جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ ہدایتکار کرن جوہر اور اداکارہ کاجول کے درمیان صلح ہوگئی اور دونوں ایک بار پھر دوست بن گئے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ اداکارہ کاجول اور ڈائریکٹر کرن جوہر کے درمیان ناراضی ختم ہورہی ہے اور وہ دوبارہ ایک دوسرے کے دوست بن رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کرن اور کاجول کے درمیان دوبارہ دوستی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب کاجول نے اپنی سالگرہ کی تقریب میں دیگر بالی ووڈ شخصیات کے ساتھ کرن جوہر کو بھی مدعو کیا۔

کرن جوہر نے بھی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دعوت قبول کرلی اور کاجول کی سالگرہ میں شریک ہوئے۔ کرن اور کاجول کی دوبارہ دوستی کا باضابطہ اعلان تو ان دونوں کی جانب سے نہیں کیا. گزشتہ روز کرن جوہر نے اپنے جڑواں بچوں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس پر بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے لائیک اور کمنٹ کیا تھا اور ان میں کاجول بھی شامل تھیں جبکہ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کرن جوہر نے بھی اب انسٹاگرام پر کاجول کو فالو کرنا شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار کاجول اور ہدایتکارکرن جوہر نے فلم نگری کو کئی سپر ہٹ فلمیں دیں اور دونوں کے درمیان 25 سال تک دوستی کا رشتہ بھی قائم تھا لیکن گزشتہ سال کرن جوہر کی فلم’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی ریلیز کے موقع پر دونوں کی گہری دوستی اچانک ختم ہوگئی تھی۔ کاجول کے شوہر اجے دیوگن نے ہدایتکار کرن جوہر پر اپنی فلم’’شیوے‘‘ کو ناکام بنانے کا الزام عائد کیا تھا کیوں کہ کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل بھی ان ہی دنوں ریلیز ہورہی تھی جس پر اداکارہ نے بھی شوہر کی حمایت کرتے ہوئے 25 سالہ دوستی ختم کر دی تھی۔

 

 

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) عدالت نے بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ اور اسکینڈل کوئین راکھی ساونت کے ایک بار پھر وارنٹ جاری کردئیے۔ بالی ووڈ میں اپنے بے باک بیانات کے حوالے سے مشہوراداکارہ راکھی ساونت کی پریشانیوں میں روزبروزاضافہ ہوتا جارہا ہے، وہ ایک پریشانی سے باہر نکل نہیں پاتیں کہ دوسری پریشانی میں مبتلا ہوجاتی ہیں، گزشتہ کچھ عرصہ قبل راکھی ساونت ایک ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران رامائن کے مصنف والمکی کے خلاف توہین آمیز الفاظ کی ادائیگی کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہوگئی تھیں اور آج تک ان مسائل سے پیچھا نہیں چھڑاسکی ہیں۔

والمکی کیس میں کئی بار راکھی ساونت کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں لیکن وہ ہربار ضمانت قبل از گرفتاری کے باعث بچ جاتی ہیں لیکن اس بار ان کا بچنا مشکل نظر آرہا ہے

بھارتی میڈیا کے مطابق لدھیانہ کی ہائی کورٹ نے راکھی کو7 اگست کوعدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن ان کے بجائے ان کے وکیل نےعدالت میں پیش ہوکرراکھی کے نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اداکارہ بھارت میں موجود نہیں ہیں جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں، ساتھ ہی انہوں نے اپنی موکلہ کی ضمانت میں توسیع کی بھی درخواست دائر کی، تاہم عدالت نے ان کی ضمانت میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے ایک بار پھران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) نامور بالی ووڈ اسٹار انیل کپور گھٹنے کی تکلیف برسائیٹس میں مبتلا ہوگئے ہیں اور آرام نہ کرنے کی صورت میں وہ ہمیشہ کیلئے معذور ہوسکتے ہیں۔ انیل کپور کا شمار بالی ووڈ کے سدا بہار اداکاروں میں ہوتا ہے جو 60 سال کی عمر میں بھی کسی نوجوان اداکار کو بھرپور ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں

انیل کپور آج بھی کسی نوجوان سے زیادہ توانائی سے بھرپور اداکار ہیں۔ تاہم انسان نہ ہمیشہ جوان نہیں رہتا ہے اور نہ تندرست بلکہ وقت کے ساتھ بوڑھا ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسے مختلف بیماریاں گھیر لیتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انیل کپور گھٹنے کی تکلیف برسائیٹس میں مبتلا ہوگئے ہیں اور یہ بیماری اتنی خطرناک ہے کہ اس کی وجہ سے کئی بار مریضوں کو اپنے گھٹنے سے محروم ہونا پڑا ہے۔ اس بیماری میں انسان کے گھٹنوں کے جوڑوں میں سوجن پیدا ہوجاتی ہے اور ان میں شدید درد محسوس ہوتا ہے

اگر اس بیماری کا مکمل علاج نہ کیا جائے تو گھٹنا ہمیشہ کیلئے متاثر ہوجاتا ہے اور بعض اوقات انسان معذور بھی ہوجاتا ہے۔ خبروں کے مطابق انیل کپور جرمن معالج ڈاکٹر ہینس ولہم مولر سے اپنا علاج کروارہے ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں علاج کے ساتھ 6 ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں سختی سے کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے ڈاکٹر کا مشورہ نہیں مانا تو وہ ہمیشہ کے لیے معذور ہوسکتے ہیں۔ انیل کپور نے اپنی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت سنجیدہ قسم کی بیماری میں مبتلا ہیں اور اگر انہوں نے احتیاط نہیں کی تو وہ اپنے گھٹنے سے محروم ہوسکتے ہیں، لہٰذا انہوں نے مکمل آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ اپنا گھٹنا ہمیشہ کیلئے گنوانا نہیں چاہتے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی ( ٹیکنالوجی ) ایک سال سے زائد عرصے تک آزمائش کے بعد آخرکار یوٹیوب نے تمام صارفین کے لیے میسجنگ کا فیچر متعارف کرادیا ہے۔ یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے اپنی ایپ کو ویڈیو شیئرنگ فیچر کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا ہے جو لوگوں کو پرائیویٹ ونڈو میں چیٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس اپ ڈیٹ کا مقصد شیئرنگ کو آسان، تیز تر اور فون پر صارفین کے لیے زیادہ تفریح فراہم کرنا ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین اپنے دوستوں کے ساتھ ویڈیوز کو ایک لنک کے ذریعے شیئر کرسکیں گے جبکہ تیس افراد پر مشتمل گروپ کو بھی تشکیل دیا جاسکے گا۔ جو ویڈیوز شیئر کی جائیں گی وہ میسجنگ ونڈو کے اندر ہی پلے ہوسکیں گی جبکہ ٹیکسٹ اورر ایموجی کے ساتھ انفرادی پیغامات کو لائیک بھی کیا جاسکے گا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی ( تجارت )بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت7 ڈالر کے اضافے سے 1264 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 ڈالر کے اضافے سے 1264 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب100 اور86 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر50 ہزار 600 اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر43 ہزار 371 روپے ہوگئی تاہم فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے730 اور فی دس گرام چاندی کی قت625.71 روپے پرمستحکم رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ رینجرز کے حوالے سے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا کراچی میں رینجرز نے دہشت گردی کے خلاف اچھا کام کیا اور ہمیں اس کو سراہنا چاہیے۔
احتساب عدالت میں کرپشن ریفرنس کی سماعت کے موقع پر مرکزی ملزم ڈاکٹرعاصم عدالت میں پیش ہوئے جہاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ فوج نے پاکستان میں جب کہ کراچی میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز نے بہت اچھا کام کیا ہے، ہمیں رینجرز کی کارکردگی کو سراہنا چاہیے جب کہ رینجرز کے حوالے سے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ آپ نے ٹی وی پر کہا آپ کو ادویات دے کر بیان لیا گیا لیکن اب انکار کررہے ہیں جس پر ڈاکٹر عاصم کاکہنا تھا ’نو کمنٹس‘۔
صحافی نے سوال کیا کہ آج نواز شریف بھی کنٹینر پر ہیں اور وہ کس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ اللہ کا نظام ہے جیسی کرنی ویسی بھرنی جب کہ نواز شریف پاکستانیوں کو پیغام دے رہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں وہ غلط پیغام دے رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) بھارتی فکسر شری شانتھ نے بھی پاکستان کے محمد عامر کی طرح کرکٹ میں کم بیک کے خواب آنکھوں میں سجا لیے۔ شری شانتھ کا کہنا ہے کہ میں ورلڈ کپ 2019 میں بھارت کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، یہ تقریباً ناممکن مگر مجھے یقین ہے کہ یہ موقع مل سکتا ہے

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر بھی فکسنگ کیس میں ملوث ہونے کے بعد کرکٹ میں واپس لوٹے، میں امید کرتا ہوں کہ ایسا ہی میرے ساتھ بھی ہوگا۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی کیرالا ہائیکورٹ نے ان پر سے فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی اٹھاتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ اس پابندی کا فوری خاتمہ کرے۔

 

 

 ایمزٹی وی (اسپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ پی سی بی کرکٹرز کی جاگیر ہے،گورننگ بورڈ تمام سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ہونا چاہیے، ماضی کے عظیم لیگ اسپنر کی رائے میں نجم سیٹھی کی اصل قابلیت سیاست میں ہے،وہ کرکٹ بورڈ کا سربراہ بننے کے بجائے سیاستدان بنیں، شکیل شیخ سمیت متعدد افراد بورڈ پر بوجھ ہیں،

ایسے افراد خود ہی اپنے عہدے چھوڑ دیں،انکار کی صورت میں انھیں نکال دینا چاہیے۔ عبدالقادرنے کہا کہ ملکی کرکٹ میں چیئرمین پی سی بی، چیف آپریٹنگ آفیسر، گورننگ بورڈ اور ریجنل صدور سب سے اہم عہدے ہیں،افسوس سے کہنا پڑتا ہے ان تمام بڑے عہدوں پر نان کرکٹرز کا راج ہے، پی سی بی کو ٹھیک کرنا ہے تو 4 میں سے کم از کم2 عہدے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے پاس ضرور رہنے چاہئیں۔

سابق کرکٹر نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ گورننگ بورڈ میں تمام ارکان کرکٹرز رکھے جائیں،اس سے نہ صرف سفارش کلچر کا خاتمہ ہوگا بلکہ ارکان کو امریکا، انگلینڈاور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے دوروں کی بھوک بھی نہیں ہوگی۔ ماضی کے عظیم لیگ اسپنر نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک سویلین فوج کے معاملات بہتر انداز میں چلا سکتا ہے؟ نان ڈاکٹر طب کے شعبے اور نان بینکرز بینکنگ کے معاملات کو احسن طریقے سے چلا سکتے ہیں

اگر جواب ناں میں ہے تو نان کرکٹرز بھی کرکٹ بورڈ کا انتظام اچھے انداز میں انجام نہیں دے سکتے، کرکٹ بورڈ کرکٹرز کی جاگیر ہے ان کا حق کیوں مارا جا رہا ہے۔ عبدالقادر نے کہاکہ نجم سیٹھی نے جب کورٹ کو لکھ کر دے رکھا ہے کہ وہ دوبارہ چیئرمین پی سی بی نہیں بنیں گے تو اب کیوں بن رہے ہیں،ان کی اصل صلاحیت سیاست میں ہے، سیاستدانوں کی طرح اچھی طرح الفاظ سے کھیل بھی لیتے ہیں، ایک بار پھر چیئرمین پی سی بی بننے کے چکر میں وہ غلط الیکشن کرا کے منتخب ہوں گے۔ ایک اور سوال پر عبدالقادر نے کہاکہ شکیل شیخ سمیت متعدد افراد کرکٹ بورڈ پر بوجھ ہیں، ایسے افراد خود ہی اپنے عہدے چھوڑ دیں، اگر وہ ایسا نہ کریں تو انھیں نکال دینا چاہیے۔

 

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) معین علی کا کہنا ہے کہ اب مجھے اپنی صلاحیتوں پر زیادہ اعتماد ہوگیا ہے، میں اپنی بولنگ پر فیلڈ بھی خود سیٹ کرنے لگا ہوں۔ یاد رہے کہ انہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف حالیہ سیریز میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ کسی بھی 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 25 وکٹیں لینے کے ساتھ 250 سے زائد رنز اسکور کرنے والے تاریخ کے پہلے کرکٹر بھی بنے، معین ہمیشہ ہی خود کو لیام ڈاسن کی موجودگی میں ٹیم کا ’سیکنڈ اسپنر‘ قرار دیتے تھے مگر انگلینڈ کے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ نے ان کی بولنگ کو کافی نکھار دیا ہے۔

انگلش اسپنر نے کہاکہ ثقلین میرے لیے حیران کن ثابت ہوئے ہیں، انھوں نے مجھے میری ہی بولنگ کو سمجھنے میں کافی مدد دی، میں سمجھتا ہوں کہ یہی چیز بہت بڑا فرق ثابت ہوئی، چھوٹی چھوٹی چیزیں کافی کچھ بدل سکتی ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) ورلڈ الیون کے دورئہ پاکستان کی تیاری کیلیے 10رکنی آرگنائزنگ کمیٹی قائم کردی گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اہم پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے ورلڈ الیون کے دورئہ پاکستان سے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں، قبل ازیں3ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے 15، 17 اور 19 ستمبر کا شیڈول دیا گیا تھا، نواز شریف کی نااہلی کے بعد لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کوہوں گے، اس لیے نئی تاریخوں کا تعین کرنے کیلیے غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال میں مزید حساس نوعیت اختیار کرجانے والے سیریزکی تیاری کیلیے10رکنی آرگنائزنگ کمیٹی قائم کردی گئی جس کے سربراہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ہیں۔ اراکین میں سینئر جنرل منیجر سیکیورٹی اینڈویجیلنس کرنل(ر)اعظم، ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی، ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی، سینئر جنرل منیجر آپریشنز(لاجسٹک)اسد مصطفٰی، ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر اینڈ ریئل اسٹیٹ خیام قیصر، نیشنل کر کٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد و دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ الیون کے ساتھ 3ٹی ٹوئنٹی میچز کا انعقاد 9،11اور 13ستمبر کو کرانے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم آج کو چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کی رسمی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نئے شیڈول کو حتمی شکل دے دی جائے گی، پھر بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار،کمیٹی میں شامل چند ارکان کے ہمراہ پنجاب حکومت کو مجوزہ شیڈول سے آگاہ کریں گے۔