اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آئندہ سال کراچی میں پاکستان سپر لیگ فائنل کی تیاریوں کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا سروے کیا جارہا ہے۔ ملک کا اہم ترین کرکٹ سینٹر اس وقت کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے اور دن بدن اس کی حالت خراب ہورہی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم انتظامیہ کی جانب سے یاددہانیوں کے باوجود گرائونڈ خستہ حالت میں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام بظاہر اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش میں سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔
اس وقت نیشنل اسٹیڈیم کا سروے کیا جارہا ہے جس کی تفصیلی رپورٹ پی سی بی کودی جائے گی۔ اس رپورٹ کی روشنی میں اسٹیڈیم کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا۔
کئی پرائیویٹ ادارے اسٹیڈیم کاکام بلامعاوضہ کرانے کو تیار ہیں، تاہم سروے میں یہ بات دیکھی جائے گی کہ کس کس جگہ کون کون سا کام ہونا ہے۔
اس وقت بلڈنگ میں کئی جگہوں پردراڑیں پڑ چکی ہیں۔ 2009 سے انٹر نیشنل میچ نہ ہونے کی وجہ سے یہ گرائونڈ اپنی اصل حالت کھو چکا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کو 1987 اور 1996 کے ورلڈ کپ میں نئی شکل دی گئی تھی۔ لیکن اب یہ اسٹیڈیم بری حالت میں ہے حالانکہ چند ہفتے قبل اسٹیڈیم کے باہر ریجنل اکیڈمی کا ہائی پرفارمنس سینٹر تیار کیا گیا تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)ایف سی نے کوئٹہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے8مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور (ایف سی )کی بھاری نفری نے کوئٹہ کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں سرچ آپریشن کے دوران مستقل رہائش پذیر اور کرائے کے مکانوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے شہریوں کے شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ان کی بائیو میٹرک تصدیق کی۔
ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے 8مشتبہ افرادکو موقع سے حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمدہوا ہے۔ایف سی نے برآمد ہونیوالا اسلحہ اپنی تحویل میں لے کر زیر حراست ملزمان کو تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان اور بھارت کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اے ایچ ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب اکرام کہتے ہیں کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے تنازعات جلد ختم کیے جائیں۔
ایک انٹرویو میں طیب اکرام نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تنازع دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یہ معاملہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں۔ان کی کوشش ہے کہ اس معاملے کا حل دونوں ملکوں کے لیے قابل قبول ہو۔
عمان میں نیوٹرل مقام پر پاک بھارت ہاکی سیریز سے متعلق سوال پر طیب اکرام نے کہا کہ وہ ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ دونوں ملکوں کے لیے یہ آپشن کتنا قابل عمل ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل قومی کرکٹر خالد لطیف نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائرکردی۔
خالد لطیف نے لاہور ہائیکورٹ میں موقف اپنایا کہ ٹریبونل کو کرکٹرز کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا اختیار نہیں۔
انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
خالد لطیف کے وکیل نے کہا کہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کو چیلنج کیا ہے، اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت یونٹ اور ٹریبونل کی قانونی حیثیت نہیں۔
 

 

 

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے خلاف منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے حوالے سے دائر متفرق درخواستوں کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو پر شدید برہمی کا اظہار کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ سماعت سے پہلے لوگ میڈیا پر بات کرنا شروع ہوجاتے ہیں، پہلے کیس سے متعلق گراؤنڈ رولز طے نہ کرلیں، جن شخصیت کا کیس سےتعلق نہیں وہ گفتگو کررہے ہیں، کیا آپ کے درمیان میڈیا سے گفتگو کے معاملے پر ضابطہ اخلاق طے ہے،اگرایسا نہیں توآپ خودآپس میں میڈیاسےگفتگو کے معاملے پرضابطہ اخلاق طے کریں۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا ایک اور تحریری جواب پڑھ کر سنایا۔ جس میں لگائے گئے الزامات کو من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار نے وزیر اعظم کے ساتھ اپنی وفاداری ظاہر کرنے کے لئے ان کے خلاف ایک جھوٹی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست گزار ان کی کردار کشی کرکے وزیر اعظم کو اپنااعتماد دلانا چاہتا ہے کہ وہ پناما لیکس کے معاملے میں ان کے ساتھ کھڑا ہے حالانکہ خود وزیر اعظم کی ساکھ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی انکوائری سے مشروط ہے۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ میں نے نیازی سروسز لمیٹڈ کا اعتراف کیا جس کا اب نام و نشان نہیں اور آف شور کمپنی بھی بند ہوچکی ہے جس کی ڈائریکٹرز عظمی خان اورحلیمہ خان تھیں جب کہ آف شور کمپنی کا ٹیکس نیو جرسی میں جمع کرایا جاتا تھا۔ درخواست گزار بذات خود ایفی ڈرین کیس میں نامزد ملزم ہے لیکن وہ دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ میرے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھی خارج کرچکا ہے، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ پٹیشن خارج کی جائے۔
 
نعیم بخاری نے اعتراض کیا کہ درخواست میں نیب کو کارروائی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی حالانکہ نیب کو درخواست میں فریق ہی نہیں بنایا گیا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب کو فی الحال سننے کی ضرورت بھی نہیں، عدالت جب چاہے فریق بنا سکتی ہے، ضروری ہوا تو نیب کو بھی بلا لیں گے۔ ضروری ہوا تو نیب کو بھی بلا لیں گے لیکن صرف ضروری افراد اور اداروں کو فریق بنائیں گے۔
سماعت کے دوران حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی پارٹی چلا رہے ہیں، اس لئے وفاق کو وزارت داخلہ کے ذریعے فریق بنانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے اکرم شیخ کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو فریق بنانے کی استدعا منظور کر لی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کی بھی پاناما لیکس میں آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں جسے انہوں نے چھپائے رکھا جب کہ درخواست گزار نے اسی بنا پر دونوں کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات سے متعلق جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے تین رکنی خصوصی بینچ تشکیل دے دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تشکیل کے لیے جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ تشکیل دے دیا جس میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کا خصوصی بینچ کل دوپہر ڈیڑھ بجے پاناما کیس کی سماعت کرے گا جس میں کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے 20 اپریل کو پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں اکثریتی ججوں کے فیصلے پر کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی زیرصدارت اسلام آباد کے اسپتالوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار ڈاکٹر طارق نے موقف اختیارکیا کہ پمز، پولی کلینک، نیرم اور ہوٹا جیسے ادارے سربراہان کے بغیر چلائے جا رہے ہیں، تمام اداروں میں عارضی طور پر سربراہان لگائے گئے ہیں، ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اکاوٴنٹس میں مالی بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے اورایچ ای سی کی گرانٹ 3 سال سے رجسٹرار ڈاکٹرامجد کے ذاتی اکاوٴنٹ میں جاتی ہے اور اکاوٴنٹ سے رقم اے ٹی ایم اور کیش کی صورت میں نکالی جاتی ہے۔
عدالت نے رجسٹرار ڈاکٹر امجد کی بینک اسٹیٹمنٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اداروں کے سربراہان کی تقرری کب ہوگی، سرکاری اداروں کا نقد رقم نکلوانا سمجھ سے باہرہے جب کہ اداروں میں ایڈہاک ازم کی کوئی گنجائش نہیں ہے اورجوکسی کے حکم کا محتاج ہو وہ آزادانہ کام کیسے کرے گا۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کوآئندہ ہفتے تک جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ہائیکورٹ کی جانب سے اکاوٴنٹ کی انکوائری پرحکم امتناعی کا ریکارڈ طلب کرلیا جب کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 4 خطرناک دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ سزا پانے والے دہشتگردوں میں برکت علی، محمد عادل، اسحاق اور لطیف الرحمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، چاروں دہشت گردوں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ میں جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد برکت علی ولد عبدالغفور پر دھماکوں اور شہریوں کے قتل کا جرم ثابت ہوا، محمد عادل ولد اکبر جان نے ایف سی کے جوانوں کو اغواء کر کے ذبح کیا، اسحاق ولد عبدالحی کے حملے میں جونیئر کمیشنڈ افسر شہید ہوا جب کہ لطیف الرحمان ولد سیف الرحمان فورسز کے جوانوں کے اغواء و قتل میں ملوث تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ حیدرآباد)ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد میں گیارویں اور بارویں جماعت کے امتحانات کے انگریزی کے پرچے کے دوران 20 ویجلینس ٹیموں نے 64 وزٹ کیے جس کے نتیجے میں 53 کاپی کیسز کیے گئے۔
چیئرمین ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر محمد میمن نے کہا ہے کہ امتحانات میں شکایات کے تدارک کی کوششوں کے باوجود یہ بات مصدقہ ہے کہ اگر امتحانی مراکز کا عملہ مزید توجہ اور دلچسپی کا مظاہرہ کرے‘ تو شکایات کا موصول ہو نا ہی ختم ہو جائے۔ یہ بات انہوں نے میر پور بٹھورو و دیگر امتحانی مراکزکا دورہ کرتے ہوئے کہی جبکہ ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ سے نیو سعید آباد میں ملاقات کی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) گورنر ہائوس میں مرکزی چیئرمین سید خالد شاہ کی سربراہی میں آل پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن سند ھ کے 13رکنی وفد
کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ ،عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب اور تحقیق معاشرہ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ، مہذب قوموں کی پرورش حصول علم سے وابستہ اور جدید دور کی ترقی کا راز جدید تعلیمی نظام اور تحقیق میں مضمر ہے ، صوبہ میں بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں نجی اسکولز معاون ثابت ہورہے ہیں ۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اس ضمن میں دور دراز علاقوں میں ماڈل اسکولز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ صوبہ کے ایک ایک بچہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نجی اسکولز تعلیم کے فروغ میں اہم خدما ت انجام دے رہے ہیں وقت کے ساتھ ساتھ نجی اسکولز معیا ر تعلیم اور صحت افزا ء ماحول کو بھی یقینی بنا رہے ہیں جس میں ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ بھی شامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں ناخواندگی کے باعث عدم برداشت کو رویہ پروان چڑھتا جا رہا ہے ، ہمیں اس رویہ کے خاتمہ کے لئے تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقداما ت کرنے ہیں ۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ نے گورنر سندھ کو نجی اسکولز کے معیار تعلیم ، بچوں کے لئے صحت افزا ء ماحول کی فراہمی اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے تفصیل سے بتایا۔