ایمز ٹی وی(تجارت) ایکسل اور ورڈ جیسے پروگرامز تیار کرنے والے چارلس سیمونی ایک بار پھر اپنی پرانی کمپنی مائیکرو سافٹ میں واپس آرہے ہیں۔ چارلس سیمونی نے 2002 میں مائیکرو سافٹ میں چیف سافٹ وئیر آرکیٹیکٹ کا عہدہ چھوڑ کر اپنی کمپنی انٹرنیشنل سافٹ وئیر قائم کی تھی تاکہ پروگرامنگ کو سادہ بنایا جاسکے اور اب مائیکرو سافٹ نے اس کمپنی کو خرید لیا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ چارلس سیمونی کی کمپنی کو خرید رہی ہے تاکہ اپنے ٹولز کو ایڈوانس بنانے میں مدد مل سکے، تاہم اس خریداری کی تفصیلات کو منظرعام پر نہیں لایا گیا۔ چارلس سیمونی نے اس حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ' میں مائیکرو سافٹ کا دوبارہ حصہ بننے کے لیے پرجوش اور بے چین ہوں'۔ چارلس سیمونی نے 1981 میں مائیکرو سافٹ میں شمولیت اختیار کی تھی اور مائیکرو سافٹ ورڈ اور ایکسل جیسی پراڈکٹس کی نگرانی کا کام کررہے تھے۔ مائیکرو سافٹ چھوڑنے کے بعد انہوں نے اپنی کمپنی قائم کی، شادی، خلاءکا سفر اور بل گیٹس کے ساتھ کروڑوں ڈالرز کا عطیہ دیا۔ مائیکرو سافٹ نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا ' اپنے دور میں چارلس نے مائیکرو سافٹ کی چند اہم اپلیکشنز کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا اور اب ہم انہیں اور ان کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں'۔ انٹرنیشنل سافٹ وئیر کے کوڈ اور کوڈرز کے حصول سے مائیکرو سافٹ کو اپنے ٹولز کے لیے نئی چیزوں کے اضافے میں مدد ملے گی۔ اس سے پہلے مائیکرو سافٹ نے 26 ارب ڈالرز کے عوض لنکڈن کو خریدا تھا جبکہ سلیک کے مقابلے میں اپنا ورک پلیس چیٹ ٹول بنایا تھا۔
ایمز ٹی وی(تجارت) قطرکے دارالحکومت دوحہ میں ساتویں سالانہ آٹو شو کا انعقاد کیاگیاجس میں چمچماتی نت نئی گاڑیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ دوحہ کے کنونشن سینٹر میں جاری اس لگژری موٹر شو میں دنیا بھر سے بے شمارکارساز کمپنیاں سینکڑوں شاندار اور پرتعیش گاڑیوں کے ماڈلز کیساتھ شرکت کر رہی ہیں جنہوں نے اپنی سابقہ گاڑیوں کو نئی جدت کیساتھ متعارف کروانے کے علاوہ نئی گاڑیوں کے ماڈلز بھی نمائش کیلئے پیش کئےہیں جن میں مرسڈیزبینز، بی ایم ڈبلیو، نیسان، لینڈ رور، شیورلیٹ، جیگوار، فورڈ، ہونڈا سوکس اورریسنگ کارزسمیت کئی گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ رنگا رنگ موٹر شو 22اپریل کو اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا جس میں اسٹریٹ کارز سے لیکر لگژری گاڑیوں اور اسپورٹس کار کے کئی ماڈلز موجود ہیں۔ صرف یہی نہیں آٹو میٹک کاریں،پرینٹیڈ کاریں، دنیا کے بہترین ساؤنڈ سسٹم سے سجی کاریں، وِنٹیج اورفارمولا ون کارز سمیت جی ٹی ماڈل اورپورش کے جدید ماڈل نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ۔ بڑے رقبے پر پھیلے کنونشن سینٹر میں منعقدہ اس آٹو شو میں رواں برس دنیا بھر سے ہزاروں افراد کی شرکت کی توقع کی جا رہی ہے۔
ایمز ٹی وی(تجارت) تین روزہ انٹرنیشنل ایگزیبیشن آف پلاسٹک مشینری، ایکوپمنٹ، را میٹریل اینڈ ٹیکنالوجی 21 اپریل سے ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گی۔ نمائش میں 80 مقامی اور غیر ملکی معروف برانڈز اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ ایونٹ پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے۔ چیئرمین پی پی ایم اے احتشام الدین، سینئر وائس چیئرمین خالد مسعود اور وائس چیئرمین شعیب منشی نے ایک بیان میں بتایا کہ پاک پلاس پلاسٹک اور پیکجنگ پر واحد اور خصوصی نمائش ہے جو عالمی معیار کے مطابق منعقد ہوتی ہے۔ اس میں مشینری اور را میٹریل کے لیے الگ الگ ہالز ہیں۔
ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ نے صارفین کی آسانی کیلئے جلد2 نئے دلچسپ فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے صارفین کسی کے علم میں لائے بغیر اپنا نمبر تبدیل کرسکیں گے، جبکہ پہلی بار لائیو لوکیشن کا فیچر بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ اپنے ونڈوز فون صارفین کیلئے 2 نئے اور دلچسپ فیچر متعارف کرا رہا ہے، جن کیلئے کوئی مقررہ وقت تو نہیں دیا گیا البتہ صارفین نئے فیچر کے ذریعے آسانی سے کسی کے علم میں لائے بغیر اپنا نمبر تبدیل کر سکیں گے۔ اگر وہ نئے نمبر کو موبائل میں موجود تمام لوگوں سے شیئر نہ کرنا چاہیں، تو اس کیلئے نئے فیچر میں 3 آپشن رکھے گئے ہیں ،جن کے تحت وہ اپنا نیا نمبر لوگوں سے پوشیدہ رکھ کر پرانے نمبر سے ہی واٹس ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر کے واٹس ایپ میں شامل ہوتے ہی صارفین کے بہت سے مسائل حل ہو جائینگے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور گوگل کی جانب سے متعارف کرایا گیا لائیو لوکیشن کا فیچر اب واٹس ایپ میں بھی شامل کیا جائیگا۔ اس سے قبل واٹس ایپ نے آن لائن منی ٹرانسفر کا فیچر متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا تھا۔