جمعرات, 09 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) براعظم ایشیاءاور بحرالکاہل کے نقطہ اتصال پر چار طاقتیں پہلے ہی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑی تھیں اور اب ایک پانچویں طاقت کے بھی اس خطے میں کودنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بعد یہ خدشات زور پکڑ گئے ہیں کہ یہ خطہ اگلی عالمی جنگ کا میدان بننے والا ہے، جسے جنگ عظیم سوئم اور عالمی ایٹمی جنگ کا نام بھی دیا جارہا ہے۔ امریکی پیسفک کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل ہیری ہیرس نے خبردار کیا ہے کہ اب داعش کا خطرہ بھی ایشیاءپیسفک کے خطے کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات افسوسناک ہے مگر انہیں یقین ہے کہ داعش انڈوایشیاءپیسفک کی طرف منتقل ہونے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس خطے میں داعش کی موجودگی کے آثار پہلے ہی نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں دہشت گردی کے حملوں، انڈونیشیاءمیں گرجا گھروں پر ہونے والے حملے اور فلپائن کے بازاروں میں پھٹنے والے بم اس خطرے کی گھنٹی بجارہے ہیں۔ داعش کی جانب سے بھی حالیہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا اس کا اگلا ہدف ہے، جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال بھی اس خطرے کی تصدیق کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ داعش جنوب مشرقی ایشیا میں قدم جمانا چاہتی ہے جو کہ صرف آسٹریلیا نہیں بلکہ پورے خطے کے لئے بڑا خطرہ ہوگا۔ بحیرہ جنوبی چین کے تنازعے میں امریکہ اور چین پہلے ہی ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہیں۔ شمالی کوریا آئے روز امریکہ اور جنوبی کوریا کو ایٹمی حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ روس بھی اس خطے میں پوری طرح سرگرم ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ روس اور چین کی بحری افواج بحیرہ جنوبی چین میں جنگی مشقیں کررہی ہے۔ امریکہ گوام کے جزیرے میں واقع اپنے فوجی اڈے پر ایٹمی حملے کی صلاحیت سے لیس بمبار طیارے روانہ کرچکا ہے۔ شمالی کوریا ایک اور ایٹمی دھماکہ کرچکاہے۔ چین اور روس مل کر نئے ورلڈ آرڈر کی تشکیل کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ روس اپنے ایٹمی میزائل ایک ایسی جگہ پر پہنچاچکا ہے جو امریکی سرحد سے محض 70کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے

 

 

ایمزٹی وی(گوادر)وزیراعظم میاں نواز شریف نے گوادر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے، میرا خواب تھا گوادر پاکستان کا بہترین پورٹ سٹی بنے۔وزیراعظم نے گوادر میں انٹرنیشنل معیار کی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شابی موضع پر 500 ایکٹر زمین یونیورسٹی کیلئے خرید چکے ہیں،آنے والے بجٹ میں کم از کم یونیورسٹی کیلئے 100 کروڑ روپے گرانٹ رکھنے کا کہا ہے۔یہاں پر چین کے ساتھ ملکر 300 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کریں گے،دوسرے ہسپتالوں میں بھی گوادر کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے تاکہ غریبوں کا مفت علاج ہوسکے۔سرکار کی جیب سے غریبوں کا علاج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے گوادر کے 50 نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھیجوانے کا اعلان بھی کیا ۔گوادر کے ذہین طلباءکیلئے پاکستان کی بہتری یونیورسٹیوں میں داخلہ دیں گے جن میں سے 50سٹوڈنٹس شامل ہونگے،احسن اقبال کو کہوں گا کہ فوری طور پر عملدرآمد کرائیں۔اگر منصوبے پر عملدرآمد نہ ہوااور طلبہ کو داخلہ نہ ملا تو احسن اقبال سے جواب لوں گا،اگر احسن اقبال نے داخلہ دلوا دیا تو ان کے سر پر تاج پہنایا جائے گا۔انہوں کہا کہ گوادر کی گلیوں اور سیوریج کیلئے 100 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں اورچند دنوں میں ثناءاللہ زہری صاحب کو 100 کروڑ روپے دے دیا جائے گا۔
گوادر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا فائدہ اس ملک میں رہنے کاجہاں علاج کیلئے لوگوں کو اپنی جائیدادیں بیچنی پڑیں ،اس لئے حکومت سرکاری اخراجات پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرے گی اگریہ علاج گوادر کا ہسپتال کرنے سے قاصر ہوگا تواسلام آباد یا لاہور کسی بھی جگہ جا کر مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی ۔نواز شیریف نے کہا کہ یہاں پر پینے کا پانی نہیں جس ہوٹل میں رہ رہا تھا وہاں لکھا تھا کہ یہ پانی پینے کے لائق نہیں ہے،اگر ہوٹل کا پانی پینے کے لائق نہیں ہے تو بستیوں کا کیسے پینے کے لائق ہوگا،صاف پینے کے پانی کا پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہوٹلوں کے پانی کی کوالٹی جیسا پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ آپ کا حق اور حکومت کا فرض ہے اورہم ملکر وفاقی اور صوبائی حکومت فوری طور پر یہ پراجیکٹ لگانے کی کوشش کررہے ہیں اور فوری کام شروع کرنے والے ہیں اور بہت جلد گوادر کے رہنے والوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے،50 لاکھ گیلن یومیہ پانی اس پلانٹ سے ملے گا۔ 500 کروڑ روپے اس منصوبے کیلئے خرچ ہونگے۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ گوادر کے عوام کے جوش و خروش سے امید کی حقیقی کرن نظر آرہی ہے اور گوادر کے لئے مثالی ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے،اللہ تعالیٰ تقدیر بدل رہا ہے،میرا آج کا مشن نہیں ہے،1991 ءمیں جب وزیراعظم بنا تب خواب تھا کہ گوادر بہترین پورٹ سٹی بنے ،مگر ہماری حکومت ختم ہوگئی ،1997 ءمیں پھر کام شروع کیا،دوسروں نے کیوں توجہ نہیں دی کسی نے نہیں سوچا،ہم نے ہی اس کے لئے اقدامات اٹھائے،1999 ءمیں جب ہماری حکومت ختم کی گئی لوگ پھر گوادر کو بھول گئے،ایوان اقتدار نے گوادر کے غریب عوام کو پھر فراموش کردیا گیا اور عملاً کچھ نہیں کیا گیا۔
آج اللہ کے فضل وکرم سے ہم نے یاد کیا تو گوادر کے عوام کو یاد کیا اور عملی اقدامات کیے،آج گوادر میں عجیب ہلچل محسوس ہوتی ہے ،آج گوادر ترقی کی راہوں پر چل نکلا ہے،شائد میں پہلا وزیراعظم ہوں جو گوادر میں رات رہا ہے،اس سے پہلے کوئی آتا بھی نہیں تھا،مجھے بھی نہیں یاد کہ میں گوادر کے کتنے دورے کرچکا ہوں،بتانا چاہتا ہوں کہ دوردراز سے آئے لوگوں نے کہا کہ میں کوئٹہ سے آیا ،پنجگور سے آیا اور کہا کہ بہت اچھا سفر رہا اور سڑک بہت اچھی تھی ،پہلے ہم ایک دو دن میں پہنچتے تھے اب چند گھنٹے میں پہنچتے ہیں۔کوئٹہ سے حسن ابدال تک ،اور مانسہر ہ سے چائنہ کے بارڈر تک موٹروے بن رہی ہے۔بلوچستان میں 1100 کلومیٹر کی سڑکیں بن رہی ہیں ،جہاں ہم نے سڑکیں بنائی وہاں دہشتگردی تھی۔ایف ڈبلیوای کے لوگوں کا شکرگزار ہوں کے انہوں نے جانیں قربان کرکے سڑکیں بنائیں۔سڑکیں جب بنتی ہیں تو ترقی آتی ہے،اسکول ،کالج یونیورسٹیاں ،ہسپتال،کسانوں کی فصلیں مارکیٹ سڑک کے راستے سے جاتی ہیں۔سڑکیں جب بنتی ہے تو انڈسٹری آتی ہے اور بیروزگاری ختم ہوتی ہے۔
 
 
انہوں نے کہا کہ آج میں میں بہت سرور میں ہوں گوادر کے عوام سے بات کرتے ہوئے اور بھول گیا ہوں کے میں نے کیا کہنا تھا۔آج تک گوادر پر کسی نے اتنی توجہ دی ہے؟بلوچستان کے عوام کو ٹی وی دکھاﺅ ں گا کہ دیکھوں آپ کے علاقے میں یہ کام ہورہے ہیں،یہ نواز شریف کا شیوہ ،دستور اور ہماری حکومت کا عمل نہیں ہے کہ آئے جلسہ کیا اور چلے گئے ہم عمل کریں گے اور کام شروع کریں گے،آج سمجھتا ہوں کہ آپ 2013 والے پاکستان پر نظر ڈالیں جب حکومت ملی لوڈشیڈنگ،معیشت کی تباہ حالی،عوام بدحال،مزدور بے روزگار اور دہشتگردی عروج پر تھی ،پاکستان اقتصادی تنزلی کی طرف جارہا تھا۔ہم نے عزم کے ساتھ کام شروع کیا،یہی وجہ ہے کہ سی پیک صرف اقتصادی راہداری کا نام نہیں یہ شاہراہ امن اور انسانیت ہے،سی پیک کا بہت سا حصہ بلوچستان کی سرزمین پر ہے،آج مجھے ترقی کا ہر راستہ بلوچستان سے نکلتا ہوا نظر آتا ہے،اب بلوچستان محروم نہیں رہے گا، پاکستان ایشیاءاور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا،11 سو کلومیٹر کی سڑکیں بلوچستان میں بن رہی ہیں۔روز بلوچستان ہمارے ایجنڈے او رپروگرام میں ہوتا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان ایک خوبصورت نظارہ پیش کررہا ہوگا جب زیرتعمیر سڑکیں بن جائیں گی،یہ ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں بنیں گی اور مقامی اور پاکستان کی ترقی کا انحصار بلوچستان پر ہے،پاور پلانٹ بن رہے ہیں،جب دہشتگردی تھی،آج ترقی جب ہورہی ہے اور جو لوگ انسانوں کا خون کرتے ہیں وہ سب لوگ بھاگ رہے ہیں اور ہم بھگا کر دم لیں گے ،300 میگاواٹ بجلی کے کارخانے سے آپ کے اندھیرے دور ہوجائیں گے۔
یقین دلاتا ہوں کے بلوچستان کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑا ہوں اوربلوچستان کی ترقی میں وزیراعلیٰ زہری کے ساتھ ہوں۔وزیراعظم نے مقامی لوگوں کے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقامی لوگوں تو جوں کے توں ہیں ،جب لوگوں کو پتہ چلا کہ گوادر ترقی کررہا ہے تو انہوں نے زمینیں خرید لی،آج لاکھ ڈیڑھ لاکھ کی زمین ایک ڈیڑھ کروڑ کو پہنچ گئی ہے،اربوں روپے کے فائدے اٹھانے والے مقامی لوگ نہیں ہیں،مقامی لوگوں کو بھی حصہ ملنا چاہیے،یہاں کے اصل باشندوں کو معاوضہ اور اس کی قیمت ملنی چاہیے اور راہ نکلنی چاہیے،گوادر کی زمینیں سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہوچکی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(راجن پور) راجن پور کے نواحی علاقے میں مردم شماری کرنے والی ٹیم پر کتے نے حملہ کر دیا ۔ راجن پور کے علاقے محمد پور گم والا میں مردم شماری ٹیم اپنی ڈیوٹی پر تھی کہ اس دوران آوارہ کتے نے ان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ٹیم کا ایک رکن زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو کو طلب کیا گیا جنہوں نے زخمی کارکن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے

 

 

ایمز ٹی وی(سری نگر) بھارتی فوج نے حریت رہنماﺅں کو حراست میں لے لیا ۔ بھارتی فوج نے حریت رہنما سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کو احتجاج کے دوران حراست میں لے لیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ تینو ں رہنما حیدر پور میں احتجاج میں شریک تھے جہاں بھارتی فوج نے انہیں حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ،بھارتی فوج نے احتجاج میں موجود 2صحافیوں پر بھی تشدد کیا

 

 

ایمز ٹی وی(جنیوا)اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے34ویں سیشن میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پربلاجوازالزام تراشی کرتا ہے، پاکستان میں بھارتی مداخلت عالمی قوانین کے منافی ہے۔تفصیلات کے مطابق جنیوا میں ہونے والے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پاکستان کیجانب سے بھارت پرپاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کامعاملہ اٹھایاگیا۔بھارت ساںحہ سمجھوتہ ایکسپریس سے متعلق اسیم آنند کا بیان مسترد نہیں کرسکتا۔ پاکستان نے بھارت کو جواب دیا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کی متعدد بارتصدیق ہوچکی ہے اور بھارت کی پاکستان میں مداخلت عالمی قوانین کے منافی ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو تحریری طورپربھارتی مداخلت کے ثبوت دیئے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنی بربریت کادنیا کو جواب دے، بھارتی قومی سلامتی مشیرکابیان اورکلبھوشن یادیوکی گرفتاری بھارتی مداخلت کاثبوت ہے۔پاکستان نے بھارتی مداخلت کے بارے جواب میں مزید کہا کہ پاکستان نے کشمیر میں بچوں،خواتین،بزرگوں پربھارتی پیلٹ گن کے بےدریغ استعمال کامعاملہ اٹھایا، جولائی 2016سے لیکراب تک20ہزارسے زائد نہتے کشمیریوں کونشانہ بنایاگیا۔پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) گوادر پورٹ کی سکیورٹی کیلئے پٹرولنگ کا نظام وضع کرلیا گیا اور بندرگاہ کی حفاظت کیلئے طیارے، گن بوٹس، ہیلی کاپٹر اور چھوٹے بحری جہاز استعمال کئے جارہے ہیں جو 24 گھنٹے گشت کرتے ہیں اور اس مقصد کیلئے ٹاسک فورس 88 کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ یہ بات کمانڈر کوسٹل پاک بحریہ وائس ایڈمرل وسیم اکرم نے صحافیوں کی ایک ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے کوسٹ لائن کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ کموڈور مسعود الحسن نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں 50 ہزار سکوائر کلومیٹر کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے ساتھ پاک بحریہ کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(بیجنگ)پاک فوج نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے درکار ہر قسم کے تعاون و حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت 900 کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر کردی گئی ہے۔ چین کے معروف اخبار ”چائنہ ڈیلی“ کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پاک فوج سی پیک کی 900 کلومیٹر طویل روڈ تعمیر کرچکی ہے جو کہ سی پیک کو فعال بنانے کا ایک بنیادی جزو ہے اور اس کی منصوبہ بندی 2013ءمیں شروع کی گئی، یہ منصوبہ کاشغر اور چین کے صوبہ سنکیانگ کو بلوچستان میں موجود گوادر بندرگاہ اور پھر اس سے خطے کے دیگر علاقوں کو ملائے گا، یہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس منصوبہ میں ہائی ویز، ریلویز اور توانائی سہولیات کے حوالے سے بہت سے منصوبے شامل ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس میں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاک فوج چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کی حفاظت کیلئے ہر ممکنہ قدم اٹھائے گی اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ دریں اثناءچین میں پاکستانی سفیر خالد مسعود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت سی پیک منصوبہ کی تکمیل میں مصروف 19ہزار چینی اہلکاروں کی حفاظت کیلئے ہر ممکنہ اقدام کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سی پیک کی حفاظت کیلئے 15ہزار سے زائد فوجی اہلکار تعینات کررکھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ پہلے ہی گوادر بندرگاہ کی حفاظت کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس نے اپنے دوستوں کی تعداد بھی بڑھادی ہے جبکہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر موجود چینی سفیر سن وی ڈونگ کی تقریر کے مطابق اس منصوبہ سے منسلک 18 پراجیکٹس تیزی کے ساتھ زیر تعمیر ہیں اور ہم اس کے ذریعے مقامی لوگوں کو 13 ہزار ملازمت کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بعض منصوبے بہت جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(بیجنگ) چین اور سعودی عرب کے مابین تعاون کے 65 بلین ڈالرز کے 14 معاہدے طے پاگئے ہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان جو کہ چین کے دورے پر ہیں نے چین کے ساتھ تعاون کے 65 بلین ڈالرز کی لاگت کے 14 معاہدوں پر دستخط کردیئے ہیں۔چین کے ڈپٹی وزیرخارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ معاہدے سرمایہ کاری،سائنس،انفراسٹرکچر،انرجی،سپیس اور دیگر شعبہ جات پر دستخط کے گئے ہیں۔ قبل ازیں شاہ سلمان اور چینی صدر کے مابین دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا جبکہ بین الاقوامی معاملات،انسداد دہشتگردی ،اسرائیلی اور فلسطینی ،شام اور یمن تنازعے پر بات چیت کی گئی

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹر ٹینمنیٹ) بالی ووڈ کے ڈانسر اور بہترین اداکار گووندا ایک بار پھربڑے پردے پر واپسی کرنے جا رہے ہیں جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ بالی ووڈ میں لاتعداد کامیاب فلمیں دینے والے اداکار گووندا کے لاتعداد مداح ہیں جو انہیں پھرسے فلموں میں اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اداکار نے بڑی اسکرین سے غائب ہونے کے بعد سیاست میں بھی قدم رکھا لیکن کچھ عرصے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ بالی ووڈ ہی ان کا پیشہ ہے۔ اداکار آخری بار ایک لمبے عرصے کے بعد فلم ’’کل دل‘‘ اور’’ہیپی اینڈنگ‘‘ میں نظر آئے تھے تاہم اب ایک بار پھروہ دیپنکرسیناپتی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’آگیا ہیرو‘‘ سے پھر سے مداحوں کو محظوظ کرنے آرہے ہیں جب کہ فلم کی شوٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے جواس ماہ یلیزہوگی۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹر ٹینمنیٹ) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’’2.0‘‘ نے ریلیز سے قبل ہی سٹیلائٹ رائٹس کی مد میں 110 کروڑ کی کمائی کرلی۔ رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’’2.0‘‘ 450 کروڑ کے بڑے بجٹ سے بنائی جارہی ہے اور اسے فلم نگری کی سب سے مہنگی ترین فلم قرار دیا جارہا ہے لیکن بھاری بجٹ کی فلم نے سیٹیلائٹ رائٹس کی مد میں بڑی کمائی کرلی ہے۔ رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’’2.0‘‘ نے نمائش سے قبل ہی سیٹلائٹ کے مالکانہ حقوق کی مد میں 110 کروڑ کی ڈیل کرلی ہے جس کی تصدیق فلم کی پروڈکشن کمپنی کے تخلیقی شعبے کے ہیڈ کی جانب سے کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ فلم ’’2.0‘‘ میں رجنی کانت ، اکشے کماراور ایمی جیکسن ایکشن میں نظرآئیں گی جب کہ فلم رواں سال دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔