بدھ, 15 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)گورنر ہائوس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کے ڈین ڈاکٹر رخسار احمد کو عہدے سے فارغ کر دیا ہے گورنر ہائوس کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رخسار احمد سے متعلق شکایات بہت تھیں اور انہوں نے اپنی تقرری کے سلسلے میں درست معلومات نہیں دی تھیں۔
وہ اسلامک اسٹڈیز میں پی ایم ڈی تھے، قانون میں نہیں اور ان کا ایل ایل ایم وفاقی اردو یونیورسٹی سے سیکنڈ ڈویژن میں تھا، اس وقت اردو یونیورسٹی کا یہ پروگرام پاکستان بار کونسل سے رجسٹرڈ ہی نہیں تھا چنانچہ گورنر ہائوس نے ان کی بطور ڈین تقرری منسوخ کر دی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے ملازمین، فارم کے حصول کیلئے آنے والے طلبہ و طالبات اور دیگر کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے بورڈ آفس میں آر او پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں سیکرٹری بورڈ سید محمد علی شائق، ناظم امتحانات خالد احسان، ایپکا کے صدر عبدالوہاب لاکھو، عہدیداران اور دیگر ملازمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 
چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے آر او پلانٹس سے صاف کیا گیا پانی افادیت کے لحاظ سے منرل واٹر جیسا ہے انہوں نے کہا کہ بورڈ کے مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔

 

 

ایمزٹی و (دو شنبے)وزیراعظم محمد نوازشریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کا پر امن حل چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری مثبت کوششوں کا بھارت نے جواب نہیں دیا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی بڑھائی ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پالیسیوں کو مسترد کردے ۔ افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن اور سلامتی پاکستان کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور تاجکستان کی دوستی کی 25ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، ایس سی او میں رکنیت کیلئے تاجکستان کی حمایت پر شکر گزار ہیں، تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسعت دینا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 500 ملین ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان تاجکستان کیساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کررہا ہے اسی سلسلے میں 2015میں دوشنبے میں پاکستان نے 3تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا جبکہ مئی 2017میں بھی تاجکستان میں بزنس فورم کا انعقاد کیا ، چاہتے ہیں کہ تاجکستان بھی پاکستان میں تجارتی نمائشوں کا انعقاد کرے۔پاکستان کاسا 1000بجلی منصوبے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، کاسا1000 منصوبہ دوطرفہ تعلقات میں اہم اضافہ ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں رابطے بڑھیں گے ۔ گوادر سمیت پاکستان کی سڑکیں اور ریلوے نیٹ ورک تاجکستان کو بہترین راستہ فراہم کرتے ہیں، تاجکستان کی قزاقستان،کرغستان اور پاکستان کے درمیان ٹریفک ٹرانزٹ معاہدہ خطے میں مواصلاتی اور معاشی رابطے بڑھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب کی کامیابی کیلئے قومی لائحہ عمل تشکیل دیا۔پاکستان اور تاجکستان کے دفاعی اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں، تاجکستان کی مسلح افواج پاکستان میں تربیت حاصل کرسکتی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔ پیشی کے دوران مریم نواز سے ان کے بھائیوں کی بیرون ملک کمپنیوں اور اثاثوں سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔
پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاناما لیکس پہلی لیکس نہیں جس میں انہیں شامل کیا گیا، ڈان لیکس میں بھی انہیں ملوث کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم میں ان کا نام نہیں ہے، جے آئی ٹی نے جو پوچھا اس کا جواب دے دیا، جس کے بعد انہوں نے جے آئی ٹی سے پوچھا کہ ہم پرالزام کیا ہے، جس کا جو ان انہوں نے نہیں دیا۔ جے آئی ٹی کے سوالات 60، 70 یا 80 کی دہائی میں ہمارے خاندانی کاروبار کے گرد گھوم رہے ہیں، سرکاری پیسے سے متعلق سوال تو بنتا ہے مگر ذاتی کاروبار پر کوئی سوال نہیں بنتے۔
مریم نواز فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی دونوں بھائیوں حسن، حسین اور شوہر صفدر کے ساتھ پہنچیں جب کہ ان کے ہمراہ وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی بھی تھے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے ملک بھر میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے دوران ہونے والے نقصانات اور اموات کےحوالے سے رپورٹ جار ی کر دی ، رپورٹ کے مطابق 43 افراد جاں بحق جبکہ60 مکانات متاثر ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کےمطابق, بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں 11، خیبرپختونوا میں 2، سندھ میں 6 اور بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔ بارشوں اور سیلاب سے فاٹا میں 4 اور آزاد کشمیر میں بھی 5 افراد جاں بحق ہوئے۔رواں سال کی مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 60 مکانات متاثر ہوئے ہیں اور وفاق کے زیر قبائلی علاقے وزیرستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے 4 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ 4 بچوں کو بچا لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے چار بچوں میں سے 3 کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ 1 بچہ تاحال لاپتا ہے۔
دوسری جانب لسبیلہ کی تحصیل حب میں طغیانی سے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ سیلاب کے باعث موسی خیل کنگری روڈ مختلف مقامات پر بہہ گئی ہے۔ مون سون بارشوں کے بعد نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل اور مرالہ کے مقام پر دریا چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے تاہم دیگر دریاوں میں صورت حال معمول کے مطابق ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کے ذخیرے کی گنجائش 1550 فٹ اور موجودہ سطح 1475 فٹ ہے اور مزید 4.8 فی صد گنجائش رہ گئی ہے۔منگلا میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 3.25 فیصد رہ گئی ہے جبکہ 1242 فٹ اور موجوہ سطح 1201 فٹ ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیئے بہترین ملک ہے ،اور اقتصادی اصلاحات کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کے لیئے پر کشش ملک بن گیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد میں اسحاق ڈار نے جاپان کے لئیے نامزدسفیر ڈاکٹر اسد مجیدسے ملاقات کی ، جس میں وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہا کہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کا ر لاتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاری کو پاکستان میں منتقل کریں ،کیونکہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جاپان پاکستان تعلقات دہائیوں پر مشتمل ہیں اور پاکستان کو اس کا صیحح معنوں میں فائدہ اٹھانا چاہیے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر اعظم نوازشریف 2روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان پہنچ گئے جہاں ایئر پورٹ پر تاجک صدر نے انکا پرتپاک استقبال کیا ، وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف تاجکستان کے صدر امومالی رحمون کی دعوت پر تاجکستان پہنچ چکے ہیں ۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر تجارت خرم دستگیر خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف تاجکستان کے رہنماؤں کیساتھ دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری ،توانائی اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دورہ کے دوران ”علاقائی یکجہتی کیلئے تزویراتی شراکت داری کی جانب شاہراہ“ کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مشترکہ کاروباری کونسل کا اجلاس بھی ہو گا جس میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف آج تاجک صدر سے ملاقات کریں گے جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے جائیں گے ۔تاجک صدر وزیر اعظم نوازشریف کو استقبالیہ بھی دیں گے۔دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہونگے ۔
دوشنبے قومی محل میں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور کل وزیر اعظم کاسا منصوبے کی بریفنگ میں بھی شامل ہونگے ۔
تاجکستان ”کاسا 1000“ کے رکن ممالک افغانستان، کرغزستان، پاکستان اور تاجکستان کے چار جہتی سربراہ اجلاس کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔ اس منصوبہ کا مقصد توانائی راہداری کا قیام اور تاجکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین زمینی روابط استوار کرنا ہے۔ یہ پاکستان اور افغانستان کو تاجکستان اور ازبکستان میں پیدا ہونے والی بجلی بھی فراہم کرے گا۔
دورہ کے موقع پر باہمی دلچسپی کے علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیال کیلئے پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کے مابین سہ جہتی سربراہ اجلاس بھی منعقد ہونا طے ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز آج جے آئی ٹی میں پیش ہونگی جن سے اظہار یکجہتی کیلئے لیگی کارکن لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اپنے قائد اور وزیر اعظم پاکستان کی صاحبزادی مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد صبح سویرے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو ئی ہے جنہیں روانگی سے پہلے لاہور کا روایتی ناشتہ بھی کرایا گیا ۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاﺅن میں کھوکھر پیلس میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، لیگی کارکنوں نے مریم نواز اور پارٹی کی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔
اسلام آباد روانگی سے قبل کارکنوں کی حلوہ پوری اور نان چنے سے تواضع کی گئی، کارکنوں نے جی بھر کر ناشتہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو بتا دیں گے کہ مریم نواز اکیلی نہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
کارکنوں کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو نے کا فیصلہ کر کے ثابت کر دیا کہ وہ بہادر باپ کی نڈر بیٹی ہیں۔ مریم نواز سمیت شریف فیملی جے آئی ٹی میں سرخرو ہو گی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پہنچ چکی ہیں ، جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر مریم نواز کی گاڑی ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے چلا ئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مریم نواز جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے وزیر اعظم ہاﺅس سے روانہ ہو ئیں ، مریم نواز کی گاڑی ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے چلائی جبکہ ان کی گاڑی میں ان کے بھائی حسین نواز، حسن نواز اور ان کے داماد راحیل منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر ممکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی مریم نواز کے ساتھ ہی جوڈیشل اکیڈمی پہنچی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسرائیل)اسرائیل نے پاکستان کے خلاف بھارت کی غیر مشروط اور مکمل مدد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس اور لشکر طیبہ میں کوئی فرق نہیں۔
نریندر مودی اسرائیل کا تین روزہ دورہ کر رہے ہیں اور وہ صہیونی ریاست کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم ہیں۔ اس موقع پر اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مارک صوفر نے مقبوضہ بیت المقدس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور اسرائیل بھارت کو پاکستان سے درپیش دہشت گردی سے نمٹنے میں مکمل مدد دے گا۔
مارک صوفر نے کہا کہ اسرائیل نے کبھی اپنے عزائم نہیں چھپائے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بھارت کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرتا ہے، بھارت کو نہ صرف پاکستان بلکہ اندرون ملک بھی دہشت گردی کا سامنا ہے، جس کا حالیہ تاریخ میں مشاہدہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لشکر طیبہ ہو یا حماس دونوں میں کوئی فرق نہیں ، نہ ہم نے پہلے ان دونوں تنظیموں میں کوئی فرق کیا نہ آج کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں ہم خیال ممالک ہیں جنہیں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی، کیونکہ کوئی ملک تن تنہا یہ کام نہیں کرسکتا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دہشت گردی پر بات ہوگی۔