بدھ, 15 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور پاکستانی کرکٹ کے علاوہ بھی کئی کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
 
ایسی ہی ایک قوم کی بیٹی کرن خان بھی ہے جنہوں نے باکو میں ہونے والے تیراکی کے مقابلوں میں پاکستان کیلئے تانبے کا تمغہ جیتا لیکن قوم کا رویہ دیکھ کر ان کی ساری خوشی ادھوری کی ادھوری رہ گئی جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔
کرن خان نے دلخراش بات کرتے ہوئے قوم سے سوال کیا ہے کہ کرکٹ میں جیت تو جیت ہے لیکن کیا کسی اور مقابلے میں جیت کی کوئی خوشی نہیں ہوتی؟
انہوں نے ان مقابلوں میں جیتے ہوئے میڈل کی تصویر اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اپ لوڈ کرتے ہوئے طنز کیا کہ ”جیتنے کے بعد ہمیں کسی نے نہیں پوچھا! یہ بہت اچھا ہے کیونکہ ہمارا کھیل کرکٹ نہیں، اور اسے تیراکی کہتے ہیں۔“
 
کرن خان نے صارف کو جواب دیتے ہوئے لکھا ”یہ شرم کی بات ہے اور میری طرف سے ان کیلئے طمانچہ ہے کہ جو میں نے کیا ہے وہ یہ کبھی حاصل نہیں کر سکتے۔“
کرن خان نے اس صارف کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے لکھا ”میں بھی یہی اخذ کرتی ہوں“

 

 

ایمزٹی وی (نتھیا گلی)نتھیا گلی میں میڈیا سے گفتگو میں چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ نوازشریف میچ کے دوران جب باری لیتے تھے تو اپنے امپائر کھڑے کرتے تھے جب کہ مریم نواز جے آئی ٹی میں سوال کرنے نہیں بلکہ جواب دینے گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں دیکھ رہا ہوں جب کہ (ن) لیگ نے عدلیہ، فوج اور جے آئی ٹی کو بدنام کرکے متنازعہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے، انہوں نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تاہم اگر (ن) لیگ نے اس بار سپریم کورٹ پر حملہ کیا تو پوری قوم باہر نکلے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ماورائے عدالت قتل کیے اور مجھے 10 ارب روپے کی رشوت کی آفر کی۔ شہباز شریف معاملہ عدالت لے جائیں ان کی اصلیت سامنے لاؤں گا، میرے پاس 10 ارب نہیں حمزہ اور حسین نواز سے قرضہ لیکر دیدوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، کرپشن کے کینسر نے ملک کو کھوکھلا کردیا، سنگاپور ہم سے آگے نکل گیا لیکن ہم قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں تاہم کرپشن کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے جس میں خواتین اور نوجوان کردار ادا کریں جب کہ ہم سیاست نہیں مافیا کے گاڈ فادر کے خلاف جہاد کررہے ہیں ۔
چیر مین تحریک انصاف نے کہا کہ 20 کروڑ عوام والے ایٹمی ملک کے وزیر اعظم کی ریاض میں بے عزتی ہوئی، شریف خاندان کا قصور یہ ہے کہ پاکستان سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا، پاکستان سے ہر سال ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، انہوں نے بچوں کے نام پر پیسہ باہر بھیجا، اس لیے منی لانڈرر منی لانڈرنگ نہیں روک سکتے، چور چوری نہیں روک سکتا، انہوں نے ملک تباہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ جےآئی ٹی میں شریف خاندان کا احتساب ہوگا، (ن) لیگ والوں کی شکلیں دیکھ کرلگتا ہے کہ جے آئی ٹی میں ان کے حالات برے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مفاد پرست لوگ سسٹم کو بچانا چاہتے ہیں، کچھ لوگ اسٹیٹس کو کے خلاف اور کچھ ساتھ کھڑے ہیں تاہم تحریک انصاف میں جو شامل ہورہا ہے وہ تبدیلی چاہتا ہے جب کہ ایک میڈیا ہاؤس شریف فیملی کو بچانے کے لیے پراپیگنڈا کررہا ہے، میر شکیل الرحمان جیسے لوگ انہیں بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت)چھوٹے بچوں کی کتابوں کے ہر صفحے پر اندھا دھند رنگین تصاویر چھپی ہوتی ہیں اور ان کے درمیان متن (ٹیکسٹ) بھی ہوتا ہے لیکن اب تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کتابوں میں تصاویر کی بھرمار بچوں کے پڑھنے میں حائل ہوتی ہے اس لئے ان کتابوں کے ایک صفحے پر صرف ایک واضح تصویر ہونی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چار سال تک کے بچوں کےلیے کتابوں میں ایک سے زائد تصاویر سے ان کی توجہ کمزور ہوتی ہے اور اس طرح انہیں پڑھنے میں بھی دقت پیش آتی ہے۔ اگر ایک بچہ ایک صفحے پر تصاویر کی بھرمار دیکھتا ہے تو اس کے پڑھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جبکہ ایک صفحے پر صرف ایک تصویر ہو تو اس سے بچے کی پڑھنے کی صلاحیت دوگنا ہو جاتی ہے۔
یونیورسٹی آف سسیکس کی ماہرِ نفسیات زو فلیک کہتی ہیں کہ بہت چھوٹے بچوں کی کتابوں میں زیادہ تصاویر ان کی توجہ بٹاتی ہیں کیونکہ وہ تحریر کو پڑھنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں اور نہ ہی بچے یہ سمجھ سکتے ہیں کہ انہیں تصویر کو کس جانب دیکھنا ہے۔
تجرباتی طور پر تین سال کے بچوں کو ایسی کتابیں دی گئیں جن کے دائیں صفحے پر تصویر تھی اور بایاں صفحہ خالی تھا، یا دونوں صفحات پر تصاویر تھیں جبکہ اس تصویر میں موجود شے کا سادہ سا نام ہر تصویر کے ساتھ درج تھا۔ معلوم ہوا کہ ایک سے زائد تصویر والے صفحے کے مقابلے میں صرف ایک تصویر والے صفحے سے بچوں نے زیادہ نام پڑھے۔ اس کے بعد بچوں کی مزید جانچ کی گئی۔
 
اس بنیاد پر ماہرینِ نفسیات نے کہا ہے کہ اسکول جانے والے یا نرسری والے بچوں کی کتابوں میں ایک صفحے پر ایک تصویر ہونی چاہیے اور ناشرین کو اس تحقیق کی روشنی میں کتابیں بنانی چاہئیں یعنی ایک صفحے پر تصویر ہو اور سامنے والے صفحے پر اس شے کا نام درج ہو۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)جے آئی ٹی کی سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کیے جانے سے قبل پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سرجوڑ کر بیٹھ گئی جس دوران ملک بھر میں جاری آپریشنز ،پاک افغان تعلقات اور امریکی وفد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیاگیا، اس اجلاس میں آرمی چیف کے علاوہ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی بھی شریک تھے ۔
میڈٰیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس کی صدارت نواز شریف نے کی جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ۔ آرمی چیف کے ہمراہ آنیوالے ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی کے علاوہ مشیر قومی سلامتی ، وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔
اس اجلاس کے دوران آپریشن ضرب عضب کے دوران حاصل ہونیوالی کامیابیوں، ردالفساد میں پیش رفت کے علاوہ بیرونی سرحدوں کی سیکیورٹی اور افغانستان کیساتھ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق امریکی وفد کے حالیہ دنوں میں پاکستان اور پھر قبائلی علاقے وزیرستان کے دورہ پر بھی قیادت کو بریفنگ دی گئی ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سانحہ احمد پورشرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں شیل کمپنی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے جبکہ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو10، 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 5،5 لاکھ روپے ادا کرے گی۔
اوگرا کی جانب سے سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔ رپورٹ میں سانحے کا ذمہ دار شیل کمپنی کو قرار دیا گیا ہے اور اسے اوگرا کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحے کا سبب بننے والا آئل ٹینکر معیار کے مطابق نہیں تھا ، تحقیقات کے دوران اس آئل ٹینکرکا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جعلی نکلا، شیل کمپنی نے اوگرا قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا۔ 50 ہزار لٹر تیل لے جانے کےلئے 5 ایکسل کا ٹینکر لازمی ہونا چاہیے جبکہ حادثے کا شکار ہونے والا ٹینکر 4 ایکسل کا تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں انتظامی نا اہلی کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ جب آئل ٹینکر کو حادثہ پیش آیا تو انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں نہیں آئی جبکہ موٹروے پولیس نے بھی فوری طورجائے حادثہ کومحفوظ نہ بنایااور لوگ وہاں سے تیل بھرتے رہے جس کی وجہ سے افسوسناک سانحہ پیش آیا۔
دوسری جانب نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ میں سانحہ احمد پور شرقیہ کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 218 ہوگئی ہے۔

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کیخلاف شاندارفتح سمیٹ کر آئی سی سی ٹرافی اپنے نام کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفرا ز احمد عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کے کپتان سرفراز احمد نے اپنے انسٹا گرام اکاﺅنٹ کے ذریعے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا ئیگی کیلئے موجود ہیں جہاں انہوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے ۔
تصویر میں کپتان سرفراز احمد کے ساتھ اظہر علی اور اسد شفیق بھی احرام باندھے دیکھے جا سکتے ہیں جنہوں نے عمرہ کی ادائیگی کیلے سر منڈوا رکھے ہیں ۔
 
news 1499418920 7800 large
 
عمرہ ادائیگی کے موقع پر کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑیوں نے بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے اور ملک و ملت کی ترقی اور ملک میں امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاک فوج کے سربراہ نے بھی ٹیم کو عمرہ پر بھیجنے کا اعلان کیا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ذاتی خرچ پر گئے ہیں یا پاک فوج نے ہی بھجوایا ہے

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستانی قوم کرکٹ اور اپنے کرکٹرز سے بے انتہاءمحبت کرتی ہے اوران کی نجی زندگی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کی کوشش میں رہتی ہے تاہم سوشل میڈیا نے یہ کام انتہائی آسان کر دیا ہے اور اب ہر کوئی اپنے پسندیدہ کرکٹر کے بارے میں بہت کچھ جان سکتا ہے۔
کرکٹرز بھی اپنے مداحوں کی محبت کو خوب سمجھتے ہیں اور وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں بہت سی نجی باتیں اور تصاویر یا ویڈیوز وغیرہ شیئر کرتے رہتے ہیں تاکہ وہ اپنی زندگی کے چند بہترین لمحات کو اپنے مداحوں کیساتھ بھی انجوائے کر سکیں۔ ایسا ہی کچھ وقار یونس نے بھی کیا جن کی بیٹی مریم وقار عیدالفطر کے موقع پر اپنے والد کی گھر موجودگی پر بہت خوش تھیں اور اسی خوشی میں انہوں نے ایک تصویر سوشل میڈیا پراپ لوڈ کی تو دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرل ہو گئی۔
 
وقار یونس کی اپنی بیٹی کیساتھ پہلی مرتبہ کوئی تصویر منظرعام پر آئی ہے اور اس قدر وائرل ہو گئی ہے کہ سب ہی مثبت رائے کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ اس تصویر میں جھلکتا باپ بیٹی کا پیار ناصرف ایک بہترین مثال ہے بلکہ دوسروں کیلئے ایک سبق بھی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکار ورون دھون نے فلم’’ جڑواں 2 ‘‘کا ایکشن پر مبنی کلائیمیکس سین کا شوٹ مکمل کرا دیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار ورون دھون نے ٹویٹر پر فلم ’’جڑواں 2 ‘‘ کے کلائیمیکس سین کے آخری روز کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ورون بہت غصے میں دکھائی دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک ٹیک میں 50 سے 60 لوگوں کو مارا۔ فلم میں ورون کے ساتھ جیوکلین فرنینڈس اور تاپسی پنو مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم کی ہدایات ڈیوڈ دھون نے دی ہے۔یہ فلم 1997 ء میں بنائی گئی فلم جڑواں ‘‘جس میں سلمان خان اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیا کا سیکوئل ہے جس میں ورون دھون ڈبل رول کر رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)اداروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے توہین عدالت کے جرم میں فرد جرم عائد ہونے سے پہلے ہی معافی مانگنے کی تیاریاں کرلیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر نہال ہاشمی نے سپریم کورٹ سے متنازعہ تقریر کے معاملے پر غیر مشروط طور پر معافی مانگنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور معافی نامہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ معافی نامے میں نہال ہاشمی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے بطور وکیل اپنے 30 سالہ کیریئر میں کبھی بھی عدالت کی توہین کرنے کی کوشش نہیں کی، وہ عدالت کا مکمل طور پر احترام کرتے ہیں، ان کی تقریر کو سیاق و سباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں عمران خان کے خلاف بات کی تھی لیکن اسے اداروں کے خلاف تقریر کے طور پر پیش کیا جار ہا ہے۔ نہال ہاشمی کے معافی نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ غیر مشروط طور پر عدالت سے معافی مانگتے ہیں۔
واضح رہے کہ نہال ہاشمی نے اپنی ایک تقریر کے دوران کہا تھا کہ وہ میاں نواز شریف کا احتساب کرنے والوں کے بچوں پر زمین تنگ کردیں گے۔ اداروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر نہال ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج ہے جس میں انہوں نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
نہال ہاشمی کےخلاف مقدمے میں دہشتگردی کی دفعہ بھی شامل ہے جو کہ عامر وڑائچ ایڈووکیٹ کی درخواست پر شامل کی گئی تھی۔ نہال ہاشمی کی متنازعہ تقریر کا سپریم کورٹ نے نوٹس لے کر حکم دیا تھا کہ ان پر 10 جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی تاہم لیگی رہنما نے فرد جرم عائد ہونے سے پہلے ہی معافی مانگنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز لیگ کی رہنما سمیرا ملک کو چیئرپرسن ضلع کونسل خوشاب کے عہدے پر بحال کر دیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے حلقے میں ضلع کونسل کا انتخاب دوبار ہ کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سمیرا ملک کو ضلع کونسل خوشاب کے عہدے پر بحال کر دیا ۔سمیرا ملک نے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے ضلع کونسل خوشاب کے چیئرمین کا انتخاب کالعدم قرار دیا تھا جس پر سمیرا ملک نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔ سمیرا ملک نے الیکشن کمیشن میں اپنی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی درخواست بھی دے رکھی تھی۔ سمیرا ملک ضلع کونسل خوشاب سے نواز لیگ کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئی تھیں۔