اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کراچی)پی پی کے سابق ایم این اے مرتضیٰ ستی نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک اور وکٹ گرادی ہے اور سابق رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ ستی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ ستی عمران خان سے ملاقات کے بعد شمولیت کا اعلان کریں گے جبکہ وہ این اے 50 راولپنڈی سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔قبل ازیں سابق گورنر پنجاب اور ذوالفقار بھٹو کے قریبی ساتھی غلام مصطفی کھر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا جس پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور بات ہاتھا پائی تک پہنچنے کو ہی تھی کہ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے درمیان میں آکر معاملے کو ٹھنڈا کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے آج تین بجے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنی تھی اور اس حوالے سے تمام میڈ یا کو دعوت نامے بھی بھیجے گئے تھے ۔تاہم مقررہ وقت پر جب میڈ یا نمائندگان اور تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی اور نعیم الحق پی آئی ڈی پہنچے تو انہیں اندر جانے سے روک دیا گیا جس پر لفظی تکرار شروع ہو گئی ۔
 
پی آئی ڈی کے ڈپٹی ڈی جی ریٹائرڈ میجر بلال نے جب تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو روکا تو ہنگامہ برپا ہو گیا ۔تاہم اس موقع پر نعیم الحق درمیان میں آئے اور انہوں نے کہا کہ ہم نے پی آئی ڈی کو پریس کانفرنس کے لیے درخواست بھیجی تھی تاہم ریٹائرڈ میجر بلال نے کہا کہ درخواست ملی تھی تاہم اجازت نہیں دی گئی ۔بعد ازاں نعیم الحق نے پی آئی ڈی کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اگر پیشکش کرنے والے کا نام نہ لیا تو انہیں سیاست سے ہاتھ دھونا پڑے گا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیس کو دبانے کے لیے پیسے دئیے جا رہے ہیں ،اس سے بڑھ کر معاشرے میں اور کیا جرم ہو سکتا ہے ؟۔ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کو بھی رقم کی پیشکش کرنے والے شخص کا نام لینا پڑے گا ،اس معاملے کی تحقیقات بھی ہونی چاہیے ۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اگر دوستوں میں بیٹھ کر یہ بات کرتا تو شائد یہ مطالبہ نہ کرتا لیکن انہوں نے پریس کے سامنے بات کی اس لیے اب انہیں نام لینا ہو گا ،ورنہ انہیں سیاست سے ہاتھ دھونا پڑے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) ایم کیو ایم پاکستان نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت سے اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کئے جائیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سندھ حکومت اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کرے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 144 اے کی روح کے مطابق اختیارات اور وسائل سندھ حکومت بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کیے جائیں، آرٹیکل 140 (اے) پرعمل کیا جائے، اختیار صوبے سے بلدیاتی اداروں اور کونسل کو منتقل کئے جائیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ کا نام نہاد بلدیاتی نظام بہت بڑا فریب ہے، میئر اور بلدیاتی ادارے نمائشی ہیں کیونکہ سارے وسائل اور اختیارات صوبے کے پاس ہیں، اختیارات صوبوں سے نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں جب کہ اختیارات کو گلیوں اور محلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

 

 

یمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف ایکشن ہیروڈیوین جانسن اور پریانکا چوپڑا کی کامیڈی سے بھرپور نئی ایکشن فلم ’بے واچ‘ کا انٹرنیشنل ٹریلر منظرِ عام پر آگیا ہے

۔ ہدایتکار سیٹ گورڈن کی یہ فلم مشہور امریکی ٹی وی سیریز پر مبنی ہے، جس کی کہانی کیلیفورنیا کے ساحل پر اپنے فرائض سر انجام دیتے ایسے لائف گارڈز کے گِرد گھوم رہی ہے، جو لوگوں کی جان بچانے کیلئے سمندر کی خطرناک لہروں سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔

ایوان ریتمین، ٹام پولک اور ڈیوین جانسن کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں ڈیوین جانسن، الیگزینڈرا ڈیڈیریو، زیک ایفرون، پریانکا چوپڑا، جان بیس، کیلی روہربیچ، یحییٰ عبدالمتین اور پامیلا اینڈریسن شامل ہیں۔ ایکشن، کامیڈی، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور یہ فلم 26مئی کو پیرا ماؤنٹ پکچرز کے تحت سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی۔

 

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)انسداد دہشتگردی کی عدالت نے چوہدری اسلم حملہ کیس میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ اورکمانڈر شاہد اللہ شاہد سمیت دیگردہشتگردرہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس کاچالان اے ٹی سی کو موصول ہوگیا،چالان میں بتایا گیا کہ مقدمہ میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردظفر عرف سائیں اور عبید عرف آبی گرفتار ہیں،چوہدری اسلم پر حملہ خود کش بمبار نعیم اللہ سے کروایا گیا جس کی نادرا کی مدد سے شناخت کی گئی، ہلاک دہشتگرد مدرسہ ربانیہ کا طالب علم اور پیر آباد کا رہائشی تھا جو 2000 سے 2009 تک افغانستان میں رہا ، کالعدم تحریک طالبان نے چوہدری اسلم پرحملہ کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہی کی۔بعدازاں عدالت نے ملافضل اللہ سمیت کالعدم تحریک طالبان کے دیگررہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایسا لگتا ہے کہ فیس بک کی زیر ملکیت ایک اور ایپ بھی ایک ارب صارفین کا اعزاز حاصل کرنے والی ہے۔ اب تک فیس بک، میسنجر اور واٹس ایپ وغیرہ اس سنگ میل کو طے کرچکی ہیں اور اب انسٹاگرام بھی اس کے قریب پہنچ گئی ہے۔

انسٹاگرام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فوٹو شیئرنگ ایپ کے ماہانہ متحرک صارفین کی تعداد 70 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جو دسمبر میں 60 کروڑ تھی۔ اگرچہ یہ فوٹو شیئرنگ ایپ گزشتہ برسوں کے دوران صارفین میں کافی مقبول رہی ہے مگر حالیہ مہینوں میں اس کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس کی وجہ انسٹاگرام کی جانب سے سائن اَپ کے عمل کو بہتر بنانا، متنازع تبدیلیاں اور دنیا بھر میں نئے صارفین تک رسائی کے لیے اقدامات ہیں۔

واٹس ایپ، میسنجر اور فیس بک ایپ کے مقابلے میں انسٹاگرام کو ترقی پذیر ممالک میں کچھ زیادہ مقبولیت حاصل نہیں تاہم حال ہی میں اس نے ان ممالک کے لیے اینڈرائیڈ فونز میں آف لائن ورژن کی آزمائش شروع کی ہے۔ مگر اس کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ اسنیپ چیٹ کے اسٹوریز جیسے فیچر کو متعارف کرانے کے بعد ہوا جسے استعمال کرنے والوں کی تعداد اسنیپ چیٹ کے مجموعی صارفین سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ اب اس ایپ کے بیشتر صارفین امریکا کی بجائے دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ انسٹاگرام کے مطابق نئے اقدامات جیسے الگورتھم فیڈ اور نئے فیچرز جیسے آف لائن دستیابی نے صارفین کی تعداد بڑھانے میں مدد کی ہے اور توقع ہے کہ رواں سال ہی ایک ارب صارفین کا سنگ میل طے ہوجائے گا

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت پر واضح کر تے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرجنوبی ایشیاءمیں اسٹریٹیجک کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ بھارت نے کبھی پاکستانی کاوشوں کا مثبت جواب نہیں دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ماسکو میں بین الاقوامی سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے مگر بھارت پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا مثبت جواب نہیں دے رہا ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہو گا ۔
 
وزیر دفاع خواجہ آصف نے شام پر امریکی حملے کو بیرونی مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس کو افغانستان کے معاملے میں کردار ادا کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے روسی ہم منصب سے ماسکو میں ملاقات بھی کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت بطور ریاست ملوث ہے،بھارت پاکستان میں تخریب کاری کیلئے افغان سرزمین استعمال کرتا ہے، احسان اللہ احسان نے بھی بیان میں”را“کی موجودگی کاانکشاف کیا ہے، مدرآف آل بم حملے میں13”را“ایجنٹ بھی مارے گئے جوانکی موجودگی کاثبوت ہے، کل بھوشن جادیو جاسوس ہے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ میرٹ پرکیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نفیس زکریاءنے کرم ایجنسی میں دہشتگردی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت الاحرار نے کرم ایجنسی حملے کی ذمے داری قبول کی، احسان اللہ احسان نے پاک فوج کے سامنے سرینڈرکیا،سب جانتے ہیں کہ جماعت الاحرارکہاں موجود ہے، احسان اللہ احسان نے بھی بیان میں”را“کی موجودگی کاانکشاف کیا،کل بھوشن جادیو سے متعلق پہلے ہی شواہد موجود ہیں، بھارت پاکستان میں تخریب کاری کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کرتاہے،پاکستان نے یہ معاملہ پہلے بھی اٹھایا ہے اور بھارت افغان سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھایا جائےگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں چھپانے کیلئے سوشل میڈیا پرپابندی عائدکی، سید علی گیلانی، یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کو حراست میں لے لیا گیا۔
نفیس زکریاءنے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کواحسان اللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، احسان اللہ کے بیان سے ظاہرہے طالبان کوبھارتی ایجنسی کی معاونت حاصل ہے، بھارت،افغان خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، بھارت اورافغان خفیہ ایجنسی کامعاملہ عالمی فورم پراٹھانےکافیصلہ کرلیا ہے، خالد خراسانی کے بھارت میں علاج کا انکشاف بھی کیاگیا،پاکستان کااعلیٰ سطح پارلیمانی وفد رواں ماہ کے آخرمیں افغانستان کادورہ کرےگا۔ نفیس زکریاءنے سابق آرمی چیف راحیل شریف کے فوجی اتحاد کی سربراہی بارے جواب دیتے ہوئے کہا کہ فوجی اتحاد کسی ملک کی حمایت میں یا کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔