جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)معروف عرب جریدے امارات الیوم کی ویب سائٹ سے ملتی جلتی ایک نئی امریکی ویب سائٹ نے سعودی عرب میں پاک فوج کے سابق اور عرب اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی گرفتاری کا شوشہ چھوڑ دیا لیکن امارات الیوم کی ویب سائٹ سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے اسے اہمیت دی اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی لیکن یہ خبر جھوٹی اور پاک سعودی تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی بھونڈی سازش کی گئی ، ایسی کسی بھی گرفتاری یا کشیدگی کی جنرل راحیل شریف کے قریبی ساتھی و تجزیہ نگار جنرل (ر) امجد شعیب نے بھی تردید کردی اور اسے مخصوص حلقوں کی لابنگ قراردے دیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف عرب نیوز ویب سائٹ امارات الیوم کے نام سے مشابہت رکھنےو الی ایک ویب سائٹ نے عربی زبان میں راحیل شریف کی سعودی عرب میں گرفتار ہونے کی افواہ پھیلی تو نام میں مشابہت ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اسے معروف ویب سائٹ سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا پر شیئرکردی لیکن بعدازاں کسی کو یہ خبرمشکوک معلوم ہوئی کیونکہ ویب سائٹ کے نام میں موجود لفظ ’T ‘ کے نیچے ایک نقطہ(ڈاٹ) موجود تھا ۔ مزید جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ یہ ویب سائٹ 2012 ء میں امریکہ سے رجسٹرڈ ہوئی ۔
میڈیاذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ نے کہا کہ گزشتہ رات دبئی کے میڈیا سیل نے بے بنیاد خبر چلادی کہ پاکستان آرمی کے سابق چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عرب میں عین اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ خفیہ طور پر پاکستان آرہے تھے، اس خبر کو ایک بھارتی چینل نے بھی نشر کردیا۔
جنرل امجد شعیب نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ نواز شریف کا ذاتی مسئلہ ہے لیکن وہ اسے قومی ایشوبنا کر ملکی اداروں کے مابین نہ صرف کشیدگی پھیلارہے ہیں بلکہ سپریم کورٹ پر بھی اعتراضات اٹھارہے ہیں جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے ان کو سہولت دیتے ہوئے جے آئی ٹی بنادی تاکہ یہ اطمینان سے ثبوت فراہم کردیں مگر انہوں نے نہ ہی سپریم کورٹ میں ثبوت فراہم کئے اور نہ ہی جے آئی ٹی میں جبکہ سپریم کورٹ چاہتی تو ان کو جے آئی ٹی بنائے بغیر بھی سزا دے سکتی تھی۔
 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم) جامعہ کراچی کے موجودہ وائس چانسلرڈاکٹر اجمل خان کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالے 6 ماہ ہوچکے ہیں ، چھ ماہ مکمل ہونے پر ان کے مقرر کردہ دوسرے قائم مقام مسجل(رجسٹرار) نے ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں سابق وائس چانسلر کے دور کو خراب اور موجودہ6ماہ کو تسلی بخش قرار دیا ہے قائم مقام مسجل ڈاکٹر منور رشید کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کی موجودہ انتظامیہ جامعہ کراچی کو ملک کی بہترین جامعات کی صف میں شامل کرنا چاہتی ہے اور گزشتہ 6ماہ کے دوران آپ کی مشترکہ کوششوں کے باعث ہائر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کے مطابق جامعہ کراچی کی کارکردگی خراب سے تسلی بخش ہوگئی ہے۔

قائم مقام رجسٹرار کی جانب سے ڈینز مختلف شعبوں کے سربراہوں اور دیگر ذمہ داراان کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی کامیابیوں کا جائزہ لینا چاہیں گے تاکہ ’’بہترین کارکردگی‘‘ کا ہمارا مقصد کم سے کم مدت میں مکمل ہو سکے۔ لہٰذا فروری سے جولائی تک کی کارکردگی اور کامیابیوں کی رپورٹ 10اگست تک مسجل کے دفتر تک پہنچا دی جائے

 

ایمز ٹی وی(کراچی)وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کی باری چھوڑیں ان کی باری جلد آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد اخلاقی اور سیاسی نا اہل ہوں گے۔ وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان جمہور اور جمہوریت دونوں کی سمجھ نہیں رکھتے اور اخلاقی پستی کی گہرائی میں گرے ہوئے عمران خان کو لوگ مسترد کرچکے ہیں۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری تمام عدالتوں سے سرخرو ہو کر آج بھی عوام کے دلوں میں رہتے ہیں اور عمران خان کی حیثیت ایک ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 62، 63 کی کسی شق پر پورا نہیں اترتے۔

وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئندہ پورے ملک میں حکومت بنائے گی

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) بورڈ کا بنایا ہوا ایم او یو قبول نہیں کیا تو معاملہ ثالثی کے لیے جاسکتا ہے، ادھر سابق کپتان مائیکل کلارک نے کھلاڑیوں کو تنازع پر ثالثی کی آفر قبول کرنے کا مشورہ دے دیا وہ کہتے ہیں کہ اگر کرکٹرز نے ایسا نہیں کیا تو بے وقوفی ہوگی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کرکٹرز ایسوسی ایشن کو پیر تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ یا تو وہ ان کا تجویز کردہ معاہدہ قبول کرلیں یا پھر معاملے کو ثالثی کیلیے غیرجانبدار امپائر کے پاس بھیجا جائے۔ اے سی اے کے چیف ایگزیکٹیو الیسٹر نکولسن پہلے ہی خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ معاملہ ثالثی میں جانے پر نئے معاہدوں میں بہت زیادہ تاخیر ہوجائے گی تاہم انہوں نے واضح کیا تھا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ نئے ہفتے میں کرلیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)افغانستان نے پی سی بی کی جانب سے معافی کا مطالبہ مسترد کردیا، اے سی بی کے چیف عاطف مشال کہتے ہیں کہ ہمارا ہر بورڈ کے ساتھ رشتہ باہمی احترام اور قومی مفاد پر مشتمل ہے، ہم معافی کی کوئی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتے۔ دو ماہ قبل کابل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے ٹویٹر پر بھارتی زبان بولتے ہوئے پاکستان پر ہی دھماکے کاالزام عائد کرتے ہوئے باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم نے کہا ہے کہ اگر جامعہ کراچی کے اساتذہ کوبروقت تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو شدید ردعمل دیا جائے گا کیونکہ فنڈز لانے کی ذمہ داری اساتذہ کی نہیں انتظامیہ کی ہوتی ہے لہٰذا خراب مالی حالت کا ملبہ ہرگز اساتذہ پر نہ ڈالا جائے۔

جامعہ کے اساتذہ کو بھیجے گئے مراسلے میں ٹیچرز فورم نے کہا ہے کہ تنخواہ کے پیسے نہیں، لیو انکیشمنٹ نہ ملنے کا کہا جاتا ہے اور شعبہ امتحانات کے بل سالوں سے نہیں مل رہے جبکہ شام کے پروگرام کی رقم کی ادائیگیوں میں بھی تاخیر ہورہی ہے اور صورتحال یہ ہے کہ چیک بائونس ہونا شروع ہوگئے ہیں جبکہ مکمل میڈیکل بھی نہیں ملتا۔

اشتہار اور سلیکشن بورڈ نہیں ہو رہے اس صورتحال کی وجہ سے جامعہ کراچی کے اساتذہ کا مستقبل غیریقینی ہوگیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی تنخواہیں اور مراعات ججز اور بیورو کریسی سے کم نہیں ہونی چاہئے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)اوول ٹیسٹ کے دوران اسٹیڈیم میں چند شائقین کی جانب سے بالکونی میں ایک تصویر آویزاں کی گئی جس میں مصوری کے شاہکار ’مونالیزا‘ کے انداز میں معین علی کا پورٹریٹ تھا جس کے اوپر ’معینہ لیزا‘ لکھا ہوا تھا۔ اوول ٹیسٹ کے دوران اسٹیڈیم میں چند شائقین کی جانب سے بالکونی میں ایک تصویر آویزاں کی گئی جس میں مصوری کے شاہکار ’مونالیزا‘ کے انداز میں معین علی کا پورٹریٹ تھا جس کے اوپر ’معینہ لیزا‘ لکھا ہوا تھا۔ بہت سے شائقین نے اس تصویر کا مزاحیہ پہلو دیکھا جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس تصویر کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر بھی کیا تاہم سوشل میڈیا پر شائقین کی اکثریت کو یہ تصویر کافی گراں گزری، ایک نے لکھاکہ آپ معین کو اس انداز میں پیش نہیں کرسکتے، یہ ایک بے وقوفانہ چیز ہے

کچھ نے اسے انگلینڈ کے کرکٹرز اور قومی ہیروز کی توہین قرار دیا، ایک شخص نے لکھا کہ مجھے یہ تصویر انتہائی توہین آمیز دکھائی دے رہی ہے، مجھے تو حیرت اس بات پر ہورہی ہے کہ انگلش بورڈ نے خود یہ تصویر پوسٹ کی ہے، مجھے امید ہے کہ معین علی اس بارے میں باقاعدہ شکایت کریں گے۔ تاہم خود اسپننگ آل راؤنڈر کو بھی اپنے اس پورٹریٹ میں مزاحیہ پہلو ہی دکھائی دیا، اس لیے انھوں نے اپنے بورڈ کی اس پوسٹ کو ہی ری ٹویٹ کرکے اپنے چاہنے والوں تک بھی پہنچادیا۔

 

 

 

ایمزٹی وی (پشاور)تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو بڑا سیاسی جھٹکا، قومی وطن پارٹی کے2صوبائی وزراءاور2معاونین خصوصی مستعفی ہو گئے ، مستعفی ہونیوالوں میں سینئروزیرسکندرشیرپاﺅاورانیسہ زیب طاہرخیلی شامل جبکہ معاون خصوصی کریم خان اورارشد خان نے بھی استعفادےدیا،قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاﺅ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاتحریک انصاف نے پانامامعاملے پر ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی لیکن پھر قومی وطن پارٹی اپوزیشن کے ساتھ کھڑی رہی جبکہ معاہدے کے تحت پی ٹی آئی کو قومی معاملات پرمشاورت کرنی چاہئے تھی،آفتاب شیرپاﺅ کا کہنا تھا ہمارا موقف تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کاانتظارکیاجائے، کے پی حکومت سے یکطرفہ الگ کرناتحریری معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا آج سے پی ٹی آئی سے اتحاد ختم ہو گیا ،اتحاد ٹوٹتے رہتے ہیں کوئی بات نہیں عمران خان خود کو تنہا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی سے معاہدے میں صوبے کے مسائل کا ذکر تھا، اس پر عمل نہیں ہوا،آفتاب شیرپاﺅ کا کہنا تھا کسی صورت جمہوریت کوڈی ریل ہونے نہیں دیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)ملیرالفلاح میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے ایم کیوایم پاکستان کے وائس یوسی چیئرمین محمد راشد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ڈاکٹرفاروق ستار، میئرکراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ اب مہاجر مقتول اور مہاجر قاتل کی سیاست ختم ہوجانی چاہیے ، ایم کیو ایم کے کارکنان کو لندن سے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مگر ہم عدم تشدد کی پالیسی پر کاربند ہیں ، ایک بار پھر شروع ہونے والا قتل و غارت گری کا سلسلہ کراچی کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہماری صفوں میں مقتول تو ملے گا لیکن قاتل نہیں، ریاست کی ذمہ دار ی ہے کہ ہمیں تحظ دیا جائے اور لندن سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں پر ایکشن لیا جائےاگر اس سلسلے کو نہ روکا گیا تو مشکلات پیدا ہوں گی،عوامی نمائندوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تو امن کیسے قائم ہوگا۔
سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنان کے قتل کی بھی مذمت کی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) نواز شریف کی نااہلی کے بعد نئے قائد ایوان کے چناؤ کے لئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس یکم اگست بروز منگل کو طلب کر لیا ہے جب کہ وزیراعظم پاکستان کے انتخاب کے لئے شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق آج سہہ پہر 3 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
اکتیس جولائی دوپہر دو بجے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی 31 جولائی کو ہی سہہ پہر 3 بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جس کے بعد وزیراعظم کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ یکم اگست سہہ پہر 3 بجے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کا انتخاب ہو گا، اسپیکر قومی اسمبلی سارے عمل کی نگرانی کریں گے اور پھر اکثریت حاصل کرنے والے امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے جس کے بعد صدر ممنون حسین نئے قائد ایوان سے حلف لیں گے۔