اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کراچی)سندھ حکومت نے یکم مئی کو صوبے بھر میں عام تعطیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نوٹیفیکشن جاری کیا جس میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل ورکرز ڈے کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
 
خیال رہے کہ یکم مئی کو ہرسال دنیا بھر میں ’عالمی یوم مزدور‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمدنےٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کر لئے۔
انہوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز حاصل کیا، سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کیریئر کے دو ہزار رنز بھی مکمل کرلئے۔
سرفراز نے اب تک 34 میچز کی 59 اننگز میں 42.59 کی اوسط سے 2002 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی تین سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ڈان لیکس کی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دی ہے اور ترجمان وزیر اعظم ہاؤس نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید اور ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس ،آئی ایس آئی اور آئی بی کا ایک ایک نمائندہ شامل تھا۔ کمیٹی نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی، جس کے 16 اجلاسوں میں گواہوں سے بیانات لئے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے 6 اجلاس ہوئے اور ساڑھے 6 ماہ میں رپورٹ مکمل کی گئی، رپورٹ کو کمیٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر تیار کیا ہے۔ کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد عملدرآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2016 کو انگریزی اخبار نے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سےمتعلق ایک خبرشائع کی تھی، جس میں کالعدم تنظیموں کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خبر پر شدید تنقید کے بعد پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسر راؤ تحسین اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ہتھیار ڈالنے والے کالعدم تنظیم کے احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کردیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کیا جس میں اس نے اعتراف کیا کہ ”میرانام لیاقت علی عرف احسان اللہ احسان ہے اور مہمند ایجنسی کا رہائشی ہوں،2008 ء کے اوائل میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی،کالج کا طالبعلم تھا اور مہمند ایجنسی کے ترجمان کے بعد ٹی ٹی پی کا مرکزی ترجمان رہا جبکہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کا ترجمان بھی رہا ہوں“۔
احسان اللہ احسان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ”ان 9 سالوں کے اندر ٹی ٹی پی میں بہت سی چیزوں کو دیکھا، تحریک طالبان نے اسلام کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا اور بے گناہوں کا قتل عام کیا،اسلام کے نام پر لوگوں بالخصوص نوجوان طبقہ کو گمراہ کرکے اپنے ساتھ ملایا گیا، ایسے نعرے لگاتے تھے جن پر یہ لوگ خود بھی پورے نہیں اترتے تھے،چند لوگوں کا مخصوص ٹولہ ہے جو امراء بنے بیٹھے ہیں،بے گناہ لوگوں کو مارتے ہیں اور مسلمانوں سے بھتہ لیتے،قتل عام کرتے
 
 
ہیں،عوامی مقامات پر دھماکے کرتے ہیں،سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں پر بھی حملے کرتے ہیں،مگر اسلام اس چیز کا درس نہیں دیتا“۔
احسان اللہ احسان نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید اعتراف کیا کہ ”فوج کا قبائلی علاقوں میں آپریشن شروع ہواتوان لوگوں میں قیادت کی دوڑ مزید تیز ہوگئی، ہرکوئی چاہتا تھا کہ تنظیم کا لیڈر بنے، حکیم اللہ کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کا سلسلہ شروع ہواتو انتخابی مہم چلائی گئی جس میں عمرخالد خراسانی، خان سعید سجنا، مولوی فضل اللہ شامل تھے، ہرکوئی اقتدار چاہتاتھاتوپھر شوریٰ نے فیصلہ کیا کہ قرعہ اندازی کی جائے، اس میں مولانا فضل اللہ امیر مقرر ہوئے“۔
اعترافی بیان میں احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ”ایسی تنظیم سے کیا توقع رکھیں جس کا امیر قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہوا ہو اور پھر امیر بھی ایسے شخص کو بنایاگیاجس کا کردارایسا ہے کہ انہوں نے اپنے استاد کی بیٹی کیساتھ زبردستی شادی کی اور اس کو ساتھ لیکرچلے گئے،ایسی شخصیات اور لوگ اسلام کی خدمات کررہے ہیں اور نہ ہی کرسکتے ہیں“۔
 
آئی ایس پی آر کی جاری کی گئی ویڈیو میں احسان اللہ احسان نے اعترافی بیان میں کہا کہ ”شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع ہوا توہم سب افغانستان چلے گئے،وہاں بھارت اور’را‘کیساتھ ان لوگوں کے تعلقات بڑھے جس میں انہوں نے ان لوگوں کو سپورٹ کیا اور مالی معاونت دیکر اہداف دیئے گئے،انہوں نے ہرکارروائی کی قیمت وصول کی، جنگجوؤں کو پاک فوج سے لڑنے کے لیے چھوڑ دیا اور خود محفوظ ٹھکانوں میں چلے گئے، جب ’این ڈی ایس‘ اور’را‘سے مدد لینا شروع کی تو میں نے خالد خراسانی سے کہاکہ ہم توکفار کی مدد کررہے ہیں تو انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تخریب کاری کیلئے مجھے اسرائیل کی بھی مدد لینا پڑی تو لے لوں گا، خالد خراسانی کی اس بات سے میں سمجھ گیا کہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت اپنے ذاتی مقاصد کیلئے سب کچھ کیا جارہاہے“۔
احسان اللہ احسان نے کہا کہ ”کالعدم تنظیموں نے افغانستان کے اندر کمیٹیاں بنائی ہوئی ہیں جو’ر‘ا اور’این ڈی ایس‘سے ان کے ذریعے رابطے رکھتے ہیں، جنہوں نے باقاعدہ ’تذکرے‘ دیئے ہوئے تھے کہ یہ آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوسکیں، ’تذکرہ‘ افغانستان کا قومی شناختی کارڈ ہے جس طرح پاکستان میں شناختی کارڈ ہوتاہے، یہ ان کے پاس نہ ہوتو افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال کو مد نظررکھتے ہوئے نقل و حرکت مشکل کام ہے، اس سے افغانستان فورسز کیساتھ رابطہ بھی رہتاتھا اور ان اس کے ذریعے پاکستان میں شامل ہونے کیلئے راستہ فراہم کیا جاتا تھا۔پاک فوج کے حالیہ آپریشنز کے بعد خصوصاً افغانستان کے علاقے پرچہ اور لال پورہ کے علاقے میں جماعت الاحرار کے جو کیمپس تباہ ہوئے،اس میں کچھ کمانڈرز بھی مارے گئے اور ان کو وہ علاقہ ہی چھوڑنا پڑ گیا، مرکز چھوڑنے کے بعد کمانڈر اور نچلے طبقے کے جنگجوؤں میں بھی ایک خاص قسم کی مایوسی پھیل گئی“۔
آخر میں احسان اللہ احسان نے اپنے بیان میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ”وہاں پر پھنسے ہوئے کو اور وہاں سے نکلنے کے خواہشمندوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اب بس کرو، امن کا راستہ اختیار کرو اور پرامن زندگی میں واپس آجاؤ، آپریشنز کے بعد جب میڈیا میں ان لوگوں کو کوریج ملنا کم ہوگئی تو انہوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے کم عمراور معصوم لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، ان کو اسلام کے نام پر ورغلایا گیا اور اسلام کی غلط تشریح کرکے ایسے پیغامات جاری کئے گئے اور پراپیگنڈا سوشل میڈیا پر شیئر کیا کہ نوجوان ان کے جال میں پھنستے چلے گئے۔ سوشل میڈیا صارفین کو کہناچاہتا ہوں کہ ان لوگوں کے پراپیگنڈے میں نہ آئیں، یہ لوگ اپنے ذاتی مقاصد کیلئے غیروں کے ہاتھ میں چل رہے ہیں، یہ وہ وجوہات تھی جن کی بنیاد پر میں نے فیصلہ کیا کہ اپنے آپ کو رضاکارانہ طورپر پاک فوج کے حوالے کردوں“۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) امریکی ماہرین نے لیچی کو جگر کے امراض اور ہاتھ پاؤں کی جلن کے علاج کے لیے انتہائی مفید قرار دیا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے شعبہ طب کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق لیچی ایک لذیذ اور صحت بخش پھل ہے جو پیاس بجھانے کے ساتھ ساتھ جگر کے امراض اور ہاتھ پاؤں کی جلن سمیت یرقان کےعلاج کےلیےبھی انتہائی مفید ہے۔
لیچی میں کیلشیئم، میگنیشیئم، پوٹاشیئم، وٹامن اے، بی، سی، تھائمین، زنک اور دیگر صحت بخش اجزاءشامل ہوتے ہیں جو دل کی کمزوری، امراض جگر اور یرقان سمیت مختلف امراض میں انتہائی مفید ہے

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)اظہرعلی کی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے لیکن بھارت کے خلاف ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں انہیں معطلی کا سامنا ہے۔
اظہر علی کو آسٹریلیا کی سیریز میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ایک میچ کی معطلی کا سامنا ہے۔
ٹورنامنٹ کے قوانین نے اجازت دی تو اظہر علی پہلا میچ کھیل سکتے ہیں۔ تاہم آئی سی سی قوانین کے تحت پہلے میچ میں سابق کپتان کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ہتھیار ڈالنے والے کالعدم تنظیم کے احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کیا جس میں اس نے اعتراف کیا کہ تحریک طالبان نے اسلام کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا اور بے گناہوں کا قتل عام کیا،ایسے شخص کو امیر بنایا گیا جس نے اپنے استاد کی بیٹی سے شادی کی اور قرعہ اندازی کے ذریعے ملا فضل اللہ کو طالبان کا امیر بنادیا گیا۔
 
 
2008 ء میں تحریک طالبان میں شمولیت اختیار کی،کالعدم ٹی ٹی پی کا مرکزی ترجمان رہا،میرا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے اورکالج کا طالبعلم تھا جبکہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کا بھی ترجمان رہا۔تحریک طالبان نے اسلام کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا،آپریشن کے دوران تنظیم میں قیادت کی دوڑ شروع ہوگئی اور ٹی ٹی پی نے معصوم لوگوں کو مارا،خود اسلام کا نعرہ لگاتے تھے مگر اس پر عمل نہیں کرتے تھے۔
احسان اللہ احسان نے اعتراف کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ کا طالبان کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے جبکہ افغانستان میں نقل و حرکت کیلئے این ڈی ایس اور اٖفغان فوج مدد کرتی تھی،تحریک طالبان پاکستان میں ذاتی مقاصد کیلئے تخریب کاری کررہی ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے پراپیگنڈہ کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) مریضوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ادویات کی کوالٹی کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،اسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز پر سپلائی ہونے والی تمام ادویات پہلے ڈرگ لیب میں ٹیسٹ ہوتی ہیں پھر مریضوں تک پہنچتی ہیں۔
لاہور کے علاقے برڈ وڈروڈ پر قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں کئی ماہ سے ادویات کےاجزاء ، کوالٹی،مقدار اور اثرات ٹیسٹ کیے جارہے ہیں،50 افراد کے اسٹاف کو لیب کے آٹھ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ٹیسٹنگ کا آغاز میڈیسن کے بیچ،تاریخ اجراء سےتنسیخ اور مقدار کے ریکارڈ سےہوتا ہے، بعد ازاں میڈیسن کے سیمپل ٹیسٹ، کروماٹوگرافی اور بائیولوجیکل اور دیگر ٹیسٹوں کے مراحل آتےہیں۔
لیب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر ماہ ایک ہزار سے زائد ادویات یہاں ٹیسٹ کی جارہی ہیں، کلیئرنس سرٹیفکیٹ ملنے کےبعد ہی یہ ادویات اسپتالوں اور میڈیکل اسٹور پر سپلائی کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
لیب انتظامیہ کا کہناہے کہ ادویات کی ٹیسٹنگ صرف لاہور کیلئے نہیں بلکہ دیگر اضلاع کیلئے بھی کی جاتی ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)سابق وفاقی وزیر پرویز رشید نے عمران خان کے رقم کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایسی سیاسی بیماری ہے جس کا علاج ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو ایسی سیاسی بیماری ہے جس کا علاج ممکن نہیں،چپ رہنے کیلئے کوئی احمق ہی عمران خان کو رقم کی پیشکش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیخ و پکار کرنیوالے پر آئندہ انتخابات کا خوف سوار ہے،بیانات داغنے سے عوامی حکومت کو کچھ نہیں ہوگا،سوئس عدالتوں کے فیصلے زرداری کی کرپشن کا ثبوت ہیں۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے کرپشن الزامات الٹا چور کوتوال کو ڈانٹنے کے مترادف ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 200 مقامات پر فری وائی فائی ٹاور لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نظام بھی کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جبکہ زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے سے کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ارفع کریم آئی ٹی ٹاور فری وائی فائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 200 مقامات پر فری وائی فائی ٹاور لگانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی یونیورسٹی کیلئے بیدیاں روڈ پر زمین انتظامیہ کے حوالے کر دی ہے اور بجٹ میں اس کیلئے فنڈز بھی رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا نظام بھی کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے اور اب پولیس کی ایف آئی آرز آئی ٹی سسٹم پر درج ہوتی ہیں جبکہ پنجاب کے 56 ملین افراد کی زمینوں کی ملکیت کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈکرنے کافائدہ ہوا ہے اور کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے، پنجاب کی عوام کو پٹواری کلچر سے آزادی دلائیں گے۔