز پھٹنے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے
ایمز ٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی کےقائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر منور رشید کے اعلامیے کے مطابق جامعہ کراچی کے زیر اہتمام جامعہ کے طلبہ واساتذہ کیلئے ایک پروگرام بعنوان ’’کرپشن سے جنگ میں نوجوانوں کا کردار‘‘ بروز جمعہ 25؍ اگست2017ء کو صبح 10؍ بجے کلیہ نظمیات وانصرام میں منعقد ہوگا۔ ڈائریکٹر نیب کراچی کلیدی خطاب کریں گے۔