ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) مقبول پاکستانی گلوکارہ حمیرا ارشد اس وقت اپنے نئے البم کی ریلیز کا انتظار کررہی ہیں جس میں اردو اور پنجابی دونوں ہی زبانوں کے گانے شامل ہیں اور وہ بہت جلد پہلی مرتبہ کوک اسٹوڈیو میں بھی پرفارم کریں گی۔ حمیرا ارشد پاپ، لوک، کلاسیکی اور غزلیں گائیکی کی ماہر ہیں۔ حمیرا ارشد نے بتایا ’میں اپنی چوتھی البم کی تیاری میں مصروف ہوں، جو چند ماہ میں نجی چینلز پر ریلیز کردی جائے گی‘۔ اس البم میں شامل گانوں کو متعدد شاعروں نے تحریر کیا، جنہیں کمپوز سجی اور کامران نے کیا ہے، البم میں موجود تمام گانوں کی ویڈیوز بھی موجود ہوں گی۔ کوک اسٹوڈیو میں شرکت کے سوال پر حمیرا ارشد نے کہا کہ وہ اس پلیٹ فارم پر پہلی مرتبہ پرفارم کریں گی۔ واضح رہے کہ حمیرا ارشد گلوکارہ رونا لیلا کے مقبول گانے گائیں گی۔ انہوں نے کہا ’میں اس وقت یہ تو نہیں بتا سکتی کہ میں نے کون سے گانوں کا انتخاب کیا ہے، بس یہ کہوں گی کہ میں کلاسیکی گانے گاؤں گی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’کوک اسٹوڈیو کے علاوہ ہمارے پاس کم مواقع دستیاب ہیں، کوک اسٹوڈیو بہترین کام کررہا ہے.
ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر نواز لیگ کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں 10اور دیہی علاقوں میں 14چودہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جس نے حکومتی کارکردگی کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انکا کہنا تھا کہ جھوٹ کی تین اقسام ہیں ، جھوٹ ، سیاہ جھوٹ اور پھر مسلم لیگ نواز کے جھوٹ ۔ جہانگیر ترین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار حکومت جو 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی بات کر رہی تھی ۔ ”کوئی شرم ؟ کوئی حیا؟‘‘۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پرائیڈ آف پرفارمنس عزیز میاں قوال کا 75 واں یوم پیدائش آج کو منایا جا رہا ہے۔ ملک کے معروف قوال عزیز میاں 17 پریل 1942ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ وہ اگست 1947ء میں اہل خانہ کے ہمراہ بھارت سے ہجرت کر کے لاہور آ گئے۔ عزیز میاں قوال نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم اے عربی ، فارسی ادب اور اردو ادب میں ماسٹرز ڈگریاں حاصل کیں۔ انھوں نے استاد عبدالوحید سے فن قوالی سیکھا اور مختصر عرصہ میں دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ قوال عزیز میاں نے 1966ء میں شہنشاہ ایران رضا شاہ پہلوی کے سامنے یادگار پرفارمنس پیش کی جس پر انھیں گولڈ میڈل اور بھاری انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ عزیز میاں قوال نے اپنی سیکڑوں قوالیاں خود تحریر کیں۔ عزیز میاں 2000ء میں حکومت ایران کی دعوت پر تہران گئے، جہاں انھیں ہیپاٹائٹس کا شدید عارضہ لاحق ہوا اور وہ وہیں 6 دسمبر 2000ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
ایمز ٹی وی( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا نےکہا ہے کہ جے او25 نامی ایک شہاب ثاقب 19 اپریل کو زمین کے قریب سے گزرے گا۔ خبرایجنسی کے مطابق اس بات کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس شہاب ثاقب کا قطر تقریباً 650 میٹر (2000 فٹ) تک ہے۔ ناسا ایک سو میٹر کے قطر کے حامل کسی بھی جسم کو خطرے کی نظر سے دیکھتا ہے۔ یہ شہاب ثاقب کرہ ارض سے 18لاکھ کلو میٹر کے فاصلے سے گزرے گا۔2027ءمیں 8 سو میٹر قطر کے ایک شہاب ثاقب کے زمین کے قریب سے گزرنے کی توقع کی جارہی ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور) سرگودھا کے نواحی گاﺅں میں سلنڈر دھماکے سے 2بچیاں جاں بحق ہو گئیں ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سرگودھا کے نواحی گاﺅں کے ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے سلنڈر دھماکے سے سگی بہنیں جاں بحق جبکہ والدہ اور ایک بہن جھلس کر زخمی ہو گئیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا سلنڈر لیکج کی وجہ سے ہوا جس سے 2بچیوں کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیے تاہم واقعے کے بعد ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر زخمی خاتون اور بچی کو تشویشناک حالت میں ہستپال منتقل کر دیا ہے جبکہ لاشیں پولیس نے قبضے میں لے لی ہیں ۔ مرنے والی دونوں بچیاں سگی بہنیں تھیں جن کی والدہ اور بہن زخمی ہے ۔
ایمزٹی وی(میکسیکو)میکسیکو کے سابق گورنر کو گوائٹےمالاسے گرفتار کر لیا گیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انٹرپول اور گوائٹے مالا پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے6ماہ سے مفرور میکسیکو کی ریاست دیرا کروز کے سابق گورنر ہاویئر دورتے کو گرفتار کر لیاگیا ہے ۔ ان پربدعنوانی کے ساتھ ساتھ منظم جرائم میں ملوث ہونے اورلاکھوں ڈالر کے غبن کے الزامات ہیں۔گوائٹے مالاپولیس کا کہنا ہے کہ سابق گورنرکوشہرسولولہ میں ایک ہوٹل کی لابی سے پکڑا گیا ہے۔ ہاویئردورتے پرالزام ہے کہ انہوں نے عوامی وسائل میں سے ساڑھے تین کروڑڈالرکا غبن کیا ہے۔ ہاویئردورتے نے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے کےلئے اپنا عہدہ چھوڑا تھا تاہم وہ اکتوبر 2016ءمیں ملک سے فرار ہوگئے تھے۔ان کے دورمیں ریاست ویراکروز ملک کا انتہائی خطرناک علاقہ بن گئی تھی۔ وہاں 17 صحافیوں کو بھی قتل کیا گیا۔
ایمز ٹی وی(صحت) کھانے کا سوڈا یا بیکنگ سوڈا گھروں میں عام استعمال ہوتا ہے اور اکثر کھانوں وغیرہ کی تیاری کے لیے ہی اسے استعمال کیا جاتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ سفید سفوف کسی شخصیت کو پرکشش بنانے، دانتوں کی سفیدی اور بالوں کی صفائی جیسے کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے؟ بہت کم لوگوں کو ہی معلوم ہے کہ یہ بظاہر معمولی چیز آپ کے ہزاروں روپے بچانے میں مددگار ہوسکتی ہے اور اس کا ایسے طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے جو آپ کو دنگ کرکے رکھ دیں گے۔ ڈیوڈرنٹ آپ کو علم نہیں ہوگا مگر بیکنگ سوڈا جسم سے اٹھنے والی بو کو دور کرنے کی قدرتی صلاحیت رکھتا ہے، بیکنگ سوڈا ایسے ایسڈز اور اجزاءکی سطح معمول پر لاتا ہے جو پسینے سے خارج ہوکر بو کا باعث بنتے ہیں۔ یہ حساس جلد کے لیے بہترین ہے اور اس سے کپڑوں پر داغ بھی نہیں نکلتے۔ بس چار چمچ بیکنگ سوڈا کو ایک چمچ پانی میں ملائیں اور اس کو پیسٹ کی شکل دے دیں۔ اس پر اپنی پسند کے کسی تیل کے چند قطرے شامل کرکے ایک قدرتی مہک بھی تیار کی جاسکتی ہے۔ اس پیسٹ کی پتلی تہہ ہاتھ یا برش سے بغلوں میں لگایں، اس سے پورے دن جسم میں پسینے کے اخراج سے بو پیدا نہیں ہوگی۔ دانتوں کو جگمگائیں بیکنگ سوڈا دانتوں کو جگمگانے کے لیے ایک قدرتی ذریعہ ہے، بس ٹوتھ برش کو بیکنگ سوڈا یں ڈبوئین اور نرمی سے دانتوں پر برش کریں، دو سے تین منٹ تک برش کو سرکل کی شکل میں گھمائیں اور پھر کلی کرکے عام ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کریں۔ اس عمل کو ہفتے میں دو بار دہرانے سے آپ کو جلد نمایاں فرق نظر آئے گا۔ بالوں کی صفائی بالوں میں اکثر کچرا جمع ہوجاتا ہے جو کہ دھونے کے بعد بھی پوری طرح صاف نہیں ہوتا، اس کے لیے بیکنگ سوڈا ایک آسان ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔ ایک چمچ بیکنگ سوڈا اپنے شیمپو میں ملائیں، پھر سر کو عام معمول کی طرح دھولیں۔ آپ کو اپنے بال صاف، چمکدار اور پہلے کے مقابلے میں بنانا آسان لگے گا۔ دھوپ کی جلن سے بچاﺅ بیکنگ پاﺅڈر کا ایک کپ نیم گرم پانی سے بھری بالٹی میں ڈال دیں اور پھر اس سے نہالیں۔ اس سے آپ کو فوری طور پر دھوپ کی تپش سے ہونے والی جلن یا تکلیف کم کرنے میں مدد ملے گی۔ پیروں کی بو سے نجات اگر پیروں سے بو اٹھ رہی ہے یا تھکاوٹ کے باعث انگلیاں درد کررہی ہیں تو اپنے پیروں کو ٹھنڈے پانی سے بھرے کسی برتن میں ڈال دیں اور اس پر کچھ مقدار میں بیکنگ سوڈا چھڑک کر پندرہ سے بیس منٹ تک ڈوبا رہنے دیں۔ پھر پیروں کو دھو کر خشک کرلیں، اس سے پیروں کی بو بھی دور ہوجائے گی اور پیروں میں تکلیف ہے تو اس کی شدت میں بھی کمی آجائے گی۔ کیل مہاسوں کو دور بھگائیں بیکنگ سوڈا کیل مہاسوں سے نجات کا سستا ترین ذریعہ ہے، اسے پانی میں ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ بنالیں، اس کے بعد کان کی صفائی والی سلائی یا کیو ٹپ کو استعمال کرکے اس پیسٹ کو کیل مہاسوں پر لگائیں اور رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔ جسمانی صفائی نہانے سے قبل آدھا کپ بیکنگ سوڈا پانی کی بالٹی میں ملا کر اسے ہلائیں، یہ بیکنگ سوڈا جسم پر جمنے والے آئل اور دیگر مواد کو صاف کرتا ہے جبکہ جلد میں موجود ایسڈز کو متوازن کرتا ہے اور جلد کی خارش سے بھی آرام دلاتا ہے۔ چہرے کی صفائی ایک چمچ بیکنگ سوڈا کو ایک چمچ خام شہد میں ملائیں، اس مکسچر کا چہرے پر نرمی سے مساج کریں اور دو منٹ کے لیے چھوڑ دیں اور پھر گرم پانی سے دھولیں۔ ہاتھ کی جلد کو نرم بنانا اکثر ہاتھوں یا پیروں میں کچھ جگہیں ابھر کر سخت ہوجاتی ہیں اور بدنما لگتی ہیں، دو چمچ بیکنگ سوڈا ایک ڈونگے گرم پانی میں ملائیں اور پانچ منٹ کے ہاتھ یا پیر اس میں ڈبو دیں۔ اس کے بعد اس جگہ کو خشک کرکے ساٹھ فیصد بیکنگ سوڈا، بیس فیصد پانی اور بیس فیصد براﺅن شوگر سے بنے ایک پیسٹ سے رگڑیں۔ اس کے بعد موئسچرائزر لگا کر پانچ منٹ کے لیے ہاتھ یا پیر کو صاف تولیے میں لپیٹ کر رکھیں۔
ایمزٹی وہ(تعلیم/ کراچی)انجمنِ اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر شکیل فاروقی نے جامعہ کراچی کے سالانہ جلسۂ تقسیم میں گورنر محمد زبیر اور وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کی عدم حاضری پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے- انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی ملک کی سب سے بڑی جامعہ ہے جو عوام بالخصوص متوسط اور نچلے متوسط طبقے کی بے پناہ تعلیمی ضروریات کو پورا کرتی ہے لیکن یہ ہمارے نوجوانوں کی بدقسمتی ہے کہ وہ ان سرپرستوں کی توجہ سے محروم رہتے ہیں-انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو حکومتِ سندھ کو بہت بے چینی ہے کہ وہ سندھ یونیورسٹیز لاء میں ترامیم کرے اور سندھ کی جامعات کی خود مختاری کو سلب کرلے لیکن جہاں انہیں موقع ملتا ہے کہ وہ ان اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ مل بیٹھیں وہاں ان کی دلچسپی ختم ہوجاتی ہے-ڈاکٹر شکیل فاروقی نے کہا کہ محدود صلاحیتوں کے حامل سیاستدان اپنے لیے ایک مخصوص مالدار طبقے کے درمیان گوشۂ عافیت بنالیتے ہیں اورتعلیم یافتہ عوام کے وسیع اور غیر سیاسی اجتماعات سے گریز کرتے ہیں- انہوں نے کہا کہ شاید وزیر ِاعلی بھی یہ بھلا بیٹھے ہیں کہ جامعہ این ای ڈی کو بھی جامعہ کراچی نے ہی جنم دیا ہے-ڈاکٹر شکیل فاروقی نے کہا کہ سندھ میں گورنر کی تبدیلی کے بعدیہ توقع تھی کہ جامعات کے حالات کچھ بدلیں گے لیکن بدقسمتی سے کچھ بدلتا ہوا نظر نہیں آ رہا-جامعات سے وابستہ عوام کو جامعات کی سمت میں کوئی بہتری آتی نظر نہیں آرہی- دوسری جانب حکومتِ سندھ اساتذہ اور فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز(فپواسا) کے نمائندوں سے کیے گئے تحریری معاہدوں پر چار سال گزرجانے کے باوجود عمل کرتی نظر نہیں آرہی- ڈاکٹر شکیل فاروقی نے کانووکیشن میں شریک ہونے والے حکومتِ سندھ کے سابق وزیر ِ قانون اور وزیر تعلیم پیر مظہرالحق(پی پی پی)، سینیٹر نہال ہاشمی (پی ایم ایل ن) اور خواجہ اظہار الحق (ایم کیو ایم) کی کانووکیشن میں بلا کسی پروٹوکول اور تردّد کے شرکت اور ان کی کانووکیشن کے نظم و ضبط کی پابندی کے جذبے کو سراہا اور اس امر پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی بھرتیوں سے پاک رکھا جائے-انہوں نے کراچی کے تاجر حلقے کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے وفد نے کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جناب شمیم احمد فرپو کی قیادت میں کانووکیشن میں شرکت کی-بوہر ہ برادری کے وفد نے بھی مرتضیٰ پوناوالا کی قیادت میں کانووکیشن میں شرکت کی جن کی جامعہ کراچی کے لیے خدمات کو ڈاکٹر شکیل فاروقی نے خراجِ تحسین پیش کیا-