جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی( اسپورٹس) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ٹریبیونل کی کارروائی کے دوران برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے منیجر آپریشنز اینڈریو کی گواہی کے موقع پر یہ بات سامنے آئی کہ اسکینڈل میں مبینہ طور پر عمراکمل اور محمد سمیع بھی ملوث ہیں، ٹھوس شواہد سامنے آنے پر کوئی حتمی بات کہی جاسکے گی۔ میڈیا سے انٹرویو میں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہاکہ مجھے اس کیس میں گھسیٹا جا رہا تھا، میں پی سی بی کا شکرگزار ہوں کہ اس نے معاملے کی چھان بین کرکے واضح کیا کہ میرا کوئی کردار نہیں تھا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں اپنی فٹنس کو نظر انداز کرنے کی غلطی تسلیم کرتا ہوں، میں نے خود ہی اپنے لیے مسائل پیدا کیے،کوچ، کپتان اور کھلاڑیوں کے ساتھ میرے اچھے تعلقات رہے ہیں، میں ٹیم اور سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے کا خود ہی ذمہ دار ہوں،انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے سفر میں اسکواڈ کے ہمراہ نہ ہونے پر سخت ذہنی تکلیف اور پچھتاوا ہوا،اس بات کی خوشی بھی ہے کہ ہم وطن کرکٹرز نے ایک بڑا کارنامہ سرانجام دیا۔

عمر اکمل نے کہا کہ انجری کی وجہ سے این سی اے اسٹاف کو بتاکر بحالی کیلیے انگلینڈ آیا تھا،اپنی فٹنس کیلیے سخت محنت کررہا ہوں، پوری توجہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر مرکوز ہے، ماضی میں کیریئر کومتاثر کرنے والی ہر خامی کو دور کرکے میدان میں اترنا چاہتا ہوں، کوشش کروں گا کہ کارکردگی ملک اور والدین کیلیے باعث فخر ہو۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فخر زمان اور بابر اعظم بھی کیریبیئن پریمیئر لیگ کھیلیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان ٹیم کے پلیئرز پر غیرملکی لیگز کے دروازے کھل گئے ہیں، فائنل میچ میں سنچری بناتے ہوئے گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کروانے والے اوپنر فخر زمان اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کا کیریبیئن کرکٹ لیگ کیلیے معاہدہ ہو گیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) ہیڈ کوچ مکی آرتھر چیمپئنز ٹرافی کی رپورٹ ممکنہ طور پر جمعرات کو جمع کرائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی انگلینڈ سے وطن واپسی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شیڈول تھی، کوچ ان سے ملاقات بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ نے سینئر بولرز کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی نشاندہی کردی ہے، انھوں نے حسن علی کو دوسروں کیلیے ایک مثال قرار دیا،احمد شہزاد کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اظہر علی کی پرفارمنس کو سراہا۔

کوچ نے فٹنس مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ عمراکمل جیسی مثالیں جونیئرز کے سامنے نہیں آنا چاہئیں۔ قومی ٹیم کی فوری طور پر کوئی مصروفیات نہ ہونے کی وجہ سے رخصت کے بعد پاکستان آنے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہائی پرفارمنس میں شریک کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا مشن شروع کردیا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی)سندھ اسمبلی نے ترمیم شدہ انسداد بدعنوانی بل 2017 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر قانون ضیا الحسن لنجار نے ترمیم شدہ انسداد بدعنوانی بل 2017 پیش کیا۔ ایوان نے رسمی بحث کے بعد بل کی منظوری دیدی تاہم بل کے خلاف ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ فنکشنل اور پی ٹی آئی نے واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا کوئی رول نہیں چیئرمین کے تقرر میں، نیب اور ایف آئی اے کا قانون وفاق نے پا س کیا جب کہ گورنر کے پیغام کے بعد اسمبلی بل کو دوبارہ پاس کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آر او پلانٹس کو نیب نے کلین چٹ دی ہوئی ہے جب کہ نیب کے متبادل قانون لانا ہمارے دائرہ اختیار میں ہے، صوبائی اسبملی قانون سازی کر سکتی ہے جب کہ قانون میں نیب اگر کسی قانون پر ہاتھ ڈال دے تو کوئی اس کو ہاتھ نہیں لگا سکتا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت آئین سے ہٹ کر کچھ نہیں کرسکتی، پہلے ہمیں بدنیت پھر کہا جاتا ہے وفاق کے خلاف ہیں، قانون سازی کا اختیار ہے لہذا اعتراض ہوہی نہیں سکتا جب کہ احتساب کمیشن کے سربراہ کا تقرر کمیٹی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب کمیشن کے سربراہ کا انتخاب حکومت نہیں کرے گی،

چیئرمین کے تقرر کے لیے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی جب کہ ہمارے قانون قومی اسمبلی یا اور کوئی ملک نہیں بنائے گا۔ مراد علی شاہ نے رکن ایم کیو ایم (پاکستان) فیصل سبزواری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فیڈریشن پر میں آپ سے زیادہ یقین رکھتا ہوں، آر او پلانٹس پر آپ چلاتے ہیں اس پر نیب نے کلین چٹ دی ہوئی ہے جب کہ ٹریکٹراسکینڈل سبسڈی میں بھی نیب نے کلین چٹ دی۔ واضح رہے کہ سندھ اسمبلی نے چند روز قبل نیب کی جگہ صوبائی سطح پر انسداد بدعنوانی بل منظور کیا تھا تاہم گورنر سندھ نے اس پر دستخط کرنے کے بجائے اسے اسپیکر کو واپس بھجوادیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) جونیئراوپن اسکواش ٹورنامنٹ کی انڈر 17 کیٹیگری میں پاکستان کے عزیر شوکت نے ٹاپ سیڈ جاپانی پلیئرکیٹومٹسوئی کو 3-0 سے مات دیکر اپ سیٹ کردیا۔ جاپان کے شہر یوکوہاما میں گزشتہ روز جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ مقابلوں کا آغاز ہوا، انڈر 15کیٹیگری میں پاکستان کے پشاور سے تعلق رکھنے والے خوشحال ریاض خان کا پہلا میچ جاپان کے نمبر ون پلیئر سوٹا میکاوا سے ہوا جس میں خوشحال نے باآسانی 3-0 سے کامیابی سمیٹی

میچ کا اسکور 11-1، 11-2 اور 11-3 رہا۔ دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ سیکنڈ سیڈ ہانگ کانگ کے زی ٹائویو سے ہوا، خوشحال ریاض نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجربہ کار کھلاڑی کو 3-0 سے آئوٹ کلاس کرتے ہوئے ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ کیا، ان کی فتح کا اسکور11-5، 11-4 اور 11-6 رہا، کوارٹر فائنلز بدھ کو کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ انڈر 17 کیٹیگری میں پاکستان کے عزیر شوکت نے پہلے راؤنڈ میں جاپان کے تکاکی یاموچی کو جارحانہ کھیل سے زچ کیا اور یکطرفہ مقابلے کے بعد3-0 سے کامیابی سمیٹی، دوسرے مرحلے میں انھوں نے جاپان کے ٹاپ سیڈ کیٹو مٹسوئی کو بھی اتنے ہی مارجن سے شکست دی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) بہت انتظار، افواہوں اور چہ مگوئیوں کے بعد ایپل کارپوریشن نے آخرکار ’’آئی فون 8‘‘ کی پہلی جھلک جاری کر دی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس میں ’’ہوم‘‘ بٹن واقعی میں ختم کر دیا گیا ہے۔

home

آئی فون 8 کے بارے میں یہ تمام باتیں ایپل نے خود جاری نہیں کیں بلکہ فوربس میگزین کے توسط سے ’’مصدقہ معلومات‘‘ کی حیثیت سے (تصویروں سمیت) پیش کی ہیں۔ اس کے 5.8 انچ چوڑے گلاس ڈسپلے پر کہیں بھی ’’ہوم‘‘ بٹن موجود نہیں جبکہ آڈیو جیک بھی غائب ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین سے آف شور کمپنیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمرعطابندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کررہا ہے، جس میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین پر آف شور کمپنیاں بنانے ،ٹیکس چوری کرنے اور بے نامی جائیدادیں بنانے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل عاضد نفیس نے کہا کہ پاناما لیکس اور آف شور کمپنیوں کے باعث کیس یہاں لائے گئے جو عوامی اہمیت کے حامل ہیں ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پاناما لیکس کی بنیاد پر کیس سنیں، جب دوسرے فورمز موجود ہیں تو کیا کیس یہاں لایا جاسکتا ہے، آج جہانگیر ترین ہیں کل کسی اور رکن اسمبلی کے خلاف بھی درخواست آجائے گی، کیا ہر پارلیمنٹیرین کیخلاف کیس براہ راست سپریم کورٹ لایا جا سکتا ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ عدالت جہانگیر ترین سے تحفہ میں دی اور وصول کی گئی رقم کی تفصیلات طلب کرے، جہانگیر ترین نے بچوں کو ایک ارب 47 کروڑ روپے سے زائد رقم تحفے میں دی، 2010 میں انہیں بچوں سے 8 کروڑ 75 لاکھ تحفے میں ملے ، بعد ازاں 2015 میں انہیں چھ کروڑ ستانوے لاکھ پچاس ہزار روپے تحفہ ملا۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد 3 روزتک جاری رہنے والی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم کے حکام اورآئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کامیاب ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے آئل ٹینکرزکے کرایوں کی شرح بڑھانے پررضا مندی ظاہرکرنے اور15 روزمیں تمام مسائل کا حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے سربراہ یوسف شہوانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران وزارت پیٹرولیم کے سیکریٹری کی جانب سے اچھا رویہ رہا اورانہوں نے ہمارے مطالبات کوتسلیم کیا ہے جس پرہم ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے باعث پٹرولیم نہ ملنے سے عوام کو جومشکلات درپیش آئیں اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ہم نے 20 جولائی کو ہڑتال کی کال دی تھی لیکن ہم نے اسے 24 جولائی تک مؤخر کیا۔
واضح رہے کہ آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے ایک دھڑے کی جانب سے جاری ہڑتال کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا ہوگیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت )آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی درخواست پر سوئی سدرن نے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق حکام کے فیصلے کے بعد سوئی سدرن فوری طور پرسی این جی اسٹیشنز کھولے گی۔ اس سے قبل ملک بھر کے 75 فیصد پٹرول پمپس پر پیٹرول ختم ہو جانے کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی سی این جی اسٹیشنز بھی آج صبح 8 بجے سے 24 گھنٹے کے لیے ہوگئے تھے۔

آئل ٹینکر مافیا کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہوگئی اور کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر پٹرول پمپس پر پیٹرول نایاب ہوگیا ہے جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ جن پمپس پر پیٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ کراچی میں چند کھلے پیٹرول پمپس پر شہریوں نے رات گئے لائنوں میں لگ کر پیٹرول اور ڈیزل بھراویا ۔ دوسری جانب سی این جی بندش کے شیڈو ل کے پیش نظر گزشتہ رات سے صبح 8 بجے تک سی این جی اسٹیشنز پر بھی گاڑیوں کارش رہا ۔

پیٹرول بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی چاندی ہو گئی اور ان کی جانب سے عوام سے زیادہ کرایہ وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد آئل ٹینکرز کو قانون کے دائرہ کار میں لانے پر آئل ٹینکرزایسوسی ایشنزاور حکومت کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پٹرول کی نقل وحمل کے لئے ریلوے کی خدمات پیش کر دی ہیں۔ دوسری جانب سیکرٹری پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کے ساتھ آج بات چیت میں معاملات طے پا جائیں گے۔

 

 

لاہور دھماکے پر متحدہ عرب امارات کی مذمت
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) متحدہ عرب امارات نے لاہور بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشہ النعیمی نے منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ لاہور بم دھماکے کی مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے گئی بزدلانہ کارروائی ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے ، دہشتگردی میں ملوث لوگوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات حکومت پاکستان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔