ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)کراچی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انڈس یونیورسٹی کے زیراہتمام الیکٹریکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر ٹیکنالوجیز میں جدت کے عنوان سے انٹرنیشنل کانفرنس ، پانچ سے سات اپریل کو بین الاقوامی ادارہ برائے کیمیائی و حیاتیاتی سائنس کراچی یونیورسٹی میں منعقد کی جا رہی ہے۔

کانفرنس کا افتتاح چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جاوید سلیم قریشی بطور مہمان خصوصی کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ نے کبھی بابل کے معلق باغات کے بارے میں سنا ہے! چلیں چھوڑیں وہ تو انتہائی قدیم بات ہے اور ممکنہ حد تک افسانوی بھی‘ لیکن اردو میں کبھی نہ کبھی تو یہ محاورہ سنا ہوگا کہ ہوائی قلعے نہ تعمیر کرو یعنی ناممکن بات نہ کرو۔
ہوائی قلعے تعمیر کرنا تاحال ایک ناممکن امر ہے لیکن امریکہ کی ایک تعمیراتی کمپنی نے کہیں سے اردو کا یہ محاورہ سن لیا ہے اوراب وہ سوچ رہے ہیں کہ ناممکن کو ممکن بنایا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کچھ تیاری بھی کی ہے۔
نیویارک میں واقع تعمیراتی کمپنی کی جانب سے دنیا کے طویل اور بلند ترین اسکائی اسکریپر’اینالیما ٹاور‘ کا منصوبہ پیش کیا ہے جس کی بنیاد زمین پر نہیں بلکہ آسمان میں ایک سیارچے میں ہوگی اور یہ زمین کی فضاؤں میں معلق ہوگا۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس طول القامت عمارت کوزمین پچاس ہزار کلومیٹر بلند ایک سیارچے کی مدد سے معلق کیا جائے گا‘ اس عمارت سے باہر نکلنے کا واحد ذریعہ پیرا شوٹ ہوگا۔
 
اینالیما ٹاور زمین کے مدار میں آٹھ ہندسے کی شکل میں سفر کرے گا اور عمارت کے مکینوں کے دن کے چوبیس گھنٹوں میں دنیا کے مختلف حصوں کے مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔
ناسا نے اس سلسلے میں 2021 میں ایک منصوبے کی تیاری کی ہے جس کے تحت خلا میں تیرتے سیارچے پر تسلط حاصل کرکے اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی کامیابی پرامریکی کنسٹرکشن کمپنی کے اسکائی اسکریپر کا مستقبل منحصر ہوگا۔
اس منصوبے کے لیے بجلی کا حصول سولر پینلز کے ذریعے کیا جائے گا ‘ اتنی بلندی پر سولر پینلز کو وافر مقدار میں دھوپ ملے گی جبکہ پانی کے حصول کے لیے بارش کا پانی جمع کیا جائے گا اور بادلوں سے بھی پانی کشید کیا جائے گا۔
ٹاور میں سورج کی روشنی سے زمین کی نسبت پینتالیس منٹ زیادہ دیر تک کے لیے استفادہ کیا جاسکے گا تاہم اتنی بلندی پر موسمِ سرمامیں درجہ حرارت منفی 40 تک چلا جائے گا جس کے سبب رہائشیوں کو اپنی سرگرمیاں محدود کر نا ہوں گی۔
تاحال یہ منصوبہ صرف کاغذوں کی حد تک ہے اور کمپنی کی جانب سے کام کے آغاز کے لیے کسی بھی تاریخ اعلان نہیں کیاگیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں اپنے دفاتر میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگادی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے دفاتر میں فیس بک، ٹوئٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر ویب سائیٹس اور یو ٹیوب کے استعمال پر پابندی لگادی ہے، پابندی کا اطلاق الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ، صوبائی اور ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر پر ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر ہیکرز کے حملوں کے پیش نظر لگائی گئی ہے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا کا استعمال روکنے سے دفاتر میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) شامی امریکی مسلمان خاتون کی ریلیز کی گئی، میوزک ویڈیو سوشل میڈیا پرخوب مقبول ہو رہی ہے،ویڈیو میں موجود تمام خواتین حجاب پہنے ہوئی ہیں۔
مسلمان خاتون کی طرف سے ریلیز کی جانے والی ریمپ میوزک کی ویڈیو نے دنیا میں دھوم مچا دی ہے ۔
حجابی کے نام سے جاری کی جانے والی وڈیوکے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ امریکا میں اسلامو فوبیا کو کم کرنے کی کوشش ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے گوشواروں میں ابہام پر وزیر اعظم نوازشریف کو نوٹس جاری کر دیا ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے گوشواروں میں ابہام پر وزیر اعظم نوازشریف ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، خرم دستگیر ، محمد بشیر ورک سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس جاری کر دیے ۔اس کے علاوہ حمزہ شہباز کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے لاہور کی جائیداد سے متعلق تفصیلات طلب کی گئیں ہیں تاہم انہوں نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب جمع کرا دیا ہے ۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے سپیکر سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کے گوشواروں کو کلیئر قرار دیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کی دیسی گرل پریانکا چوپڑا کو ایک سروے میں دنیا کی دوسری خوبصورت ترین خاتون قرار دے دیا گیا۔
سروے کے مطابق پریانکا چوپڑا دنیا کی دوسری خوبصورت ترین خاتون قراردی گئیں، سروے میں چوتھا نمبر ایما واٹسن، چھٹا ہلیری کلنٹن کو ملا، انجلینا جولی آٹھویں نمبر پر رہیں، پہلا نمبر گلوکارہ بیونسے کو ملا۔
پریانکا چوپڑا عنقریب ہالی وڈ فلم ’بے واچ‘ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔
 

 

ایمزٹی وی(ریاض)سعودی حکومت نے عمرہ سیزن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اس سے مستفید ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نے عمرہ سیزن کی مدت 10جون(15 رمضان المبارک) سے بڑھا کر10جولائی(15 شوال) کر دی ہے۔حکام کے مطابق 2016 ء میں 6.4 ملین ویزے جاری کئے گئے تھے جو 2015ء کی نسبت7فیصد زیادہ تھے۔
2015ء میں 6 ملین ویزے جاری کئے گئے تھے۔2016کی فہرست میں مصر پہلے نمبر پر ہے جس نے 2016ء میں 2015کے مقابلے میں 17فیصد زیادہ ویزے جاری کر کے13 لاکھ سے زیادہ افراد کو عمرے کیلئے بھجوایا۔اسی طرح پاکستان 9 لاکھ 91 ہزار ویزوں کے ساتھ دوسرے اور انڈونیشیا 699,612 ویزوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت میں ایک ارب لوگوں کو انٹرنیٹ تک مفت رسائی دینے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
گوگل ہندوستان کے دور دراز علاقوں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک مفت اور تیز ترین انٹرنیٹ پہچانے کے منصوبے کو ریلوے لائینوں اور ریلوے اسٹیشنز کے ذریعے تکمیل تک پہنچا رہا ہے۔
گوگل اب تک بھارت کے وزارت ریلوے کے شعبہ ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کے تعاون سے 15 لاکھ افراد تک انٹرنیٹ کی تیز ترین اور مفت رسائی کو یقینی بنا چکا ہے۔
گوگل انڈیا کے ہیڈ آف کنیکٹوٹی گلزار آزاد کے مطابق گوگل ہندوستان کے ایک ارب لوگوں تک مفت اور تیز ترین انٹرنیٹ کی رسائی کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔
گلزار آزاد نے بتایا کہ گوگل اور اس کی شراکت دار کمپنیاں چاہتی ہیں کہ بھارت کا ہر ایک آدمی ماہانہ کم سے کم 10 گیگا بائٹ (جی بی) انٹرنیٹ استعمال کرے۔
ان کے مطابق زیادہ سے زیادہ لوگوں تک انٹرنیٹ کی تیز ترین رسائی سے ای کامرس اور ڈجیٹل کاروبار میں اضافہ ہوگا اور زندگی مزید آسان بن جائے گی۔
گوگل نے مختلف شراکت دار کمپنیوں کی مدد سے اس منصوبے کے تحت اب تک 115 ریلوے اسٹیشنز میں مفت انٹرنیٹ کی سروس شروع کردی ہے، جس سے کم سے کم 15 لاکھ افراد فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔
گوگل کے مطابق آئندہ 4 سے 5 سال تک اس منصوبے کو مزید وسعت دے کر ہندوستان کے 400 ریلوے اسٹیشنز تک پھیلایا جائے گا، جس سے کم سے کم ایک ارب لوگ مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ گوگل نے یہ منصوبہ جنوری 2016 میں شروع کیا تھا۔
گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان میں ٹیکنالوجی نے تیزی سے ترقی کی ہے، اور خانگی اداروں سمیت کئی سرکاری ادارے بھی آن لائن ہوگئے ہیں، جب کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث ای کامرس میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب)پنجاب یونیورسٹی کے تحت بی اے اور بی ایس سی کے امتحانات کل سے شروع ہو نگے ۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق یونیورسٹی کے تحت بی اے اوربی ایس سی کے امتحانات کل سے شروع ہور ہے ہیں جس کی مناسبت سے امتحانی مراکز کے اردگرد دفعہ 144کا نفاذ ہو گا ۔
امتحانات میں مجموعی طور پر 2لاکھ27ہزار امیدوار شرکت کریں گے جن میں سے ایک لاکھ31ہزار امیدوار بی اے، بی ایس سی پارٹ ون کا امتحان دیںگے جبکہ 75ہزار سے زائد امیدوار پارٹ ٹو کے امتحان دیں گے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ امتحانات کے لیے 843امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔