جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان اور آزربائیجان کے درمیان دس سپر مشّاق طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے سنگِ میل عبور کرلیا۔ معاہدے کے تحت پاکستان آزربائیجان کو 10 سپر مشّاق طیارے فروخت کرے گا۔ اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں ائر مارشل ارشد ملک اور چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے بھی شرکت کی۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ معاہدے کے تحت پاک فضائیہ آزربائیجان کے پائلٹس اور تکنیکی عملے کی تربیت بھی کریگی، ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار سپر مشّاق طیارے جدید آلات سے لیس ہیں جب کہ اس سے قبل ترکی، نائیجریا اور قطر کے ساتھ بھی سپر مشاق کی فروخت کے معاہدے کئے جاچکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سبکدوش وزیراعظم نواز شریف نے عدالت عظمیٰ سے اپنی نااہلی کی سزا ختم کرانے کیلئے صدر مملکت کے اختیار کو بروئے کار لانے کی تجویز یہ کہہ کر مستردکردی ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کو قانونی جنگ اور عوام کی تائید سےلڑیں گے اورجیتیں گے۔ ذرائع کے مطابق آئین کی دفعہ 45؍ کے تحت صدر مملکت کواس امر کے وسیع اختیارات حاصل ہیں کہ وہ کسی بھی عدالت سے دی گئی سزا کو موقوف کرسکتے ہیں تاہم نواز شریف نے آئین کی اس دفعہ کا سہارا لیکر اپنی سزا ختم کرانے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی ہے۔ اسی اثناء میں ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر ممنون حسین متذکرہ سزا کو ختم کرنے کے لئے تیارہیں تاہم اس سلسلےمیں ایوان صدر سے کوئی رابطہ ہی نہیں کیا گیا۔
اس دوران ذرائع نے بتایا ہے کہ 28؍ جولائی کے فیصلے کےخلاف آئندہ ہفتے عدالت عظمیٰ میں نظرثانی کی درخواست دائر کردی جائے گی۔ درخواست کو اسی عدالت کے روبرو پیش کیا جاتا ہے جس نے سزا سنا رکھی ہو تاہم نواز شریف کے وکلاء عدالت عظمیٰ سے استدعا کرینگے کہ وہ ان کی درخواست کو اپیل کی شکل میں سنے کیونکہ پانچ رکنی بنچ کے پاس اس کا دائرہ سماعت بہت محدود ہے۔ چیف جسٹس کو دائر کردہ درخواست میں استدعاکی جائے گی کہ جائزہ درخواست کو بطور اپیل سنا جائے اور اس مقصد کے لئے فل کورٹ پر مشتمل بنچ تشکیل دیا جائے۔ استدعا منظور ہونے کی صورت میں پانچ رکنی بنچ کے ارکان فل بنچ میں شامل نہیں ہونگے۔

 

 

ایمزٹی وی (گھوٹکی)پاناما فیصلے کے بعد تحریک انصاف کو ایک اور بڑی خوشخبری ملی گئی،پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے عبدالحق عرف میاں مٹھونے تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے پیپلزپارٹی کو ہائی وولٹیج جھٹکے دینے کا سلسلہ جاری تھا اب پاناما فیصلے کے بعد تحریک انصاف کو سندھ سے بڑی خوش خبر مل گئی ، پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے عبدالخاق عرف میاں مٹھو نے تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کر دیا اور سندھ پنجاب سرحدپرتحریک انصاف کی ریلی نکالی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میاں مٹھو نے کہا آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)خورشید شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماﺅں کا اجلاس کل طلب کر لیا ،وزارت عظمیٰ کیلئے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاناما فیصلے میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد وزرات عظمیٰ کیلئے خالی ہونے والی سیٹ پر اپوزیشن نے اپنا مشترکہ امیدوار کھڑا کرنا کا فیصلہ کیا ہے جس پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے اجلاس صبح10 بجے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں منعقد ہو گاجس میں ملک کی موجودہ صورتحال کابھی جائزہ لیا جائے گا،خورشید شاہ نے پارلیمانی لیڈرشاہ جی گل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)رواں سال2017 کا دوسرا چاندگرہن7 اگست کو ہوگا پاکستان میں جزوی طور پر دیکھا جاسکے گا محکمہ موسمیات کے مطابق سال2017 کا دوسرا چاندگرہن کا آغاز 7 اگست کی شب پاکستانی وقت کے مطابق8 بجکر 50 منٹ پر ہوگا 11بجکر 20 منٹ پر عروج پر ہوگا اور رات ایک بجکر51منٹ پر چاندگرہن ختم ہوجائے گا یہ گرہن پاکستان کے علاوہ ، مغربی ایشیاء ،آسٹریلیا، انٹارکیٹکا ،افریقہ اور یورپ میں دیکھا جاسکے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری ہاؤس روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ نواز شریف وزیراعظم ہاؤس کےعملے سے ملے اور الوداعی مصافحہ کیا۔ ان کا سامان دو روز پہلے ہی منتقل کردیا گیا تھا۔
اب نئے وزیراعظم کے لیے وزیراعظم ہاؤس کو آراستہ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے شاہد خاقان عباسی کو 45 روز کے لیے عبوری وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ منگل کی شام تک نئے وزیراعظم کا انتخاب ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا جس کے نتیجے میں ان کی وزارت عظمیٰ ختم اور کابینہ تحلیل ہوگئی۔

 

ایمزٹی وی (پشاور)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت سے درخواست ہے خدارا پارلیمنٹ کے اختیارات سپریم کورٹ کو نہ دیں ،اگر ایساہو گیا تو قومی اسمبلی کی افادیت ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی جمہوریت کے لیے کوشش کرتی رہے گی ،جمہوریت کو کسی صورت بھی ڈی ریل ہونے نہیں دیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62,63اصل حالت تھے تو اس پر ابہام نہیں تھا لیکن جب سابق آمر ضیا الحق نے ترامیم شامل کیے تو بہت سے ابہام پیدا ہو گئے ،ہم میں سے کوئی بندہ بھی اس پر پورا نہیں اترتا ۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62,63کو اصل حالت میں واپس لانے کی سب سے زیاد ہ مخالف نواز شریف نے کی اور اب اس آرٹیکل کا ڈنڈا بھی سب سے پہلے نواز شریف کو پڑا ہے ۔
 
میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ ہمارے بہت سے تحفظات ہیں لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کو سپورٹ کرتے ہیں ،لیکن اب ڈر ہے کہ کیس کے فریقین اس مسئلے کو اپنے درمیان تنازعے کی وجہ نہ بنا لیں ،تمام فریقین سے اپیل ہے کہ آپس میں نہ لڑیں کیونکہ اس وقت ملک کے اندرونی و بیرونی حالات ایسے ہیں کہ ہم کسی بھی بحران کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے سیاسی لیڈر شپ اور میڈ یا پاناما کے قیدی بنے ہوئے تھے ،ہمیں دنیا میں کوئی دوسرا مسئلہ نظر نہیں آرہا تھا ،اب پاناما منطقی انجام تک پہنچ گیا ہے ،اب اصل مسئلوں پر توجہ دی جائے ۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)نوازشریف کی تلاشی کے بعد اب عمران خان کی تلاشی کا عمل شروع ہونے کو ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی اور پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس پیر کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی اور پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس پیر سے سماعت کیلئے مقرر کر دیے ہیں ، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ان کیسز کی سماعت کریگا۔
پیر کے روز ہونے والی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل انور منصور اپنے دلائل دیں گے جن کے دلائل ختم ہونے کے بعد درخواست گزار لیگی رہنماﺅں کے وکلاءکے دلائل سنے جائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)مسلم لیگ ن نے عبوری وزیر اعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی کے نام پر اتفاق کیا ہے جس کے بعد ان کے نام کی منظوری دے دی گئی ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم ہاوس میں نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اتفاق کیا گیا کہ شاہد خاقان عباسی کو 45دنوں کے لیے وزیر اعظم بنا یا جائے گا جس کے بعد مستقل طور پر شہباز شریف کو وزیر اعظم بنا یا جا ئےگا ۔غیر رسمی اجلاس میں اتفاق کے بعد آج شام ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے نام کی توثیق کرائی جائے گی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں ایکسپورٹرز کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے برآمدات میں کمی ہوئی. وفاقی سیکریٹری ٹیکسٹائل حسن اقبال نے جمعرات کوپی ایچ ایم اے ہاو¿س میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں رقم مختص نہ کیے جانے کے باوجود گزشتہ مالی سال وزیراعظم کے اعلان کردہ برآمدی پیکیج کی مد میں 3 ارب روپے ادا کیے گئے، 10 فیصد برآمدات بڑھانے کی ذمے داری ایکسپورٹرز نے خود لی تھی لیکن یہ ان کے بس کی بات نہیں، 10لاکھ روپے سے کم کے ریفنڈز کی ادائیگی کردی گئی ہے، بقیہ 15 اگست تک ادا کردیے جائیں گے۔ حکومت جی ایس پی پلس میں اضافے کی کوشش کررہی ہے۔ اس موقع پرپی ایچ ایم اے کے چیف کوآرڈینیٹرجاوید بلوانی نے بھی خطاب کیا جبکہ اسلم احمد کار ساز،ریاض احمد،خواجہ عثمان، رفیق گوڈیل اور دیگرصنعتکار بھی موجود تھے۔ سیکریٹری ٹیکسٹائل نے کہا کہ 180 ارب روپے کا برآمدی پیکیج 18 ماہ کیلیے ہے جس میں 40 ارب ری بیٹ کیلیے رکھے گئے ہیں، حکومت برآمدی پیکیج کی بروقت ادائیگی یقینی بنارہی ہے لیکن برآمدی شعبے کو بھی اپنی ذمے داریاں نبھانی چاہئیں،برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر بھی ہے، جب ریئل اسٹیٹ شعبے نے تیزی سے ترقی کی تو ایکسپورٹرز نے اس میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جس میں بہت سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز بھی شامل ہیں حالانکہ انہوں نے قرض و دیگر مراعات برآمدات کے سلسلے میں حاصل کی تھیں۔ حسن اقبال نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں پیداواری لاگت زیادہ ہے، حکومت اس میں کمی کیلیے کوشش کررہی ہے، جلد ہی یوٹیلیٹی بلز میں کمی کی خوشخبری برآمدی سیکٹر کو دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ 10 لاکھ روپے سے کم کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کردی گئی ہے، اب 15 سے 20 ارب روپے کے ریفنڈز رہ گئے ہیں جو رواں سال 15 اگست تک ادا کردیے جائیں گے۔ قبل ازیں پاکستان اپیرل فورم کی چیئرمین جاوید بلوانی نے کہا کہ حکومت ہم سے تجاویز تو لیتی ہے لیکن اس پر عمل نہیں کرتی،حکومت برآمدی صنعت کیلیے بجلی، گیس اور پانی کے ٹیرف الگ مقرر کرے،حکومت ریفنڈز ادا کرے تو بھی ملکی برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔