اتوار, 12 جنوری 2025

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹائم لائن میں بڑی تبدیلی لانے پر کام شروع کردیا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ نئی تبدیلی کب کی جائے گی۔
ٹوئٹر عام صارفین کی ٹائم لائن پر تازہ واقعات سے متعلق کی جانے والی ٹوئٹس، خبروں، تجزیوں اور آرٹیکلز کو سامنے لانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی ٹائم لائن پر سجیسٹڈ ریڈنگ (suggested reading) کے نام سے ایک نیا آپشن متعارف کرایا جائے گا، جس میں روز مرہ کے کسی بھی واقعے سے متعلق کی جانے والی بہترین ٹوئٹس، خبروں، تجزیوں اور مضامین کو تجویز کیا جائے گا۔
یہ بلکل ایسے ہی ہے، جیسے اس وقت ٹوئٹر کی ٹائم لائن پر دیگر افراد کو فالو کرنے کے لیے تجویز پیش کی جاتی ہے۔
کمپنی کے مطابق ٹوئٹر کے ماہرین اس منصوبے پر کئی عرصے سے کام کر رہے ہیں اور اسے صارفین کی دلچپسی کو نظر میں رکھ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
تاہم ٹوئٹر نے یہ نہیں بتایا کہ تبدیلی عام صارفین کی ٹائم لائن پر کب کی جائے گی۔
ٹوئٹر کے مطابق اس تبدیلی سے جہاں پرانے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری ہوگی، وہیں نئے صارفین کو ٹوئٹر استعمال کرنے اور اسے سمجھنے میں آسانی ہوگی۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے گزشتہ چند سال سے چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں متعارف کرائی جاتی رہی ہیں۔
حال ہی میں ٹوئٹر لائٹ کا ورژن بھی متعارف کرایا گیا تھا، جو سست رفتار انٹرنیٹ پر بھی بہترین طریقے سے کام کرتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اطلاعات ہیں کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں دیوتا کی حیثیت رکھنے والا گوگل اپنے انٹرنیٹ براؤزر کروم پر اشتہارات کو بلاک کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا سوچ رہا ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ گوگل ایسا کیوں کرے گا؟
گوگل سے منسلک افراد کے مطابق اگرچہ ادارے نے کروم پر ایڈ بلاک کا فیچر متعارف کرانے کا ارادہ کیا ہے، مگر تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ کمپنی کب تک یہ فیچر متعارف کروائی گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید گوگل آنے والے چند ہفتوں میں کروم پر ایڈ بلاک فیچر متعارف کرانے کا اعلان کرے، مگر یہ بھی ممکن ہے کہ گوگل اس فیچر کے بجائے کچھ اور فیچر متعارف کرائے۔
گوگل نے زیادہ سے زیادہ صارفین تک رسائی کے لیے آٹو ویڈیو پلے سمیت پاپ اَپ اور اشتہارات کے دیگر طریقے بھی متعارف کرا رکھے ہیں، جو مختلف سروے کے مطابق صارفین میں غیر مقبول ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق گوگل کروم پر اشتہارات کو بلاک کرنے والے سافٹ ویئرز اور آلات کی فروخت میں اضافہ ہوا، صرف امریکا میں ایڈ بلاک سافٹ ویئر کی کمائی میں 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
انٹرنیٹ پر براہ راست اشتہارات کو بلاک کرنے والی کچھ کمپنیز کو گوگل کی جانب سے رقم کی ادائیگی بھی کی جاتی ہے تاکہ وہ ایسے سافٹ ویئر تیار نہ کریں جس سے گوگل کے اشتہارات بلاک ہوسکیں، مگر پھر گوگل خود ہی کیوں ایسا فیچر متعارف کرانے کا سوچ رہا ہے؟
اس حوالے سے گوگل سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ ایڈ بلاک پر تیسری پارٹی کے کنٹرول سے بہتر ہے کہ گوگل اپنا ہی فیچر متعارف کرائے، اس سے صارفین کا کمپنی پر اعتماد بڑھے گا۔
تاہم گوگل نے ایڈ بلاک فیچر متعارف کرانے کے حوالے سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔
گوگل کروم اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا براؤزر ہے اور اس پر ایڈ کو بلاک کرنے کے حوالے سے بھی کئی کمپنیوں کی جانب سے تیارکردہ سافٹ ویئرز کی کمائی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس لیے گوگل چاہتا ہے کہ وہ ایڈ بلاک فیچر بھی خود ہی متعارف کروائے، اس سے جہاں ایڈ بلاک کرنے پر اس کا کنٹرول ہوگا، وہیں ایڈبلاک سافٹ ویئر تیار کرنے والی کمپنیز کی بھی چھٹی ہوجائے گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) دودھ صحت کے لیے بہت فائدہ مند مشروب ہے مگر اس صورت میں اگر وہ خالص ہو، اس میں ملاوٹ نہ صرف معیار ناقص کرتی ہے بلکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
دودھ میں پانی کے ساتھ ساتھ ڈیٹرجنٹ، یوریا، سینیتھک ملک اور مختلف کیمیکلز کو ملایا جاسکتا ہے یا ملایا جاتا ہے۔
ان میں سے بیشتر کیمیکلز دودھ میں شامل ہونے کے بعد طویل المعیاد بنیادوں پر صحت پر نقصان دہ اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
اگر دودھ میں ڈیٹرجنٹ ملا ہوا ہو تو وہ فوڈ پوائزننگ اور معدے کی دیگر پچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے جبکہ دیگر کیمیکلز سے امراض قلب، کینسر اور جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ نے کبھی سوچا یا حیرت ہوئی کہ کھانے کی کوئی مزیدار چیز دیکھ کر منہ میں پانی کیوں آجاتا ہے؟
تو آخرکار سائنسدانوں نے اس کا جواب تلاش کرلیا ہے۔
جی ہاں جاپان سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مطابق غذا کو دیکھ کر منہ میں پانی بھر آنے کا تعلق دماغ سے جڑا ہے جس کی جڑیں انسانی ارتقاءمیں چھپی ہیں۔
نیشنل انسٹیٹوٹ آف جینیٹکس کی تحقیق کے مطابق غذا کو دیکھنا اور اس کو کھانے کی خواہش کے درمیان براہ راست تعلق ہے۔
اس تحقیق کے دوران زیبرا فش کی دماغی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، اس جاندار کا دماغی نیٹ ورک انسانوں سے ملتا جلتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے کے رویے اور بھوک کو دماغ کا وہ حصہ کنٹرول کرتا ہے جسے ہیپو تھالمیوس کہا جاتا ہے۔
محققین کے مطابق انسانوں کی طرح زیبرا فش بھی اپنی غذا کو شناخت کرنے کے لیے اکثر نگاہ کا استعمال کرتی ہے اور کھانے کی چیز کو دیکھ کر ہیپو تھالمیوس میں حرکت پیدا ہوتی ہے۔
ان کے بقول ہم نے دریافت کیا کہ کھانے کو دیکھنے سے وہ دماغی نیورون حرکت میں آتے ہیں جو کہ ہیپو تھالمیوس میں پیٹ بھرنے کے حصے کے مرکز میں ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کا ارتقائی فائدہ یہ ہے کہ جب ہم کھانے کو دیکھتے ہیں تو بھوک کا احساس ہونے لگتا ہے جبکہ انسانوں اور دیگر جانوروں کے بچوں میں یہ دماغی حصہ ہی بھوک کے اظہار میں مدد دیتا ہے۔
اسی وجہ سے ان کے اندر خوراک کو شناخت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے ورنہ دوسری صورت میں وہ یہ سمجھ نہیں پاتے کہ کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں۔
تحقیق کے مطابق اسی ردعمل کے نتیجے میں بچے اکثر چھوٹی چیزوں کو خوراک کے طور پر لے کر منہ میں ڈال کر اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ اس عمل کو سمجھنے سے مستقبل میں زیادہ کھانے یا بسیار خوری کے عارضے پر قابو پانے کے لیے طریقہ کار تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلئے کون ہوگا ان اور کون ہوگا آؤٹ ،پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت طوالت اختیار کرگئی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغازیکم جون سے انگلینڈ میں ہوگا جس کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے ۔
پاکستان کپ میں بعض کرکٹرز کی شاندار پرفارمنس نے سلیکشن کمیٹی کو مزید سوچنے پر مجبور کردیا ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اور اظہر علی کی ٹیم میں واپسی یقینی ہے جبکہ کامران اکمل کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
فہیم اشرف کی جگہ عامر یامین کو زیر غور لایا جا رہا ہےجبکہ انگلش کنڈیشنز کی وجہ سے فاسٹ باؤلر سہیل خان بھی زیر غور ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کےلئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان اگلے ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ججز کو آزادانہ ماحول میں کام نہیں کرنے دیا گیا، کچھ اینکرز اور ٹی وی چینلز مسلسل عدلیہ کو پریشر میں لانے کی کوششیں کرتے رہے ، عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق نے بندر تماشہ شروع کیا ہوا تھا ۔
میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالتوں کو ایسا ماحول فراہم نہیں کیاگیا جس میں وہ آزادانہ فیصلہ کرسکتے، ججز کے اختلافی نوٹ پر ہمیں تحفظات ہیں مگر ہم نے عدالتی فیصلے پر کوئی تبصرہ کیا ہے نہ کریں گے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق نے سڑکوں پر بندر تماشہ شروع کیا ہوا تھا ، ان کے جواب میں ہمیں بھی مجبوراً عوام کو سچائی سے آگاہ کرنا پڑتا تھا ،یہاں پر تین تین عدالتیں لگی ہوئی تھیں.
 
ایک طرف پانامہ کیس کی سماعت عدالت میں ہورہی تھی دوسری طرف عمران خان نے سڑکوں پر عدالت لگائی ہوئی تھی اور تیسری طرف کچھ اینکرز اور ٹی وی چینلز پر عدالت لگی ہوئی تھی ،ایسے ماحول میں ججز کیسے آزادانہ فیصلے کر سکتے ہیں ، آخر وہ بھی انسان ہیں ، اگرمیں غلط کہہ رہا ہوں تومجھے کوئی چیلنج کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) شہرکا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں گندگی نہ ہو اور کوئی اسپتال ایسا نہیں جہاں چکن گونیا،ڈینگی اور ملیریا کے کیسز رپورٹ نہ ہو رہے ہوں ۔ماہرین طب کے مطابق بیماریوں کا شکار ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔
شہر میں مچھروں کی بہتات کی وجہ سے چکن گونیا،ڈینگی اور تو اور ملیریا کے کیسز میں بے تہاشہ اضا فہ ہو گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک 200 افراد میں چکن گونیا کی تصدیق ہو چکی ہے ۔
انسداد ڈینگی کنٹرول پروگرام کے مطابق جنوری سے اپریل کے درمیان کراچی میں 184 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ملیریا کے کیسز میں بھی دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
ان تمام بیماریوں کی جڑ مچھر ہے۔ اس لئے ان بیماریوں کی علامات بھی تقریبا ایک جیسی ہوتیں ہیں جن میں بخار،جسم میں شدید درد ،سستی ،لاغر پن شامل ہے ۔
شہر میں گندگی کے ڈھیر کو ہٹانے اور مچھر کش اسپرے مہم کا آغاز کب تک ہوجائے گا اس پر ڈائریکٹر جنرل سندھ کہتے ہیں کہ بلدیہ عظمی کراچی اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہی جس کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں ۔
ماہرین طب کے مطابق چکن گونیا اور ملیریا میں انسان اپنی زندگی سے ہاتھ نہیں دھوتا البتہ ڈینگی انسان کی جان لے لیتا ہے۔
لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خاص احتیاط کرتے ہو ئے صفائی ستھرائی کا بھر پور بندوبست کریں۔زیر زمین اور چھتوں پر موجود پانی کے ٹینکوں کو صاف رکھیں اور گھر گلی یا محلے میں غیر ضروری طور پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کوہاٹ)پولیس نے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے میں مستقل رہائش پذیر افراد کی بائیومیٹرک جبکہ کرائے کے مکان میں رہائش اختیا ر کئے افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کی ۔ پولیس نے اس دوران 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
جن کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی بازار میں واقع ایک سے آتش بازی کا 20کلو مواد بر آمد کر لیا۔ تاہم پولیس نے بر آمد ہونیوالا مواد اپنی تحویل میں لیتے ہوئے زیر حراست ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ تھانے منتقل کردیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمیکا میں جاری ہے۔ اب سے کچھ دیر پہلے خراب روشنی کی وجہ سے میچ میں پہلے روز کا کھیل جلدی ختم کردیا گیا۔ ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام تک7 وکٹوں کے نقصان پر244 رن بنا لیے تھے۔
کالی آندھی ٹیم کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر30 اور دویندرا بشو23 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ پاکستان کو گزشتہ چند اوورز کے دوران2 کامیابیاں روسٹن چیز اور شین ڈاؤرچ کی شکل میں ملی تھیں۔
ان دونوں کھلاڑیوں کو یاسر شاہ نے آئوٹ کیا۔ روسٹن چیز63 جبکہ شین ڈائورچ نے 56 رنز بنائے اور ساتھ ہی 119رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ٹیم کی ساکھ بھی بچائی۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے5 کھلاڑی بھی کوئی خاص رنز نہ بنا سکے تھے۔ پاکستان کے بولرز کی جانب سے عامر نے3 وکٹیں، یاسر نے 2 جبکہ وہاب اور ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔