جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) نجم سیٹھی کا انتخاب تقریباً یقینی ہو چکا، گزشتہ روز نئے گورننگ بورڈ ارکان کے نام ارسال کرنے کیلیے ڈپارٹمنٹس کو خطوط بھیج دیے گئے، شہریارخان8 تاریخ کو ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائینگے، اس کے بعد الیکشن کمشنر افضال حیدر قائم مقام چیرمین بنیں گے، انہیں ایک ماہ میں انتخابات کرانے ہیں مگر ذرائع کے مطابق وہ اگلے روز ہی خصوصی اجلاس طلب کر کے ایسا کرینگے

گورننگ بورڈ میں نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کی تقرری کیخلاف 10اگست کو ایک کیس کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ابتدائی سماعت بھی ہونی ہے، بعض حلقے اس عجلت کی وجہ اسی کو قرار دے رہے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ فاٹا ریجن میں ایڈہاک لگی ہوئی ہے،اگر وہاں الیکشن یا ڈپارٹمنٹل گورننگ بورڈ ارکان کے نام آنے میں تاخیر ہوئی تو پھر چیرمین کا انتخاب مؤخر بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریارخان کے 3سالہ عہدے کی میعاد 8 اگست کو مکمل ہو رہی ہے

ان کی جگہ سنبھالنے کیلیے ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی مضبوط امیدوار ہیں، انہیں چند روز قبل سابق وزیر اعظم اور پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ نواز شریف نے دوبارہ گورننگ بورڈ میں نامزد کیا تھا، ان کے ساتھ اس بار عارف اعجاز کو شامل کیا گیا، گزشتہ بار شہریارخان کا نام آیا تھا، حال ہی میں جسٹس (ر) افضال حیدرکو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا جنہوں نے پی سی بی کے دفاتر میں اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) بنگلادیش کے سابق کپتان خالد محمود دماغ کی رگ پھٹنے سے کومے میں چلے گئے تاہم انھیں فوری طور پرعلاج کیلیے سنگاپور منتقل کیا جا رہا ہے۔ اتوار کی شام کو اسٹروک کی وجہ سے انھیں ڈھاکا کے ایک اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ منتقل کیا گیا، مگر فیملی نے انھیں سنگاپور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، جس کیلیے آخری اطلاعات آنے تک انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ خالد محمود بورڈ ڈائریکٹر ہونے کے ساتھ ٹیم منیجر بھی ہیں

محمود بنگلادیش کے تیسرے ٹیسٹ کپتان ہیں، ان کی قیادت میں 2003 میں بنگال ٹائیگرز نے 9 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے میچز کھیلے، وہ 2006 میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے اور فوراً ہی کوچنگ اور ایڈمنسٹریشن سے منسلک ہوگئے تھے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) ایک طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کھیل کو اولمپکس کا حصہ بنانے کیلیے کوشاں ہے تو دوسری جانب بھارتی بورڈ نے اس میں بھی روڑے اٹکانے شروع کردیے ہیں، 2024 کے اولمپک گیمز میں کرکٹ کو شامل کرانے کیلیے ستمبر تک لازمی بڈ دینا ہوگی مگر بھارتی بورڈ باربار کی یاددہانیوں کے باوجود اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کررہا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے یہ واضح شرط موجود ہے کہ کسی بھی کھیل کی گیمز میں شمولیت کیلیے بڈ دینے کیلیے ایونٹ میں تمام بڑی ٹیموں اور اس کے ٹاپ پلیئرز کی شمولیت کی یقین دہانی ضروری ہے، اسی لیے بھارتی حمایت حاصل کیے بغیر آئی سی سی کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا،نہ صرف بھارتی ٹیم کی پرفارمنس شاندار بلکہ وہ اس کھیل کی سب سے بڑی مارکیٹ بھی ہے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بنانے میں عدم دلچسپی ہے ایک ممبر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلے ہی آئی سی سی نے ہمیں ریونیو میں حصہ کم دیا، اب ہم ان کو کوئی بھی فیصلہ خود پر مسلط نہیں کرنے دیں گے، اس بارے میں خود ہی سوچ بچار کرکے جلد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) انگلینڈ کے کھلاڑی معین علی نے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی وہ اوول میں پہلی بار اور 79 برس بعد کارنامہ انجام دینے والے پہلے انگلش اسپنر بنے ہیں۔ انگلش اسپنر معین علی نے اوول میں منعقدہ 100ویں ٹیسٹ کو اپنی شاندار بولنگ سے یادگار بنالیا، وہ اس گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی ہیٹ ٹرک بنانیو الے بولر بھی بنے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) پرتگال کے مایہ ناز فٹ بالرکرسٹیانو رونالڈو بھی ٹیکس چوری کے الزام میں اسپین کی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، ان پرایک کروڑ47 لاکھ یورو ٹیکس بچانے کا الزام ہے۔ میڈیا نمائندے اس خبر کی کوریج کے لیے عدالت کے باہرتھے اورامید کی جا رہی تھی کہ اسٹار فٹ بالرپیشی کے بعد میڈِیا سے بات کریں گے لیکن انہوں نے میڈیا سے بات نہ کی۔ امیرترین فٹ بالررونالڈو نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کی ہے جبکہ استغاثہ کا الزام ہے کہ رونالڈو نے 2010 سے ایک کروڑ 47 لاکھ یورو ٹیکس بچایا ہے۔

اس سے قبل ارجنٹیا کے لیونل میسی کو بھی ٹیکس چوری کے الزامات کا سامنا تھا جب کہ جرم ثابت ہونے پر انھیں 21 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم رواں ماہ کے آغاز میں عدالت نے ان کی جیل کی سزا 252000 یورو ادائیگی کے بدلے ختم کردی تھی۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ زیر غور آیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں نئی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی امیدوار شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دے کر وزیراعظم بنائیں گے اور مشکل وقت میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ رہیں گے جب کہ میرے خیال میں نئی کابینہ میں بھی کوئی بڑی تبدیلی نہیں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جنگ تو صرف عنوان ہے جب کہ آڑ میں سیاسی جنگ لڑی جارہی ہے اور اس غلاف کے نیچے اصل عزائم کیا ہیں اس کا پتا نہیں جب کہ نظریاتی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم ساری دنیا اور اداروں کو پیغام دینا چاہتے ہیں ایسے نہیں چلے گا، ملک تب چلے گا جب سب ایک پیج پر ہوں گے جب کہ عالمی سطح پر گریٹ گیم کا ایجنڈا ترقی پذیر اور مسلم دنیا کو غیرمستحکم کرنا ہے لیکن ہمیں تدبر سے کام لینا ہے ، ملک کو بحران کی طرف جانے نہیں دینا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے حوالے سے تحفظات ہیں، یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے کیوں کہ اصل مسئلہ62 اور63 کا نہیں بلکہ نیب کا ہے جو ایک آمر کا لایا گیا ہے جب کہ 62،63 کے تحت ایک فیصلہ آگیا مگر دفعہ 6 پرکوئی بات نہیں ہورہی۔

 

 

ایمزٹی وی (مدینہ منورہ)ایک سال کے وقفے کے بعد ایرانی عازمین فریضہ حج ادا کرنے کے لیے حجاز مقدس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق فریضہ حج ادا کرنے کے لیے ایرانی عازمین کا پہلا گروپ مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پہنچ گیا جہاں سعودی ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں سال 86 ہزار سے زائد ایرانی عازمین حج کریں گے اور 600 قافلوں میں حجاز مقدس پہنچیں گے۔
یادرہے کہ 2015 میں حج کے موقع پر منی میں بھگڈر مچنے سے کم ازکم 2426 حجاج جان کی بازی ہار گئے تھے، جن میں ایران کے 464 حجاج بھی شامل تھے۔
2016ء کے اوائل میں تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر مشتعل مظاہرین کے حملے کے بعد دونوں ملکوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد گزشتہ سال ہزاروں ایرانی فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے تھے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاناماکیس پر سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت ہوا جس میں پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد نیب کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 4 ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اگلے 6 ہفتوں میں دائرکیے جائیں گے، تمام ریفرنسز راولپنڈی اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں دائر کیے جائیں گے جب کہ ریفرنسز پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ اوراکٹھے کیے گئے مواد کی روشنی میں دائر ہوں گے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیراگراف 9 میں درج کمپنیوں سے متعلق ریفرنس دائرہوگا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق ایوان فیلڈ پراپرٹیز، پارک لین لندن ، عزیزیہ اسٹیل مل، ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ کے قیام پر ریفرنس دائر کیا جائے گا اور اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کا ریفرنس دائر ہوگا جب کہ تمام افسران کو سارے عمل کو مستعد اور پیشہ ورانہ انداز میں دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ریفرنسزمیں نیب، ایف آئی اے کے پاس موجود اثاثوں کے ریکارڈ کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف،ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت ان کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)شاہد خاقان عباسی کا وزیر اعظم ہاوس شفٹ ہونے سے انکاراُن کا کہنا تھا کہ میں نے درخواست کیا ہے مجھے اپنے گھر میں ہی رہنے دیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پورے اثاثے قوم و ملک کے سامنے پیش کئے ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کر کے ن لیگی قیادت نے وزیر اعظم کومستعفی ہونے کو کہاتاکہ ملک میں کسی بھی قسم کی انتشار اور بد بد پھیلی کا سامنہ نہ ہو،شاھد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ترقیاتی کام سی پیک جیسے منصوبوں اور دیگر اسی قسم کی ترقیاتی کام ہماری دورِ حکومت میں ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ میرے خلاف ہونے والے تمام تر شازشیں بے نقاب ہو گئی ہیں اور میرے خلاف دائر ہونے والی کسی بھی قسم کی ریفرنس سے نہیں ڈرتا۔30 سال سے سیاست میں ہوں میرے تمام تر اثاثے سب کے سامنے پیش کئے جا چکے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے