ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(تجارت) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مغربی روٹ کے پانچویں اور آخری حصے کے لیے 9 ارب روپے سے زائد کا ٹھیکا دے دیا۔ معاہدے کے مطابق رحیم یارخان سے کوٹ بیلیاں تک پانچویں مرحلے کے پیکج 2A کے تحت سڑک کی تعمیر ہوگی، منظور شدہ منصوبے سے ہکلا-ڈیرا غازی خان موٹروے کا اہم حصہ بھی تعمیر ہوگا، یہ معاہدہ ایس کے بی اور کے این کے کمپنیوں سے 9.2 ارب کی کم ترین بولی پر ہوا۔ این ایچ اے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ کی صدارت میں ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں معاہدے کی منظوری دی گئی۔ سی پیک کے مغربی روٹ کے پانچ حصے ہیں جن میں سے چار حصوں کے ٹھیکے پہلے ہی دیئے جاچکے ہیں، پانچویں حصے کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں دریائے سندھ پر ایک پل اور 25،25 کلومیٹر کی دو سڑکیں شامل ہیں۔ دوسری جانب ایک ٹھیکا گزشتہ روز دیا گیا اور دیگر بہت جلد دیئے جائیں گے، جس کے بعد پورے مغربی روٹ پر تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائے گا، یہ پروجیکٹ دسمبر 2018 تک مکمل ہوں گے۔ گفتگو کرتے ہوئے این ایچ اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 'مغربی روٹ کے آخری حصے کو تقسیم کرنے کی وجہ این ایچ اے کی دسمبر 2018 تک پروجیکٹ کی تکمیل کی خواہش ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی روٹ کے چاروں حصوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ پانچویں حصے کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ تین مختلف ٹھیکے دار کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرسکیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ مغربی روٹ دسمبر 2018 میں مکمل ہوگا جبکہ موجودہ حکومت اپنی پانچ سال کی مدت مئی 2018 میں پوری کرے گی اس لیے اس کی تکمیل کا فائدہ نئی حکومت کو مل سکتا ہے۔ خیال رہے کہ سی پیک کا مغربی روٹ پارلیمنٹ میں اُس وقت سخت تنقید کا شکار رہا جب حزب اختلاف کی جانب سے یہ کہا گیا کہ حکومت مغربی روٹ کی تعمیر کے حوالے سے سنجیدہ نہیں اور تمام توجہ مشرقی روٹ پر دے رہی ہے۔ اپوزیشن کے دباؤ کے باعث ہی دو لین پر مشتمل مغربی روٹ کو چار لین کی راہداری میں تبدیل کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کا بل منظور کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کی مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قراردینے کا بل پیش کیا۔ منظور کئے گئے بل کے مطابق قرآن پاک کی تعلیم مسلمان طلباء کیلئے لازمی ہوگی اور چھٹی سے بارہویں جماعت تک مفہوم کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دی جائے گی جس کے بعد قرآن پاک کی لازمی تعلیم 2017 ء کا بل قومی اسمبلی میں اتفاق رائے سے منظور کرلیاگیا ہے۔a

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے لاہور میں اگلے 3روز کے دوران درجہ حرارت 45سے 48ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشن گوئی کر دی ۔ میڈیا زرائع کے مطابق محکمہ موسمیات نے لاہور میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا ہے اور لوگوں کوا حتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شدید گرمی سے جلدی امراض پیدا ہو سکتے ہیں ۔ دوسری جانب ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہری دن میں ساڑھے 4لیٹر تک پانی استعمال کریں اور صبح 11بجے سے شام 4بجے تک بلا ضرورت سفر کرنے اور دھوپ میں چلنے پھرنے سے گریز کریں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔ تاہم سندھ حکومت نے گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت اہم تنصیبات کی سیکورٹی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ رینجرز کے مطابق نوٹیفکیشن تاثر دیتا ہے کہ رینجرز پولیس کی طرح کام کرے گی تاہم آرٹیکل 147رینجرز کو قطعا ًپولیسنگ کے اختیارات نہیں دیتا ۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کو حاصل اختیارات کے تحت رینجرز وزیراعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس کی سیکورٹی کی پابند ہے۔ عدالتوں، اسمبلی، آئل ریفائنری، اہم تنصیبات، ایئرپورٹ کی سیکورٹی بھی رینجرز کے ذمے ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیز دیگر تعلیمی اداروں، سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی بھی رینجرز کی ذمہ داری ہے، رینجرز کو یہ اختیارات گزشتہ برس یکم اگست کو دیے گئے تھے۔ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر رینجرز حکام کا کہنا ہے آرٹیکل 147 رینجرز کو قطعا پولیسنگ کے اختیار ات نہیں دیتا، آرٹیکل 147 کا مطلب رینجرز کو پولیس کی طرح استعمال کرنا نہیں ہے جبکہ جاری کردہ نوٹیفکیشن تاثر دیتا ہے کہ رینجرز پولیس کی طرح کام کرے گی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) بیجنگ روڈ شو کے دوران خیبر پختونخوا حکومت اورچینی کمپنی کے مابین چین کو گدھوں کی برآمدکے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پردستخط ہو گئے۔چینی کمپنی چھن چھیان انسپکشن اینڈ کوآرتائن کے پی کے میں گدھوں کی افزائش کا منصوبہ شروع کرے گی جس پرابتدائی طور پر5 کروڑ ڈالرخرچ ہوں گے، منصوبے کے تحت گدھوں کی دو اہم اقسام کی بریڈنگ کی جائیگی۔ ایک فارم ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ دوسرا مانسہرہ میں بنے گا جن سے چین کوسالانہ80ہزار گدھے سپلائی کئے جا سکیں گے۔بیجنگ میں روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہاروڈ شو خیبر پختونخوا کی صنعتی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال کافی بہترہے۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا میں13مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت اور چینی سرمایہ کاروں کے درمیان مفاہمتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔صدر پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن شازوکنگ نے کہاسی پیک سے خطے کے30کروڑلوگ مستفیدہوں گے۔ چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے کہا سی پیک پر پاکستان کے سارے صوبے متفق ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات دلائیں گے ، غیر قانونی طور پر وصول 200ارب روپے واپس کیے جائیں،دھرنے سے خطاب میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ 22اپریل کو کسی ریڈ زون کو تسلیم نہیں کریں گے ، چاروں طرف سے گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے ، شارع فیصل پر ملین مارچ بھی کرسکتے ہیں ، ہمیں احتجاج کا شوق نہیں ، اگر وزیر اعظم اور گورنر مسئلہ حل کرائیں تو ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ مذاکرات کے لیے بھی تیار ہیں ۔ کراچی کے عوام کو ان کا حق دلائیں گے ، کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات دلائیں گے ۔ کے الیکٹرک اووربلنگ ختم کرے اور فیول ایڈجسمنٹ ، ڈبل بینک چارجز ،میٹر رینٹ اور ملازمین کے نام پر غیر قانونی طور پر وصول کیے گئے 200ارب روپے کراچی کے عوام کو واپس کرے ۔100,200اور 300یونٹ استعمال کرنے والے چھوٹے صارفین کے لیے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے ۔ کراچی کو لوڈ شیڈنگ فری کیا جائے کیونکہ کے الیکٹرک کے تمام پاور پلانٹس اگر چلائے جائیں تو کراچی میں بجلی کی کوئی کمی نہیں ہوسکتی ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے کے الیکٹرک آفس النور پاور ہاؤس نزد شفیق موڑ پر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔احتجاجی دھرنا کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے شہریوں سے 200ارب روپے سے زائد غیر قانونی طور پر وصول کر نے ،اووربلنگ ،پیداواری صلاحیت ہونے کے باوجود مطلوبہ بجلی پیدا نہ کر نے اور شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کر نے ،چھوٹے صارفین کے لیے نرخوں میں اضافے اور کے الیکٹرک ،نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میںدیا گیا ۔ احتجاجی دھرنے میں ضلع وسطی کے علاقوں کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔اس موقع پر شہریوں نے اپنی شکایات بھی بیان کیں۔ شکایات بیان کرنے والے افراد اپنے ہمراہ کئی کئی لاکھ روپے کے غلط اور اوور بل بھی لائے تھے ۔احتجاجی دھرنے کے شرکا نے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر کے الیکٹرک ، نیپرا اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف مختلف نعرے درج تھے ۔دھرنے کے شرکا نے پر جوش نعرے بھی لگائے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) گورنمنٹ کالج حیدرآباد میں 58ویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات منعقد کی گئی۔ تقریب سے ڈائریکٹر کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں جن علوم کی ضرورت ہے ان کی تدریس کالج میں ہونی چاہیے‘ بزنس ایڈمنسٹریشن کی کلاسیں شروع کی جائیں اور طلبہ اپنے اپنے شعبوں میں مہارت پیدا کریں اور جدتوں سے اپنے آپ کو باخبر رکھیں۔ ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد ریجن پروفیسر ڈاکٹر مرزا امام علی بیگ نے کہا کہ گورنمنٹ کالج کے طلبہ نے ہر فورم ہر مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے‘ رجسٹرار سندھ یونیورسٹی سلیم چانڈیو نے کہا کہ میں نے گورنمنٹ کالج میں تعلیم حاصل کی ہے مجھے پھلیلین ہونے پر فخر ہے‘ کالج میں یونیورسٹی کے امتحانات میں گورنمنٹ کالج نے سب سے زیادہ اعزازات حاصل کیے ہیں‘کالج میں علمی‘ تحقیقی اور ادبی کام کیلئے یونیورسٹی تعاون کرنے پر تیار ہے۔ کالج کے پرنسپل پروفیسرڈاکٹرناصرالدین شیخ نے کہا کہ اس سال بھی کالج کے طلبہ نے گریجویشن اورپوسٹ گریجویشن امتحانات میں21فرسٹ کلاس پوزیشن لی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم) وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دبائو پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کے خلاف ان کے پی ایچ ڈی کے مقالے کے حوالے سے علمی سرقے پر کارروائی کا معاملہ آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ میں ’’علمی سرقہ قائمہ کمیٹی‘‘ کی رپورٹ پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا جس کے لئے اجلاس جمعرات 20 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں جامعہ کراچی میں سندھ بینک کے قیام پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی پردبائو ہے کہ وہ جامعہ کے اندر سندھ بینک قائم کرے اور پہلے سے موجود نیشنل بینک سمیت دیگر بینکوں کے اکائونٹس کو سندھ بینک منتقل کر دے۔ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر اپنے 5سالہ دور میں یہ معاملہ ٹالتےرہے تھے۔ اجلاس میں تدریسی اسامیوں کے این ٹی ایس ٹیسٹ کرانے کی منظوری بھی دی جائے گی تاہم دلچسپ امر ہے کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن این ٹی ایس پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اپنا ٹیسٹنگ کا نظام قائم کر چکا ہے اور ملک بھر کی جامعات کو مفت ٹیسٹنگ کی سروس فراہم کرنے کی پیشکش کر چکا ہے۔ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اوراسپتال قائم کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے متحدہ عرب مارت کا ایمریٹ انسٹی ٹیوٹس آف سائنسز ،جامعہ کراچی کو میڈیکل کالج اور اسپتال قائم کرنے کی پیشکش کر چکا ہے۔ اجلاس میں جامعہ کراچی میں پوسٹ گریجویٹ نیوروجیکل ریسرچ سینٹر قائم کرنے کی تجویز کی منظوری دی جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) صوبائی محکمہ تعلیم، محکمہ بورڈز و جامعات اور کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے درمیان رابطے کے فقدان اور سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لئے کمیٹیاں نہ بنانے کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں نقل کا سلسلہ جاری ہے۔ میٹرک بورڈ کراچی کے تحت جاری امتحانات میں کھلے عام نہ صرف نقل کرائی جا رہی ہے بلکہ بعض مراکز پر امیدواروں سے رقم لے کر انہیں علیحدہ کمرے میں بٹھا کر نقل کرائی جا رہی ہے۔ بعض امتحانی مراکز میں امیدواروں کو کھلے عام نقل کرتے ہوئے پایاگیا ہے۔ سینٹرل جیل کراچی کے نزدیک واقع وائٹ ہال کیمپس اسکول میں امیدواروں نے بتایا کہ انہوں نے فی کس ایک ہزار روپے دے کر نقل کی۔ ملیر، گڈاپ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، عزیز آباد، قائدآباد، کورنگی، کیماڑی، اورنگی ٹائون، گلشن حدید، گلشن اقبال، بلدیہ، لیاری اور ناظم آباد کے امتحانی مراکز سے نقل کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ بورڈ کی جانب سے ویجی لینس ٹیمیں نقل کی روک تھام کرنے سے قاصر رہیں۔ کسی امتحانی مرکز میں سیکورٹی نظر نہیں آئی۔ ویجی لینس افسران کے مطابق جب سیکورٹی نہیں تو وہ نقل سے کیسے روکیں۔ نقل سے منع کرنے پر انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ محکمہ تعلیم بھی کوئی تعاون نہیں کر رہا ہے۔ ہم محض سرکاری ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جب تعلیمی بورڈز گورنر کے پاس تھے تو گورنر ہائوس کی جانب سے محکمہ تعلیم کے ساتھ ویجی لینس ٹیمیں تشکیل دی جاتی تھیں جو روزانہ کی بنیاد پر میٹرک اور انٹر کے امتحانی مراکز کا دورہ کرتیں اور نقل کرنے والے طلبہ اور ان کو مدد دینے کے خلاف کارروائی کرتیں تاہم جس کی وجہ سے نقل کے رجحان میں خاصی کمی ہوئی تھی لیکن رواں سال تو صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ صوبے کے کسی تعلیمی بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات تک نہیں ہے۔ تعلیم بچائو ایکشن کمیٹی کے رہنما انیس الرحمٰن نے کہا کہ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اپنے ایئرکنڈیشنڈ کمرے سے باہر نکلیں اور دیکھیں کہ میٹرک کے امتحانات میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری بورڈ و جامعات اور سیکرٹری اسکول ایجوکیشن فوری طور پر اپنی سربراہی میں ویجی لینس ٹیمیں تشکیل دیں اور امتحانی مراکز کا دورہ کریں تاکہ نقل کی روک تھام ممکن ہوسکے۔بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سعید الدین کے مطابق بورڈ کی اپنی ویجی لینس ٹیمیں ہیں جو امتحانی مراکز کا دورہ کر کے نقل کرنے والے امیدواروں کو پکڑ رہی ہیں انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر بجلی نہ ہونے اور سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے بہت مسائل کا سامنا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) 2017 میں آئی فون کو دس سال مکمل ہورہے ہیں اور اس موقع کو خاص بنانے کے لیے ایپل ایک یا دو نہیں بلکہ تین فونز متعارف کرانے والی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو فونز میں تو گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں معمولی تبدیلیاں یا بہتری کی جائے گی جبکہ تیسرا مکمل طور پر ری ڈیزائن پریمیئم آئی فون ہوگا۔ اگرچہ یہ تینوں فون ایک ساتھ ہی متعارف کرائے جائیں گے مگر صارفین کو ری ڈیزائن آئی فون کو خریدنے کے لیے سال کے آخر تک انتظار کرنا پڑے گا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پریمیئم آئی فون ایک یا دو ماہ تاخیر کے بعد فروخت کیا جائے گا جس کی وجہ اس ڈیوائس کی تیاری میں پیش آنے والی مشکلات ہیں۔ اس فون کے بالکل نئے ڈیزائن نے اس کی تیاری کو مشکل بنایا ہے جو کہ گلیکسی ایس ایٹ جیسی ایج اسکرین کے ساتھ ہوگا۔ اسی طرح ایپل کی جانب سے فنگر پرنٹ سنسر کو اسکرین کا حصہ بنانے کا تجربہ بھی کیا جارہا ہے جو کہ تاخیر کا حصہ بن سکتا ہے، سام سنگ نے ایس ایٹ میں اس فیچر کو لانے کی کوشش کی تھی مگر اسے کافی مشکل پایا تو اس سنسر کو فون کے بیک پر منتقل کردیا۔ اس پریمیئم آئی فون کے فرنٹ کیمرے میں تھری ڈی سنسنگ کی صلاحیت کا فیچر بھی ہوسکتا ہے بلکہ رپورٹ کے مطابق ایپل اس فون میں پہلی بار ڈوئل کیمرہ فرنٹ پر دے سکتی ہے۔ تھری ڈی کیمرہ زیادہ اچھے سیلفی فلٹرز اور augmented رئیلٹی ماسکس کو استعمال کرنے کا موقع دے گا جبکہ گیمنگ اور تھری ڈی ماڈلنگ کے لیے بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔