جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا راز بہتر تعلیم اور صحتمند معاشرہ ہے، بین الاقوامی چارٹر پر عمل کے بغیر تعلیم کی ترقی ممکن نہیں۔ لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ نہ دینے اور تعلیم کا بجٹ کم رکھنے کے باعث پاکستان معاشی طور پر کمزور ہوچکا ہے، 1994 میں کامن ویلتھ کانفرنس میں ہم نے تعلیم کا بجٹ چار فیصد کرنے کے فیصلے پر دستخط کیے مگر ہم اس وقت سے ہی 1.84 فیصد بجٹ پر کھڑے ہیں۔ حکومت سندھ کو بھی جنگی بنیادوں پر صوبے میں تعلیم پر توجہ دینی ہوگی، وہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول آرائیں میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ قیام پاکستان کی بنیاد تعلیم تھی جو سرسید نے شروع کی تھی،

دنیا کے ممالک جدید ٹیکنالوجی میں ترقی کررہے ہیں، ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم کو اولیت میں شامل کرنا ہوگا۔ تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا اور جدید ٹیکنالوجی سے مقابلے کے لئے علی گڑھ یونیورسٹی جیسے ادارے بنانے ہونگے۔ قائد اعظم کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے پوری قوم اکٹھے ہوکر آگے بڑھے تو پاکستان دنیا میں چمکتے ستارے کی طرح ابھرے گا۔ شرح خواندگی کم ہونے کی اہم وجہ تعلیم نسواں کو دوسری پوزیشن پر رکھنا ہے، جب تک ہم پڑھی لکھی ماں معاشرے کو نہیں دینگے۔ اس وقت تک تعلیم کا معیار بہتر نہیں ہوگا، ملک کی آبادی میں 11کروڑ خواتین ہیں اور اتنی بڑے حصے کو 70سالوں میں تعلیم کے معاملے میں نظر انداز کیا گیا۔

ملک کے جو حالات ہیں اس کے ذمہ دار 70سالوں سے برسر اقتدار آنیوالے حکمران ہیں، ملک کی ترقی کا راز تعلیم میں ہے مگر اے بی سی پڑھنے سے تعلیم حاصل نہیں ہوتی، ہمارے یہاں تعلیم حاصل کرنے کا مقصد سرکاری نوکری کا حصول ہے۔ ہمارے پاس پڑھ لکھ کر اپنی منزل کا تعین کرنے کا رجحان نہیں، حکومت سندھ نے یو ایس ایڈ کے ساتھ ملکر صوبے میں 125سے زائد اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول قائم کئے ہیں، جن میں سے 12اسکول سکھر میں ہیں، ان کی تعداد بڑھنی چاہیے، تعلیم پر خصوصی توجہ خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کو خصوصی طور پر توجہ دینی ہوگی۔ حکومت کو ایسی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ بچیاں اسکولوں میں آئین اور تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں، معاشرے کی ترقی کے لئے پڑھی لکھی ماں کا ہونا انتہائی ضروری ہے، سکھر میں ویمن یونیورسٹی بنائی جائیگی، آرٹس اینڈ ڈیزائن کالج آئندہ سال کام شروع کردیگا۔ انہوں نے کہاکہ جب وہ 1989میں سندھ کے وزیر تعلیم تھے تو انہوں نے پانچ اسکول اساتذہ اور پرائمری میں انگلش کمپلسری کا پروگرام دیا تھا مگر حکومت جانے کے بعد پتہ نہیں وہ پروگرام کہاں چلا گیا اب 2014میں جاکر وفاقی حکومت نے وہ پروگرام صرف اسلام آباد میں شروع کیا ہے

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے، دعا ہے کہ سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے ہے ، پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں نظر رکھتے ہیں، ہماری خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے چین کا وفد تقریبات میں شرکت کر رہا ہے جس پر ان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک چین تعلق خطے میں امن کی ضمانت ہے ۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ چیلنجز پر قابو پاکر ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، قومیں اپنے مستقبل پر نظر رکھتی ہیں اور جو قومیں خوشی اور مسرت کے لمحات میں مستقبل کو بھول بیٹھتی ہیں تو ایسی قوموں کے لئے بربادی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ جو قومیں آزمائش کی بھٹی میں تپ کر کندن ہو جاتی ہیں زمانہ ان سے روشنی پا کر ترقی کرتا ہے، ہمارے بزرگوں نے عہد کیا تھا کہ ہماری قوم ایک ایسے نظام کی تشکیل کرے گی کہ دنیا جس کی پیروی کرکے اپنے دکھوں سے نجات حاصل کرے گی لیکن آج نوجوانوں میں بہت سے اندیشے پائے جاتے ہیں، ملک و قوم کیلئے تشویش اچھی بات مگر مایوسی درست نہیں ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ نظام حکومت کے بارے میں عوام کی بے چینی پر ضرور توجہ دینی چاہیے، قومی معاملات میں فکر قابل تحسین ہے لیکن ایسا کرتے ہوئے ضروری ہے کہ معاملات کو درست تناظر میں دیکھا جائے۔ قوم توقع رکھتی ہے کہ قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مستقبل کی نگہبانی کریں، کشیدگی کے ماحول میں جوش پر ہوش غالب نہ آیا تو اقتصادی احیا کا خواب پورا نہ ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ وطن کو درپیش چیلنجز پر غیر جذباتی انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ترقی و خوشحالی کے لئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بننا ہوگا۔قومی ترقی اور استحکام کا راستہ قومی بلوغت سے ہموار ہوگا، وطن عزیز کو آج جن چیلنجز کا سامنا ہے تو ایسے میں نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کر کے قومی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بن جائیں۔

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل بھی پاکستانی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔ گوگل نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے خصوصی ڈوڈل جاری کردیا جو سبز رنگ سے رنگا ہوا ہے۔ ڈوڈل کے درمیان میں پلے کا بٹن ہے جسے دبانے سے سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ لہراتا ہوا نظر آتا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی گوگل مختلف موقعوں پر پاکستان کے حوالے سے خصوصی ڈوڈل جاری کرچکا ہے جس میں استاد نصرت فتح علی خان اور عبدالستار ایدھی کے ڈوڈل شامل ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (کراچی)کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوگئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے بانی ٔ پاکستان کے مزار کے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تقریب کےمہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈورعدنان احمد تھے، کموڈورعدنان احمد نے مزار قائد پر پھول رکھے۔

اس سے پہلے مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

قبل ازیں لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں پاک فوج کے دستے نے حکیم الامت کے مزار پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

 

ایمز ٹی وی (کراچی )کراچی میں مزار قائد پر 70ویں جشن آزادی کی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے۔ سندھ کابینہ کے ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے قومی ترانے کی دھن پرپرچم کشائی کی۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے پاکستان کے لیےقرارداد منظور کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر سب شہدا کو یاد رکھنا چاہیے،آئین پر آگے چل کر ترامیم ہوسکتی ہیں ،گورنر سندھ آئینی کردار ادا کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج میں بنیادی چیزوں کو پہلے مکمل کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، خوب ترقی کرےگا،کراچی میں ترقی کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، خوب ترقی کرےگا،کراچی میں ترقی کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، انفرااسٹرکچر کی بہتری پر کام کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے، ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں لیکن اب حالات بدل رہے۔ ادھر کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں یوم آزادی پر تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پرچم کشائی کی۔

 

 

ایمزٹی وی (کوئٹہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کو موثر تعاون کرنا ہوگا جب کہ قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں یوم جشن آزادی بھرپور انداز میں منائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے خود کش حملے میں شہید جوانوں کی نماز جنارہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ کوئٹہ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی جب کہ آرمی چیف کو دھماکے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کو مؤثر تعاون کرنا ہوگا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے پرامن اورمستحکم پاکستان کے لئے جانیں قربان کیں، قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں یوم جشن آزادی بھرپور انداز میں منائے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) دنیا کے تیزترین ایتھلیٹ کا اعزاز رکھنے والے یوسین بولٹ اپنے کرئیر کی آخری دوڑ میں بری طرح ہار گئے۔
لندن میں جاری عالمی مقابلوں میں ہونے والی مردوں کی 4×100 میٹر ریس میں یوسین بولٹ اپنے 3 ساتھیوں کے ساتھ جمیکا کی نمائندگی کررہے تھے جب کہ ان کے مدمقابل برطانیہ اور جاپان کی ٹیمیں تھیں۔
ریس میں یوسین بولٹ صرف 50 میٹر ہی بھاگے تھے کہ وہ لڑکھڑا گئے اور قلابازیاں کھاتے ہوئے منہ کے بل زمین پر گر پڑے۔ یوسین بولٹ کے بری طرح زخمی ہونے کے بعد انہیں ساتھیوں کی مدد سے وہیل چئیر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔ یوسین بولٹ کے ریس سے باہر ہونے کے بعد برطانوی ٹیم نے پہلی مرتبہ مردوں کی 4×100 میٹر ریس میں طلائی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس سے قبل 4 سال تک 100 میٹر کی ریس میں دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز رکھنے والے یوسین بولٹ ورلڈ ایتھلیٹ چیمپئن شپ میں بھی مات کھا گئے تھے اور یہ اعزاز امریکی ایتھلیٹ جسٹن گیلٹن کو حاصل ہوگیا تھا، 100 میٹر کی ریس میں بوسین بولٹ کے سخت ترین حریف جسٹن گیلن نے مقررہ فاصلہ 9 اعشاریہ 92 سیکنڈ، کول مین نے 9 اعشاریہ 64 سیکنڈ جب کہ یوسین بولٹ نے یہ فاصلہ 9 اعشاریہ 95 سیکنڈ میں طے کیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یوسین بولٹ آئندہ ہفتے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے اور یہ ریس ان کی آخری دوڑ شمار کی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث خالد لطیف کا تاخیری حربہ کامیاب ہوگیا، سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے خواہاں اوپنر کو ٹریبیونل نے مہلت دیدی۔
پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث خالد لطیف نے پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت کیلیے پیش ہونے سے انکار کرتے رہے،اوپنر نے کارروائی رکوانے کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دی، خارج ہوئی تواپیل میں بھی ناکام ہونے پرٹریبیونل میں پیش ہوگئے، خالد لطیف نے خود پیش ہونے سے گریز کرتے ہوئے بذریعہ کوریئر درخواستیں بھجوادی تھیں جن میں کارروائی کی ریکارڈنگ اور مزید جرح کرنے کیلیے کہا گیا۔
واضح رہے کہ یکم اگست کو ٹریبیونل کی جانب سے خالد لطیف کو ہدایت کی گئی تھی کہ 9اگست تک حتمی تحریری دلائل جمع کروادیں، دوسری صورت میں 30روز کے اندریکطرفہ فیصلہ سنادیا جائیگا لیکن اوپنرکے وکیل بدرعالم نے پی سی بی کو ای میل بھجوادی کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائرکرنے جارہے ہیں، ہمیں کیس لڑنے اور اپنا موقف پیش کرنے کیلیے پورا موقع نہیں دیا گیا، مزید 2 ہفتے کا وقت دیا جائے۔
گزشتہ روز اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں یکم اگست کی کارروائی اورای میل کا ذکر ہوئے کہا گیا ہے کہ اگرچہ قوائد کے مطابق خالد لطیف کو 9اگست کے بعد وقت دینے کی گنجائش نہیں تھی،اگلے 30 روز میں فیصلہ بھی سنادیا جاتا، اس کے باوجود انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلیے خالد لطیف کو 22اگست تک حتمی تحریری دلائل جمع کروانے کہ مہلت دی جاتی ہے، اگر اس موقع پر بھی انھوں نے موقف نہ دیا توموجود شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنادیا جائیگا۔

 

 

ایمزٹی وی (کوئٹہ)وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے جب کہ ہم نے ماضی میں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ آج بلوچستان کے حالات مختلف ہیں اور امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہے، ریاست نے دہشت گردی کے واقعات پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے تاہم ایک وقت تھا جب پاکستان میں ہر روز 6 سے 7 دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک وار زون میں رہ رہے ہیں، جہاں کوئی جانے کو سوچ نہیں سکتا تھا وہاں فورسز نے آپریشن کیے، ہم دہشت گردی کے خلاف ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے جب کہ ہم نے ماضی میں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایسی بہت سی باتیں ہیں جن کو کیمروں کے سامنے شیئر نہیں کر سکتے جب کہ جیسے ہی دھماکے کی خبر ملی نواز شریف نے فوراً کوئٹہ پہنچنے کی ہدایت کی۔

 

 

ایمزٹی وی(ریاض)سعودی عرب نے ایک ہزار فلسطینی شہداء اور قیدیوں کے اہل خانہ کو سرکاری اخراجات پر حج کرانے کا انتظام کیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت پر فلسطینیوں کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کے تحت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار لواحقین حج کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
شاہ سلمان کے خصوصی حج پروگرام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ المدلج نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی حکومت نے رواں سال ایک ہزار فلسطینی شہداء اور قیدیوں کے اہل خانہ کو سرکاری اخراجات پر فریضہ حج ادا کرانے کا اہتمام کیا ہے۔ شاہ سلمان کی طرف سے حج امور کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کو ہرممکن سہولت فراہم کریں اور ان کے لیے بہترین رہائش ، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات مہیا کی جائیں۔
عبداللہ المدلج کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین کی طرف سے خصوصی حج اسکیم شروع کیے جانے کے بعد اب تک 15000 فلسطینی سعودی عرب کی میزبانی میں فریضہ حج ادا کرچکے ہیں۔