جمعہ, 10 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (کراچی)پولیس کے رویے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس نے فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کو حراست میں لے لیا۔
کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے واٹر کینن کا استعمال کیا اور ان کو منتشر کرنے کے لیے پانی بھی پھینکا ۔
پریس کلب کے باہر مظاہرے کے بعد فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان وزیراعلیٰ ہاؤس جانا چاہتے تھے اس کوشش میں مظاہرین نے پولیس رکاوٹیں توڑ کر آگے جانے کی کوشش ،اس دوران فکس اٹ مہم کے کارکنوں اورپولیس میں ہاتھاپائی ہوئی ۔
پولیس نے فکس اٹ کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا ،جواب میں فکس اٹ کے کارکنوں نے پولیس پرپتھراؤ کیا ۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسوگیس کا استعمال کیا ۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 3 اپریل کو ہوگا، پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹیم سلیکشن کمیٹی کا اجلاس دو روز جاری رہے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 3 اپریل کو لاہور میں ہوگا، سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 2 روز جاری رہے گا اور 4 اپریل کو ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم میں شان مسعود،حسن علی اور عثمان صلاح الدین کو شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے کیونکہ شرجیل خان معطل اورعمران خان جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گےجبکہ احمد شہزاد کے لیے بھی مسلسل فلاپ ہونے کی وجہ سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(سرگودھا) نواحی علاقے چک 95 شمالی میں لرزہ خیز واردارت گدی نشینی کا شاخسانہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والے تمام افراد کو جرگہ کیلئے بلایا اور پھر نشہ آور چیز کھلا کر انہیں ڈنڈوں اور چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ سارا واقعہ گدی نشینی کے حوالے سے ہے کیونکہ ملزم عبدالوحید اور پیر علی محمد گجر کے بیٹے آصف کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ علی محمد گجر اسلام آباد میں رہتا تھا اور سرگودھا منتقل ہو گیا جہاں ایک تھڑے پر بیٹھ کر دم درود کیا کرتا تھا۔ علی محمد گجر کی 2 سال قبل وفات ہوئی تو اس کے بیٹے آصف نے اسی جگہ پر بیٹھ کر دم درود کرنے کا کام شروع کر دیا اور اس طرح دونوں کے درمیان گدی نشینی کا تنازعہ چل نکلا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف اور ملزم عبدالوحید، دونوں کی گدی کے خواہشمند تھے اور اس تنازعہ کے حل کیلئے جرگہ بلایا اور قتل ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق ایک ہی برادری کے ساتھ ہے جو صلح صفائی کیلئے بلائے گئے جرگے میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق جیسے جیسے لوگ جرگے میں شرکت کیلئے آتے رہے تو انہیں دربار کے ساتھ متصل مکان میں لے جا کر نشہ آور غذا کھلائی گئی اور پھر قتل کیا جاتا رہا۔

 

 

ایمز ٹی وی(سرگودھا) سرگودھاکے نواحی علاقے چک 95شمالی میں درگاہ پر زائرین کا بہیمانہ قتل کرنے والا سفاک ملزم عبدالوحید کے بارے میں انکشاف ہو اہے کہ وہ اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تعینات رہ چکا ہے ۔ درگاہ علی محمد گجر کے گدی نشین اور گزشتہ رات 20زائرین کو قتل کرنے والا ملزم عبدالوحید11سال تک ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن لاہور تعینات رہا جبکہ اس کا آخری عہدہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن پنجاب تھا ۔ ملزم عبدالوحید نے اپنے کیرئیر کا آغاز گریڈ 16میں بطور لیگل اسٹنٹ کیا جبکہ وہ ایف آئی اے راولپنڈی میں ڈیپوٹیشن پر بھی تعینات رہ چکا ہے ۔

 

 

گندگی اور غلاظت کے ڈھیر نے کراچی میں ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں اضا فہ کردیا ہے ۔ماہرین طب کا کہنا ہے کہ بروقت صفائی سے ان امراض کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔
روشنیوں کے شہر میں جہاں گندگی نے لوگوں کا جینا اجیرن کیا ہوا ہے، وہیں بیماریاں بھی بڑے پیمانے پر پھیل رہی ہیں، جن میں ملیریا اور ڈینگی سرفہرست ہیں،جن کی علامات میں بخار،جسم میں درد شامل ہے۔
ماہرین طب کاکہنا ہے کہ جب تک گندگی کے ڈھیر صاف نہیں ہو جاتے لوگ بھر پور احتیاط سے کام لیں اور طلوع اور غروب آفتاب کے وقت جسم کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں ۔
ماہرین طب کے مطابق ڈینگی اور ملیریا کے مچھرسے بچاؤ کے لئے زیر زمین اور چھتوں پر موجود پانی کے ٹینکوںکوصاف رکھیں،کسی بھی جگہ غیر ضروری طور پر پانی جمع نہ ہونے دیں

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پولیس نے فکس اٹ کے رہنما عالمگیر خان اور متعدر رضا کاروں کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی تبدیلی کیخلاف پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاﺅس تک احتجاجی مظاہرہ کرنے والے فکس اٹ کے کارکنوں پر دھوابول دیا اورمظاہرے کے دوران فکس اٹ کے رہنما عالمگیر خان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا جس کے بعد فکس اٹ کے رضا کار مشتعل ہو گئے اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ۔پولیس نے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ کی موجودگی میں فکس اٹ کے کارکنوں کو روکا اور تشد د بھی کیا ۔وزیر ٹرانسپورٹ فکس اٹ کے رہنما عالمگیر خان کیساتھ مذاکرات کرنے پہنچے مگر مذاکرات میں ناکامی کے بعد جونہی رضاکاروں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مار چ کیا تو پولیس نے دھاوا بول دیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فکس اٹ کی جانب سے آئی جی سندھ کی تبدیلی کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر رکھا تھا جس پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جبکہ مظاہرین پر واٹر کینن کا بے دریغ استعمال بھی کیا گیا

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن)2 صحافیوں احمد زیدان اور بلال کریم نے امریکی صدر ٹرمپ اور اعلیٰ انتظامی عہدیداروں کے خلاف ڈسٹرکٹ کورٹ واشنگٹن میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ دونوں صحافیوں کا موقف ہے ٹرمپ انہیں ڈرون حملوں میں ہلاک کرانا چاہتے ہیں اور اسکا نام ’’Kill list‘‘ میں شامل ہے۔ دونوں نے القاعدہ یا طالبان سے تعلق کا انکار کیا ہے۔ زیدان اسلام آباد میں 20 برس تک الجزیرہ کے نمائندہ رہ چکے ہیں جبکہ بلال اس وقت شام میں کام کر رہے ہیں۔ زیدان نے اسامہ بن لادن کے کئی انٹرویو کئے تھے۔ زیدان کے پاس پاکستان اور شام کی شہریت ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں بری طرح ناکام ہوگئی ،ہمیں متبادل قیادت دینا ہوگی،پی پی کو صوبے میں آئی جی نہیں منشی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا قصور یہ ہے کہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں، پی پی حکومت کو گھر کا منشی چاہیے ،انہیں میرٹ پر چلنے والا آئی جی وارا نہیں کھاتا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے الزامات کی کوئی حیثیت نہیں،پیپلزپارٹی سے نورا نہیں اصل کشتی ہورہی ہے ، سندھ کا کباڑا کرنے والوں کی جگہ متبادل قیادت فراہم کریں گے۔
عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات پر ان کا کہناتھاکہ ہماری اپنی فوج ہے، سب کے رابطے ہونے چاہئیں،ملاقات کے بعد عمران خان نے کافی ہوشمندی میں بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے ہماری کوئی ڈیل نہیں ہورہی، نہ ہی پی پی نے کوشش کی،افسوس ہوتا ہے جب بعض سیاستدان لاشوں اور حادثوں پر سیاست کرتے ہیں،نعرے لگانا، باتیں کرنا، تنقید کرنا، جھوٹ بولنا، الزام لگانا سب سے آسان کام ہے۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ریلوے بہتر ہوئی یا نہیں ، عوام جانتے ہیں یا صحافی، تنقید کرنے والوں کو کچھ تو چاہیے، ہم چیزوں کو بہتر بنانے کے لیے ایمانداری سے کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے پرویز خٹک کو معتبر آدمی قرار دیا اور کہا کہ ریلوے سے متعلق ان کے بیان پر افسوس ہوا،پشاور میں ریلوے کی زمین سی پیک منصوبے کے باعث میٹروبس کے لیے نہیں دی،قومی ادارے کو ٹارگٹ کرکے اس کی ساکھ مجروح نہ کریں۔سعدرفیق کا مزید کہناتھاکہ ہمارے سامنے مسائل ہی مسائل ہیں،حکومتیں لوٹ مار کرتی رہیں، ریلوے کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی۔

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) بھارت نے چین کے ساتھ سرحد پر 378 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے حتمی سروے شروع کردیا۔ گزشتہ روز مرکزی وزیرمملکت برائے ریلوے منوج شرما نے اٹانگر میں سروے کے کام کا افتتاح کیا۔ ریلوے لائن بچھانے کا مقصد چینی سرحد تک زیادہ سے زیادہ فوجیوں کی رسائی کو ممکن بنانا اور چین کی فوجی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے۔ ریلوے لائن ٹوانگ شہر سے چینی سرحد تک جائے گی جسے 248 کلومیٹر لکھمی پور سلپتھر ریلوے لائن اور 247 کلومیٹر پاسی گھاٹ تیزو ریلوے لائن سے منسلک کیا جائے گا۔ ان منصوبوں پر مجموعی طورپر 70 ارب روپے لاگت آئے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(بہاولپور) (ویب ڈیسک) فیس بک حسینہ نے شادی کے نام پر نوجوان سے لاکھوں روپے بٹور لئے۔ مبارک پور موضع منگلوٹی کے رہائشی سعودیہ پلٹ محمد آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مخدوم عالی کی رہائشی لڑکی نے فیس بک کے ذریعے اس سے دوستی کی اور شادی کا جھانسہ دیا۔ تقریباً ڈیڑھ سال قبل میرے گھر والے منگنی بھی کر آئے بعد میں شادی اور جہیز کے نام پر مختلف اوقات میں لڑکی نے 2 لاکھ روپے بٹورے جس کی رسیدیں بھی موجود ہیں۔ اس دوران لڑکی نے بھائی اور کزن کے ویزے کی مد میں تین تین لاکھ الگ وصول کئے۔ اس کے علاوہ لاکھوں کے تحائف بھی وصول کئے۔ محمد آصف نے کہا کہ میں اب 8برس بعد پاکستان آیا اور ان سے ویزوں کی مد میں دی گئی رقم کا مطالبہ کیا تو اس پر اس کے گھر والے سیخ پاہوگئے اور میرے گھر والوں کو شادی کی تاریخ دینے سے انکار کردیا۔ نوجوان نے حکام سے مطالبہ کیا کہ (ر) شادی کرے یا نہ کرے مگر اس سے لوٹی ہوئی رقم واپس دلائی جائے۔