ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل نے ایک نئی ایپ یوٹیوب گو کا بیٹا ورژن ٹیسٹ کرنا شروع کردیا جو کہ خراب انٹرنیٹ سروس والے علاقوں میں ویڈیو شیئرنگ سروس کی فراہمی کا کام کرے گی۔ یہ نئی یوٹیوب ایپ صارفین کو ڈیٹا بچانے میں مدد دے گی اور ان کے موبائل کا بل کم رکھنے کے لیے ایسی ویڈیوز دیکھنے کا مشورہ بھی دے گی جو اس کے خیال میں لوگوں کو پسند آسکتی ہے۔ یہ ایسے صارفین کو ذہن میں رکھ کر تیار کی گئی ہے جو ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں انٹرنیٹ کی سہولیات بہت زیادہ محدود ہیں۔ گوگل کی جانب سے اس کے بیٹا ورژن کی آزمائش سے سب سے بھارت میں کی جارہی ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ یہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی جلد پیش کی جائے گی۔ ویسے اس کا اعلان تو گوگل نے گزشتہ سال ستمبر میں کیا تھا تاہم اب اس کا بیٹا ورژن سامنے آیا ہے جبکہ اس کا اصل ورژن کچھ عرصے میں متعارف کرایا جائے گا جو کہ دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوگا۔ یوٹیوب گو کی بدولت صارفین کو انٹرنیٹ نہ ہونے پر ویڈیوز محفوظ کرنے کی سہولت ملے گی جنھیں آف لائن دیکھا جاسکے گا، جبکہ کوالٹی اور فائل سائز کے آپشنز بھی دیئے جائیں گے تاکہ کم از کم ڈیٹا خرچ ہو۔ اس ایپ میں قریب موجود صارفین سے بغیر کسی ڈیٹا یا انٹرنیٹ استعمال کیے بغیر لوکل شیئرنگ کا فیچر بھی موجود ہے جو واقعی فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ اس یوٹیوب گو بٹیا ورژن کے لیے انڈین صارفین کو سائن اپ کیا جارہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ویسے تو اسے گزشتہ سال کے آخر تک متعارف کرانا تھا مگر ٹیسٹوں کی وجہ سے تاخیر ہوگئی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان کو نااہلی اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے پر 2018ءکے انتخابات میں مسترد کر دیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تعلیمی نظام میں اصلاحات لانے کا عمران خان کا بیان انکی وزیر اعظم بننے کی ہوس کو ظاہر کرتا ہے جس نے انکا ذہنی توازن بھی متاثر کر رکھا ہے ۔” عمران وفاق میں حکومت بنانے کے خواب نہ دیکھیں بلکہ جو وقت بچا ہے خیبر پختونخوا کے لوگوں کی خدمت کریں “۔وفاق تو کیا 2018 کے انتخابات میں خیبر پختونخوا کے ووٹرز عمران خان کو نااہلی ، انتشاری اور فسادی سیاست کی وجہ سے مسترد کردینگے۔
تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے گزشتہ تین سالوں کے دوران خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے کیا کیا ؟ کیا عمران خان نے صوبے کے کسی بھی اسکول میں ایک کمرے کا بھی اضافہ کیا ہے ؟
وزیر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 25لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور عمران خان کی توجہ کی منتظر ہیں ۔”صوبے میں 3ہزاروں اسکولوں سے زائد میں باتھ روم موجود نہیں جبکہ 1لاکھ اسکولز میں بجلی اور 8ہزار میں طلبا پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہیں تو خان صاحب تعلیمی ترقی کے دعوے کیسے کر رہے ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اچھی روایت ہے کہ بلآخر چار سال بعد عمران خان نے تسلیم کیا کہ تعلیم کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے لیکن اب اس ترجیح کو کارکردگی میں بدلیں۔چیئرمین تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ پورے ملک کا ٹھیکہ چھوڑدیں اورخیبر پختونخوا کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ان پر خرچ کرنا شروع کردیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سے صوبے کی تعلیمی اصلاحات میں بہتری نہیں لائی جاتی اور مدد کی ضرورت ہے تو وزیراعلی پنجاب اور مریم نواز سے رابطہ کرلیں۔” عمران صاحب جس صوبے میں آپ کی حکومت ہے وہاں کے احتساب کمیشن کے تالے کھولیں“۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی جگہ پُر کرنا بہت مشکل ہے،انہوں نے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے مصباح الحق کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کرکٹ میں کرکٹرز کو اچھے طریقے سے الوداع کہنے کی روایت کا خاتمہ ہوا ہے اور یہ بہت اچھی بات ہے کہ کرکٹ بورڈ اور مصباح کے درمیان باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ ہوا ہے۔
اس وقت پورے پاکستان کی طرف سے مصباح کو خدا حافظ کہنا چاہیے اور اس ٹرینڈ کو بدلنا چاہیے اور لوگوں کو اچھے طریقے سے الوداع کہنا چاہیے۔وسیم اکرم نے مزید کہا کہ مصباح الحق نے ٹیم کو 2010 کے بعد نازک مرحلوں سے نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصباح کی جگہ کو پُر کرنا بہت مشکل کام ہے مگر جو بھی نیا کپتان ہوگا اس کو مشکل کے بعد سنبھلنا ہوگا اور اس کیلئے تھوڑا وقت لگے گا۔ واضح رہے کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ون ڈے اور ٹی 20 کے بعد ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) مصباح الحق کو ریٹائرمنٹ کے بعد پی سی بی میں ڈائر یکٹر کرکٹ کا عہدہ دئیے جانے کا عندیہ دے دیا گیا ۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق چیئر مین پی سی بی شہر یار خان نے کہا ہے کہ مصبا ح الحق پڑھے لکھے کرکٹر ہیں ،پاکستان کی کرکٹ کو پڑھے لکھے لوگوں کی ضرورت ہے جو کرکٹ کی بھی سمجھ رکھتے ہوں ۔اسی لیے مصباح الحق کو ریٹا ئر منٹ کے بعد پی سی بی میں ڈائر یکٹر کرکٹ کا عہدہ دیے جانے کا امکان ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان مصباح الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کیر یئر کی آخری سیریز کھیلوں گا ،اپنے کیریئر میں نمبر ون آنے پر خوشی اور بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے پر مایوسی ہوئی لیکن سب کچھ ویسے نہیں ہوتا جیسا انسان چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیریئر میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ٹیم سے باہر بھی رہناپڑا اور کبھی پرفارمنس میں بھی مسئلہ آیا لیکن ہمت سے کام لیا ۔ مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی نے ریٹائر منٹ کا فیصلہ میرے اوپر چھوڑا ،جو میرے لیے سب سے زیادہ فخر کی بات ہے ،بورڈ نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ۔
میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ عرصہ مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا ،ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں بنایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 2011اور 2015کا ورلڈ کپ جیتنا خواب تھا جو کہ پورا نہیں ہو سکا لیکن ہر انسان کی بہت سے خواہشیںپوری نہیں ہوتیں ۔
 
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز میں جیت کر ٹیم کا مورال بلند کرنا ہے ۔ سرفراز کی کپتانی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ابھی ٹیسٹ میں وائس کپتان ہیں جبکہ باقی دونوں فارمیٹ میں کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،ان کو سپورٹ کرنا چاہیے تاکہ سرفراز احمد پر کسی قسم کا دباﺅ نہ ہو۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) وہ دور یاد ہے جب موبائل فون میں ایک کیمرہ ہونا ہی جدید ترین ٹیکنالوجی سمجھا جاتا ہے، موجودہ عہد میں بیشتر اسمارٹ فونز میں ایک آگے اور ایک پیچھے یعنی دو کیمرے ہوتے ہیں جبکہ ڈوئل رئیر کیمروں والی ڈیوائسز کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اس طرح یہ تین کیمرے بن جاتے ہیں۔ مگر لگتا ہے یہ بھی ناکافی ہیں کم از کم معروف کمپنی الکا ٹیل کو تو یہی لگتا ہے کیونکہ اس نے دنیا کا پہلا اسمارٹ فون متعارف کرایا جس میں چار کیمرے ہیں، دو فرنٹ پر اور دو بیک پر۔ اس ڈیوائس کو فلیش کا نام دیا گیا ہے۔ فرنٹ اور بیک دونوں جگہ کیمروں میں ایک کلر اور ایک مونوکروم سنسر دیا گیا ہے جن میں ایف 2.0 آپرچر موجود ہے جبکہ ڈوئل فلیش بلبس بھی ہیں۔ بیک پر موجود دونوں کیمروں میں تیرہ میگا پکسل سنسرز ہیں جبکہ فرنٹ پر آٹھ اور پانچ میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں جنھیں کمپنی نے سپر سیلفی موڈ کا نام دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق بیک کیمروں میں آپ ڈی ایس ایل آر کیمروں جیسی تصاویر لے سکتے ہیں جبکہ سیلفی کا معیار بھی دیگر موبائلز کے بیک کیمروں سے بہتر ہوگا۔ اور ہاں صرف کیمرے ہی اس فون کی خاص بات نہیں بلکہ یہ ڈیکا کور یا یوں کہہ لیں ٹین کور پراسیسر والا فون بھی ہے۔ یہ فون کمپنی نے خاص طور پر مشرق وسطیٰ کے لیے تیار کیا ہے اور وہاں بھی یہ اردن اور سعودی عرب کے رہائشی ہی خرید سکیں گے۔ اس فون میں 5.5 انچ ڈسپلے ہے، جبکہ 32 جی بی اسٹوریج، تھری جی بی ریم اور فنگر پرنٹ ریڈر دیا گیا ہے تاہم کمپنی نے اس کی قیمت واضح نہیں کی مگر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ کافی مہنگا ہوگا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) فن لینڈ میں ورلڈ فگر اسکیٹنگ چیمپئن شپ کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ دنیا بھر سے شریک کھلاڑیوں نے مہارت کاشاندار مظاہرہ کرکے دیکھنے والوں کو حیران کردیا ہے۔
فن لینڈ کے دار الحکومت ہلسنکی (Helsinki)میں ورلڈ فگر اسکیٹنگ(Figure Skating) چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔
رواں سال اس چیمپئین شپ میں43مختلف ممالک سے فگر اسکیٹنگ میں مہارت رکھنے والے سینکڑوں کھلاڑیوں نے ٹیموں اور انفرادی حیثیت میں حصہ لیا اور اپنے فن کا مظا ہر ہ پیش کیا۔
اس دلچسپ چیمپئین شپ میں دنیا بھر سے شرکت کرنے والے ماہر خواتین و مرد اسکیٹرز نے مختلف کیٹیگریز میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔
ایونٹ کے دوران مختلف کیٹیگریز میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز اور انعامات دیئے گئے ہیں۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انڈین پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 35 رنز سے شکست دے دی ہے۔ حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 207 رنز اسکور کیے تھے۔
یوراج سنگھ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 3چھکے اور7 چوکے کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ ہینرکس نے 52 اور شیکھردھون نے 40 رنز اسکور کیے ۔
جوابی اننگز میں رائل چیلنجرز بنگلور کے اوپنر کرس گیل اور مندیپ نے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔مندیپ نے 24 اور گیل نے 32رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہیڈ نے 30 اور جادھو نے 31 رنز کیے۔پھر رائل چیلنجرز کی بیٹنگ لائن فلاپ ہوگئی، ایک ایک کرکے بیٹسمین ڈگ آؤٹ جاتے رہے۔
پوری ٹیم2 گیند قبل 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھونیشور کمار، راشد خان اور اشیش نہرا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ایونٹ میں آج پونے رائزنگ سپر جائنٹس اور ممبئی انڈینز کے درمیان مقابلہ ہوگا، جو شام 30:7 بجے پونے میں کھیلا جائے گا۔
 

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 700 میگا واٹ ہوگیا،پیپکو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی طلب 16ہزار 8سو میگا واٹ اور پیداوار 12ہزار ایک سو میگا واٹ ہے۔

آج موسم بہتر ہونے کے باعث بجلی کی طلب میں کمی آئی ہے ۔

بڑے شہروں میں 4 اور دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول ہے شہروں میں 6 سے 8 اور دیہات میں 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔