ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان سیریزکا پہلا ٹیسٹ آج سے جمیکا میں شروع ہوگا۔
پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں ٹوئنٹی 20 کے بعد ون ڈے سیریز بھی جیت لی،اب اسے ٹیسٹ کرکٹ کیلیے گیئر تبدیل کرتے ہوئے فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ گرین کیپس آج تک کیریبیئن جزائر میں طویل فارمیٹ کی کسی سیریز میں سرخرو
ہوکر وطن واپس نہیں گئے، کھلاڑی کپتان مصباح الحق اور سینئر بیٹسمین یونس خان کو الوداعی تحفہ دینے کا عزم لیے آج سبائنا پارک میں پہلے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اتریں گے، ٹور میچ میں پاکستان کی بیٹنگ فلاپ ہوئی توکوئی بھی سنبھالا نہیں دے سکا۔
واضح رہے کہ خطرے کی گھنٹی بج جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی مختلف کنڈیشنز میں مشکل پچ پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا مہمان بیٹسمینوں کیلیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، اسد شفیق اور سرفراز احمد کوکریز پر قیام طویل کرنے کیلیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کو مسترد کرنا توہین عدالت ہے،جو لو گ جے آئی ٹی کو مسترد کررہے ہیں اس کے پیچھے ایک سوچ ہے،مخالفین پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں،پورے بنچ نے حکمنامے پر دستخط کرکے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا،مخالفین کو انتخابی اصلاحات سے کوئی سروکار نہیں،دھرنے دینے والوں نے ایک بار پھر وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردیا،اداروں کی تضحیک کرنے والوں کو کل جواب مل گیا،عمران خان جھوٹے الزامات لیکر سپریم کورٹ گئے اور کل عدلیہ کا فیصلہ وزیراعظم کے خط کی تائید ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راہدادری منصوبہ وزیراعظم کا عوام کیلئے تحفہ ہے،سی پیک ایک روٹ کی بات نہیں 65 ممالک کو ملانے کی بات ہے،پاکستان میں صنعتوں کی ترقی وزیراعظم نواز شریف کی ترجیح ہے،پاکستان کے کچھ عناصر دشمنوں کے ساتھ مل جاتے ہیں اور وزیراعظم نے احتساب کا عمل عوام کیلئے مکمل کیا۔
وزیرمملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو عوام نے مینڈیٹ دیا،مخالفین کا رویہ ملکی استحکام کے خلاف ہے،پاکستان نواز شریف کی قیادت میں ترقی کرے گا،نواز شریف ملک کے سب سے مقبول لیڈر اور شخصیت ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا اور تاریخ میں ایسا کبھی بھی نہیں ہوا،جے آئی ٹی میں جواب دیا جائے گا اور ایک تاریخ رقم ہوگی،سیاسی کھیل کے کھلونے تلاش کرنے والوں کو کچھ نہیں ملے گا،وفاقی حکومت نے جو وعدے کئے وہ سب پورے کئے اب عوام فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جشن وزیراعظم کے سرخرو ہونے کا ہے،عدالت نے وزیراعظم پر لگائے گئے 7 الزامات کومسترد کردیا،عمران خان افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں،مسلم لیگ ن نے پاکستانی تاریخ میں وہ کا م کیاجو کسی اور نہ نہیں کیا اور کوئی بھی ٹولہ یا شخص وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا.

 

 

ایمزٹی وی(پیرس)پیرس ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا اور حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم شخص نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ دیا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا جب کہ داعش نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے عوام کو جائے وقوعہ پر جانے سے روک دیا ہے جب کہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
فرانسیسی صدر نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیرس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ جہاں سے چلا تھاوہیں آ گیا‘ طہارت کے سر ٹیفکیٹ کی کالک جے آئی ٹی کے منہ پر ملی جائے گی۔بنچ نے جو سوالات دہرائے ان کے جواب لینے تو وکلاء عدالت آئے تھے ۔
 
بہت پہلے کہا تھا ’’انا اللہ و انا الیہ راجعون‘‘ پاناماکی با ضابطہ تدفین ہو گئی ، قوم فاتحہ پڑھے اور صبر کرے ،یہاں پر 100لوگوں کو گولیاں مار دی جائیں فیصلہ تو کیا رپورٹ بھی نہیں آتی ‘یہ تو سات سمندر پار کی کرپشن ہے۔
عوام کو کسی ادارے سے نہیں سڑکوں پر نکلنے سے ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ اس اعتبار سے تاریخی ہے کہ جنہوں نے رٹ کی وہ بھی خوش ہیں اور جن کے خلاف رٹ ہوئی وہ بھی مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں ۔
 
ایک سال تک قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا گیا ،اب 540 صفحات کے فیصلے کی ایک طویل عرصہ تشریح ہوتی رہے گی ، مگر قوم کا خزانہ لوٹنے والوں کو کچھ نہیں ہو گا۔
 

 

ایمزٹی وی(تہران)ایران میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب کے لئے سابق صدر احمدی نژاد کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم باڈی شورائے نگہبان نے سابق ایرانی صدر احمدی نژاد کو 19 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا ہے جب کہ احمدی نژاد نے گزشتہ ہفتے ہی صدارتی امیدوار کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو اس سے قبل الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرچکے تھے۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے احمدی نژاد پر زور دیا تھا کہ وہ صدارتی دوڑ سے دور رہیں۔ احمدی نژاد نے مسلسل 2005 سے 2013 تک ملک کے صدر رہے اور اگست 2013 میں مدت مکمل ہونے کے بعد انہوں نے صدارتی محل چھوڑا تھا۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد )وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پی پی جے آئی ٹی کو مسترد کررہی ہے،آپ کہتے ہیں تو اپنی جے آئی ٹی میں ایان علی اور ڈاکٹر عاصم کو شامل کرلیں اور آصف زرداری کو اس کا سربراہ بنادیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی کو مسترد کردیا ہے اور چلیں ایسی جے آئی ٹی بناتے ہیں جس کے سربراہ آصف علی زرداری ہوں اور اس میں ایان علی،شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم حسین ممبر ہوں۔
عابد شیر علی نے پیپلز پارٹی، تحریک نصاف اور جماعت اسلامی کو مشترکہ پریس کانفرنس پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج یہاں نئے نئے نکاح دیکھ رہے ہیں اور ٹوپی والے مولوی (سراج الحق) نے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں نکاح پڑھوا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں مریم نواز شریف کا دامن صاف رہا ہے اور جو کیچڑ اور گند اچھالنے کی کوشش کی گئی اس کا صفایا ہو گیا ہے۔ نواز شریف 2018ءکے بعد بھی وزیراعظم ہوں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنسسز کے زیراھتمام 1روزہ ورک شاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کا موضوع بیسک فوٹو گرافی ہے۔ورکشاپ میں طلبا و طالبات کی رہنمائی کے لئے پاکستان کے نامور فوٹو گرافر جمشید مسعود کو مدعو کیا گیا ہے۔
ورکشاپ میں فوٹو گرافر جمشید مسعود طلبہ وطالبات کو فوٹوگرافی کے حوالے سے جس میں پرفیشنل کیمروں کی تکنیکی امور سے روشناس کرائیں گے ۔
 
ورکشاپ کا انعقاد 23اپریل 2017 بروزاتواردوپہر 2 بجے آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنس میں ہوگا۔ ورکشاپ میں شرکت کرنےکے لئے کنٹرولر سے رابطہ کرسکتے ہیں02134331315 / 0213899161
 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ گلوکار علی عظمت کی سالگرہ منانے پاکستان پہنچ گئیں۔ ذرائع کے مطابق اس مقصدکے لئے انہیں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، سالگرہ کی تقریب ان کے گھر پر منعقد کی گئی جس میں بہت سے فنکاروں اور ان کے فیملی ممبران نے شرکت کی۔
پوجا بھٹ اور علی عظمت ایک پراجیکٹ پر بھی کام کررہے ہیں اور اسی سلسلے مکیں پوجا بھٹ چند ماہ پہلے بھی پاکستان آچکی ہیں۔ اسی حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پوجا بھٹ نے بعض اہم وجوہات کی بنا پر اپنا دورہ پوشیدہ رکھا تاہم وہ گزشتہ روز کراچی روانہ ہوگئیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاعتزاز احسن نے پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گریڈ 19 اور 20 کے افسران کیا کریں گے۔ اسٹیٹ بینک کا گورنر ان کے گھرانے کا فرد ہے جبکہ آئی ایس آئی کیساتھ بھی شریف برادران کے خاندانی تعلقات ہیں۔ سپریم کورٹ نے ٹھیک کہا تھا کہ یہ فیصلہ یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ گریڈ 19 اور 20 کے افسران کیا تحقیقات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر بھی بنی تھی جہاں 14 افراد شہید ہوئے، مگر اس کا کیا بنا؟ ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن ہوتا اور نواز شریف پیش ہوتے تو مزہ آتا، جوڈیشل کمیشن میں نواز شریف سے جرح کی جاتی، ان کے بچوں سے جرح کی جاتی۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ شریف برادران پر نرم ہاتھ رکھا جاتا ہے، یہ سپریم کورٹ پر حملہ کرتے ہیں پھر بھی کچھ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ سلام پیش کرتے ہیں ان دو ججوں کو جنہوں نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا جبکہ تین اکثریتی ججوں نے بھی کہا کہ نواز شریف اپنی صفائی میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا جائیداد وں میں کلیدی کردار ہے لیکن اسے چھوڑ دیا گیا جبکہ قطری کاغذ ایک ردی کا ٹکڑا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گریڈ 19 اور 20 کے افسران کیا کریں گے، سٹیٹ بینک کا گورنر تو خود ان کے گھرانے کا فرد ہے ، وہ کیا تحقیقات کرے گا جبکہ آئی ایس آئی سے شریف برادران کا تعلق خاندانی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان، سراج الحق درخواست دہندگان تھے، وہ نظرثانی کیلئے جا سکتے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والے 1500 سے زائد سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے بھارت روانہ ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے حسن ابدال آئے 1583 یاتری لاہوراسٹیشن سے خصوصی ٹرینوں کے ذریعے بھارت کے اٹاری بارڈرکے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔
بیساکھی میلہ 14 اپریل سے 16 اپریل تک جاری رہا جس میں شرکت کے لئے آنے والے سکھ یاتریوں کو الوداع کہنے کے لیے پاکستان ریلوے کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس کی 2 خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں۔ چیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیرمین صدیق الفاروق نے سکھ یاتریوں کو رخصت کیا اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے۔
یاتریوں کی واپسی کے وقت لاہور اسٹیشن کے اطراف سخت سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرزکی بڑی نفری کو تعینات کیا گیا تھا جب کہ اسٹیشن پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص اور گاڑی کا داخلہ بند تھا۔