اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تعلیم)سیکنڈری بورڈ لاہور کے زیر اہتمام ہونیوالےانٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2017 کے لیے امتحانی عملے کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس ضمن سپریٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز گذشتہ روز ہوگیا ۔
لارنس روڈ امتحانی سینٹر لاہور میں دو روزہ ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ لاہور کی فی میل سپریٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کو تربیت دی گئی ۔ امتحانات کے لیے لاہور ڈویژن میں پانچ سو نو سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
امتحانی مراکز پر اور گرد و نواح میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 ہوگی ۔ جبکہ ساٹھ سے زائد سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا جہاں کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو خصوصی انتظامات کرنے کے لیے کہا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) گزشتہ سال باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم لالالینڈ کا سحر اب بھی برقرار ہے۔ گزشتہ روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لالا لینڈ ڈے منایا گیا۔
اس میں سینکڑوں فٹ بلند عمارت سے ڈانسرز نے رسیوں سے لٹک کر شاندار رقص کا مظاہرہ پیش کیااور دیکھنے والوں کو داد دینے پر مجبور کر دیا۔
لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسیٹی نے تقریب کا آغاز کیا ،جبکہ اس موقعے پر فلم کے ڈائریکٹراور اسکرین رائٹرسمیت دیگر کریو نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں ماہر ڈانسرز نے سینکڑوں فٹ بلند عمارت سے رسیوں کی مدد سے لٹک کر کیے گئے ماہرانہ رقص نے دیکھنے والوں کو دنگ کر دیا۔
کئی منزلوں پر مشتمل سٹی ہال کی عمارت کا شیشوں سے ڈھکا ہوابیرونی حصّہ ان نو با صلاحیت ڈانسرز کے اسٹیج میں تبدیل ہو گیا ،جو رسیوں سے لٹکے عمودی انداز میں ڈانس کا مظاہرہ پیش کرتے رہے اورجسمانی توازن اور مہار ت کے کمالا ت دکھائے۔
اس حیرت انگیز پرفارمنس کے دوران ایک بار بھی کسی ڈانسر کے اسٹپس میں بگاڑ پیدا ہوااور نہ ہی سینکڑوں فٹ بلندی پر ہو نے کے با وجود ان کے توازن میں کوئی خرابی آئی۔
 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ریاض ریاض الدین کی بطور قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک تقرری کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ریاض ریاض الدین کو قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کر دیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ریاض ریاض الدین کی تقرری 3ماہ کے لیے یا نئے مستقل گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی تک کی گئی ہے۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا کی مدت ملازمت29 اپریل کو ختم ہو گئی تھی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) امریکی ماہرین نے تھری ڈی پرنٹر استعمال کرتے ہوئے ایک ایسا ہلکا پھلکا، لچک دار اور مضبوط مادّہ تیار کرلیا ہے ،جو گٹھیا کے علاج میں مدد دے سکتا ہے۔
جوڑوں میں ایک خاص طرح کی چکنی اور لچک دار’کرکری ہڈی‘ (کارٹی لیج) موجود ہوتی ہے، جس کی وجہ سے 2 مختلف ہڈیاں آسانی سے جوڑوں پر ایک دوسرے کے ساتھ حرکت کرسکتی ہیں۔
اسی کرکری ہڈی کی بدولت ہمیں اٹھتے بیٹھتے اور چلتے پھرتے ہموار انداز سے اپنی ہڈیوں کو حرکت دینے میں سہولت رہتی ہے، لیکن اگر بیماری یا عمر رسیدگی کے نتیجے میں کوئی سی کرکری ہڈی متاثر ہوجائے اور اس میں لچک ختم ہوجائے تو گٹھیا کا مرض لاحق ہوجاتا ہے ،جو انگلیوں کی پوروں سے لے کر گھٹنوں اور ٹخنوں تک میں شدید تکلیف کی وجہ بنتا ہے۔
اگرچہ جوڑوں کی تکلیف اور گٹھیا سے نجات دلانے کےلیے دھات سے بنے ہوئے مصنوعی جوڑ دستیاب ہیں، لیکن اوّل تو وہ بھاری ہوتے ہیں جبکہ کچھ وقت گزرنے کے بعد ان میں زنگ لگنا شروع ہوجاتا ہے اور صرف چند سال ہی میں انہیں دوبارہ تبدیل کرنے کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) برج ٹاؤن میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔ کھیل خراب روشنی کے باعث جلدی ختم کردیا گیا۔
کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3وکٹوں کے نقصان پر172رنز بنا لیئےہیں۔ ویسٹ انڈیز کا اسکور برابر کرنے کیلئے گرین شرٹس کو مزید 140رنز درکار ہیں۔ اظہرعلی81 اور کپتان مصباح الحق 7رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
قومی ٹیم کے اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی نے کالی آندھی کے 312 رنز کے جواب میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے مل کر 155 رنز کی شراکت قائم کی ، جب احمدشہزاد70رنزبناکردویندر ا بشو کی گیندپر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور یونس خان بغیر کوئی رن بنائے بغیر پولین لوٹ گئے۔ دویندرابشونے2اور شینن گیبریئل نےایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا ہے۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 312رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ روسٹن چیز131 اورکپتان جیسن ہولڈر 58رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد عباس نے چار ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا، محمد عامر نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ یاسر شاہ کے حصے میں2 وکٹیں آئیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انگلینڈ کے مارک سیلبی نے اسکاٹ لینڈ کے جان ہگنزکو ہرا کر ورلڈ اسنوکرچیمپئن شپ جیت لی ۔
شفیلڈ میں کھیلے جانے والے فائنل میں دونوں کیوئسٹس کے درمیان کانٹے کامقابلہ ہوا جس میں جان ہگنز کو عالمی نمبر ون مارک سیلبی پر چار کےمقابلے میں دس فریم کی برتری حاصل کی۔
اس موقع پر دفاعی چیمپئن سیلبی نے پوٹنگ اور کیو کنٹرول کا شاندار مظاہرہ کیا اور 15 کے مقابلے میں 18 فریم سے کامیابی حاصل کرلی جبکہ چار سال کے دوران مارک سیلبی کی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں یہ تیسری کامیابی ہے ۔
فتح کے ساتھ مارک سیلبی کو چمچماتی ٹرافی اور 5 کروڑ روپے سے زائد کی انعامی رقم بھی دی گئی ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان سمیت آج پوری دنیا میں محنت کشوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
یہ دن یکم مئی 1886 کو شکاگو میں محنت کشوں کی جانب سے اوقات کار 8 گھنٹے مقرر کرنے کے لئے چلائی جانے والی تحریک کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔
اس دن کے منانے کا مقصد محنت کشوں کو ان کے بنیادی حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہے تاہم صورت حال اس کے برعکس ہے۔
مزدوروں کی عالمی تنظیم آئی ایل او کے مطابق دنیا کے مزدوروں کا 20 فیصد حصہ غربت کی نچلی سطح پر زندگی گزار رہا ہے جبکہ 40 فیصد غربت کے ساتھ مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
آئی ایل او کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا کی 47 فیصد آبادی یعنی تین ارب،38 کروڑ،80 لاکھ اور 60 ہزار محنت کشوں پر مشتمل ہے جس کا 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین ہیں۔
پاکستان میں اس دن کو منانے کا آغاز ذوالفقارعلی بھٹوکے دورحکومت میں ہوا تھا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق ملکی لیبر فورس کا 80 فیصد مردوں اور 20 فیصد خواتین پر مشتمل ہے۔
ملک کی کل لیبر فورس کا 45 فیصد زراعت،15 فیصد ہول سیل، پرچون، ہوٹل اور ریستوران، 14 فیصد مختلف اقسام کی سروس، 13 فیصد پیداواری شعبہ،6 فیصد تعمیراتی شعبہ اور 5 فیصد ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
یوم مئی کے موقع پر عالمی مزدور تحریک کے ساتھ یکجہتی، ملک کے مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کو تیز کرنے، مہنگائی بے روزگاری، قومی اداروں کی نجکاری کے خاتمے، مزدور دشمن قوانین کی منسوخی، ٹریڈ یونین کی آزادی، لوڈ شیڈنگ، ٹھیکیداری نظام، دہشت گردی کے خاتمے اور شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی طرف سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)کراچی کے ہوٹل میں اپنے کمرے سے مردہ حالت میں ملنے والی لڑکی کی والدہ نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز قبل مقتولہ نے فون پر بتایا تھا کہ سسرال والے اسے قبول نہیں کر رہے ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مقتولہ فرحین کی والدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انکی بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے ، کمرے کا پنکھا بہت اونچا تھا خودکشی ممکن نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند روز قبل فرحین سے بات ہوئی تھی اور کہہ رہی تھی کہ سسرال والے قبول نہیں کر رہے ، مقتولہ کے 2بھائی اور ایک بہن ہے جبکہ اس کے والد کا انتقال ہو چکا ہے ۔
ادھر پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحین کا شوہر شبیر حادثے کے بعد بیرون ملک فرار ہو چکا ہے مگر اس کے دوست سعید کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے ۔ دونوں نے 28فروری کو نکاح کیا تھا جبکہ مقتولہ کی پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ لڑکی کا تعلق اسلام آباد کے علاقے ترالی سے ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ہالی ووڈ کی کامیاب کرائم ڈرامہ مووی ’’دی گاڈ فادر‘‘ کی ریلیز کے45سال مکمل ہونے پر نیویارک میں تقریب سجائی گئی۔
ٹرائی بیکا فلم فیسٹیول کے دوران فلم کے ڈائریکٹر، کاسٹ اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر الپچینو، مارلن برانڈو اور ڈائریکٹر فرانسس فورڈ نے فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آئے دلچسپ واقعات کو یاد کیا۔
ہلکے پھلے انداز میں اس گفتگو کو فلم فیسٹیول کے شائقین نے بہت پسند کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم) بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا کی بس الٹنے سے 20طالب علم زخمی ہو گئے۔
 
ذرائع کے مطابق بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا کی بس مری سے واپسی پر گوجرہ کے قریب الٹنے سے 20طالب علم زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے ، زخمیوں کو گوجرہ کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا اور بس بے قابو ہو کر مکان سے جا ٹکرائی تاہم واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔