جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(تجارت) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت10 ڈالر کی کمی سے1259 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب200 اور171 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 50 ہزار 600 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر43 ہزار 371 روپے ہو گئی تاہم فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے730 اور فی دس گرام چاندی کی قیمت625.71 روپے پرمستحکم رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اداروں سے ٹکراؤ کا حامی نہیں لیکن سازش سے پردہ اٹھاؤں گا جب کہ احتساب کے نام پر استحصال کیا گیا مگر جھکوں گا نہیں۔
سابق وزیراعظم نوازشریف سے جڑواں شہروں کے تاجروں نے ملاقات کی ، اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اسی لیے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا تاہم عوام نے پاناما فیصلے کو تسلیم نہیں کیا، اربوں لوٹنے والے آج تک نہیں پکڑے گئے جب کہ آئین توڑنے والوں کو سزا کیوں نہیں دی گئی، کیا پاناما کیس میں میرے ہی خاندان کا نام تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اداروں سے ٹکراؤ کا حامی نہیں لیکن سازش سے پردہ اٹھاؤں گا، عوام نے مینڈیٹ دیا سویلین بالادستی کو تسلیم کیا جائے جب کہ احتساب کے نام پر استحصال کیا گیا مگر جھکوں گا نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (سیالکوٹ)وزیرخارجہ خواجہ آصف کا سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ حالات معمول پر لانا چاہتے ہیں مگر اس کی طرف سے مثبت جواب نہیں ملتا، بھارت سرحد پر حالات خراب کرنے کے ساتھ ایل او سی پر بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے جب کہ ہم افغانستان کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں مگر یہ صرف ہماری خواہش پر نہیں ہوگا، بھارت کو بھی اس میں کردار اداکرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی سے لڑرہاہے، پاکستان میں دہشت گردی پہلے سے کم ہوئی ہے جب کہ دہشت گردی کم کرنے میں فوج کی قربانیوں کا اہم کردار ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کشمیر سے وابستہ ہیں، کشمیری اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق رائے شماری کا حق مانگتے ہیں جب کہ کشمیر میں امن کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں، ہماری خارجہ پالیسی عوام کی خواہشات اور ملک کے مفادات کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو 57 برس بیت چکے، تمام فریقین کی خواہش ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کسی حادثے کا شکار نہ ہو تاہم اگر سندھ طاس معاہدے کو نقصان ہوا تو مزید ماحول خراب ہو گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی مداخلت کا بڑا ثبوت کلبھوشن یادو کی گرفتاری ہے، اگر ہندوستان امن کا خواہاں نہیں تو ہم کچھ نہیں کرسکتے تاہم ہم اپنی سرحدوں کا دفاع کرناجانتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکنگ باؤنڈری ہو یا لائن آف کنٹرول ہماری افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیر ی ہمارے بھائی ہیں ہم ان کی اخلاقی وسفارتی مددجاری رکھیں گے، کشمیری استصواب رائے کا حق استعمال کرنا چاہتے ہیں جو اقوام متحدہ سمیت ساری دنیا نے تسلیم کیاہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کاکہنا ہے کہ ایوان بالا پارلیمنٹ کا لازمی حصہ اور وفاق کی اکائیوں کے حقوق کا محافظ ہے۔
سینٹ کے45 ویں یوم تاسیس پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا پارلیمنٹ کا لازمی حصہ اور وفاق کی اکائیوں کے حقوق کا محافظ ہے، ایوان بالا کا قانون سازی میں کردارقابل تعریف ہے جب کہ وفاق کی اکائیوں کی بہتر نمائندگی سے ریاست مضبوط ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایوان بالا میں ریاست کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی حاصل ہے، توقع ہے سینٹ وفاقی اکائیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کردار جاری رکھے گی۔

 

 

 
ایمز ٹی وی(چترال) پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ گلالئی الزامات انتہائی سنگین معاملہ ہے، بعض سیاست دانوں نے میڈیا میں جس طرح سے گلالئی پرحملہ کیا اس پر بہت دکھ ہوا، اگرکوئی خاتون الزام لگاتی ہے تو کم از کم اس کے اوراس کے خاندان کے بارے میں اس طرح کی نازیبا باتیں نہیں کرنی چاہئیں،ملک میں جنسی ہراساں کرنے کے حوالے سے قانون موجود ہے جس کے مطابق اس کیس کو حل کرنا چاہیے جب کہ پارلیمنٹ کے تحت ایسے قوانین ہونے چاہئیں کہ کوئی احتساب سے بالاترنہ ہو۔
 
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاست میں الزامات بررجحان ہے لیکن پیپلزپارٹی نے کبھی بھی الزام کی سیاست نہیں کی، شہبازشریف شکست کے ڈرسے این اے 120 کے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، 2018 کے الیکشن میں عوام (ن) لیگ کومسترد کریں گے جب کہ مجھ سے 2018 کا الیکشن چترال سے لڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔
 
آرٹیکل 62، 63 کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973 کے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے، ضیا اور آمریت کی ترامیم پر کام کرنا پڑے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ خواتین کے بھرپور کرداراداکرنے سے ملک کو فائدہ ہوگا، تمام سیاسی جماعتیں نوجوانوں کیلیے بھی پروگرام بنائیں جب کہ میں انتخابی اتحادنہیں چاہتاآزادانہ الیکشن لڑنا چاہتا ہوں۔

 

 

ایمزٹی وی (میرپورخاص) گورنرسندھ محمد زبیرکا کہنا ہے کہ سندھ کو ملنے والے فنڈز کا صحیح استعمال کیا جائے توصوبے کی تقدیربدل سکتی ہے۔
میرپورخاص میں لیگی کارکنوں اورتاجربرادری سے خطاب میں گورنرسندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، 2013 کے مقابلے میں سندھ کو ڈبل فنڈز مل رہے ہیں، اگریہ پیسے صحیح خرچ کئے جائیں تو صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے، گورنرہاوس کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں جب کہ سندھ کے لوگوں کا حق ان کودلا کر رہوں گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا، نواز شریف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیراعظم کی نااہلی پرلوگو میں پائے جانے والا غم وغصہ جائزہے،(ن)لیگ فیصلے پرنظرثانی کے لیے عدالت جائے گی۔ سی پیک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک معاشی دھماکا ہے، سی پیک سے پورے ملک کوفائدہ پہنچے گا، سی پیک سمیت(ن)لیگ نے جتنے بھی منصوبے شروع کئے ہیں وہ جاری رہیں گے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اگلے ہفتے کراچی آئیں گے جب کہ اگلے مہینے کراچی سے میرپورٹرین کا بھی افتتاح ہو جائے گا

 

 

ایمز ٹی وی(ہری پور) ریحام خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کے کہتی ہوں کہ میرا پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی عائشہ گلالئی سے کوئی تعلق نہیں اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام سے بھی کوئی رابطہ ہے نہ کبھی ملی ہوں، میں کرسی کے پیچھے بھاگ رہی ہوں نہ کوئی بیک ڈور سیاسی میٹنگ ہو رہی ہے۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں خان ہوں، پیٹھ پیچھے وار نہیں کروں گی، اپنی ناکام سیاست کو بچانے کے لیے میرا نام استعمال نہ کیا جائے، ٹی وی اینکرز اشتعال انگیزی پھیلا کر قوم کو تقسیم کر رہے ہیں، میرا تعلق دو سال قبل اس انسان سے ختم ہو گیا جس سے اب جوڑا جا رہا ہے، صحافت کو متنازعہ بنا کر صحافت کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں، میر شکیل الرحمان نے اب تک مجھے نوکری کی آفر نہیں کی ، اگر کوئی نوکری کی آفر کرے گا تو اسکی انویسٹی گیشن شروع ہوجائے گی۔
ریحام خان نے مزید کہا کہ میرے انٹرویوز نہیں چلائے جارہے اور ٹی وی پر کوریج روک دی گئی، دن رات عوام کی محرومیوں کے خاتمے کی جدوجہد کر رہی ہوں۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماؤں فردوس عاشق اعوان اور یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ احد نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب اپنی گھر کی بہو کے لیے کمیٹی کب بنائیں گے، ایک پارلیمانی کمیٹی خان صاحب اور عائشہ گلالئی کے لیے بنائی گئی ہے، دوسری کمیٹی میرے اور حمزہ شہباز کے لیے بنائی جائے اور میرے کیس میں بھی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے۔ عائشہ احد کا کہنا تھا کہ کیا میں کسی کی بہن، بیٹی نہیں جب کہ میرے پاس بھی سب کے میسجز موجود ہیں اور حمزہ کے خلاف میرے پاس ثبوت ہیں جو لے کر الیکشن کمیشن جا رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاملات کا شہباز شریف، نوازشریف اور کلثوم نواز کو بھی پتا ہے جب کہ گزشتہ 7 سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2010 میں میری شادی حمزہ شہباز سے ہوئی جب کہ حمزہ شہباز صادق اور امین نہیں ہیں اور (ن) لیگ والے کس طرح خواتین کی عزت کی بات کر رہے ہیں، (ن) لیگ کے کارکنوں کے ذریعے مجھ پر تشدد کروایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں اور نہ میں نے پیسے کی ڈیمانڈ کی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیئے، اگر عائشہ گلا لئی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بن سکتی ہے تو پھر عائشہ احد کے معاملے پر بھی بننی چاہیئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ ادھر حمزہ شہباز شریف کے ترجمان نے عائشہ احد کی پریس کانفرنس کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جوابی کارروائی کےسوا کچھ نہیں اور ایسی کارروائیاں گلالئی کےعمران خان پر الزامات سے عوام کی توجہ نہیں ہٹا سکتیں جب کہ عمران خان اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی جوابی الزامات کے بجائے اپنے لیڈر سے بے گناہی ثابت کرنے کی اپیل کرے۔ ترجمان کے مطابق عائشہ احدکا کردار پی ٹی آئی نے گزشتہ الیکشن میں پس پردہ رہ کر تخلیق کیا اور ان کے الزامات بے بنیاد تھے جس کی سرعام تردید کی اور عائشہ احد کے سرپرست کیس کو 2012 میں عدالت میں لے کر گئے مگر عدالت اس کیس میں حمزہ شہباز کو 2014 میں بری الذمہ قرار دے چکی ہے۔