ایمز ٹی وی (کراچی) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین مصطفی کمال نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کی 50ویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کی تحریک کے دوران اور قیامِ پاکستان کے بعد مادرِ ملت نے جس سیاسی بصیر ت و قیادت ،جراٰت مندی اور ایثارو قربانی کا مظاہرہ کیا وہ ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کی تحریک میں فاطمہ جناح کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ ملت نے قائد ِ اعظم کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر جدو جہد کی اور اس جدو جہد کی خاطر انہوں نے اپنی خواہشات اور امنگوں کو قربان کر دیا
ایمزٹی وی (اسلام آباد)جسٹس اعجاز افضل خان کی سر براہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی خصوصی بینچ پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت کررہا ہے۔ سماعت کے آغاز میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے رپورٹ پیش کی۔
سماعت کے دوران جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے جے آئی ٹی بنائی جس نے اپنا کام مکمل کرلیا، جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں تصویر لیک کرنے والے کا نام نہیں لکھا، ہمیں کمیشن کی تشکیل کی درخواست کی گئی جو ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں ، ہم نے پوچھا تھا کہ تصویر لیک پر رپورٹ پبلک کریں یا نہیں، ہمارے خیال میں تصویر لیک معاملے پر کمیشن تشکیل دینے کی ضرور ت نہیں، اگر ہم ذمہ دار شخص کا نام ظاہر کرتے ہیں تو حکومت چاہے تو کمیشن تشکیل دے سکتی ہے۔
اٹارنی جنرل نے ایف آئی اے رپورٹ پڑھ کر سنائی، ایس ای سی پی ریکارڈ ٹیمپرنگ معاملے پر بحث کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے رپورٹ میں سنجیدہ الزامات ہیں، ظفر حجازی نے اپنے ماتحتوں کو ڈرایا اور دھمکایا، انہوں نے عدالت سے جھوٹ بولا، پہلے ٹمپرنگ سے انکار کیا اور پھر کہا میرا تعلق نہیں، وہ بیان دینے والوں کو بھی دھمکاتے رہے۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ ظفرحجازی نے ماتحت افسران کو گلگت اور جیل بھیجنے تک کی دھمکیاں دی، ان کے خلاف آج ہی مقدمہ درج ہونا چاہئے، اب دیکھنا ہے کہ ٹمپرنگ کس کے کہنے پر ہوئی۔
سپریم کورٹ نے 20 اپریل کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم دیا تھا جس کی روشنی میں 6 اداروں کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی 7 مئی کو تشکیل دی گئی تھی۔ ایف آئی اے کے ڈی جی واجد ضیا کی سربراہی میں جے آئی ٹی کے دیگر ارکان میں اسٹیٹ بینک سے عامر عزیز ، ایس ای سی پی کے نمائندے بلال رسول ، نیب سے عرفان نعیم منگی ، آئی ایس آئی سے بریگیڈیئر محمد نعمان سعید جبکہ ایم آئی سے بریگیڈیئر کامران خورشید شامل تھے۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے 62 دن تک تحقیقات کی جس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف، ان کے تینوں بچے، داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ ایس ای سی پی ، نیب ، ایف بی آر اور نیشنل بینک کے سربراہان بھی پیش ہوئے۔
ایمزٹی وی (تعلیم/ سندھ)جامعہ کراچی میں تعمیر کئےجانے والےانسٹیٹیوٹ آف فارماسوٹیکل ریسرچ میں گورنر سندھ محمد زبیر کی صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اعلیٰ سطحی تعلیم اور جامعات کی کارکردگی میں بہتری اور نصاب کو تحقیق کی بنیاد پر مرتب کرکے بین الاقوامی ضروریات کے مطابق بنانے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جوکہ ماہرین تعلیم اور جامعات کے وائس چانسلرز پر مشتمل ہوگی
۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ان میں تحقیق پر مبنی تعلیم کو فروغ دیا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستانی جامعات کا نامور غیر ملکی جامعات سے قریبی تعاون اور وفود کا تبادلہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیم سے نوجوانوں کو ان کی پروفیشنل زندگی کے چیلنجز سے موثر طریقہ سے نمٹنے کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے فعال ہونے سے نہ صرف فارمیسی کے طالب علموں کو تربیت کی فراہمی ممکن ہوسکے گی بلکہ فارما سوٹیکل سائنسز میں ہونے والی نت نئی ایجادات اور بیماریوں کے خلاف ادویات کی تیاری میں بھی مدد ملے گی جوکہ ہمارے ماحول اور ضروریات کے مطابق ہوں گی۔ گورنر سندھ نے وفاقی اور صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جامعات کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے سرکاری جامعات کی سنڈیکٹ اور سینٹ کے اجلاس بھی باقاعدگی سے بلانے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرنے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے گورنر سندھ کو انسٹیٹیوٹ کے فعال کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں ، دشواریوں اور مشکلات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم ستیابی اس ضمن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
ایمزٹی وی (چمن)چمن کے مصروف بازار عیدگاہ چوک میں خود کش حملے کے نتیجے میں ڈی پی او چمن ساجد مہمند محافظ سمیت جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جب کہ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو ڈی پی او ساجد مہمند کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑادیا، دھماکے کے بعد ان کی گاڑی میں آگ لگ گئی اور انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر کاشف نے خودکش حملے کی تصدیق کردی ہے جب کہ پولیس اور ایف سی نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم/سندھ)تعلیمی بورڈ میرپورخاص نے میٹرک کے نتائج کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے کنڑولر آف امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے ڈگری میں میڈیا کو بتایا کہ تعلیمی بورڈ میرپورخاص دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے سال 2017کے نتائج بدھ12جولائی کو جاری کئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں تقریب کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپورخاص پروفیسر برکت علی حیدری کرینگے جبکہ ڈپٹی کمشز میرپورخاص زاہد حسین میمن، چیئرمین تعلیمی بورڈ کراچی ڈاکٹر سعید الدین اور غلام رسول کیریو ڈی ایس ای مہمان خصوصی ہو نگے۔
تقریب میں پوزیشن اور نمایاں کارکردگی حاصل کر نے والے ادارے کے سربراہان سمیت بچوں اور انکے والدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی میں واقع شہید بینظیر بھٹو چیئر کے بورڈز نامعلوم افراد نے اکھاڑ دیئے ہیں اور چیئر کے اطراف میں نصب کی گئی بنچیں توڑ دی گئی ہیں۔ بورڈ کی ڈائریکٹر سحر گل نے الزام عائد کیا کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ جان بوجھ کر بینظیر چیئر کے ساتھ ایسا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چیئر کے اطراف میں واقع بنچیں توڑی گئیں اب بورڈز بھی اکھاڑ کر پھینک دیئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کہتی ہے کہ تیز ہوا سے بورڈز گر گئے ہیں اگر ایسا ہے تو دیگر بورڈز کیوں نہیں گرے اور بینظیر چیئر کے بورڈز کیوں گرے۔
اور اگر ہوا سے گرے ہیں تو وہ گری ہوئی جگہ پر موجود کیوں نہیں، غائب کیوں ہیں؟انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈائریکٹر پلاننگ سعید شیخ جامعہ کراچی کے معاملات چلا رہے ہیں اور مجھے عہدے سے ھٹایا بھی اسی لئے گیا کہ میں کرپشن کے اگے دیوار بن گئی تھی جس کا واضح ثبوت آڈٹ رپورٹ ہے۔ جامعہ کراچی کے ترجمان فاروق نے سحر گل کے الزامات کو غلط قراردیا اور جنگ کو بتایا کہ بنچیں اکھاڑنے کا معاملہ تین ماہ پرانا ہے۔
ڈائریکٹر سحر گل اس کو نیا بناکر پیش کر رہی ہیں تاہم جب جنگ نے ان سے بینظیر بھٹو چیئرز کے بورڈ اکھاڑے جانے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کا معلوم کر کے بتاتے ہیں تاہم 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بورڈز اکھاڑے جانے کا جواب نہیں دیا گیا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے سحرگل کو بینظیر چیئر کی ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا لیکن انہوں نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا اور اسٹے حاصل کر لیا تھا۔
ایمزٹی وی (کراچی)کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ اور آئی آئی چند ریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گجرات، سیالکوٹ اور مری میں بھی بادل برسے جس سے گرمی کا زور کچھ کم ہوگیا۔ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب اور کشمیر میں آج سے جبکہ خیبر پختو نخوا، فاٹا، گلگت بلتستان، اورجنوبی پنجاب میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔ جمعرات تک جاری رہنے والے مون سون بارشوں کے اس سلسلے میں کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن، خیبر پختو نخوا اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کمشیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ سندھ اور مشرقی بلوچستان کو بارش کیلئے جمعہ تک انتظار کرنا پڑےگا۔
ادھرصوبہ خیبر پختو نخوا میں گرمی کی شدت برقرار ہے، پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات خیبر پختو نخوا کے مطابق صوبے کے بیشتر مقامات پر آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا مکان ہے۔ ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن اور پشاور سمیت چند میدانی اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)ملک میں سب سے بڑے کیس کی سب سے اہم تحقیقات پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم آج اپنی رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائے گی۔
7مئی کو تشکیل دی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاء کررہے ہیں، ٹیم نے مجموعی طور پر 62دن بلا ناغہ کام کیا ۔
اس دوران ٹیم نے وزیراعظم نواز شریف، ان کے دو بیٹوں حسین نواز، حسن نواز اور صاحبزادی مریم نواز سمیت شریف خاندان کے دیگر اہم افراد کے بیانات قلمبند کیے۔
ٹیم نے وزیراعظم کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے قریبی عزیز طارق شفیع، جاوید کیانی، وزیراعظم کے سمدھی و وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے کلاس فیلو اور نیشنل بینک کے صدر سعید احمد چمن کے بیانات بھی قلمبند کیے۔
ٹیم نے تحقیقات کے دوران چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے بھی حدیبیہ پیپرملز کیس کے بارے بیانات قلمبند کیے۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے حدیبیہ پیپر ملز کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بشارت شہزاد اور جاتی امرا پراپرٹی کی تحقیقات کرنے والے سابق ایف آئی اے افسر جاوید علی شاہ سے بھی کیس کا پس منظر جانا۔
سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو پیر 10جولائی تک کام مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کررکھی ہے ۔
سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ آسمان گرے یا زمین پھٹے، جے آئی ٹی دی گئی مدت کےد وران ہی کام مکمل کرے گی، اس کی مدت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری طرف حکومت نے قطری شہزادے کےبیان کے بغیر رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کا اعلان کردیا ہے۔
ایمزٹی وی (کراچی)ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا ہے کہ آج کے ضمنی انتخابات کے بعد ثابت ہوجائے گا کہ ہماری قوم تقسیم ہونے اور بکھرنے والی نہیں۔
میڈٰیا سےخصوصی بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ایس 114 میں ہمیں فتح نصیب ہوگی اور اور آج عوام کو ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ وہ ثابت کریں کہ ایم کیوایم پاکستان غریب اور متوسط طبقے کی قومی جماعت ہے اور آج ثابت ہوجائے گا کہ ہم تقسیم ہونے اور بکھرنے والی قوم نہیں بلکہ سب کی ایک ہی آواز ہے کراچی کے عوام ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ کوہدایات جاری کی ہیں پی ایس 114 کے سیکیورٹی اقدامات بہتر بنائے جائیں اور تمام پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ کا عمل شفاف انداز میں جاری رہنا چاہئے۔
سہیل انور سیال نے کہا کہ تمام ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہئے جب کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلئے پولیس پیٹرولنگ کا عمل جاری رہنا چاہئے اور پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار رینجرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ایمزٹی وی (کراچی) الہ دین پارک میں فنی خرابی کی وجہ سے جھولا اچانک رکنے سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گلشن اقبال راشد منہاس روڈ پر واقع تفریحی پارک الہ دین میں نصب جھولا فنی خرابی کی وجہ سے اچانک رک گیا، جھولا اچانک رکنے کے باعث اس میں سوار افراد پریشان ہوگئے اور انہوں نے جھولے سے چھلانگ لگا دی جس کے بعد 6 افراد زخمی ہوگئے۔
پارک انتظامیہ نے معاملہ کو دبانے کے لیے زخمیوں کو پارک میں ہی طبی امداد فراہم کی اور ایدھی کی گاڑیوں کو اندر آنے سے روک دیا تاہم بعد میں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ايس ايس پی ايسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔