ایمزٹی وی (تجارت)نواز شریف کی نا اہلی کے اثرات کے باعث ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ 108 روپے 65 پیسے کا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد اسٹاک مارکیٹ پر تو کچھ خاص اثر نہیں پڑا تاہم اس کے ڈالر پر اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 108 روپے 65 پیسے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی قیمت خرید 108 روپے 10 پیسے پر آگئی ہے۔ نواز شریف کی نا اہلی کے روز ڈالر کی قیمت فروخت 107 روپے 65 پیسے تھی جبکہ اس کی قیمت خرید 107 روپے 10 پیسے تھی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعظم کے لیے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اورگورنر سندھ محمد زبیر نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان سے حمایت کی اپیل کی، ملاقات کے دوران ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ (ن) سے کراچی میں سیاسی جگہ دینے اور نوازشریف کا اعلان کردہ کراچی پیکیج پربھی عملدرآمد کا مطالبہ کردیا،
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ان کے مطالبات پرعمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے مشترکہ بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ فاروق ستار، وسیم اختر، عامر خان کے مشکور ہیں، کراچی مشکل میں ہوگا تو پاکستان مشکل میں ہوگا، جو فیصلہ پاکستان اور کراچی کے حق میں ہوگا وہی بہتر ہوگا۔ سندھ کی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔