جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ہائی کورٹ نے شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی، اس موقع پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے متعلقہ فورمز سے رجوع کیا جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ متعلقہ فورم سے رجوع کیا مگر جواب نہیں ملا تاہم ای سی ایل رولز کے مطابق عدالت نام ڈالنے کا حکم جاری کر سکتی ہے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا تعلق براہ راست عوام سے ہے جب کہ جب بھی خلاف فیصلہ آئے شریف خاندان ملک سے بھاگ جاتا ہے۔درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج بھی مقبول ترین لیڈر ہیں اورہمیشہ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج بھی مقبول ترین لیڈر ہیں اورہمیشہ رہیں گے جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو فوقیت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، معیشت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خاطر خواہ ترقی ہمارے کریڈٹ میں ہے جب کہ تنقید کرنے والے پہلے اپنے صوبے پرنظر ڈالیں اورپھر بات کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ناقدین کو علم ہے کہ پنجاب کارکردگی کے لحاظ سے بہت آگے ہے، دھرنے دینے والے اور کرپٹ عناصر ملک کی خاطر ہوش کے ناخن لیں جب کہ دھرنوں اور کرپٹ عناصر کو عوام نے رد کیا اور آئندہ بھی شکست ان کا مقدر ہو گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی)وفاقی حکومت کا گرین لائن بس منصوبے کا دوسرا مرحلہ سول سوسائٹی کے اعتراضات اور دیگر مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگیا ہے تاہم منصوبہ مقررہ مدت دسمبر میں مکمل نہیں ہوسکے گا۔ وفاقی حکومت کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے تحت گرین لائن بس منصوبہ تعمیر کررہی ہے، یہ منصوبہ وفاقی حکومت کے ادارہ کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کی زیر نگرانی تعمیر ہورہا ہے، گرین لائن بس منصوبہ دو مراحل میں تعمیر کیا جارہا ہے، منصوبہ کا پہلا مرحلہ سرجانی ٹاؤن تا گرومندر کا آغاز جنوری 2016 میں ہوا تھا، اب تک اس کا65فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ دوسرے مرحلے کے تحت گرومندر تا نمائش چورنگی انڈر پاس اور تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک نزد جامع کلاتھ مارکیٹ بالائی گذرگاہ پر تعمیراتی کام رواں سال 25مئی سے شروع کرنا تھا تاہم سول سوسائٹی کے اعتراضات کی وجہ سے تعمیراتی کام کا آغاز نہیں ہوسکا۔ ذرائع نے بتایا کہ سول سوسائٹی کی جانب سے وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں میں تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک بالائی گذرگاہ کی تعمیر اور کوریڈور کے راستے میں آنے والی تاریخی عمارتوں کو نقصانات کے حوالے سے اعتراضات جمع کرائے گئے،

سول سوسائٹی کا کہنا تھا کہ یہاں بالائی گذرگاہ تعمیر کردی گئی تو یہ مزار قائد کے بصری نظارہ کی خلاف ورزی ہوگی اور شہری ایم اے جناح روڈ سے مزاز قائد کو نہیں دیکھ سکیں گے۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ سول سوسائٹی کے تمام اعتراضات دور کردیے گئے ہیں، اس ضمن میں سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ کئی اجلاس ہوئے ، انھیں منصوبے کی تمام بریفنگ دیکر مطمئن کردیا گیا ہے، متعلقہ افسران نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ کے دونوں مراحل کو رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جانا ہے تاہم ان اعتراضات کی وجہ سے دوسرے مرحلے کا تعمیراتی کام بروقت شروع نہیں ہوسکااس اب یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل نہیں ہوسکے گا۔

کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے جنرل منیجر زبیر چنہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ قائد اعظم منیجمنٹ بورڈ اور سول سوسائٹی کے اراکین کو منصوبہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، انھیں بتایا گیا کہ مزار قائد سے 1.2کلومیٹر دور بالائی گذرگاہ تعمیر کی جارہی ہے جو مزار قائد کے حوالے تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں کوریڈور کے راستے میں دیگر تاریخی عمارتوں کو تعمیرات کے دوران نقصان نہیں پہنچے گا، منصوبے کی تعمیرات سڑک کے درمیان میں ہونگی ، تعمیرات کے دوران گڑھا نہیں کیا جائیگا بلکہ پائلنگ کی جائیگی جس سے تاریخی عمارت کو نقصان پہچنے کا اندیشہ نہیں، بالفرض محال اگر کوئی نقصان پہنچا تو بین الاقوانی طرز پر آرکیٹیکچر کی مدد سے تاریخی عمارت کی مرمت کردی جائیگی، اس ضمن ڈھائی کروڑ روپے مختص کیے جاچکے ہیں۔ زبیر چنہ نے کہا کہ تمام اعتراضات دور کردیے گئے ہیں، گرومندر تا نمائش انڈر پاس کی تعمیرات کا کام آئندہ ہفتے شروع کردیا جائے گا، تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک بالائی گذرگاہ کی تعمیر میں کچھ ٹینڈر مسائل آگئے تھے جو حل کرلیے گئے ہیں، اس کیلئے دوبارہ ٹینڈر کیا جائے گا،

انھوں نے کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ یہ منصوبہ بروقت دسمبر میں مکمل کرلیا جائے تاہم منصوبے کی تکمیل میں ایک سے دوماہ تاخیر متوقع ہے

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اور 10 اگست کو مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سسٹم اس وقت بھارت کی جنوب مغربی ریاستوں میں موجود ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم ابر آلود ہے، یہ سسٹم منگل کی شام سندھ میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں تھر، میرپور خاص، حیدر آباد اور کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیر اور منگل کو بوندا باندی ہوگی جب کہ 9 اور 10 اگست کو بھی اچھی بارشوں کا امکان ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کی جانب سے 70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے کُل کراچی بین الجامعاتی مقابلوں کا انعقاد کیا جارہاہے۔مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی سید عاصم علی کے مطابق تین مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تقریری وبحث ومباحثہ ،کوئز اور ملی نغموں کا مقابلہ شامل ہیں جو ساتھ 07 تا09 اگست 2017 ء جامعہ کراچی کے ایچ ای جے آڈیٹوریم میں منعقد ہوں گے۔

مقابلوں کے ابتدائی مراحل 07 اور08 اگست جبکہ اختتامی مرحلہ 09 اگست کو منعقد ہوگا۔مقابلوں کی اختتامی اور انعامات کے تقسیم کی تقریب بروزبدھ 09 اگست 2017 ء کو صبح 11:45 بجے منعقد ہوگی جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کریں گے ۔ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل محمد سعید تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق 2017 کا معاہدہ بنیادی شرائط پرپورانہیں اترتا، معاہدہ اسٹیک ہولڈرزکے مفادات کاتحفظ کرتاہے نااصل مقاصد پورے کرتاہے، ترجمان دفتر خارجہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا معاہدہ کسی عالمی قانون کے تحت کسی ریاست پرلازم نہیں، پاکستان نے اسی وجہ سے معاہدے کی حمایت نہیں کی، نہ مذاکرات کاحصہ بنا،انہوں نے کہا ہر ریاست کی دفاعی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی شق پرعملدرآمد کا پابند نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)الیکشن کمیشن نے این اے 120لاہور تھری میں ضمنی انتخاب کاپبلک نوٹس جاری کردیا،الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 120 میں ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا،ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار فارم الیکشن کمیشن آفس سے لے سکتے ہیں اور کاغذات نامزدگی 10 سے 12 اگست تک جمع کرائے جا سکتے ہیں،الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کا جانچ پڑتال 15 سے 17 اگست تک ہوگی اور امیدواروں کی اطلاع کےلئے پبلک نوٹس الیکشن کمیشن آفس میں لگادیاگیاہے۔
یاد رہے کہ این اے120 کی نشست نوازشریف کے نااہل ہونے سے خالی ہوئی،جس پر تحریک انصاف کی جانب سے یاسمین راشد کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے مسئلے پر آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے دوپہر ڈھائی بجے بنی گالہ میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دوپہر ڈھائی بجے ہوگا جس میں مشاورت کیلئے شیخ رشید کو بھی خصوصی طور پر بلایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عائشہ گلالئی کے الزامات پر آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی جبکہ قومی اسمبلی میں قائم کی جانے والی اخلاقیات کمیٹی پر سٹریٹجی بھی زیر بحث آئے گی۔ تحریک انصاف کے رہنمافواد چوہدری اور بابر اعوان اخلاقیات کمیٹی کے قانونی پہلوﺅں پر بریفنگ دیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت)محکمہ صحت اور ینگ ڈاکٹروں کے درمیان جھگڑے پر خواجہ سرا میدان میں آ گئے ،جناح ہسپتال میں خواجہ سراﺅں نے ہڑتالی ڈاکٹرز کیخلاف نعرے کی۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سرا اپنے ساتھی کو علاج کیلئے جناح ہسپتال لائے توڈاکٹرزموجود نہ ہونے پر شدید احتجاج کیا ،خواجہ سراﺅں کا کہنا تھا محکمہ صحت اور ینگ ڈاکٹرزجھگڑے کا حل نکالیں ،غریب لوگ نجی ہسپتالوں میں علاج نہیں کرا سکتے ۔
واضح رہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا آج ساتواں روز ہے ، اوپی ڈیز اور ان ڈور کے مکمل بائیکاٹ کے باعث دور دراز سے آنے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔مذاکرات ناکامی کے بعد محکمہ صحت نے 66 ڈاکٹرز کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انھیں میسج پر شادی کی پیشکش کی تھی۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ شادی کی پیشکش کے بعد سے انھیں عمران خان کی جانب سے مسلسل غیراخلاقی میسجز آتے رہے، جس پر ان کے والد صاحب نے بھی نوٹس لیا۔

رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ شادی کی پیشکش ریحام سے شادی سے قبل کی تھی، عمران خان میسجز میں دھمکیاں نہیں بلکہ غلط زبان اور غلط الفاظ کا استعمال کیا کرتے تھے۔خبر ایجنسی کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عائشہ گلالئی کی فیملی پشاور سے اسلام آباد منتقل ہو گئی ہے۔