ایمز ٹی وی(سرگودھا) نواحی علاقے چک 95 شمالی میں قتل کی لرزہ خیز واردات کرنے والے ملزم عبد الوحید نے اپنے مرحوم پیر کے بیٹے آصف کو بھی نہ بخشا جو اسلام آباد پولیس میں کانسٹیبل اور لائن ہیڈکوارٹر میں تعینات تھا۔ ملزم کے ہاتھوں قتل ہونے والا آصف پیرعلی محمد گجر کا بیٹا تھا جو اسلام آباد پولیس میں کانسٹیبل اور لائن ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا اور چھٹیوں پر سرگودھا آیا تھا۔ آصف اور عبدالوحید کے درمیان گدی نشینی کا تنازعہ چل رہا تھا جسے ختم کرنے کیلئے جرگہ بلایا گیا اور قتل ہونے والے تمام افراد جرگے میں شرکت کیلئے آئے تھے تاہم سفاکیت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ ذرائع کے مطابق عبدالوحید نے آصف کو بھی راستے سے ہٹا دیا تاکہ گدی نشینی کا دعویدار ہی اس دنیا میں نہ رہے۔
ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی عدالت نے ٹرمپ یورنیورسٹی کیس صلح نامے کی توثیق کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کو 2کروڑ50 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم سنا دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ یونیورسٹی کے طلبا کا کہنا تھا کہ ان سے غلط بیانی کرکے زیادہ فیس بٹوری گئی ۔ طلبا کو کہا گیا کہ انہیں ٹرمپ کے سرمایہ کاری کرنے کے راز بتائے جائیں گے جب کہ ایسا نہیں ہوا، اس مد میں طلبا سے 35ہزار ڈالرز کی فیس وصولی گئی
ایمز ٹی وی(لاہور) درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد گرمی کی شدید لہرنے بجلی کا پورا نظام مفلوج کر دیا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو نیشنل گرڈ سے طلب کے مقابلے میں بجلی کا محدود کوٹہ ملنے کے باعث لوڈ مینجمنٹ میں مشکلات کا سامنا ہے ، جس کے باعث لیسکو ایریا میں علانیہ کے ساتھ غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ، شہروں میں 8 جبکہ دیہاتوں میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، بجلی کی بار بار ٹرپنگ بھی معمول بن گئی ہے ۔ شہریوں کے احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں ۔ موسم گرما شروع ہوتے ہی ڈیموں میں پانی کی مقدار انتہائی کم ہو چکی ہے جس سے ہائیڈل بجلی کی پیداوار 13سو میگا واٹ کی کم ترین سطح پر ہے جبکہ ادائیگیاں نہ ہونے اور تیل کی عدم دستیابی کے باعث آئی پی پیز بھی اپنی مجموعی استعداد سے 30 فیصد کم بجلی پیدا کر رہے ہیں ، علاوہ ازیں نندی پور ،کوٹ ادو اور دیگر پلانٹ بند ہونے سے پیداوار میں کمی ہوئی ہے ،لاہور کی یو سی 72 دھوپ سڑی ساندہ کے لوڈشیڈنگ سے ستائے شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔اسی طرح کوٹلہ مغلاں، جمن شاہ، میلسی ، قطب پور اور کرم پور میں بھی شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ،مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی ،دوسری طرف عابد شیر علی نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، عوام کاواویلا بلاجواز ہے ۔ عابد شیر علی نے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی بلکہ بجلی کے ٹرانسمشن سسٹم کوبہتر بنانے کے لئے مرمت کے کاموں کی وجہ سے بجلی بند ہوتی ہے ، اس کو لوڈشیڈنگ نہیں کہنا چاہیے ، آج بھی شہروں میں 3گھنٹے کی لوڈمینجمنٹ ہورہی ہے ، آ ج بھی انڈسٹری کے لئے لوڈشیڈنگ زیروہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ زیادہ نہیں ہوئی بلکہ بجلی کی ڈیمانڈ زیادہ ہوئی ہے ۔ حکومت نے سسٹم میں مزید بجلی شامل کردی ہے ۔ ان کاکہناتھا کہ فیسکو کی بھی ڈیمانڈ جوپچھلے سال اپریل میں 992 میگا واٹ تھی اب 1320 میگا واٹ ہوگئی ہے ، جس کا مطلب ہے کہ ساڑھے 3سو میگا واٹ کے قریب بجلی کی ڈیمانڈ زیادہ ہوئی ہے ، ان کا کہناتھا کہ گڈواورنندی پورکی 2ٹربائنیں بند ہونے سے پیداوار 190 میگاواٹ کم ہوگئی ہے ۔ حکومت نے سسٹم میں 4200 میگا واٹ بجلی شامل کی ۔
ایمز ٹی وی(کراچی) لیاری گینگ وار کا گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ بھی بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ نکلا۔ کالعدم امن کمیٹی کا سابق سربراہ را سے رابطے میں تھا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ گینگ وار کے سرغنہ کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجے جانے کا امکان ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ عزیر بلوچ ایرانی خفیہ ایجنسی سے بھی رابطے میں رہا۔ گینگ وار کے سرغنہ نے ایران کے خفیہ دورے بھی کئے۔ادھر انسداد دہشتگردی عدالت نے لیاری آپریشن کے دوران پولیس افسروں و اہلکاروں سمیت پچیس افراد کے قتل کیس میں ملوث عزیر بلوچ و دیگر پر ترمیمی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے